Tag: زراعت کی خبریں

  • گنے کی قیمت خرید طے کرنے کے لیے پیر کو اجلاس ہوگا: اسد قیصر

    گنے کی قیمت خرید طے کرنے کے لیے پیر کو اجلاس ہوگا: اسد قیصر

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ گنے کی فصل تیار ہے، کاشت کاروں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، پیر کو ہونے والے اجلاس میں گنے کی قیمت خرید طے کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آج زراعت سے متعلق خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اسد قیصر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اسد قیصر نے کہا کہ گنے کی قیمت خرید طے کرنے کے لیے پیر کو اجلاس ہوگا، گنے کے کاشت کار کو مناسب قیمت دلوانے کوشش کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا زرعی شعبے کو بہتر بنانے کے لیے وزارت تجارت اور غذائی تحفظ کے ساتھ مل کر کام کریں گے، کپاس کے کاشت کاروں کا تحفظ بھی اوّلین ترجیح ہے۔

    اسپیکر اسد قیصر نے مزید کہا زرعی شعبے سے مڈل مین کا کردار ختم کرنے کی کوشش کریں گے، زراعت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کپاس کے کاشت کاروں کے مسائل پر تھنک ٹینک تشکیل دیا ہے: اسد قیصر

    یاد رہے کہ گزشتہ اجلاس میں کپاس کے کاشت کاروں کے مسائل کے حل کے لیے تھنک ٹینک تشکیل دیا گیا تھا، اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کپاس ملک کی سب سے زیادہ نقد آور فصل ہے، کپاس کا پیداواری ہدف 2 کروڑ گانٹھ مقرر کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سیزن ملکی کپاس کی پیداوار میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، رواں برس ہونے والی کپاس کی پیداوار گزشتہ سیزن سے 8 لاکھ بیلز کم رہی۔

    رواں برس ہونے والی کپاس کی پیداوار کا حجم 1 کروڑ 6 لاکھ بیلز رہا جب کہ گزشتہ سیزن میں کپاس کی پیداوار کا حجم 1 کروڑ 14 لاکھ بیلز سے زاید رہا تھا۔

    رواں سیزن کی پیداوار میں سے ٹیکسٹائل کمپنیوں نے 90 لاکھ بیلز جب کہ برآمد کنندگان نے 1 لاکھ بیلز خریدیں، خیال رہے کہ موجوہ حکومت نے پہلے ہی سال میں کپاس کی درآمدات پر ٹیکس چھوٹ دینے کا اعلان کیا تھا۔

  • سندھ، بلوچستان پر ٹڈی دل کا حملہ، بلاول بھٹو کا شدید ردِ عمل

    سندھ، بلوچستان پر ٹڈی دل کا حملہ، بلاول بھٹو کا شدید ردِ عمل

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سندھ اور بلوچستان پر ٹڈی دل کے حملے کے حوالے سے حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے ٹویٹ کرتے ہوئے وفاقی حکومت پر تنقید کی ہے کہ ٹڈی دل کے حوالے سے ہنگامی مدد کی پکار بہرے کانوں کی نذر ہو گئی ہے۔

    پی پی چیئرمین نے کہا کہ آصف زرداری نے اسمبلی میں تقریر میں ٹڈی دل کے حملے کی بات کی، اختر مینگل نے بھی بجٹ تقریر میں ٹڈی دل کے حملے سے متعلق بات کی۔

    بلاول بھٹو نے ٹویٹ میں لکھا کہ انھوں نے بھی سندھ اور بلوچستان میں ٹڈی دل حملے کی تباہی کا ذکر کیا لیکن وفاقی حکومت سے ہنگامی مدد کی پکار بہرے کانوں کی نذر ہو گئی، وفاق کا انسداد ٹڈی دل کا ڈویژن کہیں سو رہا ہے۔

    خیال رہے کہ صوبہ سندھ اور بلوچستان پر ٹڈی دل نے حملہ کر دیا ہے، جو فصلوں کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے، ٹڈی دل سے فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔

    سندھ ملک میں کاٹن کی دوسری سب سے بڑی پیداوار کرتا ہے، ٹڈی دل سے کاٹن کی ان فصلوں کو نقصان کا خطرہ لاحق ہے۔

    کہا جا رہا ہے کہ تیس سال بعد پاکستان میں کپاس کی فصل پر ٹڈی دل نے بڑا حملہ کیا ہے، ٹڈی دل نے سندھ میں کپاس کی پیداوار والے بیش تر علاقوں میں فصل پر حملہ کر کے فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

    یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ٹڈی دل کا یہ حملہ پنجاب کے کاٹن بیلٹ تک پہنچنے کے امکانات ہیں، لیکن حکومتی سطح پر کوئی اقدامات نہ ہونے سے کپاس کے کاشت کاروں میں زبردست اضطراب پایا جا رہا ہے۔

  • گلگت میں زرعی ترقیاتی بینک کی پہلی ATM کا افتتاح

    گلگت میں زرعی ترقیاتی بینک کی پہلی ATM کا افتتاح

    گلگت: وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے زرعی ترقیاتی بینک کی گلگت میں پہلی ATM کا افتتاح کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق زرعی ترقیاتی بینک کی جانب سے گلگت میں پہلی اے ٹی ایم کا افتتاح ہو گیا ہے، وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ کسی بھی ملک کے لیے زراعت کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔

    حافظ حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ ملکی برآمدات میں زرعی شعبے کا بڑا اہم مقام ہے، گلگت میں بینک کی ATM کی تنصیب کسانوں کے لیے سہولت کے ساتھ ساتھ بہت بڑی نعمت بھی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ امید ہے ATM کے آغاز سے چھوٹے کاشت کاروں کی خوش حالی میں مدد ملے گی، خاص طور پر پس ماندہ علاقوں میں تو ATM کی اہمیت اور بھی زیادہ محسوس ہوتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  رواں سال زرعی شعبے کے لیے 1250 ارب روپے کے قرضے دیے جائیں گے: گورنر اسٹیٹ بینک

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زرعی بینک کے قائم مقام صدر شیخ امان نے کہا کہ بینک سالانہ تقریباً چار لاکھ کسانوں اور ان سے منسلک لوگوں کو زرعی شعبے میں قرضہ فراہم کر رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے نیا پاکستان اور تبدیلی کے ویژن کے مطابق 57 سال بعد زرعی ترقیاتی بینک میں بزنس پیمنٹ کا طریقہ کار اور بزنس ماڈل تبدیل ہو گیا ہے۔

  • زراعت کے شعبے میں چین کے تجربات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، وزیرِ اعظم

    زراعت کے شعبے میں چین کے تجربات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، وزیرِ اعظم

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت زراعت کے شعبے میں چین کے تجربات سے فائدہ اٹھا رہی ہے، زراعت کے شعبے کی بحالی پی ٹی آئی حکومت کا منشور ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت لائیو اسٹاک اور زراعت سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وزیرِ اعظم کو لائیو اسٹاک اور زراعت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

    [bs-quote quote=”وزیرِ اعظم کل کرتارپور سے واپسی پر سیالکوٹ کا دورہ کریں گے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ چین نے پاکستان کو زراعت میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، زراعت میں ترقی ملکی جی ڈی پی کے اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔

    وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ زراعت کے شعبے میں ریسرچ اور جدید ترین آلات متعارف کرائے جائیں گے۔

    دریں اثنا وزیرِ اعظم عمران خان نے سیالکوٹ میں علامہ اقبال یونی ورسٹی قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، وہ کل کرتارپور سے واپسی پر سیالکوٹ کا دورہ کریں گے۔

    سیالکوٹ دورے کے موقع پر وزیرِ اعظم علامہ اقبال یونی ورسٹی کا سنگِ بنیاد رکھیں گے، وزیرِ اعظم علامہ اقبال نالج پارک کا بھی افتتاح کریں گے۔


    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان میں ماحول دوست سیاحت کی بے پناہ گنجائش ہے، وزیرِ اعظم عمران خان


    وزیرِ اعظم عمران خان کے ان دونوں منصوبوں سے وسطی پنجاب کے عوام مستفید ہو سکیں گے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ کے ذریعے کہا تھا کہ پاکستان میں ماحول دوست سیاحت کو فروغ دینے کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔ جنوب میں ہمارے ساحلوں سے شمال کے مرغزاروں تک یہ سرزمین سیاحت کی بھرپور تاریخ سے بھری پڑی ہے۔

  • سندھ کو معاہدے کے مطابق پانی نہ ملنے پر فصلوں کو نقصان پہنچا: محکمہ زراعت

    سندھ کو معاہدے کے مطابق پانی نہ ملنے پر فصلوں کو نقصان پہنچا: محکمہ زراعت

    کراچی: محکمۂ زراعت سندھ نے فصلوں میں کمی سے متعلق رپورٹ جاری کر دی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبے کو معاہدے کے مطابق پانی نہ ملنے پر فصلوں کو نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں فصلوں کی کمی کے حوالے سے محکمۂ زراعت نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کو پانی کم ملنے کی وجہ سے فصلیں متاثر ہوئیں۔

    [bs-quote quote=”کپاس، گنے اور چاول کی کاشت کم ہوئی” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_job=”رپورٹ”][/bs-quote]

    محکمۂ زراعت نے رپورٹ میں کہا ہے کہ صوبے میں کم پانی کی وجہ سے کپاس، گنے اور چاول کی کاشت کم ہوئی، جس سے صوبے کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    سندھ کے وزیرِ زراعت محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ پانی کی قلت کے باعث سندھ کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے، وفاق نے ہمیشہ پانی کے معاملے پر سندھ کو دیوار سے لگایا۔

    محمد اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ وفاق نے سندھ کے کاشت کاروں کے لیے کوئی پالیسی نہیں بنائی، ضرورت ہے کہ وفاقی حکومت ملک کی زراعت پر توجہ دے۔


    یہ بھی پڑھیں:  نواز شریف نے دوسرے صوبے کے حق پر ڈاکہ ڈالا اور پانی چوری کیا: فیصل واوڈا


    خیال رہے کہ تین ہفتے قبل ایک رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ دریائے سندھ میں پانی کی قلت کا مسئلہ انتہائی سنگین ہو گیا ہے، پانی کی یہ قلت ربیع کے موسم میں مزید بڑھ جائے گی جس کے باعث گندم سمیت کئی فصلیں اگانے کے لیے کاشت کاروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔