Tag: زرداری

  • صدارتی استثنیٰ، آصف زرداری کیخلاف جعلی بینک اکاؤنٹس مقدمے کی سماعت روک دی گئی

    صدارتی استثنیٰ، آصف زرداری کیخلاف جعلی بینک اکاؤنٹس مقدمے کی سماعت روک دی گئی

    بینکنگ کورٹ میں صدر آصف زرداری کے خلاف زیر سماعت جعلی بینک اکاؤنٹ مقدمہ صدارتی استثنیٰ کے باعث داخل دفتر کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بینک کورٹ کراچی میں صدر آصف علی زرداری، ان کی بہن فریال تالپور ودیگر کے خلاف جعلی بینک اکاوٗنٹس کیس میں صدر زرداری کے خلاف مقدمہ انہیں صدارتی استثنیٰ حاصل ہونے کے باعث داخل دفتر کر دیا گیا۔

    آج کیس کی سماعت کے موقع پر صدر زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک پیش ہوئے تاہم فریال تالپور پیش نہ ہوئیں۔ فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو کہا کہ آصف زرداری صدر بن چکے ہیں اور انہیں آئینی استثنیٰ حاصل ہے، اس لیے ان کے استثنیٰ کی درخواست دائر کی ہے۔

    بینکنگ کورٹ نے کہا کہ جب تک آصف زرداری صدر ہیں ان کے خلاف مقدمے کی سماعت نہیں ہوگی جس کے بعد مقدمے کو داخل دفتر کر دیا گیا۔

    فاروق ایچ نائیک ایڈووکیٹ نے فریال تالپور کی عدالت میں عدم پیشی پر جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسمبلی اجلاس کے باعث مصروف ہیں، اس لیے انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔

    بینکنگ کورٹ نے فریال تالپور کی استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 9 جولائی تک ملتوی کر دی۔

    بعد ازاں فاروق ایچ نائیک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الزامات ہیں کہ بینک میں جعلی اکاؤنٹس بنائے گئے اور آصف زرداری پر الزام ہے کہ ان کے اکاؤنٹس میں تین کروڑ روپے آئے۔

    انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور زمیندار ہیں جنہوں نے گنے کو فروخت کیا جس کے پیسے چیکس کے ذریعے ان کے اکاؤنٹس میں آئے تھے۔

    فاروق ایچ نائیک نے یہ بھی کہا کہ یہ انکی ذمے داری نہیں کہ وہ جس سے رقم وصول کر رہے ہیں اس کے پاس وہ پیسے کہاں سے آئے؟ ڈاکٹرز کی ہدایت کیخلاف فریال کو گرفتار کیا گیا اور اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی شخص کو 14 دن سے زیادہ ریمانڈ میں رکھنا غیر قانونی عمل ہوتا ہے اور میرے لحاظ سے یہ ایک کالا قانون ہے، مشرف دور میں نیب بنایا گیا تاکہ سیاست سے وابستہ لوگوں کو نشانہ بنایا جا سکے۔

  • زرداری اور شہبازشریف کے درمیان سب کچھ طے ہوچکا، یہ صرف کارڈز کھیل رہے ہیں: راجہ ریاض کا تہلکہ خیز انٹرویو

    زرداری اور شہبازشریف کے درمیان سب کچھ طے ہوچکا، یہ صرف کارڈز کھیل رہے ہیں: راجہ ریاض کا تہلکہ خیز انٹرویو

    سابق اپوزیشن لیڈر اور ن لیگ کے رہنما راجہ ریاض نے کہا ہے کہ آصف زرداری  اور شہبازشریف کے درمیان سب کچھ طے ہوچکا ہے یہ صرف کارڈز کھیل رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق اپوزیشن لیڈر اور ن لیگ کے رہنما راجہ ریاض نے اے آر وائی نیوز کو خصوسی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پی پی کی کمیٹیوں کی باتوں کو سنجیدہ نہ لیں یہ صرف کارڈز کھیل رہے ہیں، آصف زرداری  اور شہبازشریف کے درمیان سب کچھ طے ہوچکا ہے۔

    راجہ ریاض نے انکشاف کیا کہ ساری گیم پیچھے بیٹھے آصف زرداری نے کرنی ہے اور وہ کچھ نہیں بولے، ان کی صرف تصویر چل رہی ہیں ان کا اب تک کوئی بیان نہیں آیا، ن لیگ اور پی پی کے درمیان یہ سب  ان کی حالیہ میٹنگ سے پہلے کا طے ہے صرف فائنل اب ہورہا ہے۔

    راجہ ریاض نے کہا کہ کچھ دنوں میں ان سب کو وزارتوں کے حلف اٹھاتے دیکھیں گے اور پھر سندھ بھی تو لینا ہے، اگر پی پی نہیں مانے گی تو سندھ واپس بھی لیا جاسکتا ہے کیوںکہ  جو دیتے ہیں وہ واپس بھی لے لیتے ہیں۔

    ن لیگی رہنما نے کہا کہ مارشل لا نہیں لگے گا، یہ لولی لنگڑی حکومت اللہ کرے مضبوط ترین حکومت ہو، انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کرتا ہوں اور جیتنے والے کو مبارک دیتا ہوں، مجموعی طور پر پورے ملک میں الیکشن  متنازع ہوگئے ہیں، مولاناکے ساتھ زیادتی ہوئی ان کی پکی سیٹیں ہروادی گئیں۔

    راجہ ریاض نے کہا کہ بہت سی جگہوں پر 100 فیصد جیتے ہوئے لوگ ہروادیئے گئے، رانا ثنا سمیت ہمارے بڑے ناموں کو فیصل آباد سے ہرا دیا گیا، اپنی ہارتو مان سکتا ہوں لیکن رانا ثنا کسی صورت الیکشن نہیں ہار سکتے، ن کے جو بڑے نام ہروائے گئے یہ ترازو کو برابر کرنے کے لیے جواز بنایا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ ن لیگ بڑے پن کا مظاہرہ کررہی ہے اور ملک کو ڈی ریل ہونے سے بچا رہی ہے، بعض اضلاع میں پی ٹی آئی، کچھ میں ن لیگ جیتی، یہ پالیسی خطرناک ہوگی۔

    ان لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان عدم اعتماد سے 20 روز پہلے میرے پاس آئے اور کہا آپ مجاہد ہیں، مولانانے کہا گھبرائیں نہیں عدم اعتماد میں ہمیں بہت سی جگہوں سے سپورٹ ہے اور مولانا اب بھی یہی کہہ رہے ہیں کہ ہمیں قمرباجوہ  کی سپورٹ حاصل تھی، مولانا سچ بول رہے ہیں اور انہیں ضرور کسی نے کہا ہوگا۔

    سینئر لیگی رہنما راجہ ریاض نے مزید کہا کہ سپورٹ کے بغیر عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوتی حلف دینے کو تیار ہوں ہماری حد تک براہ راست قمرباجوہ نے کچھ نہیں کہا، مجھے شہباز شریف نے کہا تھا عدم اعتماد کا پروگرام ہے میں نے کہا آپ کے ساتھ ہیں، اس میں کوئی شک نہیں لوگ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ  تھے۔

  • ‘زرداری سے دوبارہ دوستی نہیں کرنا چاہتا ہوں’

    ‘زرداری سے دوبارہ دوستی نہیں کرنا چاہتا ہوں’

    کراچی : پیپلز پارٹی کے سابق رہنما ذوالفقار مرزا کا کہنا ہے کہ زرداری سےدوبارہ دوستی نہیں کرنا چاہتا ہوں، اگر آصف زرداری سے دوستی ہوگئی تو بہت سےلوگوں کی نوکریاں چلی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سابق رہنما ذوالفقار مرزا کی انسدادی دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرانے دوستوں سے دوبارہ دوستی کیلئے کسی نے کوئی کوشش نہیں کی۔

    ذوالفقارمرزا کا کہنا تھا کہ نہ زرداری سےدوبارہ دوستی کرنا چاہتا ہوں نہ ہی ان کے پاس اتنا وقت ہے، آصف زرداری سے دوستی ہوگئی تو بہت سےلوگوں کی نوکریاں چلی جائیں گی۔

    الیکشن میں حصہ لینے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ ابھی الیکشن لڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، حکومت کی پرفارمنس کا پتا کرنا ہے تو کسی بھی عام آدمی سے پوچھا جاسکتا ہے۔

    اس سے قبل انسدادی دہشت گردی کی عدالت میں ذوالفقار مرزا کے خلاف بدین میں تھانے پر حملےکیس کی سماعت ہوئی ، استغاثہ کےگواہ کی عدم حاضری پر عدالت نے سماعت بغیر کسی کارروائی ملتوی کردی گئی۔

    کراچی:عدالت نے آئندہ سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

  • نگران حکومت کا قیام : نواز شریف اور زرداری کا فضل الرحمان سے رابطہ

    نگران حکومت کا قیام : نواز شریف اور زرداری کا فضل الرحمان سے رابطہ

    اسلام آباد : نگران حکومت کے معاملے پر مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور سابق صدر زرداری کا فضل الرحمان سے رابطہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق موجودہ حکومت کی مدت ختم ہونے میں کچھ ہی دن باقی ہے اور نگراں حکومت کے قیام کیلئے سیاسی رہنماؤں میں مشاورت کا عمل جارہی ہے۔

    ملکی سیاسی صورتحال اور نگران حکومت کے قیام کے لئے بڑی اتحادی جماعتوں نے سرگرمیاں تیز کردیں۔

    موجودہ حکومت کی مدت ختم ہونے سن قریب آرہے ہیں سیاسی ہلچل میں بھی اسی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، نگراں حکومت کے قیام کیلئے سیاسی رہنماؤں میں مشاورت کا عمل جارہی ہے۔

    ن لیگ، پیپلزپارٹی اور جے یوآئی میں رابطے جاری ہے، ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور سابق صدر زرداری کا فضل الرحمان سے رابطہ ہوا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جس میں نگران حکومت کے معاملے پر مشاورت کی گئی ، نواز شریف اور زرداری کے درمیان دبئی میں رابطے ہوئے ، مولانافضل الرحمان کا بھی دبئی جانے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق جس میں نگران حکومت کے ناموں پر حتمی مشاورت کی جائےگی اور آئندہ عام انتخابات کےحوالےسےبھی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

  • 13 اگست اسمبلیوں کی ریڈ لائن ہے، شیخ رشید

    13 اگست اسمبلیوں کی ریڈ لائن ہے، شیخ رشید

    پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 13 اگست اسمبلیوں کی ریڈ لائن ہے، ستمبر ستمگر ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ عوامی کے سربراہ اور سینیئر سیاستدان شیخ رشید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    شیخ رشید نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ 50 غیر ملکی دورے کرنے والی خارجہ پالیسی بری طرح ناکام ہوگئی پے، دہشتگردی کے خلاف ہمارے جوان جان دے رہے ہیں ہمیں دہشتگردی کی لائن میں کھڑا کر دیا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ زرداری 100 بلین ڈالر کی بات کرتے ہیں ہمارے پاس 3 بلین رہ گئے، آئی ایم ایف کے 5 دن رہ گئے حواس باختہ ڈار صحافیوں کو طمانچے مارتا ہے۔

    سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سیر و سیاحت کمپنی کی مشہوری کے دوروں پر ہیں، اگر الیکشن وقت پر نہ ہوئے تو پھر کچھ نہیں کہہ سکتے کہ ملک میں کیا ہوگا، 13 اگست اسمبلیوں کی ریڈ لائن ہے، ستمبر ستمگر ہوگا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری بند بے روزگار نوجوان یونان کے سمندر میں ڈوب گئے، مہنگائی لوڈ شیڈنگ آسمان پر، اشرافیہ موج میلہ کررہے ہیں، حکومت کا مسائل پر نہیں تقریروں اور تصویروں پر زور ہے۔

  • آصف زرداری سب سے بڑا سیاسی ڈاکو ہے، اس نے ن لیگ کو تباہ کردیا ، شیخ رشید

    آصف زرداری سب سے بڑا سیاسی ڈاکو ہے، اس نے ن لیگ کو تباہ کردیا ، شیخ رشید

    راولپنڈی : عوامی مسلم لیگ ن کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آصف زرداری سب سے بڑا سیاسی ڈاکو ہے، زرداری نے چال چلی ن لیگ کو تباہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ ن کے سربراہ شیخ رشید نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوروں،ڈاکوؤں،لٹیروں نےغریب کی زندگی عذاب بنادی ہے، خان صاحب کوفون پرکہاہےکہ ہمیں فیصلہ کرناہے، آرکرنا ہے یا پار کرنا ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میرےگھرمیں ڈکیتی ڈالی گئی ہے، ناتوارکی شام تک کی مہلت دیتا ہوں، جو ڈاکو پولیس کے روپ میں میرے گھر سے چیزیں لیکر گئے واپس کردیں ، اتوار کی شام تک چیزیں واپس کردیں ورنہ پرچہ کروں گا۔

    جیل کا احوال بتاتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ میرے ساتھ زیادتی نہیں کی گئی بس دو راتیں جگائے رکھا، بلو کیلئے 2 راتیں بھی قربان ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس میں بولی لگا کر ان کی حکومت آئی ، اگرسندھ ہاؤس میں بولی نہ لگتی تومیں سمجھ جاتا۔

    آصف زرداری کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ رشتے داروں کا گروپ گینگ آف فائیو سب سے بڑا سیاسی ڈاکوآصف زرداری ہے ، آصف زرداری نے چال چلی ن لیگ کو تباہ کردیا۔

    بلاول کے دوروں سے متعلق سابق وزیر کا کہنا تھا کہ بلورانی پاکستان ہی نہیں آرہی کیونکہ میں یہاں ہوں، وہ ایسےایسےملک جارہاہےجس کا نقشے پر دیکھنا پڑتا ہےوہ ملک کہاں ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ رات کےاندھیرے میں لال حویلی پرقبضہ کرنےکی کوشش کی گئی، لال حویلی ان کا باپ بھی مجھ سےنہیں چھین سکتا۔

    شیخ رشید نے انکشاف کیا کہ جیل میں اہم لوگوں سے بات چیت ہوئی ہے، میں نےکہا جب تک عمران خان چوروں کےسامنے ڈٹا ہے میں ساتھ ہوں، جس موت کی چکی میں فواد چوہدری رہ کرآیامیں بھی وہیں سے آیا ہوں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہرجمعہ کو3بجےہم قوم سےخطاب کریں گے،کل میں لاہورجارہاہوں، یہ الیکشن میں عمران خان کامقابلہ نہیں کر سکتے ، ان کو بڑی تکلیف ہے یہ عمران خان کا راستہ روکنا چاہتےہیں، یہ عمران خان کو نااہل، مرکز اورصوبےمیں اکٹھے الیکشن چاہتے ہیں ، میں کل خان صاحب سےملاقات میں بات کروں گا۔

    آئی ایم سے معاہدے کے حوالے سے سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ آئی ایم ایف کیساتھ معاہدہ ہونے کے باوجود ڈیفالٹ ہونے کا خطرہ ہے، ڈیفالٹ سے بچنے کا ایک ہی طریقہ ہے شفاف الیکشن کرائے جائیں۔

  • پنجاب اسمبلی تحلیل کی سمری، پی ڈی ایم میں کھلبلی مچ گئی

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے اسمبلی تحلیل کی سمری بھجوادی جس کے بعد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں کھلبلی مچ گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں پنجاب کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کرکے ان کی خیریت دریافت کی، اس دوران ملکی سیاسی صورتحال، معاشی معاملات اور آئندہ عام انتخابات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ مسلم لیگ ن نے نواز شریف کو الیکشن میں جانے کا مشورہ دیا اور مریم نواز کی چند روز میں پاکستان واپسی کا امکان ہے۔

     

    عام انتخابات کی راہ ہموارکرنے کیلئےعمران خان کی پی ڈی ایم

    کیخلاف پیش قدمی

    دوسری جانب عام انتخابات کی راہ ہموار کرنے کے لیے عمران خان کی پی ڈی ایم کے خلاف پیش قدمی جاری ہے، پنجاب اور کے پی کے بعد عمران خان اسلام آباد میں میدان سجانے کو تیار ہیں۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان نے قومی اسمبلی سے استعفوں کی منظوری کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی ہے، پی ٹی آئی رہنما استعفوں کی منظوری کی حکمت عملی تیار کریں گے۔

    تحریک انصاف رہنما اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطے کریں گے اور ان کے سامنے پیش ہوکر استعفوں کی منظوری کا مطالبہ کریں گے۔

  • مہنگائی نے دماغ خراب کر دیا ہے مگر … خالد انعم کی دلچسپ پوسٹ

    مہنگائی نے دماغ خراب کر دیا ہے مگر … خالد انعم کی دلچسپ پوسٹ

    کراچی: پاکستانی فلم اور ڈراما اداکار اور گلوکار خالد انعم اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر سیاسی پوسٹیں‌ کرتے رہتے ہیں، انسٹاگرام پر اپنے حالیہ پوسٹ میں انھوں‌ نے موجودہ حکومت کی مہنگائی اور اپوزیشن رہنماؤں کا دل چسپ موازنہ کیا۔

    خالد انعم نے انسٹاگرام پر لکھا مہنگائی نے دماغ خراب کر دیا ہے مگر اتنا بھی نہیں کہ زرداری، شہباز یا فضل الرحمان مسیحا لگنے لگیں۔

    اپنے ایک ٹویٹر پوسٹ میں بھی اداکار اور گلوکار نے اپوزیشن پر سخت تنقید کی، اور پاکستانی سیاست میں ہلچل مچانے والے سندھ ہاؤس واقعے کو ہدف بنایا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Khaled Anam (@khaled_anam)

    انھوں نے لکھا ‘پاکستانی سیاسی ٹین ڈبوں کا سفر… چھانگا مانگا کے کباڑ خانے سے سندھ ہاؤس تک … اپلے کو دن میں پانچ بار بھی دھو لو مگر وہ اپلا ہی رہتا ہے۔’

    اس پوسٹ میں انھوں نے ان حکومتی اسمبلی ارکان کی تصاویر بھی پوسٹ کیں، جو سندھ ہاؤس میں چھپے ہوئے تھے۔

    ایک اور پوسٹ میں خالد انعم نے علامہ اقبال کے مصرع سے بھی کام لیا، اور لکھا کہ ‘ضمیر فروش سیاست دانوں کی نماز بقول اقبال، تیرا دل تو ہے صنم آشنا تجھے کیا ملے گا نماز میں۔’

  • سینیٹ انتخاب : نوازشریف نے زرداری کو  یوسف رضاگیلانی کی مکمل حمایت کا یقین دلا دیا

    سینیٹ انتخاب : نوازشریف نے زرداری کو یوسف رضاگیلانی کی مکمل حمایت کا یقین دلا دیا

    کراچی:سابق صدر آصف زرداری نے نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا ، جس میں نوازشریف نے زرداری کو یوسف رضاگیلانی کی مکمل حمایت کا یقین دلا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری سینیٹ امیدوار یوسف رضا گیلانی کو کامیاب کرانے کیلیے متحرک ہیں ، اس سلسلے میں آصف علی زرداری اور نوازشریف کےدرمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ، جس میں دونوں رہنماؤں نے پی ڈی ایم پلیٹ فارم پرسینیٹ انتخابات سےمتعلق گفتگو کی۔

    ٹیلی فونک رابطے میں نواز شریف نے سینیٹ انتخاب میں یوسف رضاگیلانی کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

    دوسری جانب آصف علی زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو ٹیلی فون کیا ، گفتگو میں سیاسی صورت حال ،سینٹ الیکشن اور لانگ مارچ پرتبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں رہنماؤں میں خیبر کے پی و دیگر صوبوں سے سینیٹ امیدواروں پر مشاورت ہوئی۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان لانگ مارچ کےطریقہ کار اور حکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی اور یوسف رضا گیلانی کی انتخابی مہم کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی۔

    یاد رہے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے نبیل گبول نے کہا تھا کہ یوسف رضاگیلانی نے پہلے ‏فیصلہ کیا تھا سینیٹ الیکشن نہیں لڑیں گے کیونکہ وہ سمجھتےتھےوہ ہارگئےتو ان کی سیاست کونقصان ہوگا، ‏یوسف رضاگیلانی کوآصف زرداری نےضمانت دی کہ آپ جیتیں گے ان کو زیادہ ووٹ ملیں گے۔

  • عوام کو زرداری کی ضمانت میں نہیں، لوٹا گیا اربوں روپے واپس لانے میں دلچسپی ہے: فواد چوہدری

    عوام کو زرداری کی ضمانت میں نہیں، لوٹا گیا اربوں روپے واپس لانے میں دلچسپی ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی ضمانت اہم نہیں ہے، عوام کی اصل دلچسپی اس میں ہے کہ ان دونوں سے لوٹا گیا اربوں روپیہ کیسے واپس آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کی ضمانت سے ملکی سیاست پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی طرح آصف زرداری کیس میں فیصلہ اپلائی ہوا۔ سوال یہ ہے کہ پاکستان کو لوٹنے والوں سے پیسہ کیسے لایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی ضمانت اہم نہیں ہے، دونوں کا پاکستان کے سیاسی مستقبل میں کردار ختم ہوچکا ہے۔ عوام کی اصل دلچسپی یہ ہے کہ ان سے ریکوری کی کیا صورت بنے گی۔

    فواد چوہدری نے مزید کہا کہ عوام کی دلچسپی اس میں ہے کہ لوٹا گیا اربوں روپیہ کیسے واپس آئے گا۔

    خیال رہے کہ سابق صدر آصف زرداری کی آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت منظور کرلی گئی ہے۔

    عدالت نے طبی بنیادوں پر ان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 1، 1 کروڑ روپے کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔