Tag: ریٹائرمنٹ

  • ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

    ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیریئر کی آخری سیریز ہوگی۔

    انہوں نے اس تاثر کو مسترد کردیا کہ وہ کسی دباؤ کے تحت یہ فیصلہ کر رہے ہیں۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا کہ تیاری اچھی ہے، کوشش ہے کہ سیریز اور کیریئر کا اچھا اختتام کروں۔

    انہوں نے اعتراف کیا کہ گزشتہ 2، 3 میچز میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے۔ کوشش ہے کہ یہ سیریز اچھی کھیلیں اور جیتیں۔ ناکامیوں سے مایوسی تو ہوتی ہے لیکن جدوجہد نہیں چھوڑنی چاہیئے۔

    میڈیا سے گفتگو میں مصباح الحق نے پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ نے مجھے اپنے فیصلے کرنے کا موقع دیا، یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کوشش کروں گا ہائی نوٹ پر کیریئر کا اختتام کروں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان نے کہا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کپتان مصباح الحق کی آخری سیریز ہوگی۔ اس بارے میں ان سے پوچھنے کی ضرورت نہیں۔

    بیالیس سالہ ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کو نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 6 ٹیسٹ میں لگاتار شکست کے بعد سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔

    اس سے قبل مصباح الحق نے ڈھلتی عمر کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن میں اپنی فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کریں گے، تاہم مارچ میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بات کا اعلان کیا کہ مصباح ہی دورہ ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔

    مصباح الحق کا سفر

    مصباح الحق نے سنہ 2001 میں نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ ٹیسٹ سے اپنے کرکٹ کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے 72 ٹیسٹ میچز کی 126 اننگز میں 4 ہزار 951 رنز بنائے، جس میں 10 سنچریاں اور 36 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

    انہوں نے 162 ایک روزہ میچز اور 39 ٹی 20 میچز کھیلے۔ ایک روزہ میچز میں انہوں نے 5 ہزار 122 اور ٹی 20 میچز میں 788 رنز بنائے۔

    مصباح الحق کو وزڈن کرکٹرز آف دی ایئر 2017 میں دنیا کے 5 بہترین کھلاڑیوں میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔

  • شاہد آفریدی کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    شاہد آفریدی کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    معروف کرکٹر شاہد آفریدی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ اب ان کا ارادہ صرف ٹی 20 لیگز میں شرکت اور فلاحی کاموں پر توجہ دینے کا ہے۔

    شاہد خان آفریدی سنہ 2010 میں ٹیسٹ کرکٹ سے اور ورلڈ کپ 2015 کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے۔ انہوں نے آخری مرتبہ ورلڈ ٹی 20 میں قومی ٹیم کی قیادت کی تھی۔

    afridi-post-5

    میگا ایونٹ کے بعد وہ قیادت سے دستبردار ہو کر بطور کھلاڑی آخری میچ کھیلنے کی خواہش ظاہر کرتے رہے لیکن بورڈ اور سلیکٹرز نے انہیں یہ موقع نہیں دیا۔ فی الحال آفریدی پی ایس ایل، انگلش ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ اور بنگلہ دیش پریمیئر لیگ سمیت کئی ٹی 20 لیگز میں کھیل رہے ہیں۔

    سنہ 1996 میں آفریدی نے سری لنکا کے خلاف 37 گیندوں پر سنچری مکمل کر کے تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ قائم کیا جو 18 سال تک قائم رہا۔ یہ ریکارڈ ان کے لیے شہرت اور کامیابی کا نکتہ آغاز ثابت ہوا اور اس کے بعد آفریدی نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

    شاہد آفریدی نے 398 ایک روزہ میچوں میں 8 ہزار 64 رنز بنائے اور 395 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹی20 کیریئر کے دوران انہوں نے 98 میچوں میں ایک ہزار 405 رنز بنائے اور اب تک 97 وکٹیں لے کر ٹی 20 کے سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

    afridi-post-6

    ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد آفریدی کا کہنا تھا کہ اب وہ اپنے پرستاروں کے لیے کھیل رہے ہیں اوراس مقصد کے لیے ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شرکت کرتے رہیں گے۔ وہ 20 سال تک اپنے ملک کے لیے کھیلتے رہے اب ان کی فلاحی فاؤنڈیشن ان کی توجہ کا مرکز ہے۔

  • ابھی ریٹائرمنٹ کا نہیں سوچ رہا، مصباح الحق

    ابھی ریٹائرمنٹ کا نہیں سوچ رہا، مصباح الحق

    سڈنی : قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہناہے کہ ابھی ریٹائرمنٹ کا نہیں سوچ رہا،ابھی بہت وقت ہے۔

    تفصیلات کےمطابق کپتان مصباح الحق نے سڈنی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو برسبین ٹیسٹ سے بہت اعتماد ملا تھا لیکن میلبورن ٹیسٹ کے آخری دن کی وجہ سے ٹیم کا مورال گرا۔

    ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہناتھاکہ اظہر اور اسد شفیق کی کارکردگی اچھی رہی،امید ہے پاکستان ٹیم ون ڈے سیریزمیں بہتر پرفارم کرے گی۔

    مصباح الحق نےکہا کہ پاکستان کے لیےآسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز بہت مشکل رہی،سارا کریڈٹ آسٹریلیا کو جاتا ہے۔

    انہوں نے ریٹائرمنٹ سے متعلق سوال پرجواب دیتے ہوئےکہا کہ ابھی ریٹائرمنٹ کا نہیں سوچ رہا،پی ایس ایل کے بعد کوئی فیصلہ کروں گا۔

    مزید پڑھیں:آؤٹ آف فارم مصباح نے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دے دیا

    واضح رہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ مستقبل کے حوالے سے سوچنے کا وقت آگیا ہے، پرفارم نہیں کررہا تو ٹیم میں رہنے کا بھی حق نہیں ہے۔

  • راحیل شریف سے خوفزدہ بھارت کو انکی ریٹائرمنٹ کی فکر لگ گئی

    راحیل شریف سے خوفزدہ بھارت کو انکی ریٹائرمنٹ کی فکر لگ گئی

    کراچی : پاک فوج کے دندان شکن جواب کے بعد خوفزدہ بھارتی سورماؤں کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ کی فکر ستانےلگی۔ بھارتی میڈیا پر پاکستانی سپہ سالار کی مدت ملازمت موضوع بحث بن گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے خوف زدہ بھارت کو سرجیکل اسٹرائیک کےجھوٹے دعوے کے بعد اس وقت جنرل راحیل شریف کے رد عمل کی فکر ہے۔

    ٹائمزآف انڈیا نے ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا بھارت کے خلاف رویہ سخت ہے اور وہ بھارت کے خلاف کسی بھی کارروائی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    بھارتی خوف کی وجہ ٹائمز آف انڈیا نے یہ بتائی کہ جنرل راحیل شریف شہیدوں کے خاندان سے ہیں، ان کےبھائی نے بھارت کے خلاف لڑتے ہوئے شہادت پائی اور نشان حیدر حاصل کیا اور ان کے ماموں میجر عزیز بھٹی نے پینسٹھ کی جنگ میں نشان حیدر حاصل کیا۔

    ٹائمز آف انڈیا نے بھارت میں موجود اس خوف کا اظہار کیا کہ جنرل راحیل شریف ریٹائرمنٹ سے پہلے بھارت سے اس کی جارحیت کا بدلہ ضرور لیں گے۔

    ٹائمز آف انڈیا کے مطابق جنرل راحیل کی طرف سے سخت رد عمل کے خوف سے بھارتی فوج اور ایجنسیوں کی نیندیں آج کل اڑی ہوئی ہیں۔

     

  • شاہد آفریدی کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے کنارہ کشی کافیصلہ

    شاہد آفریدی کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے کنارہ کشی کافیصلہ

    کراچی:پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں الوداعی میچ کھیل کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے کنارہ کشی کا ارادہ ظاہر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں ایک میچ کھیلنے کی اجازت طلب کی ہے جس کے بعد وہ بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے اس موضوع پر چیف سلیکٹر انضمام الحق سے بات کی اور عزت کے ساتھ اپنے کرکٹ کو الوداع کہنے کی اپنی خواہش کا اظہار کردیا ہے۔

    قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی جس کا آغاز 23 ستمبر کو ہوگا۔

    خیال رہے کہ شاہد آفریدی نے پاکستان کی جانب سے سب زیادہ 98 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں جس میں 18 کی اوسط سے ایک ہزار 405 رنز بنا ئے ہیں۔

    آفریدی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر بھی ہیں جہاں انھوں نے 97 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ عمرگل 60 اور سعید اجمل 64 میچوں میں 85، 85 وکٹیں حاصل کر کے دوسرے نمبر پر ہیں۔

    یاد رہے کہ شاہد آفریدی نے ورلڈ کپ 2015 میں شکست کے فوری بعد ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

    واضح رہے متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد پاکستان ٹیم اگلے ایک سال تک کوئی ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں کھیلے گی۔

  • بیونس آئرس میں میسی کا مجسمہ

    بیونس آئرس میں میسی کا مجسمہ

    بیونس آئرس: ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس میں مشہور فٹبالر لیونل میسی کا مجسمہ بنادیا گیا۔ یہ مجسمہ ان کے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کے بعد انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔

    ارجنٹینی عوام نے لیونل میسی سے ایک بار پھر ریٹائرمنٹ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے شہر بیونس آئرس میں ان کا مجسمہ بنا دیا۔ لگاتار 3 فائنلز ہارنے کے بعد میسی نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔messi-4

    ارجنٹینا کے صدر نے بھی فون پر میسی سے بات کرتے ہوئے ان سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی اپیل کی۔ ذرائع کے مطابق پیر تک میسی ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کر سکتے ہیں۔

    بیونس آئرس میں شہر کے میئر نے شہر میں مجسمے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میسی ناقدین پر کان نہ دھریں۔ ٹیم کو ان کی ضرورت ہے اس لیے 2018 ورلڈ کپ تک ریٹائرمنٹ واپس لے لیں۔

    messi-2

    واضح رہے کہ کوپا امریکہ کے فائنل میں چلی سے شکست کے بعد میسی نے نم آنکھوں کے ساتھ انٹرنیشنل فٹبال کو الوداع کہہ دیا تھا۔ میسی نے کوپا امریکا کپ کے فائنل میں پینلٹی کک ضائع کر دی تھی، جس کے بعد انہیں مداحوں کی طرف سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

    messi-3

    ارجنٹینا کے 29 سالہ میسی نے 5 دفعہ دنیا کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ اپنے نام کی۔ اپنے کلب بارسلونا کو حال ہی میں لالیگا چمپیئن بنوانے میں بھی میسی نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

  • شاہد آفریدی نےٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کااشارہ دے دیا

    شاہد آفریدی نےٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کااشارہ دے دیا

    موہالی: شاہد آفریدی نےٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کااشارہ دےدیا،کہتے ہیں اگلامیچ کیرئیرکاآخری میچ ہوسکتاہے۔

    ریٹائرمنٹ کے فیصلے پرشوچ بچارکرنے والے آفریدی نے بلا آخر ریٹائرمنٹ کااشارہ دےدیا، قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ آسٹریلیا کیخلاف میچ آخری ہوسکتاہے۔

    آفریدی نے کہا پاورپلے میں بیٹنگ اچھی ہوئی، لیکن پاورپلے ختم ہوتے ہی بلے بازاچھانہ کھیل سکے، کافی گیندیں ضائع ہوئی، جس نے مشکلات بڑھائی۔

    انھوں نے مزید کہاباربارغلطیاں دہرائی جارہی ہے،ہرمیچ میں غلطیاں ہوئی، اس شکست کوبھول کرآسٹریلیا کیخلاف میچ کوفوکس کرناہے۔

    ایونٹ میں دوسری شکست کے بعد ورلڈٹی ٹوئنٹی میں سیمی فائنل کاراستہ اگرمگرکا شکار ہے۔

  • پاک بھارت سیریز کے بعد ریٹائرمنٹ کا ارادہ ہے،مصباح الحق

    پاک بھارت سیریز کے بعد ریٹائرمنٹ کا ارادہ ہے،مصباح الحق

    لاہور : پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے پاک بھارت ممکنہ سیریز کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اشارہ دے دیا ہے۔

    ٹیسٹ کرکٹر مصباح الحق کیریبئین ٹی ٹوئنٹی پریمیئر لیگ میں مصروف ہیں اور انھوں نے بھارتی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ وہ رواں سال کے آخر میں ہونے والی پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا سوچ رہے ہیں۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا کہ وہ ریٹائرمنٹ سے قبل کچھ ٹیسٹ میچز کھیلنا چاہتے ہیں۔ اگر پاک بھارت سیریز ہوئی تو وہ کیرئیر کی آخری ٹیسٹ سیریز ثابت ہوسکتی ہے۔

    اکتالیس سالہ ٹیسٹ کرکٹر پہلے ہی مختصر فارمیٹ کی کرکٹ کیساتھ ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائر ہوچکے ہیں۔

  • کپتانی چھوڑنے کی خبریں بے بنیاد ہیں، محمد عمران

    کپتانی چھوڑنے کی خبریں بے بنیاد ہیں، محمد عمران

    اینٹورپ : پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں آٹھویں پوزیشن کے بعد کپتانی چھوڑنے سے انکار کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے محمد عمران کا کہنا تھا کہ انہیں شکست کے بعد قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    کپتانی سے دستبردار ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا تو میڈیا کے سامنے اعلان کرتے ہوئے اصل وجوہات سے بھی آگاہ کروں گا۔

    پاکستان کی وجہ سے پہچان بنی ہے اور ملک کیلئے کھیلنا اعزاز کی بات ہے۔

  • نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر کائل ملز انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر

    نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر کائل ملز انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر

    ویلنگٹن:  نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر کائل ملز نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ ڈینیل ویٹوری کے بعد کائل ملز نے بھی کیوی ٹیم کو خیر آباد کہہ دیا۔

    ملز ورلڈ کپ اسکواڈ میں تو شامل تھے لیکن فاسٹ بولر کو ایک میچ میں بھی موقع نہیں دیا گیا۔ چھتیس سالہ کھلاڑی ویٹوری کے بعد نیوزی لینڈ کے لئے ون ڈے میں سب سے زیادہ دو سو چالیس وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔

    ملز نے ٹیسٹ میں چوالیس اور ٹی ٹوئنٹی میں تینتالیس وکٹیں اڑائیں۔ ملز نے کئی میچ میں ٹیم کو کامیابی دلوائی۔ کیوی کھلاڑی کا کہنا ہے کہ انہوں نے بہت سوچ سمجھ کر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

    چودہ سال تک نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرنا ان کے لئے بہت اعزاز کی بات ہے۔