Tag: ریٹائرمنٹ

  • اسٹیو اسمتھ کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    اسٹیو اسمتھ کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    آسٹریلیا کے جارح مزاج بلے باز اسٹیو اسمتھ نے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کی شکست کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسٹیو اسمتھ نے میچ کے بعد ساتھی کھلاڑیوں کو فوری ریٹائرمنٹ سے متعلق آگاہ کردیا تھا۔

    کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق اسمتھ ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

    کرکٹر نے کہا کہ دو ورلڈ کپ جیتنا کیریئر سب سے بڑی کامیابی ہے، یہ سفر میرے لیے بڑا شاندار رہا ہے، میں نے ہر لمحے سے پیار کیا ہے، کرکٹ سے حیران کن لمحات اور شاندار یادیں وابستہ ہیں۔

    اسمتھ کا کہنا تھا ٹیسٹ کرکٹ میرے لیے ترجیح رہے گی۔ لوگوں کے پاس موقع ہے کہ وہ ورلڈ کپ 2027ء کی تیاری کریں۔

    انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ میں اس وقت کرکٹ میں بہت حصہ ڈال سکتا ہوں۔ میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کا منتظر ہوں، دورہ ویسٹ انڈیز اور پھر انگلینڈ ہوم سیریز کا منتظر ہوں۔

    آسٹریلوی بیٹر نے 2010ء میں لیگ اسپنر کی حیثیت سے کیریئر شروع کیا، 170 ون ڈے میچوں 5800 رنز بنائے۔ کیریئر کے دوران 12 سنچریاں، 35 نصف سنچریاں بنائیں جبکہ 28 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

    اسکواڈ بتارہا ہے نیوزی لینڈ کے دورے کے بعد شاداب کپتان بنے گا، باسط علی

    بھارت نے دبئی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیا جانے والا 265 رنز کا ہدف 48.1 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔بھارت کی کامیابی کے بعد اب میگا ایونٹ کا فائنل دبئی میں 9 مارچ کو کھیلا
    جائے گا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ICC (@icc)

  • فخر زمان کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ ؟ اہم خبر آگئی

    فخر زمان کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ ؟ اہم خبر آگئی

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر بیٹر فخر زمان کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ سے متعلق اہم خبر آگئی ہے۔

    گزشہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی فخر زمان ون ڈے کرکٹ سے جلد ریٹائرمنٹ لے لیں گے اور اس سلسلے میں انہوں  نے کچھ عرصہ قبل قریبی لوگوں سے مشاورت بھی کی تھی۔

    تاہم اب ذرائع نے فخر زمان کی ریٹائرمنٹ سے متعلق خبر کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے پی سی بی قومی اوپنر کی ری ہیب پر جلد بیان جاری کرے گا، ان کی انجری سنجیدہ نوعیت کی نہیں، وہ جلد صحتیاب ہوجائیں گے۔

    واضح رہے کہ فخر زمان کی ریٹائرمنٹ سے متعلق خبر میں مزید کہا گیا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی فخر کا آخری آئی سی سی ٹورنامنٹ ہوگا، وہ ون ڈے کرکٹ سے بریک لینا چاہتا ہیں۔

    ذرائع کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ فخر ہائپر تھائراڈازم کی بیماری سے تاحال صحت یاب نہ ہوسکے، وہ ہر طرز کی کرکٹ سے کچھ مہینے کے لئے دور ہوچکے ہیں، ڈاکٹرز نے بھی فخر زمان کو آرام کا مشورہ دیا تھا۔

  • محمد عامر نے کس کے ’’میسج‘‘ پر ریٹائرمنٹ واپس لی تھی؟ راز سے پردہ اٹھ گیا

    محمد عامر نے کس کے ’’میسج‘‘ پر ریٹائرمنٹ واپس لی تھی؟ راز سے پردہ اٹھ گیا

    محمد عامر نے کس کے کہنے پر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لی تھی سابق پیسر نے کئی ماہ بعد اس کا انکشاف کر دیا۔

    پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر جنہوں نے گزشتہ سال ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لے لی تھی تاہم ورلڈ کپ کے بعد انہوں نے دوبارہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

    محمد عامر نے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا فیصلہ کس کے میسج پر کیا۔ اس راز سے کئی ماہ بعد سابق فاسٹ بولر نے خود ہی پردہ اٹھا دیا۔

    ایک مقامی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں محمد عامر نے پروگرام میں شریک ایک شخص کے سوال پر کہا کہ ان کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینا کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ انہیں اور عماد وسیم کو شاہین شاہ آفریدی نے میسج کر کے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا کہا تھا۔

    سابق پیسر نے کہا کہ شاہین شاہ نے میسج کر کے کہا تھا کہ آپ کی ملک کو ضرورت ہے اور آپ ابھی پاکستان کی مزید خدمت کر سکتے ہیں۔ ٹیم میں آپ کو وہی عزت اور مقام دیا جائے گا جس کے آپ مستحق ہیں۔ ان کے کہنے پر ہی میں نے ریٹائرمنٹ واپس لی۔

    انہوں نے ایک سابق کپتان کی جانب سے اس معاملے پر ڈیل کے الزام کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ پاکستان کے لیے میں اپنی کاؤنٹی کی ڈیل چھوڑ کر واپس آیا تھا۔ ڈربی شائر کے لیے پورا سیزن کا کانٹریکٹ تھا جس کو میں نے ملک کی خاطر چھوڑا۔

    محمد عامر نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے تو ورلڈ کپ اپنے خرچے پر کھیلا فزیو اور پوری ٹریولنگ کے اخراجات میں نے خود برداشت کیے تھے۔

    چیمپئنز ٹرافی 2025 اردو خبریں

    واضح رہے کہ محمد عامر نے تین سال قبل اس وقت کی پی سی بی انتظامیہ کے رویے سے بد دل ہوکر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ بعد ازاں گزشتہ سال ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل ریٹائرمنٹ واپس لی تاہم میگا ایونٹ کے کچھ عرصہ بعد انہوں نے ایک بار پھر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/champions-trophy-2025-muhammad-aamir-vikrant-gupta/

  • رانجی ٹرافی میں ناکام بھارتی بلے باز کا تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    رانجی ٹرافی میں ناکام بھارتی بلے باز کا تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    بھارت میں جاری رانجی ٹرافی میں ناکامی پر معروف بھارتی بلے باز نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

    بھارت میں رانجی ٹرافی جاری ہے۔ بی سی سی آئی کی ہدایت پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے موجودہ سپر اسٹارز اپنی فارم کی بحالی کے لیے یہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ لیکن ایک بلے باز نے بیٹنگ میں ناکامی کے بعد تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

    یہ بھارتی کرکٹر وکٹ کیپر بیٹر وریدھمن ساہا ہیں، جو رانجی ٹرافی کے آخری میچ میں ناکام رہے اور بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ تاہم ان کی ٹیم بنگال نے اس میچ میں پنجاب کو اننگ اور 13 رنز سے ہرا دیا۔

    وریدھمن نے آخری میچ کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جذباتی پوسٹ کرتے ہوئے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

    سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر وریدھمن ساہا نے ایک جذباتی پوسٹ میں لکھا کہ اس بات کو 28 برس ہوگئے جب انہوں نے پہلی بار 1997 میں کرکٹ کی فیلڈ میں قدم رکھا اور یہ سفر کیا خوب رہا۔ اپنے ملک، ریاست، ضلع، کلبز، یونیورسٹی، کالج اور اسکول کی نمائندگی کرنا زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔

    اس آخری میچ کے بعد ساتھی کھلاڑیوں نے وریدھمن ساہا کو اپنے کندھوں پر اٹھا لیا اور انہیں پرتپاک انداز میں کرکٹ کے میدان سے رخصت کیا۔

    واضح رہے کہ 40 سالہ ساہا نے اپنے کیریئر کا آغاز فروری 2010 میں کیا اور 40 ٹیسٹ اور نو ایک روزہ میچز میں بھارت کی نمائندگی کی۔ انہوں نے ڈومیسٹک میں بنگال اور تریپورا کی نمائندگی کرتے ہوئے 142 فرسٹ کلاس اور 116 لسٹ اے میچز میں حصہ لیا۔

  • ایک اور نوجوان کھلاڑی دلبرداشتہ، پی ایس ایل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    ایک اور نوجوان کھلاڑی دلبرداشتہ، پی ایس ایل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    پی ایس ایل 10 میں منتخب نہ ہونے پر ایک اور نوجوان پاکستانی کرکٹر نے دلبرداشتہ ہو کر پاکستان سپر لیگ کو ہمیشہ کے لیے الوداع کہہ دیا۔

    پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے لیے گزشتہ روز ڈرافٹنگ ہوئی جس میں فرنچائز نے اپنی ٹیموں کو حتمی شکل دی۔ تاہم پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر کو کسی بھی فرنچائز نے منتخب نہیں کیا۔

    پی ایس ایل 10 میں پک نہ ہونے پر احسان اللہ کا دل ایسا ٹوٹا کہ انہوں لیگ کو ہمیشہ کے لیے الوداع کہتے ہوئے پاکستان سپر لیگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

    سوات سے تعلق رکھنے والے اسٹار فاسٹ بولراحسان اللہ پی ایس ایل 8 میں جلوہ گر ہوئے تھے اور آتے ہی چھا گئے تھے۔ انہوں نے ٹورنامنت میں سب سے زیادہ وکٹیں لے کر قومی سلیکٹرز کو اپنی جانب متوجہ کیا جبکہ ان کے وکٹ لینے پر جشن منانے کے منفرد انداز کے دنیا بھر میں چرچے ہونے لگے تھے۔

    احسان اللہ انجری کی تشخیص کے لئے لندن روانہ ہوگئے | Dialogue Pakistan

    فاسٹ بولر 2022 میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ اور امرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بھی قرار پائے اور یہی شاندار کارکردگی ان کی قومی ٹیم میں شمولیت کا سبب بنی۔ اس کے ساتھ ہی انگلینڈ کی لیگ سے بھاری کانٹریکٹ بھی آفر ہوا۔

    تاہم کبھی کبھار کرکٹ کا کھیل ہنساتا کم اور رلاتا زیادہ ہے۔ قسمت کو کچھ اور منظور تھا انٹرنیشنل کرکٹ میں عروج دیکھنے سے قبل فاسٹ بولر انجری کا شکار ہوئے اور یہی ان کے شروع ہوتے کیریئر کا ٹرننگ پوائنٹ بن گیا۔

    پی سی بی کے با اثر افراد نے احسان اللہ کے علاج میں غفلت برتی اور من پسند لیبارٹری میں ان کی انجری کی غلط تشخیص کی گئی، جس کی بنیاد پر علاج بھی غلط ہوتا رہا اور جب حقیقت کھل کر سامنے آئی تو بہت دیر ہو چکی تھی۔

    احسان اللہ انجری سے صحتیاب تو ہو گئے، لیکن ان کی بولنگ اور اڑان دونوں کی رفتار بہت کم ہو گئی۔ شاید یہی وجہ ہے کہ پی ایس ایل 10 میں کسی فرنچائز نے انہیں اپنی ٹیم میں منتخب کرنے سے گریز کیا۔

    https://urdu.arynews.tv/psl-10-superstars-cricketers-who-not-in-edition/

  • معروف بنگلا دیشی کرکٹر کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    معروف بنگلا دیشی کرکٹر کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    بنگلا دیش کے اسٹار بلے باز اور سابق کپتان تمیم اقبال نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق بنگلا دیش کے اسٹار بلے باز اور سابق کپتان تمیم اقبال نے دوسری بار انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ اس سے قبل جولائی 2023 میں انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے 24 گھنٹے بعد اپنا فیصلہ تبدیل کرلیا تھا۔

    بنگلا دیشی کرکٹر نے گزشتہ روز اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا۔

    اُن کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ کافی عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ سے دور رہا اور اب یہ میرے انٹرنیشنل کیریئر کا اختتام ہے، اس حوالے سے کافی عرصے سے سوچ بچار میں مصروف تھا۔

    کرکٹر نے کہا کہ ریٹائرمنٹ یا کھیلنے کا فیصلہ کسی بھی ایتھلیٹ یا کرکٹر کا ذاتی ہوتا ہے۔اب جب چیمپئنز ٹرافی جیسا بڑا ایونٹ قریب ہے تو میں اپنے آپ کو ڈسکس نہیں کروانا چاہتا، ایک لمبے عرصے سے بی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ سے خود کو الگ کر لیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ کپتان نظم الحسین شنتو نے مجھے واپسی کے حوالے سے نیک نیتی سے پوچھا، سلیکشن کمیٹی نے بھی میری سلیکشن کے حوالے سے مجھ سے پوچھا مگر میں نے فیصلہ کر لیا تھا، مجھے اتنا اہم سمجھنے پر میں ان تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    اُنہوں نے کہا کہ اپنی ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے سلیکٹرز کو آگاہ کر دیا ہے۔

    روی چندرن ایشون کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    یاد رہے کہ تمیم نے 2007 میں ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی اور 2008 میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔اس عرصے میں انہوں نے 70 ٹیسٹ میچز میں 5 ہزار 134، 243 ون ڈے میں 8 ہزار 357 اور 78 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں ایک ہزار 758 رنز اسکور کئے۔

  • ڈیوڈ وارنر نے ریٹائرمنٹ ختم کرنے کی پیشکش کردی

    ڈیوڈ وارنر نے ریٹائرمنٹ ختم کرنے کی پیشکش کردی

    سابق آسٹریلوی اوپنر جارحانہ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے بھارت کا مقابلہ کرنے کیلیے ٹیسٹ ریٹائرمنٹ ختم کرنے کی پیشکش کردی۔

    رپورٹس کے مطابق سابق آسٹریلوی اوپنرنے جنوری میں پاکستان کے خلاف سڈنی میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آخری ٹیسٹ کھیلا تھا اور ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔

    تاہم اب اپنے بیان میں سابق آسٹریلوی اوپنر کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کیلیے دستیاب ہوں، میں ہمیشہ دستیاب ہوں، میں یہ بات بڑی سنجیدگی سے کہتا ہوں۔

    سابق آسٹریلوی اوپنر نے بتایا کہ ٹیم میں واپسی کے لیے میں نے ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ اور چیف سلیکٹر جارج بیلی کو پیغام بھیجا ہے۔ اینڈریو میکڈونلڈ نے مجھے جواب دیا کہ ”آپ ریٹائرڈ ہو۔”

    اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ درست ہے کہ میں ریٹائرمنٹ لے چکا ہوں، اگر انہیں کسی کی بہت ضرورت ہے تو میں خود کو پیش کرنے کیلیے کیوں شرماؤں۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا کو بھارت کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کھیلنا ہے، آسٹریلیا کو ٹاپ آرڈر پر مشکلات کا سامنا ہے۔

    یاد رہے کہ آسٹریلیا کے مایہ ناز اوپنر ڈیوڈ وارنر کے 15 سالہ کامیاب انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کا ٹی 20 ورلڈ کپ میں ناکام میچ کے ساتھ اختتام ہوچکا ہے۔

    سابق آسٹریلوی اوپنرکے 15 سالہ کامیاب انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کا ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں بھارت کے خلاف ناکام میچ کے ساتھ اختتام ہوا تھا، اس میچ میں ناکامی کے بعد کینگروز ورلڈ کپ سے بھی باہر ہوگئے تھے۔

    افغانستان کا بنگلادیش سے سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان

    آسٹریلوی اوپنر نے 2009 میں اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کا ڈیبیو کیا تھا اور اس دوران 112 ٹیسٹ میچز، 161 ون ڈے اور 110 ٹی ٹوئنٹی میچز میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کی۔

  • عثمان خواجہ نے اپنی ریٹائرمنٹ کی باتوں کو ہوا میں اڑا دیا!

    عثمان خواجہ نے اپنی ریٹائرمنٹ کی باتوں کو ہوا میں اڑا دیا!

    آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ نے اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ میرا ابھی ریٹائر ہونے کا کو کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

    کرکٹ کی دنیا میں اکثر کسی نہ کسی پلیئر کی ریٹائرمنٹ کے بارے میں قیاس آرائیاں چلتی رہتی ہیں اور اگر وہ کوئی اسٹار پلیئر ہو تو یہ گرما گرم موضوع بن جاتا ہے۔ آسٹریلوی بلے باز عثمان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کے بارے میں دو ٹوک موقف اختیار کیا ہے۔

    37 سالہ کرکٹرز جنھیں حال ہی میں آئی سی سی ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے، وہ نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے ایک واضح ذہنیت کے ساتھ تیاری میں مصروف ہیں۔

    سال 2023 عثمان خواجہ کے لیے کافی شاندار رہا اور انھوں نے کئی عمدہ پرفارمنس کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا جبکہ اس وقت ریٹائرمنٹ ان کے ریڈار پر نہیں ہے۔

    انھوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کوئی فنش لائن نہیں ہوتی ہے، میں کوشش کر رہا ہوں کہ بہت آگے نہ دیکھوں اور نمبر 1 کے چکر میں نہ پڑوں کیوں کہ مجھے کھیل پر بھروسہ نہیں ہے۔

    عثمان نے کہا کہ کھیل میں مشکل پیش آتی ہے اور میں جانتا ہوں کہ زیادہ آگے نہیں دیکھنا چاہیے کیونکہ یہ آپ کو بہت جلد حقیقت کی طرف واپس لا سکتا ہے۔

    2023 کے کام کے بوجھ کے باوجود، خواجہ کا ٹیم میں حصہ ڈالنے اور کھیل سے لطف اندوز ہونے کا عزم اٹل ہے۔ تجربہ کار کھلاڑی، 12 سال کے بین الاقوامی تجربے کے ساتھ، ٹیسٹ کی سطح پر ذہنی تیاری کی اہمیت کو سمجھتا ہے۔

    آسٹریلوی اوپنر نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ میں 37 سال کا ہوں، اس لیے لوگ ہمیشہ مجھ سے فنشنگ لائن کے بارے میں پوچھتے ہیں، لیکن ہمارے پاس 36 سالہ ناتھن لیون اور 35 سالہ اسمتھ جیسے تجربہ کار کھلاڑی بھی ہیں۔

    میرے خیال میں یہ صرف ٹیم میں اپنا حصہ ڈالنے کے بات ہے اور میں اپنے کیرئیر سے لطف اندوز ہو رہا ہوں، میں ذہنی طور پر ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار ہوں۔

  • نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

    نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

    نیوزی لینڈ کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نیل ویگنر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

    نیوزی لینڈ کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نیل ویگنر نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل ہی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق نیل ویگنر کو بتایا گیا تھا کہ وہ ٹیسٹ میچ کا حصہ نہیں ہیں، جس کے بعد انہوں نے ویلنگٹن میں ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

    اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ آسان نہیں تھا، ایک ہفتہ میرے لئے بہت جذباتی رہا، کسی ایسی چیز سے دور رہنا آسان نہیں ہے جسے آپ نے بہت کچھ دیا ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ دوسرے اس ٹیم کو لے کر آگے بڑھیں۔

    نیل ویگنر نے کہا کہ میں نے نیوزی لینڈ کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے ہر ایک لمحے کا لطف اٹھایا ہے اور مجھے ہر اس چیز پر فخر ہے جو میں بطور ٹیم حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہوں۔

    واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نیل ویگنر نے 64 ٹیسٹ میچز میں 260 وکٹیں حاصل کیں جبکہ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔

  • محکمہ پولیس نے اپنے اہلکار کی ریٹائرمنٹ کو یادگار بنا دیا

    محکمہ پولیس نے اپنے اہلکار کی ریٹائرمنٹ کو یادگار بنا دیا

    امریکی شہر سینٹ لوئس میں  پولیس ڈیپارٹمنٹ نے اپنے اہلکار کی ریٹائرمنٹ سے پہلے ان کے آخری دن کو یادگار بنا دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی شہر سینٹ لوئس کی محکمہ پولیس اپنے اہلکار کی ریٹائرمنٹ کو یادگار بنانے کے لیے ان کی خواہش کے مطابق ہیلی کاپٹر کی سواری کرادی۔

    محکمہ پولیس نے اہلکار ٹونی کی ریٹائرمنٹ کو یادگار بنانے کے لیے امریکا کے معروف یوٹیوبر میٹلپ سے رابطہ کیا، جس کے بعد انہوں نے ٹونی کو اپنی ہیلی کاپٹر کی سواری کرائی۔

    بوٹیوبر نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے پولیس کی جانب سے کال موصول ہوئی جس میں مجھ سے شہر سینٹ لوئس میں آکر ایک خصوصی درخواست پوری کرنے کا کہا گیا اور  کہا گیا کہ اس درخواست کو راز ہی رکھا جائے۔

    یوٹیوبر نے کہا کہ جب میں سینٹ لوئس پہنچا تب مجھے پتہ چلا کہ سینٹ لوئس پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ایک پولیس اہلکار ٹونی ریٹائر ہونے والے ہیں اور پولیس ڈیپارٹمنٹ ان کی ریٹائرمنٹ سے پہلے آخری دن انہیں ایک یادگار ہیلی کاپٹر کی سواری کرانا چاہتے ہیں۔

    یوٹیوبر نے بتایا کہ جس وقت ریٹائر ہونے والے پولیس اہلکار نے ہیلی کاپٹر کی سواری کی وہ خوشی اور تشکر سے سرشار ہوگئے۔

    رپورٹ کے مطابق پولیس اہلکار نے ہیلی کاپٹر سے اپنی آخری ریڈیو کال بھی کی اور انہوں نے یوٹیوبر کے ساتھ کئی یادگار واقعات بھی شیئر کیے۔