Tag: ریڈ کریسنٹ

  • ’چین کی جانب سے یہ اسکول بیگ نہیں محبت کا تحفہ ہے‘

    ’چین کی جانب سے یہ اسکول بیگ نہیں محبت کا تحفہ ہے‘

    اسلام آباد: انجمن ہلال احمر اور چین کی جانب سے دیہی علاقوں کے بچوں میں اسکول بیگ تقسیم کیے گئے، اس سلسلے میں اسلام آباد میں ایک تقریب بھی منعقد کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں آج انجمن ہلال احمر اور چین کی جانب سے بچوں میں 20 ہزار اسکول بیگ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی، جس سے چیئرمین ہلال احمر سوسائٹی ابرار الحق نے خطاب کیا۔

    ابرار الحق نے کہا کہ یہ اسکول بیگ نہیں بلکہ محبت کا بہترین تحفہ ہے، چین کے ساتھ پاکستان کے اسٹریٹجک تعلقات ہیں، چین نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے۔

    اس موقع پر چینی سفیر یاؤ جنگ نے بھی تقریب سے خطاب کیا، ان کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان اور چین کے تعلقات کا نیا دور ہے، سی پیک کے تحت اسپتال اور ووکیشنل سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں، حکومت پاکستان نے ایجوکیشن فار آل کا ویژن دیا ہے، چین کی کمپنیاں اسکل ڈیولپمنٹ اور تعلیم کے شعبے میں تعاون کو تیارہیں۔

    عدالت نے ابرار الحق کو بہ طور چیئرمین ہلال احمر بحال کر دیا

    یاد رہے کہ معروف گلو کار ابرار الحق کو 15 نومبر کو ہلال احمر کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا، تاہم عدالت میں ان کی تعیناتی کے خلاف دی جانے والی درخواست پر 18 نومبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے انھیں معطل کر دیا تھا۔

    بعد ازاں 26 دسمبر 2019 کو کیس کی متعدد سماعتوں کے بعد عدالت نے ابرار الحق کی بہ طور چیئرمین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی تعیناتی درست قرار دے دی تھی، اور انھیں عدالتی حکم کے ذریعے بحال کر دیا۔

  • انجمن ہلال احمر کے چیئرمین کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن معطل

    انجمن ہلال احمر کے چیئرمین کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن معطل

    اسلام آباد: انجمن ہلال احمر کے چیئرمین کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن معطل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریڈ کریسنٹ کے چیئرمین کی تعیناتی کے خلاف درخواست پر سماعت پر کرتے ہوئے مشہور گلوکار ابرار الحق کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن معطل کر دیا ہے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے تعیناتی پر وفاق سے آیندہ سماعت پر جواب بھی طلب کر لیا ہے، صدر مملکت نے آرڈیننس کے ذریعے ابرار الحق کو انجمن ہلال احمرکا چیئرمین تعینات کیا تھا۔

    ابرار الحق کی تعیناتی کو پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے سابق چیئرمین سعید الہٰی نے عدالت میں چیلنج کیا ہے۔

    یاد رہے کہ تین دن قبل 15 نومبر کو تحریک انصاف کے رہنما اور پاکستانی گلوکار ابرار الحق کو ہلال احمر کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی منظوری کے بعد ابرار الحق کی تقرری کا باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ابرار الحق ہلال احمر کے چیئرمین مقرر

    خیال رہے کہ محکمہ ہلال احمر کی صدارت ڈاکٹر عارف علوی کے پاس ہے، انھوں نے حکومت کی جانب سے موصول ہونے والی سفارش پر اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اُسے منظور کیا تھا۔

    نمایندہ اے آر وائی نیوز عبدالقادر کے مطابق ایک سال سے زائد عرصے کے بعد ابرار الحق کو حکومتی عہدہ دیا گیا تھا، انھیں تین سال کے لیے ریڈ کریسنٹ کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا لیکن آج ان کی چیئرمین شپ کا نوٹی فکیشن معطل کر دیا گیا۔

    ابرار الحق گلوکاری اور سیاست کے ساتھ سماجی کام بھی کرتے ہیں، اُن کا فلاحی ادارہ غریب اور مستحق افراد کو علاج سمیت دیگر ضروریات زندگی کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔