Tag: زائد

  • ’اسٹیٹ بینک کے ذخائر آئی ایم ایف ہدف سے زائد ہو گئے‘

    ’اسٹیٹ بینک کے ذخائر آئی ایم ایف ہدف سے زائد ہو گئے‘

    مشیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور اسٹیٹ بینک کے ذخائر آئی ایف ایم ہدف سے زیادہ ہوگئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مالی سال 25-2024 کے اختتام پر مشیر خزانہ خرم شہزاد نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کے حوالے سے اعداد وشمار پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 30 جون تک پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب 50 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں اور اسٹیٹ بینک کے ذخائر آئی ایم ایف کے ہدف سے بھی زائد ہو گئے ہیں۔

    مشیر خزانہ نے بتایا کہ گزرے مالی سال 25-2024 میں زرمبادلہ کے ذخائر میں 5.12 ارب ڈالر ہوا، جس کے بعد مجموعی ذخائر 14.51 ارب ڈالر ہو گئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل مالی سال 24-2023 کے اختتام پر اسٹیٹ بینک کے ذخائر 9 ارب 39 کروڑ ڈالر تھے۔ اس سال پاکستان کے پاس 1.7 ماہ کے درآمدی بل سے کم ذخائر تھے۔ جب کہ اب ڈھائی ماہ کے درآمدی بل کے زرمبادلہ کے ذخائر موجود ہیں۔

    خرم شہزاد نے اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں اضافے کی وجہ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے کو قرار دیا اور کہا کہ ایکسپورٹ میں اضافے کے ساتھ آئی ٹی سروسز کی سرمایہ کاری نے بھی اس میں اہم کردار ادا کیا۔

    مشیر خزانہ نے کہا کہ ذخائر میں اضافہ قرض نہیں بلکہ ملکی معیشت کی بہتری کا نتیجہ ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور قرض کم ہو رہا ہے۔ قرض جی ڈی پی تناسب 75 فیصد سے کم ہو کر 69 فیصد تک آ گیا ہے۔

  • واپڈا نے پھل فروش کو ایک لاکھ 40 ہزار روپے سے زائد کا بل بھیج دیا

    واپڈا نے پھل فروش کو ایک لاکھ 40 ہزار روپے سے زائد کا بل بھیج دیا

    چھانگا مانگا میں واپڈا نے پھل فروش کو ایک لاکھ چار ہزار چھ سو اٹھاسی روپے کا بل بھیج دیا۔

    مہنگی بجلی کے خلاف ملک بھر میں عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے جس کے بعد سے ملک بھر سے ایسے لوگوں سامنے آرہے ہیں جو کہ پہلے سے ہی مہنگائی سے مارے ہیں۔

    تاہم چھانگا مانگا سے ایک رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں واپڈا نے پھل فروش کو ایک لاکھ چار ہزار 6 سو 88 روپے کا بل بھیج دیا جسے دیکھ کر  پھل فروش ہوش کھو بیٹھا۔

    پھل فروش کا کہنا ہے کہ پانچ مرلہ گھرکا اتنا بل سمجھ سے باہر ہے، بل ادا کروں یا بچوں کیلیے روزی کماؤں؟۔

    حکمرانو ! بجلی سستی کرو،اپنی عیاشی ختم کرو، عوام کا مطالبہ

    پھل فروش نے کہا کہ 218 یونٹ کا اتنا بل ہے، میں روز کا 600 سے 700 کمانے والا مزدور ہوں،  میری وزیر اعظم سے درخواست ہے وہ اس پر نوٹس لیں اور درست بل بھیجا جائے۔

    واضح رہے کہ بجلی کے بھاری بھرکم بلوں پر پاکستان بھر میں عوام مسلسل سراپا احتجاج ہیں، عوام کی جانب سے ناصرف بجلی کے بلوں کو نذر آتش کیا گیا بلکہ حکومت سے ٹیکسز واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔

    بھاری بھرکم بجلی بلوں کے خلاف کراچی، لاہور، ملتان، سرگودھا، بہاولنگر، حافظ آباد، کمالیہ، رحیم یار خان سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے اور احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔

    اس کے علاوہ عوامی اشتعال کے پیش نظر میٹر ریڈرز رہائشی علاقوں میں جانے سے گریز کر رہے ہیں۔

  • وسطی افریقہ میں 19 لاکھ سے زائد بچے تشدد سے متاثر ہوئے، یونیسیف

    وسطی افریقہ میں 19 لاکھ سے زائد بچے تشدد سے متاثر ہوئے، یونیسیف

    نیویارک : یونیسیف نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ مالی سے لے کر جمہوریہ کانگو تک صرف آٹھ ممالک میں نو ہزار سے زائد اسکول بند ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بچوں کی بہبود کے لیے کام کرنے والے بین الاقوامی ادارے یونیسیف نے کہا ہے کہ مغربی اور وسطی افریقہ میں بڑھتے ہوئے تشدد اور حملوں کی وجہ سے تقریبا بیس لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم ہیں۔

    یونیسف نے حکومتوں، مسلح گروپوں، تنازعات کے فریقین اور بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اساتذہ، اسکولوں اور طالب علموں پر حملے روکنے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات بچوں کی بہبود کے لیے کام کرنے والے بین الاقوامی ادارے یونیسیف کے ایک مطالعے میں سامنے آئی ، مالی سے لے کر جمہوریہ کانگو تک صرف آٹھ ممالک میں نو ہزار سے زائد اسکول بند ہو چکے ہیں،2017کے مقابلے میں یہ تعداد تین گنا زیادہ ہے۔

    یونیسف نے حکومتوں، مسلح گروپوں، تنازعات کے فریقین اور بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ اساتذہ، اسکولوں اور طالب علموں پر حملے روکنے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔

  • میئر کراچی نے 26 ارب 44 کروڑ سے زائد کا بجٹ پیش کردیا

    میئر کراچی نے 26 ارب 44 کروڑ سے زائد کا بجٹ پیش کردیا

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے 26 ارب 44 کروڑ سے زائد کا بلدیہ عظمیٰ کا بجٹ منظوری کےلیے پیش کردیا،جس میں بچت کا میزانیہ 10 کروڑ 9 لاکھ 37 ہزار روپے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آیندہ مالی سال کے لیےمیئر کراچی نےبلدیہ عظمیٰ کا بجٹ منظوری کےلیے پیش کیا ہے، جس کا حجم 26 ارب 44 کروڑ 98 لاکھ 25 ہزار روپے ہے۔واضح رہے کہ 19-2018 میں کے ایم سی کا بجٹ 27 ارب روپے رکھا گیا تھا۔

    بلدیہ عظمیٰ کے نئے مالی سال کے بجٹ میں بچت  10 کروڑروپے سے زائد کی بچت ظاہر کی گئی ہے، بجٹ کے اعداد و شمار کے مطابق نئے بجٹ میں 26 ارب 43 کروڑ 88 لاکھ 88ہزار روپے اخراجا ت کا تخمینہ ہے۔

    2019 اور 20 میں ترقیاتی کاموں کےلیے 9 ارب 47 کروڑ 36 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ ترقیاتی منصوبوں کےلیے 5 ارب 13 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ڈسٹرکٹ اور ضلعی ای ڈی پی کے لیے4 ارب 34 کروڑمختص کیے گئے ہیں۔

    میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کےدوران700 ترقیاتی منصوبوں کیلئے رقم مختص کی ، سڑکوں اور انفراسٹرکچر کے سب سے زیادہ 494 منصوبوں کو شامل کیاہے جبکہ منصوبوں کےلیے1697.7 ملین روپے رکھےہیں۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ میونسپل سروسز کے10 منصوبوں کے لیے42.650 ملین روپے، ٹرانسپورٹ اینڈکمیونیکیشن کے 7 منصوبوں کے لئے 35 ملین مختص کیے گئے ہیں۔

    میئرکراچی وسیم اختر نے کہا کہ اے ڈی پی میں ایک ارب 67 کروڑ کم کرنے سے میزانیہ کم ہوگیا۔

  • دنیا کے 11 کروڑ سے زائد مرد کم عمری میں‌ رشتہ ازدواج میں‌ منسلک ہوئے، یونیسف

    دنیا کے 11 کروڑ سے زائد مرد کم عمری میں‌ رشتہ ازدواج میں‌ منسلک ہوئے، یونیسف

    نیویارک : یونیسف نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ دہائی کے دوران اٹھارہ سال سے کم عمر لڑکیوں کی شادیاں 25 فیصد سے کم ہو کر 21 فیصد ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے بہبود اطفال یونیسف نے کہاہے کہ دنیا بھر میں بچیوں کی کم عمری میں شادی کے واقعات میں معمولی سی کمی واقع ہوئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے بہبود اطفال یونیسف نے کہاکہ گزشتہ دہائی کے دوران اٹھارہ سال سے کم عمر لڑکیوں کی شادییاں پچیس فیصد سے کم ہو کر اکیس فیصد ہو گئی ہیں۔

    رپورٹ میں یونیسف نے انکشاف کیا ہے کہ اس طرح دنیا بھر میں مجموعی طور پر 765 ملین کم عمر شادی شدہ لوگ ہیں جن میں سے لڑکیوں کی تعداد 85 فیصد ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق لڑکوں کی کم عمری میں شادی کم ہی کی جاتی ہے، نیوسیف نے دعویٰ کیا کہ بیس اور چوبیس سال کی درمیانی عمر کے تقریباً 115 ملین مرد اپنی شادی کے وقت نابالغ تھے۔

    خیال رہے کہ رواں برس کے آغاز میں بچوں کے لیے کام کرنے والی اقوام متحدہ کی ذیلی شاخ یونیسف نے انکشاف کیا تھا کہ ہر سال دنیا بھر میں 1 کروڑ 50 لاکھ شادیاں ایسی ہوتی ہیں جن میں دلہن کی عمر 18 سال سے کم ہوتی ہے۔ ترقی پذیر ممالک میں ہر 3 میں سے 1 لڑکی کی جبراً کم عمری میں شادی کر جاتی ہے۔

    کم عمری کی شادی کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ لڑکیاں چاہے جسمانی اور ذہنی طور پر تیار نہ ہوں تب بھی وہ حاملہ ہوجاتی ہیں۔ کم عمری کے باعث بعض اوقات طبی پیچیدگیاں بھی پیش آتی ہیں جن سے ان لڑکیوں اور نوزائیدہ بچوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہوجاتے ہیں۔

    چونکہ کم عمری کی شادی زیادہ تر ترقی پذیر، جنگ زدہ علاقوں اور ممالک، اور گاؤں دیہاتوں میں انجام پاتی ہیں اور یہاں طبی سہولیات کا ویسے ہی فقدان ہوتا ہے لہٰذا ماں اور بچے دونوں کو طبی مسائل کا سامنا ہوتا جو آگے چل کر کئی پیچیدگیوں کا سبب بنتا ہے۔

  • بھارتی الیکشن، ووٹ خریدنے کیلئے رکھی گئی 1 کروڑ روپے سے زائد کی رقم برآمد

    بھارتی الیکشن، ووٹ خریدنے کیلئے رکھی گئی 1 کروڑ روپے سے زائد کی رقم برآمد

    نئی دہلی : بھارت کے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کی نگرانی ٹیم اور محکمہ انکم ٹیکس کے تامل ناڈو کے ایک حلقے میں مشترکہ چھاپے میں ایک دکان سے ووٹرز میں تقسیم کےلئے رکھے گئے ایک کروڑ 48 لاکھ بھارتی روپے برآمد کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق ان دنوں بھارت میں لوک سبھا کے الیکشن جاری ہیں جس میں کامیابی کےلیے انتخابات میں حصّہ لینے والی سیاسی جماعتیں مختلف ہتھکنڈے اپنا رہی ہیں، بھارتی ریاست تامل ناڈو میں لوک سبھا کے حلقے تھینی میں واقع ایک دکان سے تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے برآمد کیے ہیں جو ووٹرز میں تقسیم کرنے تھے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ دکان کو مبینہ طور پر تامل ناڈو کی ایک سیاسی جماعت (اے ایم ایم کے) کا ہمدرد چلاتا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق چھاپے کے دوران اس کارروائی پر اعتراض کرنے والے سیاسی جماعت کے ہمدردوں کو منتشر کرنے کےلئے اہلکاروں کو ہوائی فائر بھی کرنے پڑی۔

    سینئر عہدیدار نے بتایا کہ فائرنگ سے کوئی زخمی نہیں ہوا اور سیاسی جماعت کے 4 کارکنان کو اس سے تعلق کے شبے میں گرفتار بھی کیا گیا، ٹیم نے عمارت میں نقد رقم چھپائے جانے کی اطلاع پر چھاپہ مارا تاہم دکان کا مالک موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    حکام کے مطابق قبضے میں لی گئی نقد رقوم کے پیکٹس پر ووٹرز کے نام، وارڈ نمبر درج تھے اور ہر پیکٹ پر 3 سو بھارتی روپے لکھا گیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے غیر قانونی رقم کے ذریعے ووٹرز کو لالچ دینے کے الزام پر ویلور کے پارلیمانی حلقے میں بھی انتخابات ملتوی کردیے تھے۔

    مزید پڑھیں : بھارت میں انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹنگ جاری

    یاد رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کے لیے پولنگ کے دوسرے مرحلے میں (آج) ووٹنگ کا عمل جاری ہے، ملک کی 13 ریاستوں کی 97 نشستوں پر عوام اپنے ووٹ کا حق استعمال کررہے ہیں۔ انتخابات میں 90 کروڑ ووٹر حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں، یہ تعداد امریکا اور یورپی یونین کی مجموعی آبادی سے بھی زیادہ ہے۔

    خیال رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کی 543 نشستوں کے لیے مرحلہ وار انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے، اب تک ایک مرحلہ ہوا جس میں دورانِ ووٹنگ پرتشدد واقعات میں 4 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

  • لندن : تین لاکھ سے زائد بچے جرائم پیشہ گروہوں سے منسلک ہیں، چلڈرن کمشنر

    لندن : تین لاکھ سے زائد بچے جرائم پیشہ گروہوں سے منسلک ہیں، چلڈرن کمشنر

    لندن : بچوں کے حقوق کیلئے کرنے والے کمشنر کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں تین لاکھ تیرہ ہزار بچے جرائم پیشہ گروہوں میں شامل میں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں بچوں کے حقوق کے کام کرنے والے کمشنر کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 10 برس سے 17 برس کی عمر کے ایسے 27ہزار بچوں کی شناخت ہوئی جو صرف انگلینڈ میں جرائم پیشہ گروہوں سے وابستہ ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں 3 لاکھ 13 ہزار کم عمر بچے گینگ ممبر ہیں اور 34 ہزار بچے ایسے ہیں جو پُرتشدد جرائم کا تجربہ کرچکے ہیں۔

    کمشنر اینی لانگ فیلڈ کا کہنا تھا کہ گینگ ممبران جرائم کی سطح میں اضافے اور بچوں کی ذہن سازی کے لیے مخصوص طریقوں کا استعمال کرتے ہیں۔

    برطانوی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ’ہم حساس بچوں (جن کا ذہن جلد جرائم کی طرف مائل ہوجائے) کی حفاظت کو کسی بھی صورت میں یقینی بنانا ہے‘۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق 14 سالہ روس (فرضی نام) کا کہنا ہے کہ جب وہ 12 برس کی تھی تو گھر کے ہی ایک فرد کی جانب سے جسمانی اور جنسی طور پر ہراسگی کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد وہ جرائم پیشہ گروہوں سے جڑ گئی تھی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ روس اب قاعدگی سے ہیروئن و کا استعمال اور فروخت کرتی ہے اور روس کا بڑا بھائی بھی جرائم پیشہ گروہوں کا حصّہ ہے۔

    مزید پڑھیں : برطانوی والدین بچوں پر ایک گھنٹہ بھی صرف نہیں کرتے:سروےرپورٹ

    رپورٹ کے مطابق روس روزانہ شراب نوشی کرتی ہے اور پیسوں کی خاطر ڈرگز کی فروخت کے لیے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر قبیح فعل بھی انجام دیتی ہے۔

    چلڈرن کمشنر نے برطانوی حکومت نے مطالبہ کیا ہے کہ بچوں کے مجرمانہ استحصال کا معاملہ قومی ترجیحات میں شامل کیا جائے۔