Tag: زلزلہ

  • ترکی میں 5.2 شدت کا زلزلہ، عمارتیں لرز اُٹھیں

    ترکی میں 5.2 شدت کا زلزلہ، عمارتیں لرز اُٹھیں

    ترکی کے وسطی علاقے میں 5.2 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، کونیہ صوبے کے کولو ضلع سے تقریباً 14 کلومیٹر دور زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت انقرہ سمیت متعدد قریبی شہروں میں بھی محسوس کیے گئے جس کے بعد عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    رپورٹس کے مطابق مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں۔

    یاد رہے کہ ترکی کا شمار دنیا کے اُن ممالک میں ہوتا ہے جہاں زیادہ زلزلے آتے ہیں، فروری 2023 میں آنے والا زلزلہ ترکی اور شام کے لیے ہولناک ثابت ہوا تھا، جس میں ترکی میں 59,000 اور شام میں تقریباً 8,000 افراد جاں بحق ہوئے تھے جب کہ بے شمار عمارتیں تباہ ہو گئی تھیں۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ چلی اور ارجنٹائن کے ساحلوں پر 7.4 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس سے افراتفری مچ گئی تھی۔

    یو ایس جی ایس کا کہنا تھا کہ زلزلے کا مرکز کیپ ہارن اور انٹارکٹیکا کے درمیان ڈریک پاسیج میں ارجنٹائن کے شہر یوشوایا سے 219 کلومیٹر (173 میل) جنوب میں سمندر کے نیچے تھا۔

    چلی کے حکام نے جنوبی امریکی ملک کے انتہائی جنوب میں واقع آبنائے میگیلان کے پورے ساحلی حصے کے لیے انخلاء کا الرٹ جاری کردیا تھا۔

    ترکی میں زلزلہ، بالکونی سے ایک شخص کے چھلانگ لگانے کی ویڈیو وائرل

    چلی کی نیشنل سروس فار ڈیزاسٹر پریوینشن اینڈ ریسپانس نے عوام کو بھیجے گئے ایک پیغام میں کہا تھا کہ سونامی الرٹ کی وجہ سے، میگیلان کے ساحلی علاقوں کے لیے محفوظ زون میں انخلا کا حکم دیا جا رہا ہے۔

  • ترکی میں زلزلہ، بالکونی سے ایک شخص کے چھلانگ لگانے کی ویڈیو وائرل

    ترکی میں زلزلہ، بالکونی سے ایک شخص کے چھلانگ لگانے کی ویڈیو وائرل

    استنبول: ترکی میں حالیہ زلزلے کے دوران ایک شخص نے گھبرا کر جلد بازی میں بالکونی سے نیچے سڑک پر چھلانگ لگا دی، اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

    سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں استنبول میں آنے والے زلزلے کے دوران ایک شخص کو بالکونی سے چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ استنبول میں زلزلے کے دوران مختلف علاقوں میں خوف و ہراس کے لمحات دیکھنے میں آئے۔ زلزلے کے فوراً بعد رہائشی گھروں سے چیخ و پکار کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے تھے۔

    استنبول حکام کے مطابق اس زلزلے میں 151 افراد زخمی ہوئے ہیں، بیش تر نے 6.2 شدت کے زلزلے سے بچنے کے لیے کھڑکیوں اور بالکونیوں سے چھلانگ لگائی تھی، یہ حالیہ برسوں میں شہر میں آنے والے شدید ترین زلزلوں میں سے ایک تھا۔


    ایران ٹرمپ کو ایک کھرب ڈالر کی پیشکش کیوں کرنے والا تھا؟ عراقچی کی تقریر کیوں منسوخ ہوئی؟ سنسنی خیز انکشاف


    مذکورہ ویڈیو میں بھی ایک شخص کو دکھایا گیا ہے جو زلزلے کے دوران بالکونی سے چھلانگ لگا رہا ہے، چھلانگ لگانے کے بعد وہ سڑک پر کھڑی کار کی چھت پر دھم سے گرا، اور اس کی ٹانگ میں چوٹ آئی، کار کی چھت سے اترنے کے بعد شہری کو لنگڑاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

  • ترکیہ سمیت مختلف ممالک میں 6.2 شدت کا زلزلہ

    ترکیہ سمیت مختلف ممالک میں 6.2 شدت کا زلزلہ

    ترکیہ سمیت مختلف ممالک میں 6.2 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، زلزلے کے باعث عمارتیں لرز اُٹھیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بلغاریہ، رومانیہ، یونان، یوکرین اور دیگر ممالک میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا جبکہ ترکیہ کے دارالحکومت استنبول میں زلزلے سے عمارتیں لرز اُٹھیں۔

    غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ زلزلے کی گہرائی 10کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، استنبول میں زلزلے کے باعث لوگ خوفزدہ ہوکر سڑکوں پر نکل آئے۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں تائیوان کے شمال مشرق میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق تائیوان کے دارالحکومت تائی پے میں زلزلے سے عمارتیں لرز اٹھیں، جس کی شدت 5.0 ریکارڈ کی گئی تھی۔

    ویڈیو : میانمار اور تھائی لینڈ میں قیامت خیز زلزلہ : عمارتیں منہدم، ہزاروں ہلاکتوں کا خدشہ

    یو ایس جی ایس کے مطابق زلزلہ تقریباً 70 کلو میٹر (43 میل) کی گہرائی میں تائی پے کے قریب یلان کاؤنٹی میں آیاتھا۔

    پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلہ

    فائر حکام کے مطابق فوری طور پر نقصان یا زخمیوں کے حوالے سے کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

  • اسلام آباد، پنجاب اور پشاور میں زلزلے کے شدید جھٹکے

    اسلام آباد، پنجاب اور پشاور میں زلزلے کے شدید جھٹکے

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پشاور اور پنجاب سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    وفاقی دارالحکومت کے علاوہ پشاور، مردان، کوہاٹ، لوئردیر، مانسہرہ، بالاکوٹ، اپر ہزارہ، چترال میں بھی  شدید جھٹکے آئے جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    لاہور کے مضافات سرگودھا، چنیوٹ، شیخوپورہ، ساہیوال، پنڈی بھٹیاں، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا، زلزلے 11:45 پر آیا جس کے ملک کے مختلف حصوں میں خوف ہراس پھیل گیا۔

    ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق زلزلے کے جھٹکے کی شدت ریکٹر سکیل پر5.9ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں تھا اس کے علاوہ زلزلے کی گہرائی 94 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔

    واضح رہے کہ یہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں ایک ہفتے کے دوران آنے والا دوسرا زلزلہ ہے۔

    12 اپریل کو اسلام آباد کے علاوہ پنجاب میں راولپنڈی، چکوال، چنیوٹ، حسن ابدال، اٹک، میانوالی جبکہ خیبر پختونخوا میں سوات، بونیر، لوئر دیر، لکی مروت، مالاکنڈ، مہمند، شبقدر، شانگلہ اور گرد و نواح میں جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق 12 اپریل کو آنے والے زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 5 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ اس کی گہرائی 12 کلو میٹر تھی، اس کا مرکز راولپنڈی سے 60 کلو میٹر شمال مغرب میں تھا۔

  • پاکستان اور شمال مغربی ہمسایہ ممالک میں زلزلے کے جھٹکے

    پاکستان اور شمال مغربی ہمسایہ ممالک میں زلزلے کے جھٹکے

    اسلام آباد: پاکستان اور شمال مغربی ہمسایہ ممالک میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کے بیش تر علاقے زلزلے سے لرز اٹھے، پشاور اور مردان سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی زلزلہ آیا، زلزلے کے جھٹکے شمال مغربی ہمسایہ ممالک ازبکستان، تاجکستان اور افغانستان میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔

    امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.6 اور اس کی گہرائی 69 کلو میٹر تھی، زلزلے کا مرکز افغانستان کے صوبے نورستان کا پہاڑی سلسلہ تھا۔

    زلزلے کے جھٹکے محسوس کرتے ہی لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے، زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

  • تائیوان میں زلزلہ، عمارتیں لرز اُٹھیں

    تائیوان میں زلزلہ، عمارتیں لرز اُٹھیں

    تائیوان کے شمال مشرق میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ جس سے لوگ خوفزدہ ہوگئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کا کہنا ہے کہ تائیوان کے دارالحکومت تائی پے میں عمارتیں لرز اٹھیں، زلزلے کی شدت 5.0 ریکارڈ کی گئی۔

    یو ایس جی ایس کے مطابق زلزلہ تقریباً 70 کلو میٹر (43 میل) کی گہرائی میں تائی پے کے قریب یلان کاؤنٹی میں آیا ہے۔

    یلان فائر حکام کے مطابق فوری طور پر نقصان یا زخمیوں کے حوالے سے کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

    واضح رہے کہ تائیوان میں آخری بار بڑا زلزلہ اپریل 2024ء میں آیا تھا، جس کی شدت 7.4 ریکارڈ کی گئی تھی۔ مہلک زلزلہ 25 سال میں سب سے زیادہ طاقت ور تھا۔

    اُس وقت آنے والے زلزلے سے تقریباً 17 افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ زلزلے کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور ہوالین کے آس پاس کی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا تھا۔

    میانمار میں زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 3,471 تک پہنچ گئی

    دوسری جانب میانمار میں آنے والے خوفناک زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں بارش کے باعث امدادی سرگرمیاں شدید متاثر ہیں، ہزاروں افراد تباہ شدہ گھروں کے ملبے پر کھلے آسمان تلے میدانوں میں رہنے پر مجبورہیں۔

    میانمار میں 28 مارچ کو سات اعشاریہ سات شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس میں ہلاکتوں کی تعداد 3,471 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ 4,671 افراد شدید زخمی ہیں۔

  • میانمار میں زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 3,471 تک پہنچ گئی

    میانمار میں زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 3,471 تک پہنچ گئی

    میانمار میں آنے والے خوفناک زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں بارش کے باعث امدادی سرگرمیاں شدید متاثر ہیں، ہزاروں افراد تباہ شدہ گھروں کے ملبے پر کھلے آسمان تلے میدانوں میں رہنے پر مجبورہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق میانمار میں 28 مارچ کو سات اعشاریہ سات شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس میں ہلاکتوں کی تعداد 3,471 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ 4,671 افراد شدید زخمی ہیں۔

    فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ میانمار میں خوفناک زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، سیکڑوں افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

    ترجمان کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن اور زخمیوں کا علاج جاری ہے، میانمار میں 6 دن قبل سات اعشاریہ سات شدت کا زلزلہ آیا تھا جس نے فلک بوس عمارتوں کو زمین بوس کردیا تھا۔

    زلزلے کے مرکز سے تقریباً 1,000 کلومیٹر (620 میل) دور پڑوسی تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں کم از کم 11 مزید اموات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

    کانگو میں سیلاب نے تباہی مچادی، 30 سے زائد افراد ہلاک

    زلزلے سے میانمار کے مختلف علاقوں میں کثیر المنزلہ عمارتیں، پل اور سڑکیں تباہ ہو کر ملبے کا ڈھیر بن گئی ہیں، بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ دور دراز علاقوں میں خراب مواصلات کی وجہ سے تباہی کا حقیقی پیمانہ ابھی سامنے نہیں آیا ہے۔

  • میانمار، تھائی لینڈ زلزلے میں بچ جانے والوں کی تلاش جاری، 16 سو سے زائد افراد ہلاک

    میانمار، تھائی لینڈ زلزلے میں بچ جانے والوں کی تلاش جاری، 16 سو سے زائد افراد ہلاک

    میانمار-تھائی لینڈ زلزلے میں زندہ بچ جانے والوں کو تلاش کیا جا رہا ہے، جن کے لیے ایک ایک لمحہ قیمتی ہے، جب کہ رپورٹ شدہ اموات کی تعداد 1,600 سے اوپر چلی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میانمار میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری ہے، جہاں جمعہ کو آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے کے بعد کم از کم 1,644 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے، جب کہ ساڑھے 3 ہزار زخمی ہیں۔

    زلزلے کے مرکز کے قریب منڈالے شہر میں ریسکیو عملے نے ایک خاتون کو اپنے اپارٹمنٹ بلاک کے ملبے سے زندہ نکال لیا ہے، جہاں وہ 24 گھنٹے سے زائد عرصے تک پھنسی رہی۔

    زلزلے کے مرکز سے تقریباً 1,000 کلومیٹر (620 میل) دور پڑوسی تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں کم از کم 11 مزید اموات کی اطلاع ملی ہے۔

    سیٹلائٹ تصویر: زلزلے سے 23 دن قبل اتوار، 23 مارچ کو میانمار کے شہر منڈالے میں دریائے اروادی پر اینوا پل کی تصویر، نیچے والے زلزلے کے بعد کی تصویر ہے

    زلزلے سے میانمار کے مختلف علاقوں میں کثیر المنزلہ عمارتیں، پل اور سڑکیں تباہ ہو کر ملبے کا ڈھیر بن گئی ہیں، بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ دور دراز علاقوں میں خراب مواصلات کی وجہ سے تباہی کا حقیقی پیمانہ ابھی سامنے نہیں آیا ہے۔


    زلزلے کے دوران خاتون نے سڑک پر بچے کو جنم دے دیا


    اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے ادارے (او سی ایچ اے) کا کہنا ہے کہ وسطی اور شمال مغربی میانمار کے اسپتال زلزلے کے دوران زخمی ہونے والے لوگوں کی آمد سے نمٹنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ اسپتالوں اور صحت کے مراکز کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے اور بین الاقوامی تنظیمیں فیلڈ اسپتالوں کے ساتھ ساتھ موبائل سرجیکل اور میڈیکل ٹیمیں تعینات کرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔

    واضح رہے کہ یہ گزشتہ کئی دہائیوں میں میانمار میں آنے والا تباہ کن اور شدید ترین زلزلہ ہے، یہ زلزلہ ملک کے دوسرے سب سے بڑے شہر منڈالے میں آیا اور اسے سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے، جہاں سینکڑوں لاپتا ہیں، اور ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کر رہے ہیں، اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق بند سڑکوں اور منہدم عمارتوں کی وجہ سے انسانی امداد کی کارروائیوں میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

  • میانمار میں خوفناک زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 1000 سے تجاوز کرگئی

    میانمار میں خوفناک زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 1000 سے تجاوز کرگئی

    میانمار میں گزشتہ روز آنے والے خوفناک زلزلے کے باعث مرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق میانمار میں گزشتہ روز آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے کے جھٹکوں کے باعث تباہ ہونے والی عمارات، مکانوں اور دیگر کے ملبے تلے دب کر لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 1000 سے تجاوز کرگئی۔

    منڈالے میں سب سے زیادہ افراد کے مرنے کی اطلاعات ہیں، یہاں کئی عمارتوں اور پلوں کو بھی نقصان پہنچا۔

    قیامت خیز زلزلے کے نتیجے میں تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں بھی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور میانمار کے دارالحکومت نیپیڈو میں سڑکیں آمد و رفت کے لیے بند ہیں۔

    منہدم ہونے والی ایک زیرِ تعمیر عمارت میں 70 مزدوروں کے پھنسے ہونے کی اطلاع ہے، تاہم امدادی ٹیموں کو سینکڑوں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

    رپورٹ کے مطابق زلزلے کا مرکز میانمار کے شہر منڈلے کے قریب تھا اور زمین میں اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

    اطلاعات کے مطابق میانمار حکومت نے فوری طور پر زیادہ متاثرہ 6 علاقوں میں امدادی کارروائیوں کیلیے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے فوج تعینات کردی ہے۔

    اسرائیلی فورسز کی بمباری، 10 دن میں 900 سے زائد فلسطینی شہید

    اس کے علاوہ فوجی حکومت نے عالمی برادری اور امددی تنظیموں سے فوری اقدامات کرتے ہوئے امداد کی پرزور اپیل کی ہے۔

  • میانمار میں 7.7 شدت کا شدید زلزلہ

    میانمار میں 7.7 شدت کا شدید زلزلہ

    جنوب مشرقی ایشیائی ملک میانمار میں 7.7 شدت کے شدید زلزلہ کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق زلزلہ تھائی لینڈ کے دیگر علاقوں میں بھی محسوس کیا گیا، زلزلے کی گہرائی 16 کلومیٹر اور مرکز میانمار کا شمال مغربی علاقہ تھا۔

    رپورٹس کے مطابق میانمار میں زلزلہ ایک منٹ تک محسوس کیا گیا، لوگ گھروں سے باہر نکل آئے، زلزلے کے 12منٹ بعد آفر شاکس کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی۔

    غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بنکاک میں زلزلے کے بعد افراتفری مچ گئی، لوگ دفاتر، مالز، گھروں سے باہر نکل آئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ تین ممالک میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے تاہم کہیں سے بھی جانی نقصان کی اطلاعات سامنے نہیں آئی تھیں۔

    بھارتی ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں گزشتہ ماہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ سوئے ہوئے لوگ ہڑبڑا کر اٹھ بیٹھے اور خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔

    نیپال کے بگمتی صوبے میں بھی اسی دوران زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے تاہم یہاں بھی خوش قسمتی سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

    نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق، زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی۔ اس زلزلے کا مرکز نیپال کے باگمتی صوبے میں تھا، جو بہار کے مظفر پور سے تقریباً 189 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔

    غزہ میں اسرائیلی فورسز کی بمباری، 50 فلسطینی شہید

    اسی طرح تبت میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جن کی شدت 4.1 ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کے مطابق، اس زلزلے کا مرکز زمین کے 70 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔