Tag: زرد بخار

  • زرد بخار (یلو فیور) : مچھروں سے پھیلنے والا خطرناک مرض

    زرد بخار (یلو فیور) : مچھروں سے پھیلنے والا خطرناک مرض

    زرد بخار ایک مہلک بیماری ہے جو ایڈیس ایجپٹائی نامی مچھر کے کاٹنے سے ہوتی ہے۔ اسے زرد بخار کا نام دیا گیا ہے کیونکہ یہ انتہائی درجے کے بخار کے ساتھ مریضوں میں یرقان کا سبب بھی بنتی ہے۔

    زرد بخار کی یہ بیماری عام طور پر افریقی اور کچھ جنوبی امریکی ممالک میں بھی پائی جاتی ہے، یہ بخار ایک طرح کے وائرس سے پیدا ہوتا ہے جو بندر سے انسان تک مچھر کے ذریعے پہنچ سکتا ہے۔

    عالمی صحت کے ماہرین نے زرد بخار (یلو فیور) کو مچھروں سے پھیلنے والی ایک مہلک بیماری قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ عالمی وبا کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔

    این پی جے وائرسز نامی جریدے میں شائع ہونے والی حالیہ تحقیق میں کہا گیا ہے کہ  یہ بیماری ‘ایڈیس ایجپٹی’ اور ‘ہیماگوگس’ قسم کے مچھروں سے پھیلتی ہے جو اندرونی خون رسانی کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔

    شہروں میں آبادی کے بے ہنگم پھیلاؤ اور بین الاقوامی سفر میں اضافہ اس کے پھیلاؤ کی بڑی وجوہات ہیں۔

    Yellow fever

    زرد بخار کی علامات :

    زرد بخار کی علامات میں ابتدائی طور پر تیز بخار، کپکپی، پٹھوں میں درد اور شدید تھکاوٹ کا احساس کمر، ٹانگوں سر اور آنکھوں میں درد ہوتا ہے ابتدائی طور پر یہ حالت تین دن تک رہتی ہے پھر منہ سرخ ہو جاتا ہے۔

    دیگر علامات میں کھال خشک ہو کر پیلی پڑ جاتی ہے، قے میں خون آنے لگتا ہے پیشاب گرم ہو کر گاڑھا پڑ جاتا ہے، نبض کی رفتار بہت تیز ہو جاتی ہے، بخار دو تین دن بعد اترنے لگتا ہے۔ تاہم گردوں اور دل کے افعال میں خرابی سے موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں اس بخار کے سالانہ تقریباً 2لاکھ کیسز رپورٹ ہوتے ہیں اور ہر سال 30ہزار اموات واقع ہوتی ہیں۔ اس بخار کی شرح اموات 7.5فیصد سے 50فیصد تک ہوسکتی ہے۔

    ایڈیس ایجپٹائی نامی مچھر کی پہچان یہ ہے کہ اس کی ٹانگوں پر سیاہ و سفید دھاری دار نشانات اور سینے پر لیٹر "لائرا” کی شکل کا نشان پایا جاتا ہے یہ مچھر زیادہ تر شہری علاقوں میں پایا جاتا ہے۔

    عالمی ادارہ صحت کے مطابق ویکسینیشن ہی اس بیماری سے بچاؤ کا واحد اور مؤثر ذریعہ ہے، ماہرین صحت نے تمام ممالک سے اس وائرس کی نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے اور عوامی آگاہی مہم چلانے کی اپیل کی ہے۔

  • زرد بخارسے درجنوں ہلاک، ملک میں ایمرجنسی نافذ

    زرد بخارسے درجنوں ہلاک، ملک میں ایمرجنسی نافذ

    برازیلیا: برازیل کے صوبے میناس گیراس میں زرد  بخار سے متاثر ہوکر اب تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 47 تک جا پہنچی، حکومت نے وبا کی روک تھام اور ہنگامی اقدمات کے لیے پورے ملک میں  ایمرجنسی نافذ کردی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق برازیل کے صوبے میناس گیراس میں دوہفتوں کے دوران زرد بخار کی وبا مزید شدت اختیار کرگئی جس کے باعث اب تک 47 افراد ہلاک جبکہ سیکڑوں افراد متاثر ہوئے۔

    برازیلین حکومت نے تیزی سے پھیلتی وبا کو قابو میں کرنے اور متاثرین کو بہترین علاج و معالجہ فراہم کرنے کے لیے پورے ملک میں 180 روز کے لیے ہنگامی حالت کا اعلان کردیا۔

    حکومت کی جانب سے ایمرجنسی کا اعلان ہونے کے بعد اسپتالوں میں ضروری ادویات اور حفاظتی ٹیکوں کی ترسیل تیز کردی گئی اور ڈاکٹرز سمیت تمام طلبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے انہیں 24 گھنٹے ڈیوٹی پر حاضر رہنے کی ہدایت کردی گئی۔