Tag: زرعی پیداوار

  • کرونا وائرس: زرعی پیداوار بھی متاثر ہونے کا خدشہ

    کرونا وائرس: زرعی پیداوار بھی متاثر ہونے کا خدشہ

    اسلام آباد: کرونا وائرس نے زرعی شعبے کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی، وبا کی وجہ سے فوڈ چین اور زرعی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل پروڈکٹوٹی آرگنائزیشن (این پی او) پاکستان نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے فوڈ چین متاثر ہورہی ہے اور اس سے اجناس کے دام گرنے کا خدشہ ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ فصل کی کم قیمت ملنے سے کسان کی بدحالی میں مزید اضافہ ہوگا، آئندہ زرعی پیداوار بھی متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

    این پی او کا کہنا ہے کہ کم پیداوار سے خوراک کی قیمتیں آسمان کو پہنچنے کا خدشہ ہے، حکومت کسانوں کے لیے پیکج کا اعلان کرے۔

    دوسری جانب ملک میں ٹڈی دل کے حملے بھی جاری ہیں جس سے فصلوں کو بے تحاشہ نقصان پہنچا ہے۔

    ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ٹڈی دل نے اربوں روپے مالیت کی فصلیں تباہ کردی ہیں، ٹڈی دل حملے پر قابو پانے کے لیے مناسب حکمت عملی کا فقدان ہے۔

  • زرعی پیداوار میں جینیاتی تبدیلیوں سے کینسر پھیل سکتا ہے: سیکریٹری فوڈ ریسرچ

    زرعی پیداوار میں جینیاتی تبدیلیوں سے کینسر پھیل سکتا ہے: سیکریٹری فوڈ ریسرچ

    اسلام آباد: سیکریٹری فوڈ ریسرچ ہاشم پوپلزئی نے کہا ہے کہ زرعی پیداوار میں جینیاتی تبدیلیوں سے کینسر پھیل سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے غذائی تحفظ کا راؤ اجمل کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں زرعی پیداوار کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بحث کی گئی۔

    چیئرمین کمیٹی راؤ اجمل نے کہا کہ زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال روکا جا رہا ہے، دنیا بھر میں جینیٹک موڈیفائیڈ فصلیں کاشت کی جا رہی ہیں۔

    چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ یہ قائمہ کمیٹی غذائی تحفظ اور ملکی کاشت کاروں کی جنگ لڑ رہی ہے۔

    اجلاس میں وفاقی سیکریٹری وزارتِ غذائی تحفظ ہاشم پوپلزئی نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دی، انھوں نے کہا کہ جینیٹک موڈیفائیڈ فصلوں کی کاشت پر کچھ تحفظات ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  جدید ٹیکنالوجی خصوصاً زراعت میں چین کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں: شاہ محمود

    سیکریٹری فوڈریسرچ کا کہنا تھا کہ جی ایم ٹیکنالوجی کے استعمال سے کینسر پھیل سکتا ہے، جی ایم ٹیکنالوجی میں استعمال ہونے والی پیسٹی سائیڈ کینسر کا سبب بنتی ہیں۔

    ہاشم پوپلزئی نے بریفنگ میں بتایا کہ اگر ہم زرعی پیداوار کے لیے جی ایم ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں گے تو اس سے ہماری ایکسپورٹ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اسٹیک ہولڈرز سے بھی مشاورت کی ہے، اب جی ایم ٹیکنالوجی کے معاملے پر وزیر اعظم سے ہدایات کا انتظار ہے۔