Tag: زلزلے

  • کیا زلزلے گناہوں کے سبب آتے ہیں؟

    کیا زلزلے گناہوں کے سبب آتے ہیں؟

     قدرتی آفات میں زلزلے کا شمارانسان کے سب سے ہولناک اورتباہ کن دشمنوں میں ہوتا ہے انسانی تاریخ میں جتنا نقصان زلزلے نے کیا آج تک کسی قدرتی آفت نے نہیں کیا ۔ سنہ 2005 میں پاکستان میں آنے والا زلزلے کا شمار انسانی تاریخ کے ہولناک ترین حادثوں میں ہوتا ہے جس میں لگ بھگ 85 ہزار افراد اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے تھے۔

    ماضی میں زلزلے کے بارے میں نظریات


    گزرے وقتوں میں جب سائنس اورٹیکنالوجی کا وجود نہیں تھااور تحقیق کے باب نہیں کھلے تھے تو مختلف ادوار میں مختلف اقوام زلزلوں سے متعلق عجیب و غریب نظریات رکھتی تھی۔

    ایک قوم کا یہ نظریہ تھا کہ ایک طویل وعریض چھپکلی زمین کواپنی پشت پر اٹھائے ہوئے ہے اور اس کی حرکت کرنے کی وجہ سے زمین ہلتی ہے۔

    مذہبی عقیدے کی حامل اقوام کا یہ خیال تھا کہ خدا اپنے نافرمان بندوں کوزمین ہلا کر ڈراتا ہے۔

    اسی طرح ہندودیو مالائی تصوریہ تھا کہ زمین کو ایک گائے نے اپنے سینگوں پر اٹھا رکھا ہے اور جب وہ تھک کر سینگ بدلتی ہے تو اس کے نتیجے میں زمین ہلتی ہے۔

    ارسطو اور افلاطون کے نظریات اس معاملے میں ملتے جلتے اور کچھ حد تک سائنسی بھی تھے ، ان کے مطابق زمین کی تہوں میں موجو د ہوا جب گرم ہوکر زمین کے پرتوں کو توڑ کر باہر آنے کی کوشش کرتی ہے توزلزلے آتے ہیں۔

    سابقہ وجوہات کی نفی


    سائنس کی ترقی کے ساتھ ساتھ علمی تحقیق کے دروازے کھلتے چلے گئے اوراس طرح ہرنئے سا نحے کے بعد اس کے اسباب کے بارے میں جاننے کی جستجونے پرانے نظریات کی نفی کردی ہے۔

    یوں تو بہت سی قدرتی آفات کے ظہور پذیرہونے سے پہلے پیشگی اطلاع فراہم ہوجاتی ہواوراحتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے باعث کافی بڑے جانی و مالی نقصانات سے بچا جاسکتا ہے،مثلاً سمندر میں بننے والے خطرناک طوفانوں، انکی شدت اوران کے زمین سے ٹکرانے کی مدت کا تعین سیٹلا ئیٹ کے ذریعے کیا جاسکتا ہے اوراس سے بچاؤ کی تدابیر بروقت اختیار کی جاسکتی ہیں مگر زلزلے کی آمد نہایت خاموشی سے ہوتی ہے اور پتہ اس وقت چلتا ہے جب وہ اپنے پیچھے تباہی اور بربادی کی داستان رقم کرکے جاچکا ہوتا ہے۔

    زلزلہ کیسے آتا ہے؟


    بیشک ایسے آلات ایجاد ہوچکے ہیں جو زلزلے گزرنے کے بعد ان کی شدت، ان کے مرکزاورآفٹر شاکس کے بارے میں معلومات فراہم کردیتے ہیں؛ ماہرین ارضیات نے زلزلوں کی دو بنیادی وجوہات بیان کی ہیں ؛ایک وجہ زیر زمیں پلیٹوں (فالٹس) میں ٹوٹ پھوٹ کا عمل ہے اوردوسری آتش فشاں کا پھٹنا بتایا گیا ہے۔زمین کی بیرونی سطح کے اندر مختلف گہرائیوں میں زمینی پلیٹیں ہوتی ہیں جنہیں ٹیکٹونک پلیٹس کہتے ہیں۔ ان پلیٹوں کے نیچے ایک پگھلا ہوامادہ جسے میگما کہتے ہیں موجود ہوتا ہے۔

    میگما کی حرارت کی زیادتی کے باعث زمین کی اندرونی سطح میں کرنٹ پیدا ہوتا ہے جس سے ان پلیٹوں میں حرکت پیداہوتی ہے اور وہ شدید ٹوٹ پھوت کا شکار ہوجاتی ہیں۔ٹوٹنے کے بعد پلیٹوں کا کچھ حصہ میگما میں دھنس جاتا ہے اورکچھ اوپرکو ابھر جاتا ہے جس سے زمیں پر بسنے والی مخلوق سطح پر ارتعاش محسوس کرتی ہے۔

    شدت کس طرح نوٹ کی جاتی ہے؟


    زلزلے کی شدت اور دورانیہ کا انحصار میگما کی حرارت اور اس کے نتیجے میں پلیٹوں میں ٹوٹ پھوٹ کے عمل پرمنحصر ہے اسی طرح جب آتش فشاں پھٹتے ہیں تو لاوا پوری شدت سے زمین کی گہرائیوں سے سطح زمیں کی بیرونی تہوں کو پھاڑتا ہوخارج ہوتا ہے جس سے زمیں کی اندرونی پلیٹوں میں شدید قسم کی لہریں پیدا ہوتی ہیں۔ یہ لہریں زیر زمین تین سے پندرہ کلومیٹر فی سیکنڈ کے حساب سے سفرکرتی ہیں اورماہیت کے حساب سے چار اقسام میں ان کی درجہ بندی کی گئی ہے۔

    دو لہریں زمیں کی سطح کے ساتھ ساتھ سفر کرتی ہیں جبکہ دیگر دو لہریں جن میں سے ایک پرائمری ویو اور دوسری سیکنڈری ویو ہے زیر زمین سفر کرتی ہیں۔پرائمری لہریں آواز کی لہروں کی مانند سفرکرتی ہوئی زیر زمین چٹانوں اور مائعات سے گزر جاتی ہیں جبکہ سیکنڈری ویوز کی رفتار پرائمری ویوز کے مقابلے میں کم ہوتی ہے اور وہ صرف زیر زمین چٹانوں سے گزر سکتی ہے۔سیکنڈری ویوز زمینی مائعات میں بے اثر ہوتی ہیں مگر وہ جب چٹانوں سے گزرتی ہے توایل ویوز بنکر ایپی سینٹر یعنی مرکز کو متحرک کردیتی ہیں اور زلزلے کا سبب بنتی ہیں۔ ایل ویوز جتنی شدید ہونگی اتنی ہی شدت کا زلزلہ زمین پر محسوس ہوگا۔

    سونامی کیسے آتا ہے؟


    زلزلے اگر زیر سمندر آتے ہیں تو ان کی قوت سے پانی میں شدید طلاطم اور لہروں میں ارتعاش پیدا ہوتا ہے اور کافی طاقتوراوراونچی لہریں پیدا ہوتی ہیں جو سطح سمندر پر پانچ سو سے ایک ہزار کلومیٹر کی رفتار سے بغیر اپنی قوت اور رفتار توڑے ہزاروں میل دور خشکی تک پہنچ کرناقابل یقین تباہی پھیلاتی ہے جس کی مثال 2004 ء کے انڈونیشیا کے زلزلے اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سونامی ہے جس کی لہروں نے ہندوستان اور سری لنکا جیسے دور دراز ملکوں کے ساحلی علاقوں میں شدید تباہی پھیلائی تھی، اس تباہی کی گونج آج بھی متاثرہ علاقوں میں سنائی دیتی ہے۔

  • ایران میں 6.4 شدت کے زلزلے، سیکڑوں افراد زخمی

    ایران میں 6.4 شدت کے زلزلے، سیکڑوں افراد زخمی

    تہران : ایران میں 6.4 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی، زلزلے کے نتیجے میں 100 سے زائد شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات تصدیق کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے صوبے کرمنشاہ  میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے نتیجے میں کئی مکانات و عمارتیں متاثر ہوگئیں اور  سیکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کرمنشاہ میں محسوس کیے جانے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.4 ریکارڈ کی گئی۔

    ایران کے ادارے ارضیاتی طبعیات کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز سرپل ذھب سے 17 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا جس کی گہرائی 7 کلومیٹر تھی جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.3 اور گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس ہونے کے بعد عوام کلمہ طیبہ کا ورد کرتی ہوئی گھروں سے باہر نکل آئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بیک وقت عراقی دارالحکومت میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ گذشتہ بھی کرمانشاہ کے میں آنے والے 7.3 شدت زلزلے کے نتیجے میں 600 افراد ہلاک ہوئے تھے۔


    مزید پڑھیں : ایران میں زلزلے سے 2 افراد ہلاک، 200 سے زائد زخمی


    خیال رہے کہ تین ماہ قبل بھی ایران میں 6.0 شدت کے زلزلے نے تباہی مچائی تھی، زلزلے کے نتیجے میں 2 ہلاک جبکہ 200 سے زائد شہریوں کے زخمی ہوئے تھے۔

  • یونان میں 6.8 شدت کے زلزلے، حکومت نے وارننگ جاری

    یونان میں 6.8 شدت کے زلزلے، حکومت نے وارننگ جاری

    ایتھنز : یونان میں 6.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد حکومت نے ملک میں سونامی کی وارننگ جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی کے دیگر ممالک کی طرح یونان بھی قدرتی آفات کی زد میں ہے، یونان کے جزیرے زینٹے میں ایک روز قبل زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ زلزلہ زینٹے کے جنوبی حصّے میں آیا تھا، جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.8 ریکارڈ کی گئی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ زلزلے کی گہرائی زمین میں 16.6 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے زلزلے نے 500 میل کے فاصلے پر اپنا اثر کیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ زلزلے کے باعث جزیرے پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جبکہ شہری بجلی سے محروم ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ زنیٹے میں زلزلوں کے بعد سمندر میں 15 سے 20 میٹر بلند لہریں اٹھنا شروع ہوگئیں تھیں جبکہ زلزلوں کے ایک گھنٹے کے بعد آفٹر شاک بھی محسوس کیے گئے جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.2 ریکارڈ کی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے یونان میں سومانی کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔


    مزید پڑھیں : زلزلے کی اصل وجوہات، اسلامی تعلیمات کی روشنی میں


    زلزلہ ایک خوفناک حقیقت کا نام ہے جو ارضیاتی تغیرات کے باعث رونما ہوتے ہیں، زلزلے اگر سمندر کی تہہ میں آئیں تو یہ سونامی کی صورت اختیار کر لیتے ہیں۔ اب تک زلزلے کی زد میں آکر دنیا بھر میں لگ بھگ ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

  • زلزلے اور سونامی کے بعد انڈونیشیا میں آتش فشاں لاوا اگلنے لگے

    زلزلے اور سونامی کے بعد انڈونیشیا میں آتش فشاں لاوا اگلنے لگے

    جکارتا: زلزلے اور سونامی کے بعد انڈونیشیا پر ایک اور افتاد ٹوٹ پڑی، آتش فشاں لاوا اگلنے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق قدرتی آفات کے شکار انڈونیشیا کے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا، جزیرہ سولا ویسی پر ایک اور مشکل ٹوٹ پڑی.

    پہاڑ سپوتان نے لاوا اگلنا شروع کردیا، ہر طرف دھوئیں کے بادل چھا گئے. حکومتی نے رہائشیوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کر دیا.

    دوسری جانب جاوا کے علاقے میں‌بھی ایک آتش فشاں نے لاوا اگلنا شروع کر دیا ہے، جس کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

    یاد رہے کہ انڈونیشیا میں زلزلے اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے، زلزلے سے جنم لینے والے سمندری طوفان کی زد میں آکر اب تک 1350 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی اور شہر پالو اس زلزلے کا اصل شکار ہیں، جس کے نتیجے میں سیکڑوں عمارتیں زمین بوس ہوچکی ہیں.

    سیلاب اور زلزلوں کے تھمنے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے متاثرہ شہروں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں، مگر انفرااسٹرکچر تباہ ہونے کے باعث انھیں شدید مشکلات کا سامنا ہے.

    چند علاقے بجلی سے محروم ہیں، رابطے کا نظام بھی منقطع ہوگیا ، مختلف علاقوں‌سے لوٹ مار کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں.

  • ایران میں زلزلے سے 2 افراد ہلاک، 200 سے زائد زخمی

    ایران میں زلزلے سے 2 افراد ہلاک، 200 سے زائد زخمی

    تہران : ایران میں 6.0 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی، زلزلے کے نتیجے میں  2 ہلاک اور  200 سے زائد شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے صوبے کرمنشاہ کے نزدیک آج صبح زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جس کے نتیجے میں کئی مکانات و عمارتیں متاثر ہوئی ہیں اور 2 افراد ہلاک جبکہ 200 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہر جوانرود کے قریب آنے والے اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.0 ریکارڈ کی گئی۔

    حکام کے مطابق اس زلزلے کے باعث ابھی تک 241 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ انتظامیہ لوگوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کرمنشاہ کے شمال مغرب میں واقع شہر تازہ آباد میں بھی زلزلے کے دو جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جس کی شدت 3.0 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ زلزلوں کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔


    مزید پڑھیں : ایران کےدارالحکومت تہران میں زلزلےکےجھٹکے


    خیال رہے کہ گذشتہ برس دسمبر میں ایران کا درالحکومت تہران 2۔5 شدت کے زلزلے سے لرز گیا تھا جبکہ اطراف کے صوبوں البرز، قم، قزوین میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے تاہم زلزلے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔


    مزید پڑھیں : ایران زلزلہ: جاں بحق افراد کی تعداد 530 تک جا پہنچی، 8ہزارافراد زخمی


    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 14 نومبرکو ایران اورعراق کے سرحدی علاقوں میں 7.4 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی تھی، زلزلے کے نتیجے میں530 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ آٹھ ہزار سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • اسلام آباد اور خیبرپختونخواہ میں زلزلے کے جھٹکے

    اسلام آباد اور خیبرپختونخواہ میں زلزلے کے جھٹکے

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے گردو نواح اور خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں  زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث لوگ خوف و ہراس میں گھروں سے باہر نکل آئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اسلام آباد، روالپنڈی اور گرد نواح کے علاوہ خیبرپختونخواہ کے پہاڑی علاقوں میں 3.7 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    جڑواں شہروں سمیت سوات ، مری اور گرد نواح میں بھی لوگ خوف و ہراس کے باعث کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل کر محفوظ کی طرف منتقل ہوئے، خوش قسمتی سے زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔

    یاد رہے کہ 8 اکتوبر 2005 میں آزاد کشمیر سمیت مختلف علاقوں میں تباہ کن زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں شدید جانی و مالی نقصان کا سامنا ہوا تھا، متاثرہ علاقوں میں آج بھی ترقیاتی کام جاری ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

    پشاور: پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ۔ آرمی چیف نے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کی نگرانی شروع کردی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کو زلزلے سےہونےوالے نقصانات اورپاک آرمی کی امدادی کارروائیوں سے آگاہ کیا، ملک میں آنے والے بد ترین زلزلے کے فورا بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اعلی سطح کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔

     اجلاس میں آرمی چیف نے ہدایات جاری کیں کہ پاک فوج کی تمام فارمیشنز کو فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

    انہوں نے کہا خاص طور پر دور دراز کے دیہی علاقوں تک پہنچا جائے، اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے مطابق پاک فوج کے تمام ہیلی کاپٹرز کو ممکنہ متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے تاکہ نقصانات کا فوری ابتدائی تخمینہ لگا کر اس کی روشنی میں امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا جا سکے۔

    اجلاس میں ملک بھر کے سی ایم ایچ اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال کی ہدایات جاری کی گئیں اور انجینئر نگ کے شعبے کو متعلقہ مشینری ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت جا ری کی گئیں۔

  • نوابشاہ میں زلزلےکے جھٹکے، شہریوں میں خوف وہراس

    نوابشاہ میں زلزلےکے جھٹکے، شہریوں میں خوف وہراس

    نوابشاہ : شہر میں زلزلے کے شدید جھٹکوں سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا، زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر چاراعشاریہ تین ریکارڈ کی گئی ہے۔

    نواب شاہ شہرزلزلے کے شدید جھٹکوں سے لرز اٹھا،  زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر چار اعشاریہ تین ریکارڈ کی گئی، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز نواب شاہ سے ستر کلومیٹر دور مشرقی علاقہ تھا۔

    شہر میں زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اورشہری کلمہِ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تاہم کسی بھی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔