Tag: زلزلہ متاثرین

  • ورلڈکپ کھیلنے میں مصروف راشد خان ںے زلزلہ متاثرین کے لیے اہم فیصلہ کرلیا

    ورلڈکپ کھیلنے میں مصروف راشد خان ںے زلزلہ متاثرین کے لیے اہم فیصلہ کرلیا

    آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کھیلنے میں مصروف افغانستان کے آل راؤنڈر راشد خان نے ہفتے کی صبح اپنے ملک میں آنے والے زلزلے سے متاثرہ لوگوں کے لیے اہم اعلان کیا ہے۔

    زلزلے کے بعد کی تباہ کن صورتحال پر افغان بولر راشد خان نہ صرف بہت رنجیدہ ہیں بلکہ انھوں نے ورلڈکپ کی اپنی میچ فیس زلزلہ متاثرین کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر زلزلے کی دلخراش تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں نے افغانستان کے مغربی صوبوں (ہرات، فراہ اور بادغیس) میں آنے والے زلزلے کے المناک نتائج کے بارے میں سنا جس کا مجھے بے حد افسوس ہے’۔

    افغان پلیئر نے لکھا کہ ’کرکٹ ورلڈکپ کی اپنی تمام میچ فیس متاثرین کے لیے عطیہ کر رہا ہوں، جلد ہی ہم ان لوگوں سے رابطہ کرنے کے لیے ایک فنڈ ریزنگ مہم شروع کریں گے جس سے ضرورت مندوں کی مدد کی جائے گی‘۔

    پاکستان کے پڑوسی ملک افغانستان کے صوبہ ہرات میں گزشتہ دنوں 6.3 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کی وجہ سے وہاں کافی تباہی آئی اور مرنے والوں کی تعدار 2 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ کئی افراد زخمی ہیں۔

    افغان ترجمان کے مطابق ملک کے 12 دیہاتوں میں600 سے زائد گھر تباہ اور 4200 افراد متاثر ہوئے جب کہ ملبے سے مزید لوگوں کو نکالنے کیلئے آپریشن جاری ہے۔

  • امارات کی جانب سے شامی زلزلہ متاثرین کے لیے الیکٹرک وہیل چیئرز

    امارات کی جانب سے شامی زلزلہ متاثرین کے لیے الیکٹرک وہیل چیئرز

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی جانب سے شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے الیکٹرک وہیل چیئرز روانہ کی گئی ہیں جس سے زلزلے میں معذور ہوجانے والے افراد کو امید کی نئی کرن ملی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق ہلال احمر امارات کی جانب سے شام میں فروری میں آنے والے ہولناک زلزلے سے متاثرہ افراد کو طبی امداد اور سہولیات کے علاوہ الیکٹرک وہیل چیئرز تقسیم کی جا رہی ہیں۔

    زلزلہ متاثرین کی امداد میں ضعیف افراد کے لیے ادویات اور غذائی سپلیمنٹس بھی شامل ہیں، امارات ہلال احمر کی جانب سے تمام پروگرام شامی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر ترتیب دیے گئے ہیں۔

    شام کے علاقے الاذقیہ میں الیکٹرک وہیل چیئرز وصول کرنے پر شامی عوام نے رمضان المبارک میں اس خصوصی مدد پر متحدہ عرب امارات سے اظہار تشکر کیا ہے۔

    وہیل چیئر حاصل کرنے والے شامی بچے زین العابدین نے کہا ہے کہ یہ میرے لیے دو نئے پاؤں کی طرح ہے، اب میں اس کی مدد سے جہاں چاہوں جا سکتا ہوں اور یہ مجھے تیزی سے آگے بڑھنے میں مدد کرے گی۔

    خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے شام میں زلزلہ متاثرین کے لیے امدادا کا سلسلہ جاری ہے جس میں صحت کے شعبے کے علاوہ تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے لیے امداد بھی شامل ہے۔

  • ترک صدر کا زلزلہ متاثرین کے لیے ایک سال کے کرایے کی ادائیگی کا اعلان

    ترک صدر کا زلزلہ متاثرین کے لیے ایک سال کے کرایے کی ادائیگی کا اعلان

    آدیمان : ترک صدر رجب طیب اردوان نے زلزلے میں گھروں سے محروم ہونے والے افراد کے لیے ایک سال کے کرایے کی ادائیگی کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے مشرقی ترکی کے صوبے آدیمان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زلزلہ متاثرین سے ملاقات کی۔

    اردگان نے صوبہ آدیمان میں تلاش اور بچاؤ کی کوششوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہا، "بطور قوم ہم اپنی تاریخ کی سب سے بڑی آفات کا سامنا کر رہے ہیں، متاثرین کی بھرپور مدد کریں گے۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ جو متاثرین ٹینٹ میں نہیں رہنا چاہتے وہ گھرکرائے پر لیں،ایک سال تک کرایہ ہم ادا کریں گے۔

    انہوں نے کہا "ہم ہر گھر کو 15,000 لیرا دینے کی تیاری کر رہے ہیں، بشمول نقل مکانی کی امداد، ہم ایک جامع پروگرام تیار کر رہے ہیں جو ملک کو دوبارہ کھڑا ہونے کے قابل بنائے گا”۔

    اردگان نے مزید بتایا زلزلے سے متاثرہ 10 صوبوں سے کم از کم 76,000 افراد کو نکال کر ملک کے دیگر حصوں میں بھیج دیا گیا ہے۔

    بعد ازاں ملاتیا میں زلزلہ متاثرین سے ملاقات کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ 10 صوبوں میں 141,000 سے زیادہ اہلکار کام کر رہے ہیں اور بیرون ملک سے ٹیمیں بھی کام کر رہی ہیں۔

    انہوں نے بلا امتیاز محنت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور زور دیا کہ ریاست اپنے تمام وسائل کے ساتھ شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

    انہوں نے بلا امتیاز محنت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور زور دیا کہ ریاست اپنے تمام وسائل کے ساتھ شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

  • لیونل میسی کا زلزلہ متاثرین کیلئے 3.5 ملین یورو عطیہ کرنے کا اعلان

    لیونل میسی کا زلزلہ متاثرین کیلئے 3.5 ملین یورو عطیہ کرنے کا اعلان

    ارجنٹینا کو عالمی کپ جتوانے والے لیونل میسی نے شام اور ترکیہ میں آئے تباہ کن زلزلوں سے ہونے والی تباہی سے لاکھوں متاثرہ افراد کےلیے 3.5 ملین یورو عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    خبر ایجنسی کے مطابق مشہور فٹ بال کھلاڑی لیونل میسی نے مبینہ طور پر زلزلے کے مقامات کے لیے اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے 3.5 ملین یورو یعنی پاکستان روپوں میں (1 ارب ایک کروڑ 70 لاکھ روپے) مالیت کی انسانی امداد عطیہ کی ہے۔

    لیونل میسی نے اپنے آخری میچ کو یادگار بنالیا

    البیسیلیسٹی نیوز کے مطابق ارجنٹینا کے کپتان میسی نے ممکنہ طور پر شام اور ترکی کے معاملے میں اب تک کا سب سے بڑا نجی عطیہ دیا ہے۔

    واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات کی تعداد 25 ہزار سے تجاوزکرگئیں اور 80 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

    ترک میڈیا کے مطابق ترکیہ میں مرنیوالوں کی تعداد بیس ہزار دو سو تیرہ اور زخمی ستتر ہزار سے زائد ہیں جبکہ شام میں تین ہزار پانچ سو افراد جان سے گئے اور زخمیوں کی تعداد باون ہزار سے زائد ہوگئی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کے زندہ رہنے کی امید دم توڑ رہی ہے، تاہم ملبے تلے زندگی کہ آثار تاحال موجود ہیں۔

    تباہ کن زلزلے سے ترکیہ اور شام میں کروڑوں افراد متاثر ہوئے ہیں، چھ ہزار عمارتیں اور ہزاروں سڑکیں تباہ ہوئیں ، رابطہ سڑکیں اور ریلوے کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے جبکہ اناطولیہ کی تاریخی مسجد بھی شہید ہوگئی ہے۔

  • آئندہ ہفتے سے زلزلہ متاثرین کو امداد کی فراہمی شروع ہوجائے گی: چیئرمین این ڈی ایم اے

    آئندہ ہفتے سے زلزلہ متاثرین کو امداد کی فراہمی شروع ہوجائے گی: چیئرمین این ڈی ایم اے

    میرپور آزاد کشمیر: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے سے زلزلہ متاثرین کو امداد کی فراہمی شروع ہوجائے گی، ایسا نظام وضع کر رہے ہیں جس سے حکومت پر انحصار ختم ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل محمد افضل نے آزاد کشمیر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے لواحقین کو حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر نے 5، 5 لاکھ دیے، زلزلہ متاثرین کا 95 فیصد ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ آئندہ ہفتے سے زلزلہ متاثرین کو امداد کی فراہمی شروع ہوجائے گی، زلزلے کے بعد سے ایدھی فاؤنڈیشن شانہ بشانہ کام کر رہی ہے۔ ایسا نظام وضع کر رہے ہیں جس سے حکومت پر انحصار ختم ہوجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کی وجہ سے حالیہ زلزلے سے نمٹا گیا، این ڈی ایم اے کی وجہ سے بہت سی قیمتی جانیں بچائی گئیں۔ این ڈی ایم اے ہر سال 8 اکتوبر کو ریزیلینس ڈے مناتی ہے۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت آزاد کشمیر نے آڈٹ کا 95 فیصد کام مکمل کرلیا، ایرا سے نکالے گئے ملازمین کو ایمرجنسی یونٹ میں بھرتی کیا جائے گا۔ میرپور میں بچوں اور خواتین کے لیے سہولت مرکز بنا رہے ہیں، آخری متاثر کی آباد کاری تک این ڈی ایم اے عوام کے ساتھ ہے۔

  • یورپی یونین کا پاکستان کے زلزلہ متاثرین کے لئے بڑی امداد کا اعلان

    یورپی یونین کا پاکستان کے زلزلہ متاثرین کے لئے بڑی امداد کا اعلان

    اسلام آباد : یورپین یونین نے پاکستان میں زلزلہ متاثرین کے لئے تین لاکھ یورو امداد فراہم کرنے کا اعلان کردیا ، امداد سے شدید متاثرہ 3ہزار افراد کی ضرورت پوری ہوسکے گی۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین سفارتخانے کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین پاکستان کےزلزلہ متاثرین 3لاکھ یوروامدادفراہم کرے گا، یہ رقم متاثرہ خاندانوں کو ایمرجنسی ہیومنٹیرین اعانت کی فراہمی میں استعمال ہوگی۔

    سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ امداد سے شدید متاثرہ 3ہزار افراد کی ضرورت پوری ہوسکےگی، زلزلہ متاثرین تک امداد پہنچانے کا کام تیزی سے کیا جارہا ہے، زلزلہ متاثرین تک پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔

    یاد رہے متحدہ عرب امارات نے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں آنے والے تباہ کن زلزلہ متاثرین کے لئے بھرپور امداد کا اعلان کیا تھا جبکہ اس سے قبل جاپانی سفیر نے زلزلہ متاثرین کے لیے امداد کی پیشکش کی تھی۔

    مزید پڑھیں : آزاد کشمیر میں تباہ کن زلزلہ ، متحدہ عرب امارات کا بھرپور مدد کا اعلان

    خیال رہے 24 ستمبر کو ملک کے بیشتر شہروں میں 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے ، زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیل گئی تھی، متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد انتالیس ہوگئی ہے۔

    وزیراسٹیٹ ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی آزاد کشمیر کے مطابق زلزلے سےسولہ سو انیس مکانات مکمل طور پر تباہ اورسات ہزار ایک سو مکانات کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ پانچ سو اسی مال مویشیوں کے باڑوں کو نقصان بھی ہوا۔

  • آزاد کشمیر میں  تباہ کن زلزلہ ، متحدہ عرب امارات کا  بھرپور مدد کا اعلان

    آزاد کشمیر میں تباہ کن زلزلہ ، متحدہ عرب امارات کا بھرپور مدد کا اعلان

    اسلام آباد : متحدہ عرب امارات نے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں آنے والے تباہ کن زلزلہ متاثرین کے لئے بھرپور امداد کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں ہولناک زلزلہ نے ہر طرف تباہی مچادی، متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد الزعابی نے زلزلہ متاثرین کی بھرپور مدد کا اعلان کردیا ہے۔

    یو اے ای سفیر نے کہا ہے کہ حکومت ابوظہبی سے براہ راست مدد اور تعاون کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، زلزلہ متاثرین کو ہر قسم کی مدد پہنچائی جائے گی۔

    حمد الزعابی کا کہنا تھا کہ قومی ادارہ برائے انسداد آفات کیساتھ ملکر تاحال ضروریات کا تخمینہ لگا رہے ہیں، متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کرتے ہیں۔

    یاد رہے آزاد کشمیر سمیت زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد انتالیس ہوگئی جبکہ آزاد کشمیر میں زلزلے سے مکانات تباہ ہوئے۔

    بلیوایچ او نے زلزلہ متاثرین کیلئے تیس لاکھ کی ادویات اورسرجیکل آلات متاثرہ علاقوں کیلئے روانہ کردیئے ہیں۔

    وزیراسٹیٹ ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی آزاد کشمیر کے مطابق زلزلے سےسولہ سو انیس مکانات مکمل طور پر تباہ اورسات ہزار ایک سو مکانات کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ پانچ سو اسی مال مویشیوں کے باڑوں کو نقصان بھی ہوا۔

    حکومت پنجاب نے امدادی اشیا کے ٹرک بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب نے پی ڈی ایم اے کو امدادی اشیا کے ٹرک آج روانہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • زلزلے سے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد ہمارا فرض اور ذمہ داری ہے، عثمان بزدار

    زلزلے سے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد ہمارا فرض اور ذمہ داری ہے، عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں زلزلہ متاثرین کے شانہ بشانہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی اشیا کے ٹرک بھیجنےکا فیصلہ کیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے پی ڈی ایم اے کو امدادی اشیا کے ٹرک آج ہی روانہ کرنے کی ہدایت کردی۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ زلزلے سے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد ہمارا فرض اور ذمہ داری ہے، مشکل کی اس گھڑی میں زلزلہ متاثرین کے شانہ بشانہ ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرپور جا کر زخمی افراد کی عیادت اور ہمدردی کا اظہار کیا، وزیراعظم آزاد کشمیر سے ملاقات اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    یاد رہے کہ 24 ستمبر کو آزاد کشمیر اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آنے والے خطرناک زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 37 ہوگئی ہے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی تھی اور اس کا مرکز جہلم سے 5 کلومیٹر شمال کی طرف تھا جبکہ گہرائی زیرزمین 10 کلومیٹر تھی۔

    وزیراعظم عمران خان نے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ علاقے میں ریلیف کے سلسلے میں متعلقہ محکموں کو ہرقسم می معاونت کی فوری فراہمی کی ہدایت کی تھی۔

  • آزاد کشمیر حکومت کے شانہ بشانہ بحالی کے کاموں میں سرگرم ہیں، فردوس عاشق اعوان

    آزاد کشمیر حکومت کے شانہ بشانہ بحالی کے کاموں میں سرگرم ہیں، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیراعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ متاثرین کی بحالی اور ازالے کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کریں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم زلزلہ متاثرین کی ممکنہ معاونت اوربحالی کے لیے پرعزم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کے گھر گئی، پیاروں کے غم پر متاثرین سے تعزیت اورفاتحہ خوانی کی، خیموں اور پانی سمیت دیگراشیائے ضروریہ عوام میں تقسیم کیں۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ آزمائش اورغم کی گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہیں، ریسکیو اور ریلیف کے بعد بحالی کا عمل شروع ہوگا۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ افواج پاکستان،ا ین ڈی ایم اے، حکومت پنجاب اور دیگرادارے مصروف ہیں، متاثرین کی بحالی اور ازالے کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی قوت قوم کی یکجہتی، ایثاراور جذبہ احساس ہوتا ہے، متاثرین کی بحالی تک حکومت اورادارے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ پورٹیبل ایکس ریزمشینیں اورادویات آج روانہ کی جائیں گی، آزاد کشمیر حکومت کے شانہ بشانہ بحالی کے کاموں میں سرگرم ہیں۔

  • جاپان کی زلزلہ متاثرین کے لیے امداد کی پیشکش

    جاپان کی زلزلہ متاثرین کے لیے امداد کی پیشکش

    اسلام آباد: گزشتہ روز کے زلزلے سے آزاد کشمیر میں ہونے والے نقصانات پر جاپان کی جانب سے امداد کی پیشکش کی گئی جس پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے شکریہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے جاپانی سفیر کا فون پر رابطہ ہوا۔ جاپانی سفیر نے گزشتہ روز زلزلے کے باعث ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

    جاپانی سفیر نے زلزلہ متاثرین کے لیے امداد کی پیشکش کی جس پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے جاپان کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ جاپان کے سفیر کو بتایا نقصانات کا جائزہ لیاجا رہا ہے، بیرونی امداد کی ضرورت پیش آئی تو آگاہ کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک کے بیشتر شہروں میں 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیل گئی۔

    میر پور جاتلاں میں نہر اپر جہلم کے قریب سڑکوں میں گہرے شگاف پڑ گئے جس کے باعث کئی گاڑیاں الٹ گئیں۔ سڑکیں ٹوٹ کر دھنس گئیں، زلزلے کے باعث ایک عمارت بھی منہدم ہوئی ہے جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔

    زلزلے کے بعد میر پور آزاد کشمیر، جاتلاں اور گرد و نواح میں مواصلاتی نظام منقطع ہو چکا ہے۔ زلزلے کے باعث ایک نجی اسپتال کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

    اب تک زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 30 بتائی جارہی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔