Tag: ریڑھی بان

  • اسلام آباد میں ریڑھی بانوں کے خلاف اقدامات پر ہائیکورٹ نے اہم حکم جاری کر دیا

    اسلام آباد میں ریڑھی بانوں کے خلاف اقدامات پر ہائیکورٹ نے اہم حکم جاری کر دیا

    اسلام آباد: ہائیکورٹ نے ایم سی آئی کو ریڑھی بانوں کے خلاف سخت اقدامات سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کو ریڑھی بانوں کے خلاف سخت اقدامات سے روکنے کے لیے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام فریقین کی جانب سے آئندہ سماعت پر معاملے سے متعلق معلومات رکھنے والے افسران عدالت پیش ہوں، اور اس دوران ریڑھی بانوں کے خلاف کسی قسم کے بھی سخت اقدامات سے اجتناب کیا جائے۔

    حکم نامے میں کہا گیا کہ درخواست گزار وکیل کے مطابق ریڑھی بانوں کے لائسنسز کی تجدید نہیں کی جا رہی، کئی ریڑھی بانوں کو لائسنسز ہی جاری نہیں کیے جا رہے۔

    عدالت نے کہا کہ وکیل کے مطابق احساس ریڑھی بان پروگرام کے تحت ریڑھی بانوں کو بینکوں کی طرف سے قرضہ دیا گیا تھا، ریڑھی بانوں کے لائسنسز کی تجدید نہ ہونے کے باعث وہ قرضہ واپس لوٹانے سے قاصر ہیں، بادی النظر میں کیس بنتا ہے، اس لیے درخواست سماعت کے لیے منظور کی جاتی ہے۔

    عدالت نے کہا کہ کیس کو 8 جولائی کو آئندہ سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد کے ریڑھی بانوں نے لائسنسز کے اجرا، ایم سی آئی کی جانب سے ہراساں کرنے کے خلاف اسلام اباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، درخواست میں ایم سی آئی، سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ، حکومت اور آئی جی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا تھا۔

  • اسلام آباد ہائیکورٹ نے قلفی فروش فرمان اللہ کی رہائی کا حکم دے دیا

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے قلفی فروش فرمان اللہ کی رہائی کا حکم دے دیا

    اسلام آباد: فیصل مسجد پارکنگ میں قلفی بیچنے والے ریڑھی بان فرمان اللہ کی ضمانت منظور ہو گئی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے فرمان اللہ کی رہائی کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے قلفی فروش فرمان اللہ کی قید اور جرمانے کا مجسٹریٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے، اور مدعی کی فوری رہائی کا حکم جاری کر دیا۔

    فرمان اللہ گزشتہ کئی دہائیوں سے وفاقی دارالحکومت میں فیصل مسجد کی پارکنگ میں ریڑھی لگا کر قلفی بیچ رہے ہیں، سی ڈی اے کی جانب سے ان کے خلاف کارروائی کی گئی تھی، بی بی سی نے بھی اس پر رپورٹ شائع کی تھی، مجسٹریٹ نے فرمان اللہ کو پانچ لاکھ روپے جرمانہ کر کے جیل بھیج دیا تھا۔

    ریڑھی بان قلفی فروش فرمان اللہ

    فرمان اللہ کی جانب سے اس سلسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی، جس پر جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی عدالت پیش ہوئے۔

    وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ فرمان اللہ پر بنیادی الزام یہ لگایا گیا کہ انھوں نے بغیر لائسنس کے فیصل مسجد کی پارکنگ میں ریڑھی لگائی، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا چارج فریم ہوا ہے؟ وکیل نے بتایا کہ ابھی تک کوئی چارج فریم نہیں ہوا، چالان جمع ہوا ہے، اور میرے مؤکل کو مجرم قرار دیا گیا، حالاں کہ انھوں نے مانا ہے کہ وہ اپنا گھر چلانے کے لیے فیصل مسجد کی پارکنگ میں ریڑھی لگاتا ہے۔

    عدالت نے کیس کی سماعت کے بعد مجسٹریٹ کا فیصلہ معطل کر دیا اور فرمان اللہ کی فوری رہائی کا حکم دیتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔

  • جعلی بیوپاری : ریڑھی بان کے نام پر سوا کروڑ کی گندم فروخت کا انکشاف

    جعلی بیوپاری : ریڑھی بان کے نام پر سوا کروڑ کی گندم فروخت کا انکشاف

    فیصل آباد : ریڑھی بان کے نام پر ایک کروڑ اکیس لاکھ روپے کی گندم فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے، ایف بی آر کا نوٹس ملنے پر غریب شہری چکرا کر رہ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی بینک اکاؤنٹس کے بعد جعلی بیوپاری بھی سامنے آگیا، فیصل آباد کے علاقے چوک اعظم کے ریڑھی بان محمد یاسین کے نام پر ایک کروڑ اکیس لاکھ روپے کی گندم فروخت کا انکشاف ہوا ہے۔

    ایف بی آر نے محمد یاسین کو ٹیکس کی ادائیگی کا نوٹس بھیجا توغریب شہری چکرا کر رہ گیا۔ فیصل آباد سے چھ کروڑ سینتالیس لاکھ کی بےنامی ٹرانزیکشنز کا انکشاف ہوا ہے، محمد یاسین نے ٹرانزیکشنز سے لاعلمی کا حلف نامہ داخل کرا دیا ہے۔

    یاد رہے کہ منی لانڈرنگ سے متعلق تحقیقات میں ‌روز بروز نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں. گزشتہ چند ماہ میں فالودے والے، رکشے والے، سرکاری ملازمین کے ایسے اکاؤئنٹس سامنے آچکے ہیں، جن سے غیر قانونی طور پر اربوں روپے کی منتقلی ہوئی۔

    سیالکوٹ کے رہائشی نوجوان مذاکر حسین شاہ کے جعلی اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن سامنے آئی تھی، اس کا انکشاف اس وقت ہوا جب وہ اکاؤنٹ کھلوانے بینک گیا، شہری کے اکاؤنٹ سے مجموعی طور پر 7 کروڑ 44 لاکھ 76 ہزار 322 روپے کی ٹرانزیکشن کی گئی تھی۔

    یاد رہے چند روز قبل کراچی کے علاقے کورنگی ڈھائی نمبر کی رہائشی ایک خاتون ثروت زہرا کے جعلی بینک اکاؤنٹ کا انکشاف ہوا تھا، جس میں کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن کی گئی تھی۔

    مزید پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس، مردہ شخص کے بینک سے اربوں روپے کی منتقلی کا انکشاف

    اس سے قبل حیدرآباد کے رہائشی پردیپ کمار کے اکاؤنٹ میں چار کروڑ 99 لاکھ 54 ہزار 432 روپے جبکہ شہر قائد کے رہائشی فالودہ فروش عبدالقادر کے اکاؤنٹ میں 2 ارب روپے کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا۔