Tag: زلزلہ

  • کوہاٹ اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے

    کوہاٹ اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے

    کوہاٹ: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر کوہاٹ اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کا مرکز کوہاٹ کے نزدیک تھا جبکہ اس کی گہرائی 20 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر کوہاٹ اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.8 ریکارڈ کی گئی۔

    مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز کوہاٹ کے نزدیک تھا جبکہ اس کی گہرائی 20 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

    زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے۔

    زلزلہ کیوں آتا ہے؟

    زلزلہ قشر الارض سے توانائی کے اچانک اخراج کى وجہ سے رونما ہوتا ہے، جس کى وجہ سے زیر زمین مخصوص لہريں پیدا ہوتى ہيں۔ يہ توانائی اکثت آتش فشانى لاوے کى شکل ميں سطح زمين پر نمودار ہوتى ہے۔

    اس توانائى کے قوت اخراج سے قشر الارض کى تختيوں ميں حرکت پذيرى پیدا ہوتى ہے۔ لہٰذا اپنی حرکت کے دوران يہ تختياں آپس ميں ٹکراتى ہيں جس کى وجہ سے سطح زمين کے اوپر جھٹکے پيدا ہوتے ہيں اور زلزلے رونما ہوتے ہیں۔

  • ایک ماہ کے دوران 40 ہزار زلزلے، شہریوں کا سونا محال ہوگیا

    ایک ماہ کے دوران 40 ہزار زلزلے، شہریوں کا سونا محال ہوگیا

    آئس لینڈ میں گزشتہ 1 ماہ کے دوران 40 ہزار زلزلے ریکارڈ کیے جاچکے ہیں، ان زلزلوں کی وجہ ایک بڑی پگھلی ہوئی چٹان میگما ہے جو اس خطے کے نیچے ایک کلومیٹر تک کھسک چکی ہے اور سطح پر آنے کے لیے زور لگا رہی ہے۔

    آئس لینڈ میں حالیہ چند ہفتوں کے دوران زلزلے کے ہزاروں جھٹکے محسوس کیے جاچکے ہیں، جس کو سائنسدانوں نے غیر معمولی ارضیاتی ایونٹ قرار دیا ہے۔

    آئس لینٖڈ کے علاقے گرینڈوک کی رہائشی ریننویگ گیوڈمنسڈوٹر کا کہنا ہے کہ اس وقت ہم مسلسل زلزلے کے جھٹکے محسوس کررہے ہیں، ایسا لگتا ہے جیسے ہم کسی رسیوں سے بنے کمزور پل پر چل رہے ہیں۔

    یہ علاقے آتش فشانی ہاٹ اسپاٹ کے جنوبی حصے میں واقع ہے جہاں 24 فروری سے اب تک 40 ہزار سے زائد زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جاچکے ہیں، یہ تعداد گزشتہ پورے سال میں ریکارڈ ہونے والے زلزلوں سے زیادہ ہے۔

    یورشین اور شمالی امریکی ٹیکٹونیک پلیٹوں کے درمیان واقع آئس لینڈ کو اکثر زلزلوں کا سامنا ہوتا ہے کیونکہ یہ پلیٹیں ہر سال 2 سینٹی میٹر کی رفتار سے آہستگی سے متضاد سمت میں سرکتی رہتی ہیں۔

    حالیہ ہفتوں میں زلزلوں کی وجہ ایک بڑی پگھلی ہوئی چٹان میگما ہے جو اس خطے کے نیچے ایک کلومیٹر تک کھسک چکی ہے اور سطح پر آنے کے لیے زور لگا رہی ہے۔

    آئس لینڈ کے محکمہ موسمیات کی ماہر سارا بارسوٹی نے بتایا کہ ہم نے اتنی زیادہ زلزلے کی سرگرمیاں کبھی نہیں دیکھیں، کچھ زلزلوں کی شدت 5.7 تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

    مارچ کے شروع میں آئس لینڈ کے حکام نے اس peninsula میں آتش فشاں پھٹنے کی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ توقع ہے کہ اس سے بین الاقوامی فضائی سفر متاثر نہیں ہوگا یا قریبی علاقوں کو بہت زیادہ نقصان نہیں ہوگا۔

    ماہرین کو توقع ہے کہ آتش فشاں سے خارج ہونے والا لاوا ممکنہ طور پر ہوا میں 20 سے 100 میٹر تک اچھلے گا۔

  • ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

    ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

    اسلام آباد: پنجاب، خیبر پختون خوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں زلزلہ آ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب، خیبر پختون خوا اور میر پور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    زلزلے کے جھٹکے پنجاب میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، مری، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، گوجرانوالہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، ننکانہ صاحب، رینالہ خورد، عارف والا، پھول نگر میں محسوس کیے گئے۔

    پنڈدادن خان، قائد آباد، تاندلیانوالہ، سمندری، جڑانوالہ، شور کوٹ، دریا خان، محسن وال، لیہ، فورٹ عباس، ظفروال، شیخوپورہ، پاکپتن، خانیوال، ساہیوال، پتوکی، میاں چنوں، منچن آباد، ہارون آباد، شرقپور شریف، سکھیکھی، چیچہ وطنی، گجرات، اوکاڑہ، بہاولنگر، میلسی، کہروڑ پکا، پیر محل، فیروزوالا، قصور، جہانیاں، خانپور، دنیاپور میں بھی زلزلہ آیا۔

    پشاور، ایبٹ آباد، شانگلہ، بنوں، نوشہرہ، سوات، مانسہرہ، بٹگرام، ملاکنڈ اور لوئر دیر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جب کہ شمالی وزیرستان، ضلع مہمند، ضلع کرم، بونیر اور اٹک میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے۔

    میرپور آزاد کشمیر، مظفر آباد، وادئ نیلم، وادئ جہلم، گلگت، اسکردو، ہنزہ، دیامر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں لوگ خوف زدہ ہو کرگھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلہ پاک افغان سرحد پر آیا، جس کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کا مرکز تاجکستان میں تھا، جس کی گہرائی 80 کلو میٹر تھی۔

    ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ وہ ملک بھر میں تمام صوبوں سے رابطے میں ہیں، زلزلے سے ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، ادارہ زلزلے کے بعد صورت حال کا جائزہ لے رہی ہے، صورت حال سے عوام کو بھی آگاہ رکھا جا رہا ہے، ہنگامی مراکز کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا۔

    فیصل آباد شہر اورگرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکوں سے عوام خوف زدہ ہو کر کلمہ پڑھتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے، زلزلے کے جھٹکے 10 سے 12 سیکنڈ تک محسوس کیے گئے تھے۔ ادھر لوئر دیر میں زلزلے کے باعث تیمرگرہ میں 2 خواتین بے ہوش ہو گئیں جنھیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

  • نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں سونامی وارننگ جاری

    نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں سونامی وارننگ جاری

    کینبرا: بحر الکاہل میں زلزلے کے باعث نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں سونامی وارننگ جاری کردی گئی، عوام کو ساحلی پٹی پر جانے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق بحر الکاہل میں آئے زلزلے کے باعث جنوبی نصف کرہ کے مشرقی ممالک نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں سونامی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔

    نیوزی لینڈ کے حکام نے اپنے شہریوں پر زور زیا ہے کہ وہ شمالی علاقوں میں ساحلی پٹی پر جانے سے گریز کریں۔

    بحر الکاہل میں لائلٹی آئلینڈز میں 7.7 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے بعد جنوبی بحر الکاہل میں صورتحال تشویشناک دکھائی دیتی ہے، نیوزی لینڈ کے نیشنل ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی کا کہنا ہے کہ لوگ سمندر کا رخ نہ کریں۔

    ایجنسی نے مزید کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے ساحلی علاقوں سے سونامی کی بلند اور طاقت ور لہریں ٹکرانے کا خدشہ ہے۔

    دوسری جانب آسٹریلیا کے میٹرولوجی بیورو کی جانب سے بھی ساحلی علاقوں کے لیے سونامی وارننگ جاری کردی گئی ہے، امریکی سونامی وارننگ سسٹم نے بتایا ہے کہ سونامی کا خطرہ امریکن سموا، ویناؤتو، فجی اور نیوزی لینڈ کے لیے بھی موجود ہے۔

    بیورو کے مطابق سمندر میں زلزلے کے باعث لہریں ایک میٹر تک بلند ہورہی ہیں۔

  • ترکی میں 4 گھنٹوں کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے

    ترکی میں 4 گھنٹوں کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے

    انقرہ: ترکی کے ساحلی علاقوں میں 4 گھنٹوں کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، دوسری جانب ماہرین ارضیات نے خبردار کیا ہے کہ استنبول میں کسی بھی وقت 7.2 شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے ساحلی علاقوں میں 4 گھنٹے کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر اسکیل پر پہلے جھٹکے کی شدت 4.8 محسوس کی گئی جبکہ بعد میں آنے والے دونوں زلزلوں کی شدت 5.1 تھی۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز بحیرہ احمر میں یونان کے جزیرے میں 10 میل کی گہرائی میں تھا اور جھٹکے ترکی کے مغربی صوبے ازمیر میں بھی محسوس کیے گئے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس 30 اکتوبر کو 7.0 شدت کے زلزلے نے ازمیر اور یونانی جزیرے ساموس کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ زلزلے سے ازمیر میں خوفناک تباہی ہوئی تھی جہاں زلزلے سے 117 افراد جاں بحق جبکہ 1 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    دوسری جانب ترک ماہرین ارضیات نے خبردار کیا ہے کہ استنبول میں کسی بھی وقت 7.2 شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔

    حال ہی میں مقامی میڈیا میں شائع کردہ رپورٹ کے مطابق استنبول کے نیچے زمین میں فالٹ لائن میں غیر معمولی تبدیلیاں آرہی ہیں جو کسی بھی وقت خطرناک زلزلے کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی۔

    ماہرین ارضیات کا کہنا ہے کہ استنبول اس وقت دنیا میں زلزلے آنے والے علاقوں میں سب سے زیادہ خطرناک صورتحال کا شکار ہے۔ 1 کروڑ 60 لاکھ آبادی کا شہر استنبول شمالی اناطولیہ کی فالٹ لائن پر کھڑا ہے اور اس خطے میں کسی بھی وقت 7 یا اس سے زائد شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔

    استنبول میونسپل کارپوریشن کی پلاننگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ شہر میں 48 ہزار عمارتیں ایسی ہیں جو 7 شدت کے زلزلے میں انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔

    ماہرین کے مطابق حکومت کو فوری طور پر کام کرنا ہوگا اور خطرناک عمارتوں کو خالی کروا کر نئی عمارتیں تعمیر کرنا ہوں گی۔

  • کویت میں زلزلے کے جھٹکے

    کویت میں زلزلے کے جھٹکے

    کویت سٹی: کویت کے مختلف علاقوں میں گزشہ شام زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، کویتی رصد گاہ کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.1 ریکارڈ کی گئی۔

    کویتی میڈیا کے مطابق کویت کے مختلف علاقوں میں گزشہ شام زلزلہ محسوس کیا گیا، کویت انسٹی ٹیوٹ برائے سائنسی تحقیق کے مطابق ام القدیر کے علاقے میں ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.1 ریکارڈ کی گئی تھی۔

    کویتی قومی رصد گاہ کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز 11 کلو میٹرکی گہرائی میں ام القدیر کے علاقے میں تھا۔ یہ علاقہ کویت کے جنوب مشرق میں واقع ہے۔

    زلزلے کے جھٹکے احمدی، رومیثیہ، محبولہ اور سالمیہ کے علاقوں کے علاوہ کویت کے متعدد علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے بعد لوگ خوفزدہ ہو کر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بج کر 58 منٹ پر محسوس کیے گئے تھے، زلزلے سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

  • ملبے سے 4 روز بعد برآمد ننھی عائدہ کے لیے ترک صدر کا نیک خواہشات کا اظہار

    ملبے سے 4 روز بعد برآمد ننھی عائدہ کے لیے ترک صدر کا نیک خواہشات کا اظہار

    انقرہ: ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے زلزلے میں منہدم شدہ عمارت سے 4 روز بعد برآمد ہونے والی 4 سالہ عائدہ کے لیے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اسے معجزہ قرار دیا۔

    ترک صدر رجب طیب اردگان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر 4 سالہ بچی عائدہ کی تصویر اور ویڈیو ٹویٹ کی۔ یہ بچی ترک شہر ازمیر میں زلزلے سے منہدم عمارت کے ملبے سے 91 گھنٹوں بعد زندہ سلامت نکالی گئی۔

    اردگان نے عائدہ کی تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ معجزے کا نام عائدہ ہے، اللہ نے 91 گھنٹوں کے بعد تمہاری ان مسکراتی آنکھوں کے ساتھ ہمیں ایک نئی خوشی عطا کی ہے۔

    انہوں نے لکھا کہ اس نعمت پر خدا کا بیش بہا شکر ہو، اللہ تمہیں اپنی حفظ و امان میں رکھے میری پیاری بچی۔

    صدر اردگان نے عائدہ کی ویڈیو بھی ٹویٹ کی جس میں معصوم بچی ہاتھ ہلاتی نظر آرہی ہے۔

    عائدہ کو گزشتہ روز زلزلے کے لگ بھگ 4 روز امدادی رضا کاروں نے ریسکیو کیا، رضا کاروں نے آواز کا تعین کر کے اس جگہ کو ڈرل کیا جہاں پر ملبے میں عائدہ زندہ سلامت موجود تھی۔

    رضا کاروں نے بڑے پتھر اور ملبہ ہٹا کر اس میں پھنسی ہوئی عائدہ کو باہر نکالا۔ ڈاکٹرز نے مطابق عائدہ کی گردن اور ریڑھ کی ہڈی متاثر ضرور ہوئی مگر اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    ترکی کے شہر ازمیر میں آنے والے قیامت خیز زلزلے میں اب تک 100 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

  • ترکی میں زلزلہ: صدر مملکت کا جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس

    ترکی میں زلزلہ: صدر مملکت کا جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ترکی میں زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ترکی میں زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

    اپنے ٹویٹ میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ازمیر میں زلزلے کی خبر سن کر نہایت افسوس ہوا، برادر طیب اردگان متاثرہ افراد کے اہلخانہ کو پاکستان کا اظہار تعزیت پہنچائیں۔

    انہوں نے متاثرہ افراد سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ترکی کے مختلف شہروں میں 6.6 شدت کا زلزلہ آیا، ترک میڈیا کے مطابق زلزلہ ترکی کے مغربی صوبے ازمیر کے ساحل سے 17 کلو میٹر دور آیا جس نے یونان کے جزیرے سیموس کو بھی متاثر کیا۔

    زلزلے کے بعد ازمیر اور سیموس میں چھوٹے درجے کا سونامی بھی آیا، زلزلے سے ازمیر میں متعدد عمارتیں منہدم ہوچکی ہیں، شہر میں بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے زلزلہ زدگان کی بحالی کے لیے ترکی میں ٹیمیں اور فیلڈ اسپتال بھجوانے کی پیشکش کی جس پر ترک وزیر خارجہ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سر دست ہمیں کسی مالی معاونت کی ضرورت نہیں۔

    ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ضرورت محسوس ہوئی تو پاکستان کی پیشکش کو سب سے پہلے قبول کریں گے۔

  • ترکی میں زلزلہ: پاکستان کی مدد کی پیشکش، ترک وزیر داخلہ کا اظہار تشکر

    ترکی میں زلزلہ: پاکستان کی مدد کی پیشکش، ترک وزیر داخلہ کا اظہار تشکر

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترکی میں آنے والے زلزلے پر ٹیمیں اور فیلڈ اسپتال بھجوانے کی پیشکش کی جس پر ترک وزیر خارجہ نے ان کی پیشکش اور نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب مولود چاؤش اوغلو سے فون پر رابطہ کیا، وزرائے خارجہ نے ترک شہر ازمیر میں زلزلے اور امدادی کارروائیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

    ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اوغلو نے بتایا کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.6 تھی، زلزلے سے 24 افراد جاں بحق ہوئے، 804 افراد زخمی اور 17 سے زائد عمارت کے گرنے کی اطلاعات ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ سنہ 2005 کے زلزلے کے بعد ترکی کی فراہم کردہ امداد نہیں بھولے، پاکستان کی حکومت اور قوم مشکل وقت میں ترک بھائیوں کے ساتھ ہے۔

    وزیر خارجہ نے زلزلہ زدگان کی بحالی کے لیے ٹیمیں اور فیلڈ اسپتال بھجوانے کی پیشکش کی، ترک وزیر خارجہ نے ان کی پیشکش اور نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سر دست ہمیں کسی مالی معاونت کی ضرورت نہیں۔

    ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ضرورت محسوس ہوئی تو پاکستان کی پیشکش کو سب سے پہلے قبول کریں گے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ترکی کے مختلف شہروں میں شدید نوعیت کا زلزلہ آیا، ترک میڈیا کے مطابق زلزلہ ترکی کے مغربی صوبے ازمیر کے ساحل سے 17 کلو میٹر دور آیا جس نے یونان کے جزیرے سیموس کو بھی متاثر کیا۔

    زلزلے کے بعد ازمیر اور سیموس میں چھوٹے درجے کا سونامی بھی آیا، زلزلے سے ازمیر میں متعدد عمارتیں منہدم ہوچکی ہیں، شہر میں بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

  • سوات اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے

    سوات اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے

    پشاور: سوات اور اس کے گرد و نواح میں 5.1 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، زلزلے کی گہرائی 120 کلو میٹر جبکہ مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات اور اس کے گرد و نواح میں 5.1 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی گہرائی 120 کلو میٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔ خوش قسمتی سے تاحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کی زیر زمین گہرائی 10 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز شہر سے 40 کلو میٹر شمال میں واقع گڈاپ تھا۔

    ایک ماہ قبل پشاور اور سوات سمیت متعدد شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی۔

    شانگلہ، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، بالا کوٹ اور بٹگرام میں محسوس کیے جانے والے زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی تھی، زلزلے کی زیر زمین گہرائی 223 کلو میٹر تھی جبکہ مرکز افغانستان تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔