Tag: رینجرز

  • رینجرز نے کراچی آپریشن کی تفصیلات  جاری کردیں

    رینجرز نے کراچی آپریشن کی تفصیلات جاری کردیں

    کراچی : رینجرز نے کراچی میں پانچ ستمبر دوہزار تیرہ سے جاری آپریشن کی تفصیلات جاری کردیں۔

    رینجرز حکام کے مطابق پانچ ستمبر دوہزار تیرہ سے جاری آپریشن میں پانچ ہزارسات سو پچانوےٹارگیٹڈ آپریشنز کئے جن میں دس ہزار تین سو ترپن افراد کو حراست میں لیا،اور چار ہزارنوسو پچاس افراد کوپولیس کے حوالے کیا گیا۔

    رینجرز حکام کے مطابق آپریشن کے دوران سات ہزارتین سو بارہ ہتھیار اور 348978گولیاں برآمد ہوئی ہیں،رینجرز حکام کے مطابق اب تک 826دہشت گرد، 334ٹارگٹ کلر، 296بھتہ خوروں کو گرفتار کیا گیا۔

    جبکہ 82اغواء برائے تاوان کے ملزمان کو گرفتار کرکے 49مغویوں کو بازیاب کرایا گیا،رینجرز حکام کے مطابق 224مقابلوں میں 364ملزمان مارے گئے۔

  • اہم شخصیات کے قتل میں ملوث دوملزمان سمیت بارہ گرفتار

    اہم شخصیات کے قتل میں ملوث دوملزمان سمیت بارہ گرفتار

    کراچی : شاہراہ فیصل تھانے کی حدود میں پولیس نے کارروائی کرکے آئی بی ڈپٹی ڈائریکٹر اور پی آئی اے افسر کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتارکرلیا، رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے دس ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    پولیس کے مطابق گلستان جوہر کے علاقے میں قتل ہونے والے پی آئی اے افسر کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش قمبر میں آئی بی کے ڈپٹی ڈائریکٹر سمیت چھ افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان زمین کے تنازعہ پر لوگوں کو قتل کیا کرتے تھے۔ دوسری جانب رینجرزنے کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کرکے دس ملزمان کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا گیا ۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق کارروائی بنارس، علی گڑھ کالونی، ایم پی آر سوکالونی، قصبہ کالونی، ملیر، برنس روڈ، پھول پتی لین، بہار کالونی، ریکسر لین، جھٹ پٹ مارکیٹ، دبئی چوک میں کی گئی ،ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں کالعدم تنظیموں اور لیاری گینگ وارکے کارندے بھی شامل ہیں۔

  • رینجرز اختیارات سے تجاوز کررہی ہے، سینیٹ میں فرحت اللہ بابر کی تحریک التوا

    رینجرز اختیارات سے تجاوز کررہی ہے، سینیٹ میں فرحت اللہ بابر کی تحریک التوا

    اسلام آباد : ڈی جی رینجرز کی جانب سے کراچی کے حوالے سے پیش کی گئی رپورٹ پر پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے سینیٹ میں تحریک التواء پیش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس میاں رضا ربانی کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں پیپلزپارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر کی جانب سے گزشتہ ہفتے ڈی جی رینجرز کی کراچی میں قبضہ مافیا سمیت دیگر جرائم میں سیاسی رہنماؤں، جماعتوں اور بااثر افراد کے ملوث ہونے سے متعلق تحریک التواء پیش کی گئی، جسے بحث کیلئے منظور کرلیا گیا۔

    سینیٹر فرحت اللہ خان بابر کا کہنا تھا کہ دو سال بعد رینجرز کہہ رہی ہے کہ کراچی میں دو سو تیس ارب روپے کی کرپشن ہو رہی ہے۔

    انہوں نے کہا رینجرز کی جانب سے پیش کی گئی ایپکس کمیٹی میں بریفنگ اور رپورٹ دراصل اس بات کا اعتراف ہے کہ رینجرز اپنی ناکامی قبول کر رہی ہے۔

    انہوں نے سوال اٹھایا کہ رینجرز نااہل ہے یا مافیا کےساتھ ملوث ہے،اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ لرزہ خیز انکشافات کے پیچھے چھپے محرکات سامنے لائے جائیں، بھتہ خوری کے پیچھے ایک سیاسی جماعت کا ہاتھ ہے اگراس بات کا ڈی جی رینجرز کو علم تھا تو ایکشن کیوں نہیں لیا گیا؟

    تحریک میں کہا گیا ہے کہ رینجرز کو چار ماہ کے لئے اختیارات دیئے تھے، لیکن دو سال گزرجانے کے باوجود کوئی کارکردگی سامنے نہیں آئی ہے، رینجرز اپنے اختیارات سے تجاوز کررہی ہیں جو زمینیں لے رہی ہے اور سوساٹیاں بنارہی ہے۔

    فرحت اللہ بابر کی تحریک بحث کیلئے منظور کرلی گئی جس پر بحث بدھ کو ہوگی۔

    چیئرمین نے ہدایت کی کہ وزیرداخلہ سترہ جون کوایوان میں وضاحت پیش کریں۔ ان کاکہناتھا کہ امن وامان کے حوالے سے وفاق صوبوں میں مداخلت کررہا ہے۔

    وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ایوان کوبتایا کہ "سیو دی چلڈرن ” این جی او صرف اسلام آباد میں سیل ہے۔ صوبوں میں کام کررہی ہے اورچوبیس گھنٹوں میں بین الوزارتی اجلاس میں ملکی مفادات مدنظر رکھ کرمعاملے کاجائزہ لیا جائے گا۔

    ان کاکہناتھا کہ این جی او کی فنڈنگز کے بدلے میں پارلیمنٹ کی کمیٹی کوان کیمرہ بریفنگ دی جائے گی۔ بحٹ پربھی سینٹ میں بحث جاری رہی۔

    اپوزیشن کے ارکان سسی پلیجو،نسیمہ احسان،ہدایت اللہ خان،سعید غنی اوردیگر نے کہا کہ کہ حکومت اقتصادی راہ داری پرحکومت صوبوں کواعتماد میں لے۔

  • رینجرز اہلکاروں کا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کےدفترکی تلاشی

    رینجرز اہلکاروں کا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کےدفترکی تلاشی

    کراچی : رینجرزنے سوک سینٹر کا گھیراؤ کرکے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کےدفترکی تلاشی لی،رینجرزاہلکارریکارڈ بھی ساتھ لے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقےگلشن اقبال میں سوک سینٹرکارینجرز نے گھیراؤ کیا۔اس موقع پر عام لوگوں کی آمدورفت عارضی طورپربند کردی گئی۔

    رینجرز کی عمارت میں موجودگی پرکچھ لوگ چھت پر چلے گئے۔ رینجرز کا محاصرہ تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جاری رہا، رینجرز اہلکارعمارت سے باہرآئےتو ان کےہاتھوں میں بیگ بھی تھے۔

    ایک اہلکار نےبغل میں فائل دبارکھی تھی ۔اہلکاروں نے کسی کوحراست میں نہیں لیا تھا، اہلکار اپنے ساتھ دستاویزات لے کر واپس چلے گئے، ذرائع کے مطابق رینجرز اہلکاروں نےسوک سینٹرمیں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کےدفترگئےتھے۔

    انہوں نے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ممتاز حیدر سے کراچی میں زمینوں پر قبضے اور چائنا کٹنگ سے متعلق پوچھ گچھ کی اورسندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا ریکارڈ بھی ساتھ لے گئے۔

    واضح رہے کہ ڈائکریکٹر جنرل سی بی سی اے منظور قادر تین ماہ کی رخصت پر ہیں۔

  • ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانا مسائل کا حل نہیں ہے، فاروق ستار

    ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانا مسائل کا حل نہیں ہے، فاروق ستار

    کراچی:ایم کیو ایم کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کیخلاف کل رات سے ایک بار پھر میڈیا ٹرائل شروع کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانا مسائل کا حل نہیں ہے، اگر رینجرز کی رپورٹ ہم سے منسوب ہے تو ایم کیو ایم اس کی شدید مذمت کرتی ہے۔

    خدمت خلق فائونڈیشن کی چالیس سال کی خدمات کو ایک دم بھلا کر اس پر الزمات کی بوچھاڑ کر دی گئی ۔ این اے دو سوپینتالیس کے انتخابات کی طرح ایم کیو ایم اس آزمائش سے بھی سرخرو ہو کر نکلے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی سالوں سے ایم کیو ایم کیخلاف بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں، لیکن آج تک عدالت کی جانب سے کوئی الزام ثابت نہیں ہو سکا۔

    ایم کیو ایم پر جبراً فطرہ اور زکوٰۃ لینے کے الزام کو مسترد کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا 1992 سے باقاعدہ منصوبے کے تحت متحدہ قومی موومنٹ کو کرمنلائز کیاگیا۔

    انہوں نے کہا  کہ ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانا مسائل کا حل نہیں ہے،  ان کا کہنا تھا کہ ہم پر الزام لگایاگیا کہ ایم کیو ایم انتخابات میں ٹھپے پر انحصار کرتی ہے، لیکن این اے 246 کے انتخابات میں عوام کے اتحاد کی مثال نہیں ملتی۔

    فاروق ستار نے کہا کہ ملک بھر میں ایدھی فاؤنڈیشن کے بعد خدمت خلق فاؤنڈیشن کی فلاحی سرگرمیاں قابل تعریف ہیں لیکن کے کے ایف کی فلاحی خدمات کو پس پشت ڈال دیا گیا،انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے تحت صحت مراکز بھی قائم کئے گئے ہیں۔

  • کارکنان کی گرفتاریاں اورلاپتہ کردینے کے واقعات سراسرظلم ہیں،ایم کیو ایم

    کارکنان کی گرفتاریاں اورلاپتہ کردینے کے واقعات سراسرظلم ہیں،ایم کیو ایم

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم میڈیکل ایڈکمیٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن فریدالدین ولدسعیداحمد کورینجرزکی جانب سے 10دن تک لاپتہ رکھنے کے بعد آج عدالت میں پیش کرنے پرتبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ فریدالدین کوغیرقانونی حراست میں رکھناایم کیوایم کے خلاف جاری ظلم وبربریت کی ایک اورمثال ہے۔

    اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ فریدالدین عباسی شہیداسپتال میں ملازمت کرتے ہیں اور رینجرزنے انہیں25مئی کوعباسی شہیداسپتال سے گھر واپس جاتے ہوئے حراست میں لیاتھااورغائب کردیاگیاتھا۔

    فریدالدین کے اہل خانہ اورایم کیوایم کے ذمہ داران نے پولیس اور رینجرز کے حکام سے رابطے کئے لیکن کہیں سے بھی ان کے بارے میں کچھ نہیں بتایاگیا۔فریدالدین کو10روزتک غیرقانونی حراست میں رکھنے اوربہیمانہ تشدد کانشانہ بنانے کے بعدآج عدالت میں پیش کیاگیا۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میں اسی طرح ایم کیوایم کے کارکنوں اورذمہ داروں کوپکڑپکڑکرلاپتہ کیاجارہاہے اورآج بھی ایم کیوایم کے دوسیکٹرانچارجزنیوکراچی کے سیکٹرانچارج علی رضا، گلشن اقبال کے سیکٹرانچارج محمد شاہداور سیکٹر ممبر عبید اللہ سمیت کئی کارکنان لاپتہ ہیں جنہیں اسی طرح گھروں سے گرفتارکرکرکے غائب کردیاگیاہے جن کوتاحال کسی عدالت میں پیش نہیں کیاگیا۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ یہ گرفتاریاں اورلاپتہ کردینے کے واقعات سراسرظلم ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نوازشریف، چیف آف ا ٓرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف ، وزیرداخلہ چوہدری نثار اوروزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے مطالبہ کیاکہ فریدالدین اور ایم کیوایم کے لاپتہ کارکنوں کوفی الفوررہاکیاجائے اورگرفتاریاں کرکے لاپتہ کرنے کاسلسلہ بندکیا جائے۔

    رابطہ کمیٹی نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیاکہ ایم کیوایم کے کارکنوں کولاپتہ کرنے اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کانوٹس لیں اوراس کے خلاف آوازبلندکریں۔

  • سی پی ایل سی کے سربراہ احمد چنائے اپنے عہدے سے مستعفی

    سی پی ایل سی کے سربراہ احمد چنائے اپنے عہدے سے مستعفی

    کراچی:  سی پی ایل سی کے سربراہ احمد چنائے نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

    اطلاعات کے مطابق سی پی ایل سی کے سربراہ احمد چنائے اپنا استعفیٰ گورنر سندھ عشرت العباد کو ارسال کردیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق نئے سی پی ایل سی چیف کے سربراہ کی تقرری ایک ہفتے کے اندر ہوگی۔

    واضح رہے کہ سال کے ابتداء میں 27 جنوری کو رینجرز اہلکار نے دہشت گردوں کے تعلق ہونے کے جواز پر  سی پی ایل سی چیف احمد چنائے کے گھر چھاپہ مارا تھا۔ رینجرز ایلکار کا کہنا تھا کہ احمد چنائے کے گھر سے 15 لاکھ روپے کی رقم برآمد ہوئی۔

    جس کے بعد سی پی ایل سی چیف احمد چنائے نے واقع کی تردید کردی تھی۔

  • کراچی اور ٹنڈو الہیار میں رینجرز کی کارروائیاں، 16ملزمان گرفتار

    کراچی اور ٹنڈو الہیار میں رینجرز کی کارروائیاں، 16ملزمان گرفتار

    کراچی : ٹنڈوالہیار اور کراچی میں رینجرز نےدو مختلف کارروائیوں کے دوران سولہ ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں رینجرز نے دہشت گردوں کےخلاف گھیرا تنگ کر رکھاہے۔ رینجرز نے سعودیہ کالونی، پاپوش اور ڈیفنس میں مختلف کارروائیوں کے دوران پانچ ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمدکرلیا۔

    گرفتار ملزمان میں لیاری گینگ وار کے افراد اور ٹارگٹ کلرز شامل ہیں۔

    ٹنڈوالہیار میں بھی سندھ رینجرز نے کارروائی کےدوران گیارہ ملزمان کوگرفتارکرلیا۔ ترجمان رینجرزکےمطابق ملزمان کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔ ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئیں۔

  • رینجرز و پولیس کی کارروائی، ایک ڈاکو سمیت نو دہشت گرد ہلاک

    رینجرز و پولیس کی کارروائی، ایک ڈاکو سمیت نو دہشت گرد ہلاک

    کراچی :پولیس اور رینجرز نے کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف گھیرا تنگ کردیا، رینجرز نے مختلف کارروائیوں میں آٹھ اور پولیس نے ایک ڈکیت کو مارگرایا۔

    مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے  ۔ ترجمان رینجرز کے مطابق پاک کالونی کے علاقے میں رینجرز کے مقابلے کے دوران بی ایل اے کا ایک کارندہ مارا گیا، جو لیاری گینگ وار کیلئے بھی کام کرتا تھا۔

    مارا گیا ملزم جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔ اورنگی ٹاؤن کے علاقے پریشان چوک کے قریب فقیر کالونی میں رینجرز نے رات کو ایک مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا۔

    اس دوران مکان میں موجود دہشت گردوں نے دستی بم سے حملہ کیا اور فائرنگ کی اس دوران ایک دہشت گرد نے خود کش دھماکہ کردیا جس سے مکان میں موجود تمام دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور مکان زمین بوس ہوگئے۔

    مکان کے ملبے سے ایک زخمی کو نکال لیا گیا، بریگیڈیئرخرم کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق تحریک طالبان سے تھا اور وہ ملیر کینٹ پر حملے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔

    رینجرز نے صبح مومن آباد میں ایک مکان پر دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا جہاں پربھی دہشت گردوں نے مقابلہ شروع کردیا اور اس دوران چار دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکا کرکے اڑا لیا۔

    اس آپریشن میں ایک مغوی بچے کو بازیاب کروایا گیا، جس کی رہائی کیلئے دہشت گردوں نے تاوان مانگا تھا۔بوٹ بیسن کے علاقے میں پولیس مقابلے میں ایک ڈکیت مارا گیا۔

    دوسری جا نب نیو کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ عیسیٰ نگری کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی ، لانڈھی میں فائرنگ سے دو بھائی زخمی ہوگئے۔

  • اورنگی ٹاؤن میں رینجرز اہلکاروں پر خود کش حملہ، دو دہشتگرد ہلاک

    اورنگی ٹاؤن میں رینجرز اہلکاروں پر خود کش حملہ، دو دہشتگرد ہلاک

    کراچی: اورنگی ٹاؤن میں کالعدم تنظیم کیخلاف آپریشن کے دوران رینجرز پر خود کش حملہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے فقیر کالونی میں رینجرزکی جانب سے کالعدم تنظیم کیخلاف آپریشن کے دوران خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکہ سے اڑا لیا ۔

    دھماکہ کے نتیجے میں خودکش حملہ آور سمیت دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

     رینجرز نے فقیر کالونی میں خفیہ اطلاع ملنے پر ایک مکان کا محاصرہ کیا تھا ، جس کے بعد خود کش دھماکہ کیا گیا

    دھماکہ اتنا شدید تھا کہ علاقہ لرز اٹھا، دھماکہ سے قبل رینجرز پر دستی بم سے بھی حملہ کیا گیا،پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی، بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیاہے ۔

    ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت رینجرز کا سرچ آپریشن جاری تھا۔

    رینجرز نے جس مکان میں کارروائی کی دماکہ اسی مکان میں کیا گیا، دھماکہ کے بعد مکان کی چھت بھی اڑ گئی ۔

    پولیس اور رینجرز کی مزید نفری کو طلب کر لیا گیا۔

    جائے وقوعہ سے میڈیا کو دور رکھا گیا ہے، اور رینجرز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، جبکہ ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو  تا حال وہاں سے ہٹایا نیہیں گیا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے، تاہم اب تک اس کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

    تازہ ترین اطلاع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار بھی زخمی ہوا ہے جسے طبی امداد کیلئے اسپتال پہنچایا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ پر دو مکانوں میں مزید دہشت گرد موجود ہیں، جنکی گرفتاری کیلئے آپریشن تاحال جاری ہے۔