Tag: ریکارڈ توڑ دیا

  • محمد وسیم نے روہت شرما کا ٹی ٹوئنٹی کا ریکارڈ چکنا چور کردیا

    محمد وسیم نے روہت شرما کا ٹی ٹوئنٹی کا ریکارڈ چکنا چور کردیا

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے کپتان محمد وسیم نے بھارتی بلے باز روہت شرما کا بطور کپتان ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے کپتان محمد وسیم نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف سہ ملکی سیریز کے میچ کے دوران روہت شرما کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بطور کپتان سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

    یو اے ای کے کپتان نے 54 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں 110 چھکے لگاکر روہت شرما کا ریکارڈ توڑا، روہت نے بحیثیت کپتان 62 اننگز میں 105 چھکے مارے تھے۔

    واضح رہے کہ بطور بلے باز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ اب بھی روہت کے پاس ہے جنہوں نے 159 میچز میں 205 چھکے لگائے ہیں۔

    یو اے ای کے کپتان محمد وسیم اس فہرست میں دوسرے نمبر پر براجمان ہیں، انہوں نے 80 میچز میں 176 چھکے لگائے ہیں۔

    مچل اسٹارک کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

    گزشتہ روز شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں محمد وسیم نے افغانستان کے 189 رنز کے ہدف کے جواب میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 37 گیندوں پر 67 رنز بنائے تھے، جس میں 6 بلند و بالا چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

    یو اے ای کی ٹیم محمد وسیم کی شاندار بیٹنگ کے باوجود 189 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 150 رنز اسکور کرسکی۔

  • فاف ڈوپلیسی نے بابراعظم کا اہم ریکارڈ توڑ دیا

    فاف ڈوپلیسی نے بابراعظم کا اہم ریکارڈ توڑ دیا

    جنوبی افریقا کے جارح مزاج بلے باز فاف ڈوپلیسی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کا اہم ریکارڈ توڑ دیا۔

    ایم آئی نیو یارک اور ٹیکساس سپر کنگز کے درمیان سنسنی خیز میچ ہوا، جنوبی افریقا کے بلے باز فاف ڈو پلیسی نے ٹیکساس سپر کنگز کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں کئی ریکارڈز بنا دیے۔

    جنوبی افریقی بلے باز نے میچ میں صرف 53 گیندوں پر 103 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے۔

    انہوں نے میجر لیگ کرکٹ (MLC) کے رواں سیزن میں دوسری سنچری جڑ دی، اس سے قبل وہ سان فرانسسکو یونی کارنز کے خلاف بھی سنچری بنا چکے ہیں۔

    اس اننگز کے ساتھ ڈوپلیسی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کپتان بھی بن گئے، اس کے علاوہ 40 برس کی عمر کے بعد ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں 2 سنچریاں بنانے والے پہلے بلے باز بن بھی بن گئے۔ جنہوں نے اب تک مجموعی طور پر 8 سنچریاں اسکور کیں۔

    پاکستان کے بابراعظم اس فہرست میں دوسرے نمبر ہیں جنہوں نے کپتان کی حیثیت سے 7 سنچریاں بنائی ہیں، بابر اعظم قومی کرکٹ ٹیم، کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی کپتانی کرچکے ہیں، اب تک 144 میچز میں بطور کپتان 5200 سے زائد رنز بنا چکے ہیں۔

    اس فہرست میں تیسرا نام سابق آسٹریلوی بیٹر مائیکل کلنگر کا بھی ہے جو بطور کپتان 7 سنچریاں بنا چکے ہیں جبکہ ویرات کوہلی5 سنچریوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

    ایشیا کپ2025 بھارت میں ہوگا یا کہیں اور؟ وینیو کا فیصلہ ہوگیا

    دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے معروف آل راؤنڈر شاداب خان کندھے کی تکلیف کا شکار ہوگئے، امکان ہے کہ آل راؤنڈر 3 ماہ تک کرکٹ سے باہر ہوسکتے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شاداب خان کی کندھے کی تکلیف سے نجات کیلیے سرجری کا امکان ہے، جس کے لیے وہ لندن روانہ ہوسکتے ہیں۔

    پاکستانی آل راؤنڈر دائیں کندھے کی تکلیف کا شکار ہیں، ڈاکٹروں نے انہیں سرجری تجویز کی ہے۔

  • آسٹریلین فاسٹ باؤلراسٹارک نے ثقلین مشتاق کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

    آسٹریلین فاسٹ باؤلراسٹارک نے ثقلین مشتاق کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

    کولمبو: آسٹریلین فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں وکٹوں کی تیز ترین سنچری مکمل کرنے والے کھلاڑی بن گئے.

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف کولمبو میں کھیلے جا رہے پہلے ایک روزہ میچ میں مچل اسٹارک نے دھننجیا ڈی سلوا کو آؤٹ کر کے 51ویں میچ میں وکٹوں کی سنچری مکمل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا.

    آسٹریلین فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک سے قبل یہ ریکارڈ پاکستان کے آف سپنر ثقلین مشتاق کے پاس تھا۔ ثقلین نے بھی اپنی 100 ویں وکٹ 1997 میں سری لنکا کے خلاف حاصل کی.

    ثقلین مشتاق نے 100 وکٹیں 53 ایک روزہ میچوں میں حاصل کی تھیں.تاہم سٹارک نے 19 سال بعد یہ ریکارڈ ان سے لے لیا ہے.

    اگرچہ سٹارک نے 100 وکٹیں 51 ویں میچ میں حاصل کی ہیں لیکن ان کو ایسا کرنے میں پانچ سال لگے.اس کی بڑی وجہ ہے کہ سٹارک اکثر انجریز کا شکار رہے.

    واضح رہے کہ پاکستان کے آف اسپنر ثقلین مشتاق نے 100 وکٹیں صرف ڈیڑھ سال میں حاصل کی تھیں.