Tag: زائرین

  • کروناوائرس: تفتان سرحد سے مزید زائرین سکھر پہنچ گئے

    کروناوائرس: تفتان سرحد سے مزید زائرین سکھر پہنچ گئے

    سکھر: کروناوائرس کے پیش نظر بلوچستان کے سرحدی علاقے تفتان سے مزید 29 زائرین کو سکھر قرنطینہ سینٹر منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کے کرونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر اور ڈیرہ غازی خان قرنطینہ سینٹرز میں سیکڑوں زائرین موجود ہیں جبکہ وہ افراد جو صحت یاب ہوچکے اور جن کے کرونا ٹیسٹ منفی آئے انہیں گھر بھیجنے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔

    انچارج قرنطینہ سینٹر سکھر کا کہنا ہے کہ تفتان بارڈر سے سکھر قرنطینہ سینٹر میں مزید 29زائرین کو منتقل کیا گیا ہے، سینٹر منتقل کیے گئے 29افراد میں بس ڈرائیور بھی شامل ہے۔

    ڈیرہ غازی خان قرنطینہ سے 755 زائرین صحتیابی کے بعد گھر واپس لوٹ گئے

    انہوں نے بتایا کہ کروناوائرس کی تشخیص کے لیے زائرین کے نمونے لینے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ تمام نمونے کرونا تشخیص کے لیے کراچی بھجوائے جائیں گے، جبکہ زائرین ٹیسٹ نتائج کے اعلان تک قرنطینہ میں ہی رہیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ سے 175 کرونا وائرس کے مریضوں سمیت 755 زائرین صحت یابی کے بعد گھر واپس لوٹے، ڈی جی خان قرنطینہ میں اب صرف 74 زائرین رہ گئے ہیں۔

  • 18 سو سے زائد زائرین کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں: چیف سیکریٹری بلوچستان

    18 سو سے زائد زائرین کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں: چیف سیکریٹری بلوچستان

    کوئٹہ: چیف سیکریٹری بلوچستان کا کہنا ہے کہ 18 سو سے زائد زائرین کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں، صوبے میں کرونا وائرس کے 158 کیسز ہیں جبکہ 19 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کرونا وائرس کے 158 کیسز رپورٹ ہوئے، 18 سو سے زائد زائرین کے ٹیسٹ کیے گئے، 19 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

    چیف سیکریٹری کا کہنا ہے کہ دل کے عارضے میں مبتلا ایک خاتون کی حالت تشویش ناک ہے، 8 لوگ گھروں میں آئسولیشن میں ہیں۔ صوبے میں ریلیف پیکج پر تیزی سے کام جاری ہے۔ بی آئی ایس پی میں بھی صوبے حصہ ڈالیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کے لیے 60 ہزار حفاظتی لباس آئندہ ہفتے مل جائیں گے، ضروری جگہوں پر این 95 ماسک پہنچائیں گے۔ این ڈی ایم اے سے کافی حد تک سامان مل چکا ہے۔

    چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ امید ہے شہری ہدایات پر عمل کر کے وائرس کو پھیلنے نہیں دیں گے، کچھ لوگ پکنک اور محفلیں لگانے سے باز نہیں آرہے، امید ہے اگلے ہفتے مزید مریض صحت یاب ہوں گے۔

  • سکھر اور ڈی جی خان کے قرنطینہ سے مزید سینکڑوں زائرین گھروں کو روانہ

    سکھر اور ڈی جی خان کے قرنطینہ سے مزید سینکڑوں زائرین گھروں کو روانہ

    سکھر: سکھر کے قرنطینہ سے مزید 11 زائرین کو واپس گھروں کو بھیج دیا گیا، ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ سے بھی 26 زائرین کو کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر گھروں کو روانہ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سکھر کے قرنطینہ سے مزید 11 زائرین اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے ہیں۔ روانہ کیے گئے 11 زائرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ زائرین کا تعلق کراچی اور ٹنڈو جام سے ہے، زائرین کی ٹیسٹ رپورٹ نارمل آنے پر انہیں گھر بھیجا جا رہا ہے۔

    سکھر کے قرنطینہ سے 626 زائرین کو پہلے ہی گھروں کو بھیجا جا چکا ہے جس کے بعد گھروں کو جانے والے زائرین کی تعداد 651 ہوگئی ہے۔

    دوسری جانب صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں قائم قرنطینہ سے بھی 26 زائرین کو گھر روانہ کردیا گیا ہے، مذکورہ زائرین کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور انہیں کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ نیگٹیو آنے پر گھر بھیجا گیا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنرز نے تمام زائرین کو عبد الحکیم انٹر چینج سے وصول کیا۔ واپس آنے والے تمام زائرین کو اپنے گھروں میں الگ تھلگ رہنے کی تلقین کردی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ ملک بھر میں اب تک کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1408 ہوچکی ہے جبکہ 11 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ سب سے زیادہ کیسز پنجاب میں رپورٹ ہوئے جہاں مریضوں کی تعداد 490 ہوگئی۔

    سندھ میں 457، پختونخواہ میں 180، بلوچستان میں 133، گلگت بلتستان میں 107، اسلام آباد میں 39 اور آزاد کشمیر میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ملک بھر میں 7 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 25 افراد صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج کیے جاچکے ہیں۔

  • سکھر: کروناٹیسٹ منفی آنے والے زائرین کو گھر بھیجنے کا فیصلہ

    سکھر: کروناٹیسٹ منفی آنے والے زائرین کو گھر بھیجنے کا فیصلہ

    سکھر: سندھ حکومت نے کروناوائرس ٹیسٹ منفی آنے والے زائرین کو گھر بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے سکھر سے 640 زائرین واپس گھروں کو روانہ ہورہے ہیں۔ زائرین آج کراچی، سکھر، مٹیاری، حیدرآباد ودیگر شہر جارہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ ڈسٹرکٹ کے ڈپٹی کمشنرز کو زائرین کو ریسکیو کرنے کی ہدایت کردی۔ ترجمان نے بتایا کہ گھر جانے والے مسافروں کو ایک ایس اوپی دی گئی ہے۔

    زائرین گھروں میں رہیں گے اور کچھ دن باہر نہیں نکلیں گے۔ ان زائرین کے 2،2بار ٹیسٹ کیے گئے جو منفی آئے۔

    ادھر کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ سندھ میں کرونا کے 394 کیسز ہیں، کراچی میں 134، سکھر فیز ون میں 151، فیز ٹو میں 109 ہیں۔

    لاک ڈاؤن میں باہر نکلنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے، وزیراعلیٰ سندھ کی پولیس کو ہدایت

    ناصر حسین شاہ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ کرونا کے 83 مقامی منتقلی کے کیسز شہر میں رپورٹ ہوئے، ملیر میں 98 زائرین رکھے گئے ہیں، لاک ڈاؤن کی رپورٹس مثبت آئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ سے کسی ریلوے اسٹیشن سے مسافر کو جانے نہ دیا جائے، سندھ میں بذریعہ ریل آنے والوں کا فیصلہ کچھ دیر میں کر لیں گے۔

  • کروناوائرس: تفتان سرحد سے کل سیکڑوں زائرین سکھر پہنچیں گے

    کروناوائرس: تفتان سرحد سے کل سیکڑوں زائرین سکھر پہنچیں گے

    سکھر: حکومتِ سندھ کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے سرحدی علاقے تفتان سے کل مزید 696زائرین سکھر پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق تفتان سرحد سے زائرین کی سکھر آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ زائرین آج شام 6بجے تفتان سے روانہ ہورہے ہیں جو کل سکھر پہنچ جائیں گے۔ ممکنہ طور پر نئے آنے والے زائرین کی تعداد 696 ہوگی۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انتظامات سے متعلق کمشنر سکھر کو ہدایت جاری کردی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ایران سے واپس آنے والے 179زائرین گلگت بلتستان کے علاقے جگلوٹ پہنچے ہیں۔

    تین روز قبل ایران سے آنے والے زائرین کو بلوچستان کے سرحدی علاقے تفتان بارڈر سے لے کر مزید 4 بسیں سکھر کی لیبر کالونی پہنچیں جن میں درجنوں مسافر سوار تھے، زائرین میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں۔

    کروناوائرس: ایران سے مزید 619 زائرین کی آمد متوقع

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زائرین کو لیبر کالونی میں قائم آئسولیشن یونٹ میں 14 روز کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا اور اسکریننگ بھی کی جائے گی اس دوران انہیں کسی سے ملنے پر پابندی ہوگی۔

    واضح رہے کہ پاک ایران ‘‘تفتان سرحد‘‘ پر ابھی بھی درجنوں زائرین موجود ہیں۔ جبکہ متعدد زائرین کی ایران میں موجودگی کی بھی اطلاعات ہیں۔ بلوچستان حکومت تمام زائرین کو ان کے صوبوں تک پہنچانے کے لیے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔

  • وزیر صحت نے پنجاب میں کرونا وائرس کے 6 کیسز کی تصدیق کردی

    وزیر صحت نے پنجاب میں کرونا وائرس کے 6 کیسز کی تصدیق کردی

    لاہور: صوبہ پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان آنے والے 42 زائرین میں سے 5 مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان اور صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ 1 روپے کی چیز 100 روپے میں بیچنے والے سن لیں، اللہ پاک کی لاٹھی بے آواز ہے۔ منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف حکومت ایکشن لے گی۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کی جنگ کا مقابلہ کیا اور اسے جیتا، پاکستان کے عوام کرونا وائرس کی جنگ بھی جیتے گی۔ کوئی اس صورتحال میں غیر انسانی اور غیر اخلاقی رویہ اپنائے گا تو بے نقاب ہوگا۔

    صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان آنے والے زائرین میں 42 میں سے 5 مریضوں میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے۔ ڈی جی خان میں 736 مریض قرنطینہ میں ہیں۔ تمام افراد کو قرنطینہ میں رکھنے کا مقصد یہ نہیں کہ سب کرونا سے متاثر ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ڈی جی خان آنے والے دوسرے مرحلے میں 48 افراد کا ٹیسٹ چل رہا ہے، پہلے بیج کے 42 زائرین میں سے 5 کے ٹیسٹ مثبت آئے، میو اسپتال میں کرونا وائرس کا ایک مریض زیر علاج ہے، پنجاب بھر میں کرونا وائرس کے اب تک 6 کیسز ہیں۔

    یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پہلے دن سے ایک ہی بات کر رہے ہیں کہ احتیاط لازمی ہے، ہم نے 6 دن پہلے میڈیکل ایمرجنسی نافذ کی۔ لوگوں سے گزارش ہے کہ بلاوجہ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ لوگ صرف ضرورت کی بنیاد پر ہی گھروں سے باہر نکلیں۔ موجودہ صورتحال کو چھٹی نہ سمجھیں یہ مجبوری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس پھیلا تو تمام اسپتالوں کے تمام وارڈز بھر جائیں گے، وائرس کے حوالے سے ہر اسپتال کے اندر الگ وارڈز ہیں۔ سب سے بڑا بوجھ پنجاب پر پڑے گا۔ 12 سو کے قریب مزید زائرین پنجاب واپس آرہے ہیں۔

  • کروناوائرس: ایران سے مزید 179 زائرین گلگت بلتستان پہنچ گئے

    کروناوائرس: ایران سے مزید 179 زائرین گلگت بلتستان پہنچ گئے

    گلگت: ایران سے واپس آنے والے 179زائرین گلگت بلتستان کے علاقے جگلوٹ پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران سے گلگت پہنچنے والے زائرین کی جگلوٹ اسکریننگ سینٹر میں اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔ واپس آنے والے زائرین 6 بسوں کے ذریعے جگلوٹ پہنچے ہیں۔

    کرونا اسکریننگ کیمپ کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔ اسکریننگ کیمپ ایریا میں جراثیم سے بچاؤ کے لیے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔

    دو روز قبل ایران سے آنے والے زائرین کو بلوچستان کے سرحدی علاقے تفتان بارڈر سے لے کر مزید 4 بسیں سکھر کی لیبر کالونی پہنچیں جن میں درجنوں مسافر سوار تھے، زائرین میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں۔

    کرونا وائرس: تفتان سرحد سے مزید زائرین سکھر پہنچ گئے

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زائرین کو لیبر کالونی میں قائم آئسولیشن یونٹ میں 14 روز کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا اور اسکریننگ بھی کی جائے گی اس دوران انہیں کسی سے ملنے پر پابندی ہوگی۔

    واضح رہے کہ پاک ایران ‘‘تفتان سرحد‘‘ پر ابھی بھی درجنوں زائرین موجود ہیں۔ جبکہ متعدد زائرین کی ایران میں موجودگی کی بھی اطلاعات ہیں۔ بلوچستان حکومت تمام زائرین کو ان کے صوبوں تک پہنچانے کے لیے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔

  • کرونا وائرس: پاکستانی زائرین کے ایران جانے پر پابندی عائد

    کرونا وائرس: پاکستانی زائرین کے ایران جانے پر پابندی عائد

    کوئٹہ: کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشے کے تحت بلوچستان حکومت نے پاکستانی زائرین کے ایران جانے پر پابندی عائد کردی، تافتان میں موجود 100 کے قریب زائرین کو واپس کوئٹہ بلا لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت نے کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشے کے تحت پاکستانی زائرین کے ایران جانے پر پابندی عائد کردی۔ مذکورہ پابندی ایران میں کرونا وائرس سے 5 افراد کی ہلاکتوں کے بعد لگائی گئی ہے۔

    تافتان میں موجود 100 کے قریب زائرین کو واپس کوئٹہ بلا لیا گیا ہے اور محکمہ داخلہ بلوچستان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ زائرین کو تا حکم ثانی اجازت نامے جاری نہیں ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک ایران سرحد پر خصوصی چیک پوسٹیں بھی قائم کرنے کی ہدایت جاری کردی گی، زائرین کو نہ روکنے پر متعلقہ ڈی سی، اے سی اور ایس پی ذمے دار ہوں گے۔

    فی الوقت تافتان میں ایران سے آنے والوں کی اسکریننگ بھی کی جارہی ہے جس کے لیے ضروری طبی سامان پہنچا دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں محکمہ داخلہ بلوچستان نے سفارش کی ہے کہ پاک ایران سرحد پر آمد و رفت محدود کی جائے۔

    اجلاس میں پاک ایران زائرین آپریشن فوری طور پر روکنے کی سفارش کی گئی جبکہ کہا گیا کہ پاک ایران سرحد پر زائرین کے لیے اسکریننگ کیمپس لگائے جائیں۔ حکام نے کوئٹہ، مستونگ، نوشکی اور چاغی میں خصوصی چیک پوسٹس کے قیام کی سفارش کی ہے۔

    گزشتہ روز ایران سے منسلک بلوچستان کے اضلاع میں ایمرجنسی بھی نافذ کی جاچکی ہے جبکہ تافتان بارڈر پر اضافی عملہ بھی تعینات کردیا گیا تھا۔ ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم بھی تافتان بارڈر پر پہنچ چکی ہے۔

  • عمرہ زائرین اور عازمین حج کے لیے بڑی خوش خبری

    عمرہ زائرین اور عازمین حج کے لیے بڑی خوش خبری

    ریاض: عمرہ زائرین اور عازمین حج کے لیے ایک اور خوش خبری سامنے آگئی، زائرین اور عازمین کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ’’عنایہ‘‘ پروگرام کا آغاز کردیا گیا۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے سعودی شہر مدینہ میں عمرہ زائرین اور عازمین حج کے لیے ’’عنایہ ‘‘ پروگرام کے تحت دو مراکز کا افتتاح کردیا ہے جس کے تحت عازمین اور زائرین کو خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مدینے میں عنایہ کے دو سینٹر قائم کیے گئے ہیں جن میں سے ایک مسجد نبوی کے بالمقابل جنت البقیع کے ساتھ جبکہ دوسرا سینٹر شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ایئر پورٹ پر قائم کیا گیا ہے، مذکوہ سینٹرز کے قیام کا مقصد بہترین خدمات مہیا کرنا ہے۔

    مذکورہ سینٹروں میں 30 قسم کی خدمات فراہم کی جاتی ہیں جن میں 16 ڈیجیٹل سروسز جبکہ 14 خدمات کی فراہمی کے لیے کارکنوں کو متعین کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ عربی زبان میں عنایہ کا مطلب دیکھ بھال، رہنمائی اور تعاون فراہم کرنا ہے۔

    عنایہ سینٹر میں اردو، ترکی، انگلش، عربی، انڈونیشین کے علاوہ دیگر زبانیں بولنے والی کارکن خواتین کوبھی متعین کیا گیا ہے تاکہ وہ عازمین حج اور عمرہ زائرین سے ان کی ضرویات اور دیگر معلومات حاصل کرسکیں۔ سینٹر میں خودکار سروس کے تحت خصوصی کمپیوٹرائز مشینں بھی نصب کی گئی ہیں۔

  • زائرین کی سہولت کے لیے مدینہ منورہ میں عظیم الشان منصوبے کا اعلان

    زائرین کی سہولت کے لیے مدینہ منورہ میں عظیم الشان منصوبے کا اعلان

    ریاض: سعودی حکومت نے دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی سہولت کے لیے مدینہ منورہ میں عظیم الشان منصوبے کی تعمیر کا اعلان کردیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ سے شہدائے احد کے مقام تک 5 کلو میٹر طویل شاہراہ کی تعمیر کے منصوبے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ شاہراہ کے منصوبے کو ’جادہ احد‘ کا نام دیا گیا ہے۔

    یہ نئی تعمیر کی جانے والی شاہراہ 2 رویہ ہوگی اور دونوں جانب 7، 7 ٹریکس ہوں گے۔ پہلے 3 ٹریک گاڑیوں، 2 بسوں اور ایک موٹر سائیکل کے لیے مخصوص ہوگا، مسجد نبوی ﷺ سے پیدل شہدائے احد تک جانے والوں کے لیے بھی ایک ٹریک علیحدہ سے تعمیر کیا جائے گا جس کی چوڑائی 9 میٹر ہوگی۔

    پیدل چلنے والوں کے لیے مخصوص حصے پر 15 ہزار درختوں کے علاوہ گھاس کا خصوصی فرش بچھایا جائے گا۔

    موٹر سائیکلوں کے لیے بنائے جانے والے ٹریک کی چوڑائی 2.8 میٹر رکھی جائے گی جبکہ مخصوص افراد کے لیے بھی خصوصی طور پر سڑک منصوبے میں شامل ہے۔

    محکمہ بلدیہ کے مطابق 5 کلومیٹر طویل اس شاہراہ کی تعمیر کا مقصد شہر نبوی ﷺ میں آنے والے زائرین کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ نئی تعمیر ہونے والی شاہراہ کا آغاز مسجد نبوی ﷺ سے ہوگا جو شہدائے احد کے مقام پر ختم ہوگی۔

    شاہراہ کی دونوں جانب پارکنگ کے لیے جگہیں رکھی جائیں گی تاکہ وہاں اپنی گاڑیوں میں آنے والے زائرین کو پارکنگ میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    پیدل چلنے والوں کے لیے شاہراہ کے اطراف میں طہارت خانے اور دکانوں کے علاوہ کھانے پینے کے اسٹالز بھی تعمیر کیے جائیں گے تاکہ مسجد نبوی ﷺ سے پیدل شہدائے احد تک جانے والے، راستے میں نہ صرف آرام کر سکیں بلکہ اشیائے خور و نوش اور ضرورت کی دیگر اشیا بھی خرید سکیں۔

    شاہراہ پر جدید ترین انتباہی نوٹس بورڈز اور سائن نصب کیے جائیں گے جبکہ صوتی سسٹم سے ذریعے زائرین کی رہنمائی کے لیے خصوصی انتظامات بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔