Tag: زخمی بچے

  • کراچی :شاپنگ مال میں  برقی سیڑھی کے حادثے میں زخمی  بچے کے معذور ہونے کا خدشہ

    کراچی :شاپنگ مال میں برقی سیڑھی کے حادثے میں زخمی بچے کے معذور ہونے کا خدشہ

    کراچی : کلفٹن کےٍ شاپنگ مال میں برقی سیڑھی کے حادثے میں زخمی بچے کے معذور ہونے کا خدشہ ہے ، والدہ کا کہنا ہے کہ ہم لوگ چیخے چلائے اور کہا میرے بچے کو بچالو لیکن انتظامیہ دیر سے آئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن کےٍ شاپنگ مال میں دلخراش واقعہ میں زخمی بچے کے معذور ہونے کا خدشہ ہے۔

    والدین نے انتظامیہ پر غفلت کا الزام لگاتے ہوئے کہا شاپنگ مال میں بچے کا پاؤں برقی سیڑھی میں آیا، جس کے بعد انتظامیہ بہت دیرسے پہنچی۔

    والدہ نے بتایا کہ بچے کی خواہش پر شاپنگ مال آئے تھے کہ پاؤں برقی سیڑھی میں آگیا، ہم لوگ چیخے چلائے اور کہا میرے بچے کو بچالو لیکن انتظامیہ دیر سے آئی۔

    بچے کے والدہ نے کہا شاپنگ مال انتظامیہ کے نہ آنے پر والدین نے بچے کو گھسیٹ کر باہر نکالا ، برقی سیڑھی کا بٹن خراب تھا، جس کے باعث بند کرنے میں بہت دیر کی گئی۔

    والدہ کا کہنا تھا کہ برقی سیڑھی کا کچھ حصہ ٹوٹا ہوا تھا کوئی اور بچہ ہوتا تو پورا اندر چلا جاتا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام نے کہا 4مرتبہ متاثرہ والدین کے پاس اسٹیٹمنٹ کےلیےجاچکےہیں، والدین کہتےہیں بچےکی ریکوری دیکھ کرفیصلہ کریں گے۔

    حکام نے بتایا کہ شاپنگ مال انتظامیہ کو خط لکھ دیا ہے ، جس کے جواب کا انتظار ہے۔

  • کراچی، ہوائی فائرنگ سے زخمی بچہ جاں بحق

    کراچی، ہوائی فائرنگ سے زخمی بچہ جاں بحق

    کراچی : نئےسال کی آمد پر خوشی منانے والوں کی ہوائی فائرنگ سے گزشتہ شب زخمی ہونے والا سات سالہ سبحان آج دورانِ علاج خالقِ حقیقی سے جا ملا، غمزدہ اہل خانہ نے ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلا ف کارروائی کامطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب کراچی کے علاقے عزیز آباد میں اپنے والدین کے ہمراہ گھر جانے والا سات سالہ سبحان نئےسال کی آمد کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے زخمی ہوگیا تھا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج نجی اسپتال میں دم توڑ گیا ہے۔

    بچے کے اہل خانہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ زخمی بچے کو اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں بہتر علاج اور دیکھ بحال نہ ہونے کے باعث سات سالہ سبحان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج خالق حقیقی سے جا ملا جس کی تدفین مقامی قبرستان میں کردی گئی ہے۔

    اس موقع پر اہل علاقہ اور بچے کے لواحقین نےحکومت سے مطالبہ کیا کہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی اپنی معمولی سی خوشی کے لیے دوسروں کے گھر دکھ سے نہ بھر دے۔

    شادی بیاہ کی تقریبات ہوں یا نئے سال کی آمد یا پھر خوشی کا کوئی اور موقع ہو، ہوائی فائرنگ کرنا معمول بن گیا ہے، جس میں کئی قیمتی جانیں بھی ضائع ہو جاتی ہیں، معاشرے میں تیزی سے بڑھتا ہوا یہ رجحان کسی طور حوصلہ افزا نہیں جس کی روک تھام کے لیے حکومت کو ہر ممکن قدم اٹھانا چاہیے۔