Tag: ریچھ

  • ننھے ریچھ کو سلائیڈنگ سکھاتی ماں کی ویڈیو وائرل

    ننھے ریچھ کو سلائیڈنگ سکھاتی ماں کی ویڈیو وائرل

    سوشل میڈیا پر جانوروں کی مختلف ویڈیوز سامنے آتی رہتی ہیں جن میں وہ کبھی شرارتیں کرتے اور کبھی کھیلتے کودتے دکھائی دیتے ہیں، ایسی ہی مادہ ریچھ اور اس کے بچے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ریچھنی اپنے بچے کو سلائیڈ لینا سکھا رہی ہے۔

    یہ ویڈیو امریکی ریاست شمالی کیرولینا کے ایک اسکول کے پلے گراؤنڈ میں ریکارڈ کی گئی جہاں پلے گراؤنڈ خالی دیکھ کر ریچھنی اپنے بچے کو لے کر وہاں داخل ہوگئی۔

    ریچھنی نے پہلے خود بڑی سلائیڈ پر جھول کر بچے کو بتایا اس کے بعد اسے چھوٹی سلائیڈ سے آنے کی ترغیب دینے لگی۔ جب ننھا ریچھ وہاں سے جھول کر نیچے آگیا تو ماں نے اسے سینے سے لگا لیا۔

    اس دوران دونوں خوشی سے چلاتے بھی رہے۔

    اسکول کے اندر موجود ٹیچرز نے یہ سارا واقعہ اپنے موبائل فونز میں ریکارڈ کرلیا، وہ اس منظر کو دیکھ کر بے حد خوش اور حیران تھے۔

    بعد ازاں اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے ٹیچرز نے کہا کہ اس وقت اسکول بچوں سے خالی تھا، اگر اس وقت اسکول میں بچے ہوتے تو وہ حفاظتی اقدامات کرنے کو ترجیح دیتے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو پر صارفین نے بھی مسرت آمیز حیرت کا اظہار کیا۔

  • ریچھ سپر مارکیٹ میں خریداری کرنے پہنچ گیا

    ریچھ سپر مارکیٹ میں خریداری کرنے پہنچ گیا

    امریکا کی ایک سپر مارکیٹ میں ایک ریچھ خریداری کرنے آن پہنچا، سپر مارکیٹ کے عملے نے بہت مشکل سے اسے باہر نکالا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق لاس اینجلس کی سپر مارکیٹ میں درجنوں شہریوں نے اس ریچھ کو گشت کرتے دیکھا۔ ریچھ مختلف ریکس کے درمیان آزادی سے گھوم پھر رہا تھا۔

    وہاں موجود افراد نے ریچھ کی کئی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Tisha Campbell (@tishacampbellmartin)

    مارکیٹ کے عملے نے ریچھ کو بہت مشکل سے باہر کا راستہ دکھایا جس کے بعد لوگوں کی جان میں جان آئی۔

    پولیس کے مطابق یہ اس نوعیت کا تیسرا واقعہ ہے جس میں ریچھ کو پرہجوم مقام پر دیکھا گیا ہے۔

    ایک واقعے میں وائلڈ لائف حکام کو طلب کیا گیا جنہوں نے ریچھ پر بے ہوشی کا انجکشن پھینک کر اسے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

  • وزیر اعظم نے ہمالیائی بھورے ریچھ کی ویڈیو شیئر کر دی

    وزیر اعظم نے ہمالیائی بھورے ریچھ کی ویڈیو شیئر کر دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے آج اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے ہمالیائی بھورے ریچھ کی دل چسپ ویڈیو شیئر کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا کہ ہمالیہ کے بھورے ریچھ کو قراقرم نیشنل پارک میں شامل کر لیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا قراقرم نیشنل پارک میں برفانی چیتے، مارکو پولو بھیڑ بھی ہیں، یہ بھورے ریچھ، برفانی چیتے، او ر مارکو پولو بھیڑ معدومیت سے دوچار انواع ہیں۔

    انھوں نے ٹویٹ میں ایک دل چسپ ویڈیو بھی شیئر کی ہے، جس میں ہمالیائی بھورا ریچھ اٹھکیلیاں کھیلتا دکھائی دیتا ہے۔ وزیر اعظم نے بھی اس پر یوں سرخی جمائی ’حال ہی میں پاکستان کے اعلان کردہ قراقرم نیشنل پارک میں موجود ایک ہمالیائی بھورے ریچھ کی اٹھکیلیاں!‘

    وزیر اعظم عمران خان نے مزید لکھا ’اس نیشنل پارک میں نایاب جانوروں کی جن دیگر انواع کا تحفظ کیا جائے گا ان میں برفانی چیتا اور پُرشِکوہ مارکو پولو بھیڑ شامل ہیں۔

  • آبدوز پر چڑھنے والی ریچھنی اور اس کے بچے کو فوجی اہلکاروں نے گولی ماردی

    آبدوز پر چڑھنے والی ریچھنی اور اس کے بچے کو فوجی اہلکاروں نے گولی ماردی

    روس کی بحری فوج کے اہلکاروں نے ایک ریچھنی اور اس کے بچے کو اس وقت گولی مار دی جب وہ ان کی ایٹمی آبدوز پر چڑھ آئے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں، جو واقعے کے وقت وہاں موجود عینی شاہد نے بنائی، دیکھا جاسکتا ہے کہ ریچھنی اور اس کا بچہ پانی میں تیرتے ہوئے ایٹمی آبدوز کے قریب آئے اور سستانے کے لیے اس کے عرشے پر چڑھ گئے۔

    بعد ازاں فوجی اہلکار ان دونوں کو گولی مار کر ہلاک کردیتے ہیں۔

    روسی بحری فوج کے ترجمان کی جانب سے وضاحت دی گئی ہے کہ ریچھنی اور اس کا بچہ نہ صرف آبدوز کے عملے بلکہ قریب موجود گاؤں کے رہائشیوں کے لیے بھی ایک خطرہ تھے۔

    ایک مقامی اخبار کے مطابق ریچھنی زخمی حالت میں تھی اور اس کی موت کا اندیشہ تھا، ماں کے بغیر ننھے ریچھ نہایت غصہ ور ہوجاتے ہیں لہٰذا اس صورتحال سے بچنے کے لیے دونوں کو گولی مار دی گئی۔

    اخبار میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ یہ ریچھ اکثر قریبی گاؤں میں گھس جاتے ہیں اور مقامی افراد ان سے پریشان تھے۔

    روس کے مذکورہ علاقے میں بھورے ریچھوں کی آبادی بہت زیادہ ہے اور ان کی تعداد لگ بھگ 14 ہزار ہے، یہ انسانوں پر صرف اسی وقت حملہ کرتے ہیں جب انہیں انسانوں سے خطرہ محسوس ہوتا ہے۔

  • یہ خوفناک جانور کون ہے؟ وائرل تصویر کی حقیقت سامنے آگئی

    یہ خوفناک جانور کون ہے؟ وائرل تصویر کی حقیقت سامنے آگئی

    ٹوکیو: جاپان میں ریچھوں اور دیگر جانوروں کو گھروں اور فصلوں سے دور رکھنے کے لیے روبوٹک عفریت بھیڑیوں کی مدد لی جارہی ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق جاپان کے اس قصبے ٹاکیکاوا میں ریچھ اکثر خوراک کی تلاش میں آجاتے ہیں اور رہائشی علاقوں میں کچرا دانوں کو الٹ پلٹ دیتے ہیں۔

    ان ریچھوں سے تنگ رہائشیوں نے پہلے تو ریچھوں کو پکڑنے کے لیے شکاریوں کی مدد حاصل کی، تاہم مسئلہ حل نہیں ہوسکا۔ اب وہاں کے رہائشیوں نے منفرد حل نکالا ہے اور وہ ہے روبوٹک عفریت بھیڑیے۔

    ان روبوٹک بھیڑیوں کو مونسٹر وولف کا نام دیا گیا ہے جو انفراریڈ سنسرز سے لیس ہیں، سنسرز کسی ریچھ یا دیگر جانوروں کو علاقے میں آنے پر شناخت کرتے ہیں۔

    یہ سنسرز جب کسی ریچھ یا جانور کو دیکھتے ہیں تو اس عفریت کا سر حرکت کرتا ہے اور اس کی ایل ای ڈی والی سرخ آنکھیں جگمگانے لگتی ہیں۔

    روبوٹ کے اندر نصب اسپیکرز سے مختلف اقسام کی بلند آوازیں خارج ہوتی ہیں جیسے بھیڑیے کی غراہٹ، گولیاں چلنے کی آواز اور انسانی آوازیں، جو جانوروں کو خوفزدہ کر کے بھاگنے پر مجبور کردیتی ہیں۔

    صرف ایک اسی قصبے میں نہیں پورے جاپان کے 62 علاقوں میں کسی نہ کسی قسم کے روبوٹک مونسٹرز کا استعمال کیا جارہا ہے تاکہ جانوروں کو گھروں سے دور رکھا جاسکے۔

  • سرکس کے ریچھ نے ورکر کو چیر پھاڑ دیا

    سرکس کے ریچھ نے ورکر کو چیر پھاڑ دیا

    ماسکو: روس کے ایک سرکس میں ورکر کو اپنی مہم جوئی اس وقت نہایت مہنگی پڑ گئی جب وہ چوری چھپے ریچھ کے پنجرے میں داخل ہوا اور اس کے بعد اسے اپنی زندگی سے ہاتھ دھونے پڑے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ماسکو کے ایک سرکس میں 28 سالہ ورکر ویلنٹین بلیخ کو جو پنجروں کی صفائی پر مامور تھا، ریچھ جیسے خون خوار جانور کو سدھانے کا شوق چرا گیا، اس شوق کو پورا کرنے کے لیے اس نے چپکے سے چابیاں حاصل کیں اور بڑے اعتماد سے ریچھ کے پنجرے میں داخل ہوا کہ وہ اس درندے کے ساتھ گفتگو کر سکے گا۔

    تاہم، اس کی یہ جرات ایک خوف ناک خواب میں بدل گئی جب سات سالہ درندے نے اس پر حملہ کر کے اس کی کھوپڑی پھاڑ کر رکھ دی اور بدن کو پنجوں کے وار سے چیر پھاڑ دیا۔

    گریٹ ماسکو اسٹیٹ سرکس کے ملازمین نے صفائی کرنے والے ورکر کو ریچھ کے پنجرے سے نکال لیا لیکن وہ شدید زخمی ہو چکا تھا اس لیے اسپتال میں دوران علاج ہی وہ مر گیا۔

    مرنے والے ورکر کی غم زدہ ماں ایلینا نے بتایا کہ اس کے بیٹے نے ایک ریچھ کو سدھانے کے لیے اپنی مہارت سے متعلق غلط اندازہ لگا لیا تھا، اس کا خواب تھا کہ وہ پنجروں کی صفائی کرنے والے کی حیثیت سے اوپر اٹھ کر ریچھوں کو سدھانے والے کا مقام حاصل کر لے۔

    ساشا نامی ریچھ اپنے ٹرینر کے ساتھ

    انھوں نے کہا کہ ویلنٹین بُلیخ کو یہ شوق تب سے ہوا تھا جب اس نے دیکھا کہ وہ ریچھ کے بچوں کے ساتھ نمٹ سکتا ہے، اس نے سوچا کہ وہ جوان ریچھ کو بھی سنبھال پائے گا۔ماں کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنے بیٹے کی ہمت بندھائی تھی کہ وہ ہمیشہ کلینر نہیں رہے گا اور وہ اپنا مستقبل بنا لے گا۔

    دو سال قبل اس ریچھ نے جسے اب ساشا کا نام دیا گیا ہے، سرکس کے زخمی ہونے والے ایک جمناسٹ کو وھیل چیئر پر لے جانے میں مدد کی تھی اور جب وہ اسپتال سے لوٹ کر آیا تو اس کا چہرہ پیار سے چاٹا تھا۔

  • پاکستانی فنکار کراچی چڑیا گھر میں موجود ننھے بھالو کی آواز بن گئے

    پاکستانی فنکار کراچی چڑیا گھر میں موجود ننھے بھالو کی آواز بن گئے

    کراچی: پاکستانی فنکار کراچی کے چڑیا گھر میں موجود بھالو کے بدحال بچے کی آواز بن گئے، معصوم بچے کی اذیت میں مبتلا ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے فنکاروں نے حکام کو آڑے ہاتھوں لیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے چڑیا گھر میں موجود ایک ریچھ کے بچے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی تھیں۔ بھالو کا بچہ نہایت لاغر اور پریشان کن حالت میں موجود ہے اور چڑیا گھر انتظامیہ کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مختلف فنکاروں نے بھی معصوم بچے کے لیے اپنی آواز بلند کی۔

    معروف اداکارہ مشال خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ننھے بھالو کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دکھ کا اظہار کیا۔

    انہوں نے لکھا کہ میں کراچی چڑیا گھر میں ریچھ کے بچے کو دیکھ کر سخت پریشان ہوں، واضح طور پر یہ مناسب کھانے، پانی اور دیکھ بھال سے محروم ہے۔

    مشال نے لکھا کہ اس کی آنکھوں میں مدد کے لیے پکار صاف لکھی ہے۔ یہ بہت ظالمانہ ہے، اس سلسلے کو بند ہونا چاہیئے، کراچی چڑیا گھر کو بند کردینا چاہیئے۔

    ایک اور اداکارہ انعم تنویر نے چڑیا گھر انتظامیہ کو سخت سست سناتے ہوئے کہا کہ کراچی کا چڑیا گھر جانوروں کے لیے ایک محفوظ گھر بننے کے بجائے ان کے لیے جہنم بن گیا ہے۔

    انہوں نے لکھا کہ بہت سے جانوروں کی جانوں سے کھیلنے کے بعد اب چڑیا گھر کی انتظامیہ اس معصوم جانور کو بھی کھو دے گی۔

    انعم کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو کوئی خوف خدا نہیں ہے اور یہ جانوروں کے ساتھ کسی بے جان اشیا کے جیسا سلوک کر رہے ہیں۔

    معروف اداکارہ انوشے اشرف نے بھی اس حوالے سے لکھا کہ ہم سندھ ہائی کورٹ میں درخوست دائر کرنے جارہے ہیں کہ اس بدحال ریچھ کے بچے کو یہاں سے نکالا جائے، اسے یہاں نہایت غلیظ اور تکلیف دہ ماحول میں رکھا گیا ہے۔

    انوشے نے لکھا کہ ہم عدالت سے درخواست کریں گے کہ اس بچے کو یہاں سے نکال کر واپس اسکردو اس کے قدرتی ماحول میں بھیجا جائے۔

    انہوں نے لکھا کہ علاوہ ازیں ہم یہ استدعا بھی کریں گے کہ عدالت حکام کو کراچی چڑیا گھر کی درست دیکھ بھال کرنے اور جانوروں کا خیال رکھنے کا حکم دے۔

    دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر مرغزار چڑیا گھر سے تمام جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے، مرغزار چڑیا گھر میں موجود 36 سالہ ہاتھی کاون کو بھی کمبوڈیا بھیجا جارہا ہے۔

    کاون کو سنہ 1985 میں سری لنکن حکومت کی جانب سے بطور تحفہ دیا گیا تھا اور تب سے اب تک وہ چڑیا گھر میں تنہا زندگی گزار رہا تھا، کاون کو بھی سوشل میڈیا ہی کی بدولت اس قید تنہائی سے نجات ملی ہے۔

  • بھاری بھرکم ریچھ پیزا کی بو سونگھتا گھر کے اندر داخل ہوگیا

    بھاری بھرکم ریچھ پیزا کی بو سونگھتا گھر کے اندر داخل ہوگیا

    امریکا میں ایک سیاہ ریچھ پیزا کی تلاش میں گھر میں گھس آیا، تلاش میں ناکامی کے بعد بھالو بغیر کوئی توڑ پھوڑ کیے واپس چلا گیا۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر اونٹاریو میں پیش آیا جہاں ایک گھر میں لگے سیکیورٹی کیمرا نے بھالو کو ریکارڈ کرلیا جو گھر میں گھس آیا تھا۔

    گھر کا داخلی دروازہ لاک نہیں تھا جس کے باعث ریچھ باآسانی گھر کے اندر داخل ہوگیا۔ دروازے کے سامنے ہی پیزا کے خالی ڈبے پڑے تھے جن کے گرد ریچھ گھوم کر پیزا تلاش کرتا رہا۔

    تاہم پیزا کی تلاش میں ناکامی کے بعد ریچھ بغیر کسی توڑ پھوڑ کے جس طرح آیا تھا اسی طرح مرکزی دروازے سے واپس چلا گیا۔

    گھر کے مالک اٹکنسن کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ایک یاد دہانی ہے کہ کچرے کو اس طرح غیر ذمہ دارانہ انداز میں نہیں چھوڑنا چاہیئے ورنہ یہ ریچھ اور دیگر جنگلی جانوروں کو اپنی طرف متوجہ کرسکتا ہے۔

  • "چیتے دراصل گدھے ہیں”

    "چیتے دراصل گدھے ہیں”

    کسی جنگل میں خرگوش کی ایک اسامی نکلی، لیکن کئی ماہ تک کسی خرگوش نے اس نوکری کے لیے درخواست نہیں دی۔

    ایک بے روزگار اور حالات کے ستائے ہوئے ریچھ نے اس اسامی پر اپنی درخواست جمع کرا دی۔

    اس ریچھ کو خرگوش تسلیم کرتے ہوئے ملازمت دے دی گئی۔

    نوکری کے دوران کہیں سے ریچھ کو معلوم ہوا کہ جنگل میں ریچھ کی ایک اسامی پر اسی کی طرح ایک خرگوش کام کر رہا ہے اور وہ مشاہرہ اور مراعات لے رہا ہے جو کہ ریچھ جیسے بڑے اور طاقت ور جانور کا حق ہیں۔ اسے کسی نے بتایا کہ خرگوش خود کو دھڑلے سے ریچھ کہتا ہے۔

    ریچھ نے اسے ناانصافی تصور کیا۔ اسے بہت غصہ آیا کہ وہ اپنے قد کاٹھ اور جثے کے ساتھ بمشکل خرگوش کا مشاہرہ اور مراعات پا رہا ہے جب کہ ایک چھوٹا سا خرگوش اس کی جگہ ریچھ بن کر مزے کر رہا ہے۔

    ریچھ نے اپنے دوستوں اور واقف کاروں سے رابطہ کیا اور مشورہ مانگا۔ انھوں نے ریچھ کو کہا کہ یہ تو بڑا ظلم اور اس کے ساتھ زیادتی ہے۔ بہی خواہوں کا مشورہ تھا کہ ریچھ اس کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔

    خرگوش کی اسامی پر کام کرنے والے ریچھ نے جنگل کے منتظمِ اعلیٰ کو تحریری شکایت کی اور مؤقف اپنایا کہ یہ غیرقانونی اور اس جیسے جانور کی حق تلفی کے مترادف ہے۔

    جنگل کا منتظمِ اعلیٰ ریچھ کو کوئی جواب نہ دے سکا اور اس کی شکایت انتظامیہ اراکین کو بھیج دی۔ انھوں نے چند سینئر چیتوں پر مشتمل ایک کمیٹی بنا دی جو اس مسئلے پر سر جوڑ کر بیٹھے۔

    کمیٹی اراکین نے خرگوش کو نوٹس بھجوا دیا کہ وہ ذاتی حیثیت میں حاضر ہو کر اس حوالے سے اپنی صفائی پیش کرے اور ثابت کرے کہ وہ ایک ریچھ ہے۔

    مقررہ تاریخ پر خرگوش کمیٹی کے سامنے پیش ہوا اور اپنے سارے کاغذات اور ڈگریاں رکھ دیں اور کسی طرح یہ ثابت کر دیا کہ وہ ایک ریچھ ہے۔

    اب کمیٹی نے ریچھ کو ہدایت کی کہ پہلے تو وہ اپنی موجودہ ملازمت کے حوالے سے یہ ثابت کرے کہ وہ ایک خرگوش ہے؟ مجبوراً ریچھ نے ضروری کاغذات اور دستاویز پیش کر کے خود کو خرگوش ثابت کیا۔

    کمیٹی نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ سچ یہ ہے کہ خرگوش ہی ریچھ ہے اور ریچھ دراصل خرگوش ہے۔ اس لیے فریقین اپنی اپنی نوکریوں پر بحال رہ کر اپنے اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ ریچھ نے کوئی اعتراض کیے بغیر کمیٹی کا فیصلہ تسلیم کر لیا اور اپنی راہ لی۔

    مایوس اور پریشان ریچھ کے دوستوں نے اسے بہت برا بھلا کہا اور بزدلی کا طعنہ بھی دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریچھ کو چیتوں کے اس فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کرنا چاہیے تھا۔

    تب ریچھ نے انھیں غور سے دیکھا اور سر جھکا کر بولا: میں بھلا چیتوں پر مشتمل اس کمیٹی کے خلاف کیسے کوئی بات کرسکتا تھا، اور میں کیونکر ان کا فیصلہ قبول نہ کرتا؟

    دوستو، جیسے میں ایک خرگوش اور ایک خرگوش ریچھ کی حیثیت سے جنگل سرکار سے تنخواہ لے رہا ہے بالکل اسی طرح کمیٹی میں شامل چیتے درحقیقت گدھے ہیں اور ان کے پاس یہ ثابت کرنے کے لیے کہ وہ چیتے ہیں تمام ضروری کاغذات اور دستاویز بھی موجود ہیں۔

    (عالمی ادب سے انتخاب)

  • رقص کرتے بھالو نے سب کو حیران کردیا

    رقص کرتے بھالو نے سب کو حیران کردیا

    سرائیوو: آپ نے گھوڑوں اور اونٹوں کو تو رقص کرتے دیکھا ہوگا لیکن اب ایسا ریچھ بھی منظر عام پر آیا ہے جو ناصرف رقص بلکہ شائقین کو خوب تفریح بھی فراہم کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بوسینا کے ایک پارک میں رقص کرتے ریچھ نے دیکھنے والوں کو ورطہ حیرت میں مبتلا کردیا۔ ڈانس کرنے والے کتھئی بھالو کی ویڈیو وائرل ہوگئی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جانور خوشگوار موڈ میں اپنے جسم ہلا رہا ہے جبکہ ارد گرد بچے اور والدین محظوظ ہورہے ہیں۔

    غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس ریچھ کو خصوصی طور پر ڈانس سکھایا گیا ہے جبکہ شہریوں سے ملنے جلنے سمیت انہیں تفریح فراہم کرنے کی بھی ٹریننگ دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ اکثر بھالو انسانوں کو دیکھ کر اپنی راہ بدل لیتے ہیں جبکہ کئی علاقوں میں ریچھوں کے انسانوں پر حملوں کے واقعات بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ براؤن نسل کے ریچھ 25 سے 30 سال کی حیات پاتے ہیں، تاہم یورپ میں جانوروں کی غذائی قلت کے باعث ان کی عمریں 6 سے 7 سال تک ہی محدود ہوگئی ہیں۔