Tag: ریڈ زون میں داخل ہونے کے اعلان

  • ریاست کی رٹ پولیس کےذریعےہی نافذ ہوتی ہے، چوہدری نثار

    ریاست کی رٹ پولیس کےذریعےہی نافذ ہوتی ہے، چوہدری نثار

    اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیرصدارت اجلاس میں انقلاب اور آزادی مارچ کے شرکا سے شاہراہ دستور کو خالی کرانے کے سپریم کورٹ کے حکم کے نتائج پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ نے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہا جائے۔

    چوہدری نثار علی خان نے امید کا اظہار کیا کہ تمام معاملات جلد پرامن طور پر حل کرلیے جائیں گے، مذاکرات کا عمل مثبت سمت میں جاری ہے، اجلاس میں دھرنوں کے شرکا کے ریڈزون سے متوقع انخلا اور کسی دوسرے محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی رٹ حقیقی معنوں میں پولیس کے ذریعے نافذ ہوتی ہے۔

  • شاہراہ دستور پر واقع حساس عمارتوں کی سیکیورٹی انتہائی سخت

    شاہراہ دستور پر واقع حساس عمارتوں کی سیکیورٹی انتہائی سخت

    اسلام آباد: ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان کے ریڈ زون میں دھرنا دینے کا اعلان کرنے کے بعد شاہراہ دستور پر واقع حساس عمارتوں کی سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔

    تفصلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے مرکزی دروازے کو خاردار تاریں اور ریت کی بوریاں لگا کرسیل کردیا گیا ہےاور فوج نے حساس عمارتوں کا نظم و نسق اپنے اختیار میں لے لیا ہے ۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے جوان ڈپلومیٹک انکلیو اور دیگر حساس عمارتوں کے اندر تعینات رہیں گے جب کہ رینجرز اور پولیس باہر کی صورتحال سنبھالنے کے لئے موجود رہے گی۔ پاک فوج کے جوان براہ راست عوام کے سامنے نہیں آٗئیں گے۔

    آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق حکومتی درخواست پر پاک فوج کےپہلے سے ریڈ زون موجود دستوں کو شاہراہ ِ دستور میں تعینات کیاجارہاہے اور پاک فوج کے جوان صرف حساس عمارتوں کے اندر محدود رہیں گے۔

    دوسری جانب وفاقی حکومت نے مظاہرین سے نمٹنے کے لئے ریڈ زون میں تیس ہزارس ے زائد پولیس اہلکاروں کو گزشتہ کئی روز سے تعینات کر رکھا ہے اور ان کی مدد کے لئے رینجرز بھی موجود ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے اظہر بن کریم نے ریڈ زون سے برا ہ راست صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ یہاں تعینات پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں سے اس حفاظتی ڈیوٹی پرہے اوران میں سے متعدد اہلکار بیماریوں کا شکار ہوکر چھٹی طلب کر رہے ہیں۔

  • اسلام آباد سیکیورٹی ،چوہدری نثار کا ہیلی کاپٹر سے فضائی جائزہ

    اسلام آباد سیکیورٹی ،چوہدری نثار کا ہیلی کاپٹر سے فضائی جائزہ

    اسلام آباد: عمران خان کے ریڈ زون میں داخل ہونے کے اعلان کے بعد اسلام آباد میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا، چودھری نثار نے ہیلی کاپٹر سے فضائی جانچ کی، احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان ریڈزون میں داخل ہونے کا اعلان واپس لیں۔۔

    عمران خان کے ریڈ زون میں داخل ہونے کے اعلان نے حکومتی حلقوں میں ہلچل مچادی، سیاسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ذمہ داروں نے حکمت عملی طے کر لی ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے مارچ کی آج ریڈ زون میں ممکنہ داخلےاور پی اے ٹی کی جانب سے عوامی پارلیمنٹ میں عوام کی شرکت کو روکنے کے لیے انتظامیہ نے جڑواں شہروں کے درمیان مزید کنٹینرز لگا دیئے ہیں۔

    حکومت کی جانب سے  شہر میں پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشن تین بجے بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں، اسٹیشنز تین بجے بند ہونے سے پہلے پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز پرگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔

    شہر کی صورتحال کے پیشِ نظر بیشتر لوگ اپنے دفاتر سے جلد گھروں کو نکل کھڑے ہوئے، جس کےباعث سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا، شہر کی کئی سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے شہری پریشانی کا شکار ہیں۔

    ذرائع کے مطابق حکومت نے ریڈزون کے مکمل تحفظ کا فیصلہ کیا ہے، حکومت نے مارچ کے شرکاء کو روکنے کیلئے ریڈ زون کے اطراف تین حصار قائم کر کے سیکیورٹی کو ریڈ الرٹ کر دیا، پولیس کے تازہ دم دستے وفاقی دارالحکومت پہنچ گئے جو حکومت کے قائم کردہ پہلے حصار میں خلاف ورزی کرنےوالوں کو روکنے کی کوشش کریں گے۔

    دوسرے حصار میں رینجرز اور ایف سی کو ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ تیسرے حصار میں پاک فوج بند باندھے گی۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے حساس مقامات پر تجربہ کار شوٹرز بھی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ریڈ زون کے علاوہ حکومت نے شہر بھر میں کنٹینرز کی بھرمار کر دی ہے، جگہ جگہ خار دار تاروں کی باڑ نے شہر کو مفلوج کر رکھا ہے۔