Tag: ری میک

  • بھارتی فلم ساز کا ’پسوڑی‘ کا ری میک بنانے کا اعلان، شوٹنگ شروع

    بھارتی فلم ساز کا ’پسوڑی‘ کا ری میک بنانے کا اعلان، شوٹنگ شروع

    ممبئی: بالی وڈ فلم’ستیہ پریم کی کتھا‘ کے پروڈیوسر ساجد ندیاد والا نے پاکستانی سُپر ہٹ نمبر ‘پسوڑی‘ کا ری میک بنانے کا اعلان کردیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کارتک آریان اور پروڈیوسر ساجد ندیاد والا نے 29 جون کو ریلیز ہونے والی فلم ’ستیہ پریم کی کتھا‘ کے لئے عالمی ریکارڈ یافتہ کوک اسٹوڈیو پاکستان کے گانے ’پسوڑی‘ کا ری میک بنانے کا اعلان کر دیا ہے،

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فلم کا ٹریلر پہلے ہی جاری کردیا گیا ہے تاہم اب اس فلم میں پسوڑی کا مزید اضافہ کیا جارہا ہے جس کی شوٹنگ آج سے شروع ہوگی۔

    29 جون کو ریلیز ہونے والی اس فلم کے لئے اس نئے گانے کی شوٹنگ آج سے ممبئی میں شروع ہو رہی ہے جو کہ کم و بیش 2 دن تک جاری رہے گی۔

    خیال رہے کہ سمیر ودھوانس کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں اداکار کارتک آریان کے ساتھ اس فلم کی اداکارہ کیارا ایڈوانی مرکزی کردار نبھارہی ہیں جبکہ دیگر کاسٹ میں گجراج راؤ، راج پال یادیو و دیگر شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ ’پسوڑی‘ کو علی سیٹھی اور شائے گِل نے روایتی پاپ انداز میں گایا ہے، گانے کی شاعری بھی علی سیٹھی نے فضل عباس کے ہمراہ لکھی ہے جب کہ اسے انہوں نے موسیقار ذوالفقار جبار خان المعروف زلفی کے ہمراہ کمپوز کیا ہے۔

  • الفریڈ ہچکاک کے شاہکار کا ری میک، رابرٹ ڈاؤنی جونیئر مرکزی کردار ادا کریں گے

    الفریڈ ہچکاک کے شاہکار کا ری میک، رابرٹ ڈاؤنی جونیئر مرکزی کردار ادا کریں گے

    شہرہ آفاق ہدایت کار اور سسپنس فلموں کی تخلیق میں انسٹی ٹیوٹ کا درجہ رکھنے والے الفریڈ ہچکاک کی ایک شاہکار فلم ورٹیگو کا ری میک بننے جارہا ہے۔

    الفریڈ ہچکاک کو امریکی سینما کی بااثر ترین شخصیات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے جو سائیکو تھرلر اور جاسوسی فلموں کی تخلیق کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔

    6 دہائیوں پر مشتمل اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے 50 سے زائد فلموں کی ہدایت کاری کی جن میں سے اکثر ماسٹر پیش قرار دی جاتی ہیں۔

    ان میں سے ایک سائیکو اور دوسری ورٹیگو ہے جو ہالی ووڈ کی تاریخ میں مشہور اور بہترین فلموں کی حیثیت رکھتی ہیں، سنہ 1958 میں ریلیز کی گئی فلم ورٹیگو کا اب ری میک بننے جارہا ہے۔

    امریکی فلم پروڈکشن کمپنی پیرا ماؤنٹ پکچرز نے ورٹیگو کے ری میک کے حقوق حاصل کرلیے ہیں اور جلد ہی اس پر کام شروع کردیا جائے گا، فلم میں مرکزی کردار ہالی ووڈ اداکار رابرٹ ڈاؤنی جونیئر ادا کریں گے جو فلم کے معاون پروڈیوسر بھی ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق فلم کو نیٹ فلکس کی مشہور سیریز پیکی بلائنڈرز کے مصنف اسٹیون نائٹ تحریر کریں گے۔

    فلم کی کہانی

    فلم ایک پولیس افسر جون فرگوسن کو پیش آنے والے ایک حادثے سے شروع ہوتی ہے جس میں اس کا ساتھی اہلکار بلندی سے گر کر مر جاتا ہے جس کے بعد جون ایکرو فوبیا یعنی بلندی کے خوف کا شکار ہوجاتا ہے۔

    اس کی منگیتر اس خوف کو دور کرنے کی کوشش کرتی ہے لیکن ناکام رہتی ہے۔

    بیماری کے بعد جون ملازمت سے ریٹائرمنٹ لے لیتا ہے اور تبھی اس کا ایک دولت مند دوست اسے اپنی بیوی میڈیلین کی نگرانی کرنے کا کہتا ہے جو مختلف نفسیاتی مسائل کا شکار ہوتی ہے۔

    دونوں کے درمیان محبت کا تعلق پنپنے لگتا ہے پھر ایک روز میڈیلین بھی اونچائی سے گر کر خودکشی کرلیتی ہے جس کے بعد جون کی بیماری بدترین صورت اختیار کرلیتی ہے۔

    کہانی اس وقت نیا موڑ لیتی ہے جب جون کو ایک روز میڈیلین کی ہم شکل عورت دکھائی دیتی ہے۔

    مختلف نفسیاتی گتھیوں میں الجھتے ہوئے بالآخر فلم کے اختتام پر جب تمام گتھیاں سلجھتی ہیں تو دیکھنے والے چونک جاتے ہیں۔

    فلم اپنی ریلیز کے فوراً بعد کامیاب نہ ہوسکی لیکن وقت کے ساتھ ساتھ یہ سینما کی تاریخ کی شاہکار فلم قرار پائی۔

  • دی وزرڈ آف اوز کا ری میک بنانے کا اعلان

    دی وزرڈ آف اوز کا ری میک بنانے کا اعلان

    ہالی ووڈ کی کلاسک فلم دی وزرڈ آف اوز کا ری میک بنانے کی تیاری کی جارہی ہے، سیریز واچ مین کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور پروڈیوسر نیکول کاسیل اس نئی فلم کی ہدایات دیں گی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق اے ٹی اینڈ ٹی ان کارپوریشن وارنر برادرز اسٹوڈیو کے یونٹ نیو لائن سینما نے کہا کہ وہ ڈوروتھی کی کہانی اور اوز کی سرزمین پر اس کی سیر کو نئے سرے سے بنانا چاہ رہے ہیں۔

    یہ کہانی ایل فرنک باؤم کی تحریر کردہ بچوں کی کتاب دی ونڈرفل وزرڈ آف اوز میں تھی، جو 1900 میں شائع ہوئی تھی۔

    اسٹوڈیو کے مطابق ایچ بی او کی ایمی ایوارڈ یافتہ سیریز واچ مین کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور پروڈیوسر نیکول کاسیل اس نئی فلم کی ہدایات دیں گی۔

    نیکول کاسیل کا کہنا ہے کہ یہ بڑے پیمانے پر ایک مشکل کام ہے اور ایک نئی پیلی اینٹوں کی سڑک کے راستے پر میں اپنے بچپن کے ان ہیروز کے ساتھ رقص کے لیے بے چین ہوں۔

    نئی فلم کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں دی گئیں لیکن یہ فلم میوزیکل نہیں ہوگی۔

    دی وزرڈ آف اوز کی اوریجنل فلم 1939 میں ریلیز ہوئی جس میں اداکارہ جوڈی گارلینڈ موجود تھیں، اس وقت سے لے کر اب تک اس کہانی کے کئی ری میکس اور اسپن آفس بن چکے ہیں جن میں 2013 میں ریلیز ہونے والی ڈزنی فلم اوز دی گریٹ اینڈ پاورفل بھی شامل ہے۔