لندن / کراچی : ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے کارکنان کو بلا جواز گرفتار کیا جارہا ہے ۔ صدر ممنون حسین کارکنوں کی گرفتاریاں رکوانے کے لئے اپنا کردارادا کریں ۔
ایک بیان میں الطاف حسین نےکہا ہےکہ کراچی میں ایم کیوایم کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں ، گرفتاریوں ا ور کارکنوں کےاہل خانہ کوزدوکوب کرنا،حراست کے دوران ماورائے عدالت قتل یامعذورکردینا ر ینجرز کا معمول بن چکاہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکنوں کے ساتھ سفاکانہ سلوک نہ صرف غیرانسانی ہے بلکہ اقوام متحدہ کے چارٹر اورپاکستان کے قوانین کے خلاف ہے اور جب منتخب ارکان اسمبلی ان گرفتاریوں پر رینجرز افسران سے رابطہ کرتے ہیں تووہ اطمینان بخش جواب تک نہیں دیتے ۔
الطاف حسین نے صدرمملکت ممنون حسین کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ان کو جوتھوڑے بہت اختیارات حاصل ہیں،ان کا استعمال کرکے سندھ کے عوام کو رینجرزکے ظلم وستم اورناجائزگرفتاریوں کے عمل سے باز رکھیں۔