Tag: زلزلہ

  • برطانیہ کا افغانستان کو ایک ملین پاؤنڈز کی امداد بھیجنے کا اعلان

    برطانیہ کا افغانستان کو ایک ملین پاؤنڈز کی امداد بھیجنے کا اعلان

    لندن (02 ستمبر 2025): برطانیہ نے افغانستان زلزلہ متاثرین کو ایک ملین پاؤنڈز کی امداد بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

    برطانیہ کی حکومت نے پیر کی شام افغانستان میں ہلاکت خیز زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے ایک ملین پاؤنڈ کے ہنگامی پیکج کا اعلان کیا ہے، تاکہ اقوام متحدہ کی پاپولیشن فنڈ (UNFPA) کی امدادی کوششوں کو سہارا فراہم کیا جا سکے، اس امداد میں موبائل ہیلتھ ٹیمیں، ایمرجنسی ہیلتھ کِٹس، اور بے گھر لوگوں کے لیے پناہ گاہیں شامل ہیں۔

    اقوام متحدہ کی ٹیمیں سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ کنڑ میں موجودہ اسپتالوں اور کلینکس پر زچگی کی صحت کی دیکھ بھال اور نفسیاتی مدد بھی فراہم کریں گی۔

    افغانستان زلزلہ

    اتوار کی شب مشرقی افغانستان میں مہلک زلزلہ آیا، جس نے صوبہ کنڑ اور ننگرہار میں سیکڑوں افراد کی جان لے لی ہے، جب کہ ہزاروں زخمی اور بے گھر ہو گئے ہیں، طالبان حکومت کے مطابق زلزلے میں 800 سے زائد افراد کی زندگیاں تلف ہو گئی ہیں۔ حکومت نے اقوام عالم سے امداد کی اپیل بھی کی ہے۔

    افغانستان میں زلزلہ، 800 افراد جاں بحق

    زلزلے کے بعد بین الاقوامی تنظیموں اور انسانی امدادی اداروں نے فوری امداد کے لیے وسائل متحرک کر دیے ہیں، جن میں خوراک، صاف پانی، طبی سہولیات، اور عارضی رہائش شامل ہیں۔ دنیا بھر کے رہنماؤں اور ممالک نے متاثرین سے اظہارِ تعزیت کیا ہے، اور متعدد ممالک نے افغانستان کو اس آفت کے بعد سنبھلنے میں مدد دینے کے لیے اضافی انسانی امداد دینے کا وعدہ کیا ہے۔

    افغان حکومت کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متعدد گاؤں مکمل تباہ ہو گئے ہیں، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کے باعث لوگوں کو ریسکیو کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے زلزلہ متاثرین سے ہمدردی اور افغان عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہے، اور ان کی 20 ٹیمیں مختلف علاقوں میں کام کر رہی ہیں۔

  • چلی میں 7.5 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ سینٹر کا بیان سامنے آگیا

    چلی میں 7.5 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ سینٹر کا بیان سامنے آگیا

    چلی کے انٹارکٹک ریجن میں گزشتہ روز 7.5 شدت کا زلزلہ آیا، جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے چلی کے ساحلی علاقوں کے لیے اپنی مختصر وارننگ میں کہا کہ جمعرات کو جنوبی امریکا اور انٹارکٹیکا کے درمیان ڈریک پیسیج میں 7.5 کی شدت کے زلزلے کے بعد سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

    رپورٹس کے مطابق امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کا کہنا ہے کہ زلزلہ ارجنٹائن کے شہر یوشوایا کے جنوب مشرق میں 700 کلومیٹر (435 میل) سے زیادہ کے فاصلے پر آیا جس کی آبادی تقریباً 57,000 ہے۔

    دوسری طرف یورپی زلزلہ پیما مرکز کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ میانمار اور بھارت کی سرحد کے قریب 5.6 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔

    ترکیہ میں شدید زلزلہ، متعدد عمارتیں منہدم

    استنبول: ترکیہ میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جن کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی ہے، متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں۔

    ترک میڈیا رپورٹ کے مطابق زلزلہ استنبول کے قریب واقع بالی سیر صوبے میں آیا، ترکیہ میں شدید زلزلے کی وجہ سے متعدد عمارتیں گر گئیں جبکہ بچ جانے والی عمارتوں کی دیواروں میں دراڑیں پڑگئیں۔

    زلزلے کی شدت محسوس کرکے لوگ خوف کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے، استنبول، ازمیر سمیت کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکوں سے زلزلے کے مرکز سندرگی میں تقریباً 10عمارتیں منہدم ہوگئیں۔

    امریکی ریاست الاسکا میں 7.3 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری

    ترک میڈیا رپورٹ کے مطابق سندرگی کے مرکز میں 3منزلہ عمارت بھی گرگئی، گولک کے قریبی گاؤں میں بھی کئی مکانات منہدم ہوگئے، زلزلے کے بعد 3سے4.6شدت کے آفٹر شاکس بھی آئے۔

    وزیر صحت ترکیہ نے بتایا کہ عمارتیں گرنے سے زخمی ہونے والے 4افراد کو طبی امداد کیلیے اسپتال لایا گیا ہے، ریسکیو آپریشن جاری ہے، امید ہے کوئی جانی نقصان نہ ہوا ہو۔

  • روس میں 8.8 شدت کے ہولناک زلزلے نے تباہی مچا دی، امریکا، چین، جاپان میں سونامی وارننگ جاری

    روس میں 8.8 شدت کے ہولناک زلزلے نے تباہی مچا دی، امریکا، چین، جاپان میں سونامی وارننگ جاری

    ماسکو (30 جولائی 2025): روس میں 8.8 شدت کے ہولناک زلزلے نے تباہی مچا دی ہے، جس کے بعد امریکا، چین، جاپان اور دیگر ملکوں میں سونامی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔

    امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق روس کے مشرقی ساحل کے قریب علاقے کمچاٹکا (Kamchatka) میں 8.8 شدت کا ہولناک زلزلہ آیا ہے، جس کے بعد سونامی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

    زلزلے نے تباہی مچا دی ہے، متعدد گھر منہدم ہو گئے، جب کہ عمارتیں لرز گئیں، روس کے مشرقی علاقے سے 3 سے 4 میٹر لہریں ٹکرا گئیں جس سے مختلف علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ کمچاٹکا کے گورنر نے کہا کہ یہ زلزلہ دہائیوں میں آنے والا سب سے زیادہ طاقت ور تھا، نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    کمچاٹکا میں شدید زلزلے کے بعد روس کے ساتھ امریکا، چین، جاپان، فلپائن، ایکواڈور اور دیگر ممالک میں بھی سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ جاپان کے مختلف علاقوں میں سونامی کی لہروں کے بعد سائرن بجائے گئے، جزیرے ہوکیڈوں سے سونامی کی لہریں ٹکرائیں، اور ٹوکیو میں بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا۔


    صدر ٹرمپ اور صدر پیوٹن کی سیکیورٹی ٹیموں نے اچانک بڑی تبدیلیاں کر دیں


    جاپان کا نیوکلیئر پلانٹ خالی کروا لیا گیا ہے، جاپانی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، لوگ ہدایت پر عمل کریں، امریکی ریاست ہوائی میں بھی لوگوں کو ساحلی علاقے خالی کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے جب کہ جزیرہ اوواہو کو فوری طور خالی کر دیا گیا ہے، ہوائی کے گورنر نے کہا صورت حال سنگین ہے لوگ اس کو سنجیدگی سے لیں اور اونچے مقامات پر پناہ لیں، کیوں کہ 10 فٹ اونچی لہریں ٹکرانے کا امکان ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہوائی میں سونامی سے خبردار کر دیا ہے، چین کے مشرقی صوبے میں بھی سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ امریکی سونامی وارننگ سینٹر نے ایکدواڈور کو بھی خبردار کیا کہ 10 فٹ اونچی لہریں ایکواڈور سے ٹکرا سکتی ہیں۔

  • امریکی ریاست الاسکا میں 7.3 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری

    امریکی ریاست الاسکا میں 7.3 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری

    الاسکا: امریکی ریاست الاسکا میں 7.3 شدت کا زلزلہ آ گیا ہے، جس کے بعد سونامی وارننگ جاری کر دی گئی۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق الاسکا زلزلہ مرکز نے بتایا کہ زلزلے کی ابتدائی شدت 7.3 تھی جو مقامی وقت کے مطابق رات 12:37 پر پاپوف جزیرے پر آیا، مرکز نے بتایا کہ پہلے تین گھنٹوں کے اندر 40 آفٹر شاکس آئے۔

    زلزلے کے بعد الاسکا کے مختلف حصوں میں سونامی وارننگ جاری کی گئی تاہم بعد ازاں وارننگ واپس لی گئی، جرمن ریسرچ سینٹر کے مطابق زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

    زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ سینڈ پوائنٹ میں زلزلے سے پیدا ہونے والی پانی کی بلند ترین سطح جوار سے خطرناک حد تک بلند نہیں تھی، سینڈ پوائنٹ کے پولیس چیف نے بتایا کہ ایئرپورٹ اور بندرگاہ پر کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔


    امریکی شہر نیویارک میں بارش کا 117 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا


    اُنالاسکا میں ہزاروں ماہی گیروں کی آبادی کو حکام نے ہدایت کی کہ وہ سیلاب کے ممکنہ علاقوں سے سطح سمندر سے کم از کم 50 فٹ یا اندرون ملک 1 میل (1.6 کلومیٹر) اوپر منتقل ہو جائیں۔

    نیشنل ویدر سروس نے سوشل میڈیا پر پوسٹس میں کہا کہ شمالی امریکا میں دیگر امریکی اور کینیڈا کے پیسفک ساحلوں بشمول واشنگٹن، اوریگون اور کیلیفورنیا کے لیے سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

  • توکارا جزائر میں 21 جون سے اب تک 1800 سے زائد بار زلزلہ

    توکارا جزائر میں 21 جون سے اب تک 1800 سے زائد بار زلزلہ

    جاپان 12 جولائی 2025: جنوب مغربی جاپان کے کاگوشیما پریفیکچر میں توکارا جزائر کے نزدیکی علاقوں میں حکام کی جانب سے مزید زلزلوں کی وارننگ جاری کی گئی ہے، اس خطے میں حالیہ ہفتوں کے دوران 1800 سے زائد زلزلہ آچکا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق موسمیاتی ایجنسی کی جانب سے لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فی الحال اُن جھٹکوں کے حوالے سے محتاط رہیں جن کی شدت صفر سے سات تک کے جاپانی زلزلہ پیما پر زیریں 6 تک کے لگ بھگ ہو سکتی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق توشیما گاؤں کے حکام کی جانب سے اس بات پر غور کیا جارہا ہے کہ ’آکُو سے کی جیما‘ اور ’کوداکارا جمیا‘ جزائر سے انخلا کرنے والے افراد کب اپنے گھروں کو لوٹ سکتے ہیں۔

    اگر مسلسل پانچ دنوں تک 4 یا اس سے زیادہ شدت کا زلزلہ نہ آیا تو وہ 17 جولائی تک فیصلہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ حکام کی جانب سے دونوں جزائر میں رہ جانے والوں کی امداد کے لیے نرسوں کو روانہ کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ آکُو سے کی جیما میں تین جولائی کو ایک طاقتور زلزلہ آیا تھا جس کی شدت جاپانی زلزلہ پیما پر 6 ریکارڈ کی گئی تھی۔ یہ 21 جون سے شروع ہونے والے زلزلوں کے سلسلے کا سب سے بڑا زلزلہ تھا۔

    مذکورہ علاقے میں 2021 اور 2023 کے درمیان متعدد بار زلزلہ آچکا ہے، تاہم حالیہ سلسلے کے زلزلوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔

    دوسری جانب جاپان نے ممکنہ ’میگا زلزلے‘ کیلئے ابھی سے تیاری کرلی ہے، امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ اس زلزلے میں کم ازکم ہلاکتیں بھی 3لاکھ کے قریب ہوسکتی ہیں۔

    میانمار زلزلے کے بعد ناسا سائنسدانوں کا ہولناک انکشاف

    جیسے جیسے جاپان مین تباہ کن‘میگا زلزلے’کے امکانات کے حوالے سے تشویش بڑھ رہی ہے، جاپانی حکومت نے اپنے زلزلے کی تیاری کے منصوبے کو اپ ڈیٹ کرنے کا اعلان کیا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ نانکائی ٹروف میں ایک طاقتور زلزلے کے بڑھتے ہوئے خطرے سے خبردار کیا گیا ہے۔

    حکومتی پینل کے مطابق، اب اگلے 30 سالوں میں نانکائی ٹروف میں 7 ریکٹر اسکیل یا اس سے زیادہ کی شدت کے زلزلے کے 82 فیصد امکانات ہیں اور خطرناک بات یہ ہے کہ یہ پچھلے تخمینہ 75 فیصد سے زیادہ ہے۔

  • دہلی میں شدید زلزلہ، عمارتیں لرز اُٹھیں

    دہلی میں شدید زلزلہ، عمارتیں لرز اُٹھیں

    بھارت کے دہلی اور این سی آر کے علاقوں میں آج صبح شدید زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آج صبح بارش کے دوران زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، نیشنل سینٹر فار سسمولوجی کا کہنا ہے کہ زلزلہ صبح 9 بج کر 4 منٹ پر آیا اور اس کی شدت تقریباً 4.4 ریکارڈ کی گئی۔

    رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے دہلی، نوئیڈا، غازی آباد اور قریبی علاقوں میں تقریباً 10 سیکنڈ تک محسوس کیے گئے، جب کہ مغربی اترپردیش کے مظفرنگر سمیت دیگر شہروں میں بھی اس کے اثرات سامنے آئے۔

    زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لوگ خوف زدہ ہو کر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ متعدد لوگوں نے سوشل میڈیا پر اپنے تجربات شیئر کیے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ متعلقہ محکمے صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ زلزلے کی شدت درمیانے درجے کی تھی، اس لیے ممکنہ طور پر اس سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا، تاہم شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل بھی بھارتی ریاست اتراکھنڈ اترکاشی میں زلزلہ محسوس کیا گیا تھا، جس کے سبب مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ کی تصدیق آفات کنٹرول روم کی جانب سے کی گئی، کنٹرول روم کے مطابق زلزلہ کا مرکز زمین سے 5 کلومیٹر نیچے تھا۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی۔

    کراچی میں چند دنوں میں ریکارڈ 57 بار زلزلہ کیوں آیا؟ چونکا دینے والا انکشاف

    قومی زلزلہ سائنس مرکز نے بھی سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر اطلاع دی کہ بھارتی ریاست اتراکھنڈ اترکاشی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے کے جھٹکے آتے ہی لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔

  • بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں زلزلہ، لوگوں میں خوف و ہراس

    بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں زلزلہ، لوگوں میں خوف و ہراس

    بھارتی ریاست اتراکھنڈ اترکاشی میں زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کے سبب مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ کی تصدیق آفات کنٹرول روم کی جانب سے کی گئی، کنٹرول روم کے مطابق زلزلہ کا مرکز زمین سے 5 کلومیٹر نیچے تھا۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی۔

    قومی زلزلہ سائنس مرکز نے بھی سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر اطلاع دی کہ بھارتی ریاست اتراکھنڈ اترکاشی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے کے جھٹکے آتے ہی لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ فی الحال کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

    الموڑا کے علاقے میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے کیے گئے تھے، جس کی شدت 3.4 ریکارڈ کی گئی تھی اور وہ بھی زمین کے 5 کلومیٹر نیچے آیا تھا۔

    ایران کے شمال میں ایک بار پھر زلزلہ

    اس سے قبل یکم جون کو اتر پردیش کے میرٹھ ضلع میں بھی صبح کے وقت زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ کی شدت ریکٹر اسکیل پر 2.7 ریکارڈ کی گئی تھی۔

    نیشنل سنٹر فار سسمولوجی (این سی ایس) کے مطابق زلزلہ کا مرکز میرٹھ ضلع کے آس پاس والے علاقہ میں تھا۔

  • بلوچستان میں 5.5 شدت کے زلزلے کے جھٹکے، عوام میں خوف و ہراس

    بلوچستان میں 5.5 شدت کے زلزلے کے جھٹکے، عوام میں خوف و ہراس

    بلوچستان کے علاقہ بارکھان میں صبح سویرے زلزلہ سے زمین کانپ اٹھی، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ساڑھے تین بجے بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں 5.5 شدت کا زلزلہ آیا، زلزلے کا مرکز ڈیرہ غازی خان سے تقریباً 80 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا۔

    مقامی انتظامیہ نے تصدیق کی کہ زلزلے کے جھٹکوں نے راشام کے علاقے میں زمینی نقصان پہنچایا، جہاں دو مکانات گر گئے اور پانچ دیگر مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے، واقعے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حکام نے بتایا کہ فی الحال نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دی گئی ہیں تاکہ امداد فراہم کی جا سکے اور نقصانات کا اندازہ لگایا جا سکے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل 12 اپریل کو اسلام آباد اور خیبرپختونخوا (کے پی) کے شہروں میں ریکٹر اسکیل پر 5.5 کی شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    نیشنل اسیسمک مانیٹرنگ سینٹر (این ایس ایم سی) کا کہنا تھا کہ اسلام آباد، راولپنڈی سوات، مانسہرہ، صوابی، مردان، لکی مروت اور کے پی کے دیگر شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

  • کراچی میں قائد آباد اور اطراف کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

    کراچی میں قائد آباد اور اطراف کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

    کراچی کے علاقے قائد آباد اور اطراف کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، جس کے سبب شہری خوف زدہ ہوگئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق کراچی میں زلزلے کے جھٹکے 3 بجکر 14 منٹ پر محسوس کئے گئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلہ کی شدت 3 ریکارڈ کی گئی۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلہ کی گہرائی 8 کلومیٹر، مرکز ملیر تھا۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ کوئٹہ میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے، جس کے سبب عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا تھا کہ شہر اور گردونواح میں 2.8 شدت کا زلزلہ آیا، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی گہرائی 23 کلومیٹرتھی جبکہ مرکز کوئٹہ سے 75 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔

    زلزلے کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے تاہم فی الحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

    یاد رہے کراچی میں قائد آباد اور ملیر کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔

    جاپان کے ساحلی علاقے میں 6.1 شدت کا زلزلہ آ گیا

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا تھا کہ زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی، زلزلہ ملیر اور اطراف کے ایک کلو میٹر علاقے میں آیا۔

  • ایران کے شمال میں ایک بار پھر زلزلہ

    ایران کے شمال میں ایک بار پھر زلزلہ

    ایران اسرائیل جنگ کے دوران شمالی ایران میں ایک بار پھر زلزلہ محسوس کیا گیا ہے، جس کے سبب شہری خوفزدہ ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ شب ایران کے صوبہ سمنان کے جنوبی مغربی علاقے سورکھیا میں 5.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    یو ایس جی ایس کا کہنا ہے کہ سمنان کے جنوب مغرب میں تقریباً 37 کلومیٹر (23 میل) دور 10 کلومیٹر (6 میل) کی گہرائی میں زلزلہ آیا۔

    ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق زلزلہ 20 جون کو مقامی وقت کے مطابق رات 9:19 پر آیا۔ تاہم زلزلے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت تہران میں بھی محسوس کیے گئے جو سورکھیا سے تقریباً 150 کلومیٹر (90 میل) دور ہے۔

    جاپان میں زلزلہ:

    قبل ازیں جاپان کے ساحلی علاقے ہوکائیڈو میں 6.0 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا تھا۔

    جاپانی میڈیا کے مطابق جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے بتایا کہ جمعرات کو مشرقی ہوکائیڈو میں نیمورو جزیرہ نما کے قریب 6.1 شدت کا زلزلہ آیا ہے۔

    جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق زلزلہ بدھ کو مقامی وقت کے مطابق صبح 8:08 بجے نیمورو جزیرہ نما کے جنوب مشرقی ساحل پر اتھلی گہرائی میں آیا۔

    جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق زلزلے کا مرکز 42.8 ڈگری شمال طول بلد اور 146.4 درجے مشرق کی طول بلد پر واقع تھا۔

    ایجنسی نے بتایا کہ زلزلہ ہوکائیڈو کے ساحل پر لہروں میں 20 سینٹی میٹر سے بھی کم سطح کی تبدیلی کا سبب بن سکتا ہے، اس لیے نقصان کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے، جب کہ زلزلہ کی شدت کا پیمانہ زیادہ سے زیادہ 7 میں سے 4 رہا۔

    نوبل پرائز صرف لبرلز کو ملتا ہے یہ مجھے نہیں دیں گے، ٹرمپ

    زلزلہ کی شدت کا پیمانہ کسی خاص مقام پر زمین کے ہلنے کی ڈگری کی پیمائش کرتا ہے۔ 4 کی شدت میں گھر میں لٹکی چیزیں جھولنے لگتی ہیں اور شیلف پر پڑی چیزیں گر سکتی ہیں۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.9 تھی۔ زخمیوں یا انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے، سونامی کی وارننگ بھی جاری نہیں کی گئی۔