Tag: زائرین

  • سعودی عرب: زائرین کی صحت کا خیال رکھنے کے لیے ریستورانوں پر کڑی پابندیاں عائد

    سعودی عرب: زائرین کی صحت کا خیال رکھنے کے لیے ریستورانوں پر کڑی پابندیاں عائد

    ریاض: سعودی عرب میں زائرین و سیاحوں کی حفظان صحت کا خیال رکھنے کے لیے ریستورانوں پر کڑی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

    سعودی اخبار کے مطابق سعودی وزارت بلدیات و دیہی امور نے ریستورانوں اور عربی کھانے ’حنیذ‘ اور ’مندی‘ تیار کرنے والے مراکز پر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔ پابندیاں حفظان صحت کے ضوابط سے متعلق ہیں۔ خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی کا انتباہ جاری کیا جائے گا۔

    وزارت کے ماتحت حفظان صحت کے ادارے کا کہنا ہے کہ ان کا بنیادی مقصد مقامی شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور زیارت و سیاحت کے لیے آنے والوں کی صحت کا تحفظ ہے۔

    ادارے کی جانب سے حفظان صحت کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں پر نظر رکھی جاتی ہے اور ریستورانوں نیز مختلف قسم کے کھانے تیار کرنے والے مراکز کو احتیاطی تدابیر اپنانے پر مجبور کیا جاتا ہے تاکہ زہر خورانی کا مسئلہ پیدا نہ ہو۔

    ریستورانوں اور عربی کھانے تیار کرنے والے مراکز کے لیے حفظان صحت کے لائحہ عمل میں تاکید کی گئی ہے کہ روٹی تیار کرنے اور کھانے بنانے کے لیے مخصوص قسم کے تندور کا استعمال کیا جائے، اس بات سے تحریری طور پر انہیں آگاہ بھی کردیا گیا ہے۔

    یہ پابندی بھی لگائی گئی ہے کہ تندور کے ڈھکن ایسی دھات کے ہوں جو زنگ آلود نہ ہوتے ہوں اور تندور کے اوپر والے حصے اور اس کے درمیان خاص فاصلہ رکھا جائے۔ اس سلسلے میں متعدد تکنیکی پابندیاں بھی لگائی گئی ہیں۔

    ہدایات کے مطابق عربی کھانے تیار کرنے والے مراکز موٹے کپڑے کی 2 تہیں استعمال کریں اور اس کے اوپر تندور کو بند کرنے کے لیے ریت کی تہہ لگائی جائے اور تندور کی حرارت کے اخراج کو قوت کے ساتھ روکا جائے، کپڑا روزانہ کی بنیاد پر صاف کیا جائے۔

    ریستورانوں کو لوہے یا معدنیات کے کین استعمال کرنے سے منع کر دیا گیا ہے۔ ریستوران اور عربی کھانے تیار کرنے والے مراکز بجلی، گیس، کوئلے یا پتھر سے چلنے والے چولہے استعمال کرنے کے پابند ہیں۔

    ایک پابندی یہ بھی لگائی گئی ہے کہ ہر ریستوران اپنے یہاں دھوئیں کے اخراج کا معقول انتظام کرے۔ دھوئیں اور ناپسندیدہ بو ریستوران میں نہ آنے پائے اور دھواں پابندی سے باہر نکلتا رہے۔

    ایگزاسٹ فین 50 سینٹی میٹر سے کم سائز کے نہ ہوں اور چمنی برابر کی عمارت سے 2 میٹر اونچائی پر ہو۔

  • مسجد نبوی ﷺ آنے والوں کے لیے مزید سہولت پیدا کرنے کا فیصلہ

    مسجد نبوی ﷺ آنے والوں کے لیے مزید سہولت پیدا کرنے کا فیصلہ

    ریاض: مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ آنے والے زائرین کی سہولت کے لیے ایک اور قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    سعودی اخبار کے مطابق مدینہ منورہ میونسپلٹی نے زائرین کی نقل و حرکت میں پیش آنے والی دشواریوں کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ آنے جانے والوں کو مزید سہولیات مہیا کی جائیں۔

    اس مقصد کے لیے مدینہ منورہ میونسپلٹی نے کنگ عبداللہ روڈ (سرکلر روڈ 2) پر کنگ عبدالعزیز چوراہے سے گزرنے کا مسئلہ آسان کرنے کے لیے ایک پل اور چوراہے بنوانے شروع کر دیے ہیں۔

    اس منصوبے کا مقصد مسجد نبوی ﷺ تک پہنچنے میں آسانی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ، حرمین ایکسپریس ٹرین اسٹیشن اور امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک پہنچنے میں بھی سہولت مہیا کرنا ہے۔

    مذکورہ پل 900 میٹر طویل ہوگا، ہر جہت میں 3 لائنیں ہوں گی جبکہ دو لائنیں ایکسپریس بسوں کے لیے مخصوص ہوں گی۔

    خیال رہے کہ مسجد نبوی ﷺ سال کے 12 مہینے، 24 گھنٹے زائرین کے لیے کھلی رہتی ہے۔ مسجد میں مدینہ منورہ کے باشندوں اور وہاں مقیم غیر ملکیوں کے علاوہ مملکت کے تمام علاقوں اور دنیا بھر سے زائرین مدینہ منورہ پہنچتے رہتے ہیں۔

  • عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی قرار

    عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی قرار

    ریاض: عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی کردیا گیا، اقدام کا مقصد عمرے پر باہر سے آنے والوں کو زیادہ بہتر طبی خدمات فراہم کرنا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن اور التعاونیہ انشورنس کمپنی کے چیئرمین سلیمان الحمید نے ہیلتھ انشورنس معاہدے پر دستخط کیے۔

    سعودی وزارت حج کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت چاہتی ہے کہ بیرون ملک سے عمرے پر آنے والوں کو بہتر اور اعلیٰ معیار کی طبی خدمات میسر ہوں۔ عمرہ زائرین کی یہاں آمد سے لے کر روانگی تک نگہداشت کی جاسکے گی۔

    وزارت حج کا کہنا ہے کہ یہ عمرے پر آنے والوں کے لیے انشورنس پروگرام جامع ہے۔ یہ پروگرام ایجنسیوں کے ذریعے یا آن لائن عمرہ ویزا حاصل کرنے والے حاصل کرسکیں گے۔

    انشورنس اسکیم میں صحت نگہداشت، ہیلتھ ٹرانسپورٹ، ایمبولینس، ایمرجنسی، ٹریفک حادثات، قدرتی آفات، سامان گم ہونے، پرواز میں تاخیر اور ایئرپورٹ پر قیام سمیت تمام امور شامل ہوں گے۔

    وزارت حج کے مطابق عمرہ زائرین سے متعلق ہیلتھ انشورنس اسکیم کم قیمت اور مناسب نرخوں پر ہوگی۔ یہ سعودی عرب میں موجود تمام انشورنس کمپنیوں کے تعاون سے پیش کی جائے گی۔ انشورنس کا دورانیہ 30دن ہوگا۔

    دوسری جانب انشورنس کمپنی کی جانب سے کہا گیا کہ عمرہ زائر کو انشورنس پیکج پر 1 لاکھ ریال تک کی ہنگامی صحت نگہداشت کی سہولت مہیا ہوگی۔

    خیال رہے کہ عمرہ ویزا کی فیس 300ریال ہے، یہ فیس 49 ممالک سے عمرے پر آنے والے زائرین کے لیے مقرر ہے۔ عمرے پر آنے والوں کو میڈیکل انشورنس فیس کی مد میں 110ریال دینا ہوں گے۔

  • کربلا: عاشورہ کے جلوس میں بھگدڑ، 31 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    کربلا: عاشورہ کے جلوس میں بھگدڑ، 31 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    بغداد: عراقی شہر کربلا میں پیش آنے والے ایک افسوس ناک واقعے میں 31 افراد زندگی کی بازی ہار گئے.

    تفصیلات کے مطابق عاشورہ کے جلوس کے دوران بھگدڑ مچنے سے 31 جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    عراقی حکومت کے مطابق جلوس کی گزر گاہ کا ایک حصہ منہدم ہونے سے یہ ہول ناک حادثہ پیش آیا، اس واقعے سے بھگدڑ  مچ گئی اور کئی افراد اس کی لپیٹ میں‌ آگئے.

    عراقی وزرات صحت نے تصدیق کی ہے کہ عاشورہ کے جلوس میں ریلے تلے کچلے جانے سے 70 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جب کہ 31 افراد جہان فانی سے کوچ کر گئے.

    عراقی حکام نے اس ضمن میں جلد مزید تفصیلات اور فہرست جاری کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ بھی کہا جارہا ہے کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے.

    خیال رہے کہ آج کے روز لاکھوں زائرین کربلا میں اکٹھے ہو کر نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ کے یوم شہادت کا غم مناتے ہیں.

    یاد رہے کہ  شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مجالس اور جلوس  کا اہتمام کیا جاتا ہے، جہاں عزادار نوحہ خوانی اور ماتم  شہدا سے  اپنی عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔

  • حجاج کی خدمت میں کوتاہی برتنے پر دو مینیجرز برطرف

    حجاج کی خدمت میں کوتاہی برتنے پر دو مینیجرز برطرف

    ریاض : حاجیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات میں کوتاہی برتنے پر دو ملازمین کو برطرف کردیا گیا، سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن کی ہدایت پر معلموں کے خلاف تادیبی کارروائی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق موسسہ جنوب ایشیا کے حجاج کے دو آفس مینیجرز نے حاجیوں کو سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی برتی جس پر نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ بدر بن سلطان بن عبد العزیز کی ہدایت پر وزیر حج نے کارروائی کا فیصلہ کیا۔

    اس سے قبل خدمات میں کوتاہی برتنے پر وزیر حج نے متعدد ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ وہ معلمین کے تمام دفاتر کا بغور جائزہ لے رہی ہے، حاجیوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں میں کوتاہی کسی طور قابل قبول نہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق معاہدے کے مطابق حجاج اور معتمرین کو سہولتیں فراہم کرنا معلمین اور حج اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب کی سول ایوایشن اتھارٹی کی طرف سے حجاج کرام کی واپسی کے لیے آپریشنل انتظامات کی تکمیل کا اعلان کیا ہے۔

    حجاج کرام فرئضہ حج کی ادائی کے بعد جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اپنے اپنے ملکوں کو روانہ ہوں گے۔

    جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حجاج کرام کی واپسی کی سہولت کے لیے 14 پلیٹ فارم بنائے گئے ہیں۔

    اس ہوائی اڈے سے 15 محرم الحرام کو آخری حج فلائیٹ روانہ ہوگی جب کہ ایک ہفتے میں یہاں سے 3 لاکھ اور مجموعی طورپر 9 لاکھ 50 ہزار حجاج کرام واپس لوٹیں گے۔

  • ٹھٹھہ میں زائرین کی کوسٹرالٹ گئی، 4 افراد جاں بحق

    ٹھٹھہ میں زائرین کی کوسٹرالٹ گئی، 4 افراد جاں بحق

    ٹھٹھہ: صوبہ سندھ کے شہر ٹھٹھہ میں تیز رفتاری کے باعث زائرین کی کوسٹر الٹ گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ میں بگھاڑ موری کے قریب تیز رفتاری کے باعث زائرین کی کوسٹر الٹ گئی، حادثے میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچے شامل ہیں۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو مکلی سول اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق زائرین کی کوسٹر کراچی اورنگی ٹاؤن سے درگاہ پیر پٹھو جا رہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی۔

    حسن ابدال: براہمہ انٹر چینج کے قریب مسافر بس الٹ گئی، 11 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ رواں ماہ 11 جولائی کو براہمہ انٹر چینج کے قریب مسافر بس الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور بیس سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ 9 جون کو صوبہ بلوچستان میں پسنی کوسٹل ہائی وے پر تیز رفتاری کے باعث گاڑی الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوگئے تھے

  • مکہ کلاک ٹاور میں موجود عجائب گھر زائرین کے لئے کھول دیا گیا

    مکہ کلاک ٹاور میں موجود عجائب گھر زائرین کے لئے کھول دیا گیا

    ریاض : مکہ مکرمہ میں واقع کلاک ٹاور میوزیم عوام کے لیے کھول دیا گیا جس میں اذان کے وقت ایل ای ڈیز جگمگاتی ہیں جن کی روشنی میلوں دور سے دکھائی دیتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ میں حرم کے سامنے قائم کلاک ٹاور جہاں سال بھر زائرین کا تانتا بندھا رہتا ہے، اب اپنے چار منزلہ عجائب گھر کے ساتھ سیاحتی مقام کے طور پر بھی لوگوں کا استقبال کرے گا۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کلاک ٹاور میں بنایا گیا یہ میوزیم اس سال رمضان میں زائرین کے لیے کھولا گیا ہے، جو پورا مہینہ مسلسل کھلا رہے گا۔

    سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ عجائب گھر کی پہلی منزل پر نظام شمسی کی مجسم عکاسی کی گئی ہے جس کے بعد وقت کے تعین ،کائنات، کہکشاں کے علاوہ نظام شمسی کی گردش کو بیان کرنے کیلئے بہترین اور جدید ترین طریقوں کے ذریعے وضاحت کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ زائرین کو دنیا کی سب سے بڑی گھڑی جوکہ مکہ ٹاور پرنصب کی گئی ہے، اس کے مختلف مراحل اور تنصیب کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیاجاتا ہے، گھڑی کی تیاری میں دنیا کہ بڑی کمپنیوں کی مشترکہ کاوش ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق کلاک ٹاور میوزیم کی دوسری منزل وقت کے بارے میں ہے یہاں مختلف ادوار میں گھڑیوں کی ایجاد کے بارے میں وضاحت کی گئی ہے۔

    کلاک ٹاور کی تیسری منزل پر کائنات کے رازوں کے بارے میں مجسم عکاسی کرتے ہوئے مختلف مناظر کو پیش کیا گیا ہے علاوہ ازیں چاند اور سورج گرہن سے متعلق مختلف ادوار کو بھی دکھایا گیا ہے، چوتھی منزل پر زائرین کو خلا اور سیاروں کے بارے میں معلومات مہیا کی گئی ہیں۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹاورکے سب سے بلند مقام کو شرفہ کہتے ہیں یہاں پہنچ کر زائرین مکہ کا مشاہدہ کرسکتے ہیں، یہاں سے پورا شہر دیکھا جاسکتا ہے جبکہ زائرین حرم کاانتہائی خوبصورت منظر بھی دیکھ سکتے ہیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنی اونچائی کی وجہ سے کلاک ٹاور مکہ سے 25کلومیٹر دور سے بھی دکھائی دیتا ہے۔ عمارت کا نام اس پر نصب دنیا کی سب سے بڑی گھڑی پر رکھا گیا ہے، جو چاروں سمتوں سے دکھائی دیتی ہے۔

    کلاک ٹاور میں یہ خصوصیت رکھی گئی ہے کہ اذان کے وقت ایل ای ڈیز کی جگمگاتی ہیں جن کی روشنی میلوں دور سے دکھائی دیتی ہے۔

  • عراق میں پھنسے زائرین کا مسئلہ حل ہوگیا‘ ترجمان دفتر خارجہ

    عراق میں پھنسے زائرین کا مسئلہ حل ہوگیا‘ ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارت خانے کی کوششوں سے عراق میں پھنسے زائرین کا مسئلہ حل ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفارت خانے کی کوششوں کے باعث بغداد ایئرپورٹ پر کئی روز سے محصور زائرین کو واپس وطن بھیج دیا گیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ عراق میں پاکستانی سفارت خانہ تمام زائرین کو وطن بھیجنے میں کامیاب ہوگیا۔

    ڈاکٹرمحمد فیصل نے زائرین کو وطن آنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ٹور آپریٹر کے خلاف انکوائری کا آغاز کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے زائرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے عراق میں پاکستانی سفیرساجد بلال اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔

    بغداد ایئر پورٹ پر پھنسے 120 پاکستانیوں کی حکومت سے امداد کی اپیل

    یاد رہے کہ دو روز قبل بغداد ایئر پورٹ پر پھنسے 120 پاکستانیوں نے وطن واپسی کے لیے حکومت سے امداد کی اپیل کی تھی، مذکورہ افراد کو ٹریول ایجنٹ نے وقت پرپاسپورٹ فراہم نہیں کیے تھے۔

  • بھارت نےپاکستانی زائرین کوخواجہ نظام الدین کےعرس میں شرکت سےروک دیا

    بھارت نےپاکستانی زائرین کوخواجہ نظام الدین کےعرس میں شرکت سےروک دیا

    اسلام آباد : بھارت نے پاکستانی زائرین کو روحانی بزرگ حضرت خواجہ نظام الدین اولیاؒ کے عرس میں شرکت سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی زائرین کو حضرت خواجہ نظام الدین اولیاؒ کے عرس میں شرکت سے روک دیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت نے آخری لمحے پر192 پاکستانی زائرین کوویزے جاری کرنے سے انکار کیا۔

    بھارتی اقدام پر پاکستان کی جانب سے اظہارافسوس کرتے ہوئے اسے مذہبی سیاحت سے متعلق باہمی معاہدے کی خلاف ورزی قراردیا ہے۔


    بھارت نے پاکستان ریسلنگ ٹیم کو ویزہ دینے سے انکار کردیا


    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت عوامی سطح پر رابطوں پرقدغن لگا کر تعلقات کو معمول پر لانے کے راستے میں روڑے اٹکا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت نے زائرین کوویزے دینے سے انکار کرکے 1974 کے مذہبی سیاحت کے باہمی پروٹوکول کی خلاف ورزی کی ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل رواں سال کے اوائل میں گرو ارجن دیو اور مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی پر بھارت نے سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے سے بھی روکا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • رحیم یارخان اورحب میں ٹریفک حادثہ،6افرادجاں بحق

    رحیم یارخان اورحب میں ٹریفک حادثہ،6افرادجاں بحق

    حب : بلوچستان کے علاقے حب اور پنجاب کے شہر رحیم یار خان کی تحصیل خان پور میں ٹریفک حادثے کے تیجے میں 6افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں حب کے علاقہ ویراب ندی کے قریب بس کو حادثہ پیش آیا ،حادثے کے نتیجے میں تین زائرین جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافر بس کراچی سے شاہ نورانی جا رہی تھی جس میں بیس سے زائد زائرین سوار تھے تاہم واقعے کے بعد زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب رحیم یارخان کی تحصیل خان پور میں کوٹلہ پٹھان کےقریب کاردرخت سےٹکرا گئی،جس کے نتیجے میں 3افرادجاں بحق اور 2زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کےمطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق گجرخان سے ہے۔

    مزید پڑھیں:چونیاں میں ویگن کی موٹر سائیکل کو ٹکر،2بہنیں جاں بحق

    واضح رہےکہ دو روزقبل صوبہ پنجاب میں چونیاں کے علاقے الہٰ آباد میں موٹرسائیکل سوار اپنی بیٹیوں کو اسکول چھوڑنے جارہاتھا کہ تیزرفتارویگن نے موٹرسائیکل کو ٹکردے ماری جس کے نتیجے میں 2 بہنیں جاں بحق ہوگئی تھیں۔