Tag: رینجرز

  • وفاقی دارالحکومت میں رینجرز کی تعیناتی میں مزید توسیع کا فیصلہ

    وفاقی دارالحکومت میں رینجرز کی تعیناتی میں مزید توسیع کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رینجرز کی تعیناتی میں مزید توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں رینجرز کی تعیناتی میں مزید توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ نے وزارت داخلہ کو رینجرز تعیناتی میں توسیع کی تحریری سفارش کردی ہے، مراسلے میں ریڈ زون کے لیے 300 رینجرز اہلکار، کوئیک رسپانس فورس میں تعینات کرنے کی سفار ش کی گئی ہے۔

    اپنے مراسلے میں ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں مزید 6 ماہ کے لیے رینجرز تعینات کی جائے، وفاقی دارالحکومت میں 2523 رینجرز فورس پہلے ہی تعینات ہے۔

    رینجرز کی تعیناتی میں توسیع کا فیصلہ وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

  • لیاری گینگ وار کے انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

    لیاری گینگ وار کے انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سندھ پولیس کو انتہائی مطلوب دہشت گرد شکیل کمانڈو اور ندیم کمانڈو گرفتار کرلیے گئے، دونوں دہشتگردوں کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کی، کارروائی میں سندھ پولیس کو انتہائی مطلوب دہشت گردوں شکیل کمانڈو اور ندیم کمانڈو کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ترجمان رینجر کا کہنا ہے کہ گرفتار دونوں دہشتگردوں کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے، ندیم کمانڈو کے سر پر 10 لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری، پولیس اور دیگر مقابلوں میں ملوث تھے، ملزمان سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا تھا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان کراچی آپریشن کے دوران ایران فرار ہو گئے تھے، بعد ازاں کراچی واپس آ کر اپنا نیٹ ورک بحال کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

  • کراچی: پولیس کی مشتبہ موٹر سائیکل روکنے کی کوشش، موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی

    کراچی: پولیس کی مشتبہ موٹر سائیکل روکنے کی کوشش، موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی رینجرز اور پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے منگھو پیر روڈ پر رینجرز اور پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران مشترکہ کارروائی کی، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی گئی، فرار ہوتے ملزمان نے رینجرز اور پولیس پر فائرنگ کردی، ملزم فیصل خان عرف مینیجر گرفتار ہوگیا جبکہ ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔

    ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم سہراب گوٹھ میں مٹھائی کی دکان پر ڈکیتی میں بھی ملوث ہے، واردات میں ملزم کا ایک ساتھی ارباز سیکیورٹی گارڈ کی گولی لگنے سے ہلاک ہوا تھا۔

    ملزمان دکان کے مالک سے 10 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوئے تھے، گرفتار ملزم فیصل کو واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

  • کرائے پر اسلحہ فراہم کرنے والا ڈکیت گروہ کا سرغنہ گرفتار

    کرائے پر اسلحہ فراہم کرنے والا ڈکیت گروہ کا سرغنہ گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ڈکیت گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا، ملزم منشیات فروشی، ڈکیتی اور جرائم پیشہ افراد کو کرائے پر اسلحہ فراہم کرنے میں ملوث ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن یوسف گوٹھ میں رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کی۔

    کارروائی میں منشیات فروش اور ڈکیت گروہ کے سرغنہ جلال کو گرفتار کر لیا گیا، ملزم کے قبضے سے 9 ایم ایم پسٹل، 100 عدد راؤنڈز اور 30 پیکٹ گٹکا برآمد کیا گیا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزم منشیات فروشی، مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں اور جرائم پیشہ افراد کو کرائے پر اسلحہ فراہم کرنے میں بھی ملوث ہے، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان رینجرز کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مشتبہ جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

  • کراچی: پولیس اور رینجرز کی کارروائی، بھاری اسلحے کے ساتھ ملزم گرفتار

    کراچی: پولیس اور رینجرز کی کارروائی، بھاری اسلحے کے ساتھ ملزم گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس اور رینجرز نے بھاری مقدار میں اسلحے کے ساتھ ملزم کو گرفتار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 1 ملزم کو گرفتار اور اس سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا ہے۔

    ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے ہینڈ گرینیڈ اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے جس میں 3 آوان بم، 3 کلو بارودی مواد، ایک ڈیٹونیٹر، پرائما کارڈ شامل، 2 میٹر وائر، بیٹری، 30 بور پستول، 1 لاکھ روپے اور موبائل فون برآمد ہوا ہے۔

    ایس ایس پی کے مطابق ملزم سنہ 1988 میں ایم کیو ایم لندن میں شامل ہوا، ملزم نے سنہ 2008 میں کنسٹرکشن کمپنی رجسٹرڈ کروائی۔

    ملزم نے کنسٹرکشن کمپنی سے رقم متحدہ لندن کے فنڈز میں جمع کروانے کا بھی اعتراف کیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر سرکاری کالج کی زمین سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

  • پولیس افسر کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر گرفتار

    پولیس افسر کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پولیس افسر کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا، ملزم 22 مارچ کو ہونے والے پولیس افسر کے قتل میں ملوث ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے صدر میں انسپکٹر اور محکمہ تعلیم کے ملازم کو قتل کیا، ملزم ارشد پپو کا رشتے دار اور ساتھی ارشد پپو کی بہن کا بیٹا ہے۔

    رینجرز ذرائع کے مطابق ملزم اور اس کے ساتھی نے ریکی کے بعد انسپکٹر کو قتل کیا، ملزمان نے ماضی میں ارشد پپو کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے انسپکٹر کو ٹارگٹ کیا۔

  • کراچی یونیورسٹی میں منشیات فروخت کرنے والے ملزمان گرفتار، خاتون بھی شامل

    کراچی یونیورسٹی میں منشیات فروخت کرنے والے ملزمان گرفتار، خاتون بھی شامل

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں منشیات فروشی میں ملوث خاتون سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ملزمان کراچی یونیورسٹی میں منشیات فروخت کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے باگڑی پاڑہ گلستان جوہر بلاک ون میں پولیس اور رینجرز نے کارروائی کی، کارروائی کے دوران منشیات فروشی اور مختلف جرائم میں ملوث خاتون سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کراچی یونیورسٹی میں منشیات فروخت کرتے ہیں، یونیورسٹی سے ملحقہ علاقوں میں بھی منشیات فروخت کی جاتی ہے۔

    ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان سے منشیات برآمد بھی کی گئی، ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

  • کراچی میں پولیس مقابلہ، 2 مطلوب ملزمان گرفتار

    کراچی میں پولیس مقابلہ، 2 مطلوب ملزمان گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 انتہائی مطلوب ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے، ایک اور کارروائی میں چوری و ڈکیتی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ کراچی کے حیدری پریمیئر کالج کے قریب پولیس مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 انتہائی مطلوب ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے پکوان سینٹر میں ڈکیتی کی تھی، ملزمان نے جاتے جاتے دکاندار کو گولی مار کر قتل کردیا تھا، واردات میں استعمال شدہ پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔

    پولیس کے مطابق واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود ہیں، گرفتار ملزمان کی شناخت نبی بخش اور علی کے ناموں سے ہوئی، ملزمان کے 2 ساتھی مفرور بھی ہیں جنہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے تین ہٹی میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 1 ملزم گرفتار کرلیا۔ ملزم حیدر علی چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تھا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزم نے چوری اور ڈکیتی کی 150 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا، ملزم نے خاتون سے موبائل فون چھینا جس کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارہے جارہے ہیں۔

  • کراچی: منشیات فروشی میں ملوث افغان ڈکیت گرفتار

    کراچی: منشیات فروشی میں ملوث افغان ڈکیت گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مختلف وارداتوں اور منشیات فروشی میں ملوث 2 افغان ڈکیت گرفتار کرلیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ میٹروول میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کی۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ کارروائی میں انتہائی مطلوب خیالو ڈکیت گروپ کے 2 کارندے گرفتار کرلیے گئے۔ گرفتار ملزم خلیل احمد اور حیات اللہ کا تعلق افغانستان سے ہے۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان سے اسلحہ، ایمونیشن اور منشیات برآمد کیے گئے ہیں۔ ملزمان نے مختلف علاقوں میں وارداتوں اور منشیات فروشی کا اعتراف کیا ہے۔

    ملزمان نے 5 جون کو میٹروول میں موبائل شاپ پر واردات کی تھی، ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈکیتی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

  • کراچی: رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، 2 مطلوب ملزمان گرفتار

    کراچی: رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، 2 مطلوب ملزمان گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سونے کی ڈکیتی کرنے والے 2 مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے جمالی گوٹھ میں رینجرز اور پولیس نے کارروائی کی، کارروائی میں 2 مطلوب ملزم گرفتار کرلیے گئے۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزمان نے کھوکھرا پار میں سنار کی دکان میں واردات کا اعتراف کیا ہے، ملزمان 49 تولہ سونا اور 10 لاکھ 70 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوئے تھے۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ملزمان اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔