Tag: زلفی بخاری

  • زلفی بخاری کا خواجہ آصف کو 1 ارب ہرجانے کا قانونی نوٹس

    زلفی بخاری کا خواجہ آصف کو 1 ارب ہرجانے کا قانونی نوٹس

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کے خلاف قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق زلفی بخاری نے خواجہ آصف کے خلاف قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کو ایک ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔

    زلفی بخاری نے ن لیگی رہنما سے علی الاعلان معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کر دیا ہے، انھوں نے نوٹس میں کہا ہے کہ خواجہ آصف عائد کردہ جھوٹے اور من گھڑت الزامات فوری واپس لیں۔

    زلفی بخاری کی جانب سے خواجہ آصف کو الزامات کی واپسی اور معافی کے لیے 14 دن کی مہلت دی گئی ہے،قانونی نوٹس 2002 کے ہتک عزت آرڈیننس کی دفعہ 8 کے تحت بھجوایا گیا ہے۔

    دریں اثنا، زلفی بخاری نے اپنی کارکردگی سے متعلق کہا کہ میری وزارت میں ساڑھے 9 لاکھ پاکستانیوں کو بیرون ملک روزگار میسر آیا، ستمبر 2019 میں پاکستانیوں نے ایک ارب 740 ملین ڈالرز کا زرمبادلہ بھیجا، تاریخ میں پہلی مرتبہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے پولیس سہولت مرکز قائم کیا۔

    انھوں نے کہا کہ میں نے پاکستان اور اس کے عوام کی خدمت کا عزم مصمم کر رکھا ہے، من گھڑت الزامات میری ساکھ پر کاری ضرب لگانے کی کوشش ہے، خواجہ آصف کو بھاگنے نہیں دیں گے، پانامہ شریف کا حواری معافی مانگے یا عدالتی کارروائی کا سامنا کرنے کو تیار رہے۔

  • بینکاک ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کو واپس لائیں گے، زلفی بخاری

    بینکاک ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کو واپس لائیں گے، زلفی بخاری

    اسلام آباد: وزیر اعظم کےمعاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ بینکاک ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کو واپس لائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کےمعاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ چین سے طلبہ کو واپس نہ بلانے کا سارا ملبہ مجھ پرگرایا گیا تنقید کی گئی، وقت نے ثابت کیا پاکستانی طلبہ کوواپس نہ لانے کا فیصلہ درست تھا۔

    انہوں نے کہا کہ مجھ پر تنقید وزیراعظم عمران خان سے قربت کی وجہ سے ہوتی ہے، عارضی بیرون ملک جانے والوں کی واپسی کے لیے انتظامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں بینکاک ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کو واپس لائیں گے۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ ایران سے زائرین کو زبردستی لانے کے الزام پر عدالت جاؤں گا، زائرین کو فرار کرانے کے الزام پر خواجہ آصف کے خلاف رجوع کروں گا۔

    پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور متاثر افراد کی تعداد 1373 تک جا پہنچی ہے ، سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس سے اب تک 11 افراد جاں بحق اور 23 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کیا تھا۔

  • زلفی بخاری کا برطانوی اخبار کی تفتان سے متعلق خبر پر رد عمل

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے برطانوی اخبار کی خبر پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دی گارڈین نے تحقیق کرنے کی بجائے سنی سنائی بات کو خبر بنانے کی بھونڈی کوشش کی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا وائرس کے معاملے پر دی گارڈین کی خبر پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے جھوٹا قرار دیا، زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ اخبار نے کوئی تحقیق نہیں، سنی سنائی بات کو خبر بنا دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ خبر لگانے سے قبل زمینی حقائق جاننے کی کوشش ہی نہیں کی گئی، آفت یا جنگ زدہ علاقوں کی رپورٹنگ کے لیے زمینی حقائق جاننا ضروری ہوتا ہے، بلوچستان حکومت نے بھی جھوٹی خبر کی نشان دہی کر کے بہترین کام کیا، اخبار کو فی الاحال برطانیہ کے حالات پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

    خیال رہے کہ اخبار نے 100 سے زائد زائرین کی ایران سے بلوچستان میں داخل ہونے کی خبر دی تھی، جس میں لکھا گیا تھا کہ زائرین رشوت دے کر ایران سے بلوچستان داخل ہوئے، اس پر وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بھی رد عمل دیا اور کہا برطانوی اخبار کے صحافی نے دورہ کیے بغیر تفتان سے متعلق جھوٹی خبر شائع کی، خبر کے ساتھ جو تصویر لگائی گئی وہ تفتان کی نہیں کوئٹہ کی ہے۔

    کرونا وائرس، برطانیہ میں میتیں حکومتی اختیار میں دینے کی تیاری

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا اخبار نے بے بنیاد خبر کے ذریعے گمراہ کن پراپیگنڈا کیا۔

  • چین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس نہ لانے کا فیصلہ صحیح تھا، زلفی بخاری

    چین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس نہ لانے کا فیصلہ صحیح تھا، زلفی بخاری

    اسلام آباد: وزیر اعظم کےمعاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ چین میں پھنسےپاکستانیوں کوواپس نہ لانےکافیصلہ صحیح  تھا ، سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کو 3 سے5دن میں وطن واپس لایا جائےگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کےمعاون خصوصی زلفی بخاری کی اوورسیزپاکستانیوں کو آن لائن بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ڈبلیوایچ او نے پاکستان کے کرونا سے متعلق اقدامات کی تعریف کی، وزیراعظم کی ہدایت ہے کرونا متاثرین کے مسائل حل کئے جائیں۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ چین میں پھنسےپاکستانیوں کوواپس نہ لانےکافیصلہ صحیح تھا، چین میں پھنسےپاکستانیوں کی صورتحال روزانہ  مانیٹرکی جاتی ہے، جمعرات کو6 اشیاچین میں پھنسے 1300طالبعلموں کوپہنچائی جائیں گی۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کے لئے بھی فکرمندہیں، 3 سے5دن میں سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کولایاجائےگاجبکہ دیگر ممالک میں موجود پاکستانی ہیلتھ اتھارٹیز سے تعاون کریں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ مشکل صورت میں وزارت اوورسیز کے سوشل میڈیا یا فون نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

    گذشتہ روز وزارت اوورسیز کی جانب سے چین کےشہرووہان میں پھنسے 1300 پاکستانی طلباکیلئے 15دن کاامدادی سامان بھیجا گیا ، امدادی سامان میں طلبا کیلئے کھانے پینے اور دیگرضروری اشیا شامل تھیں۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پا کستان کی ہرقسم کی مدد ہما ری اولین ترجیح ہے، کروناوائرس سے پوری دنیا متاثر ہورہی ہے، طلبا کے والدین سے وعدہ کیا ہے بچوں کاخیال رکھا جائےگا، اپنے شہریوں سےمتعلق چینی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

  • ‘شوق تھا بزنس مین بنوں’

    ‘شوق تھا بزنس مین بنوں’

    اسلام آباد : وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ چاہتاہوں پاکستان کے کالجز سے اگلے وزیراعظم نکلیں اور کوشش ہے پورے پاکستان میں ایک نصاب ہو۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کامستقبل ایسے کالجز سے نکلے، جس کا وژن عمران خان نے دیکھاہے، چاہتاہوں پاکستان کے کالجز سے اگلے وزیراعظم نکلیں۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ کوشش ہے پورےپاکستان میں ایک نصاب ہو، اسکولوں ہی نہیں مدرسوں میں بھی یکساں تعلیم فراہم ہونی چاہیے، شوق تھابزنس مین بنوں، پڑھائی سے زیادہ اسپورٹس پردھیان تھا۔

    معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی نے کہا کہ یہ شوق نہیں تھا کہ نمبرزیادہ آئیں بس پاس ہونے کی فکرہوتی تھی، اللہ کاشکرگزارہوں کہ کم عمری میں بہت کچھ دکھایااوردیابھی ہے۔

    عمران خان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کودیکھ لیں20سال سےزیادہ جدوجہدہے، اگرخان صاحب فوری سیاست میں چلےجاتے تویہ جدوجہد نہ کہلاتی، عمران خان نےزیادہ جدوجہدکی اورآج اللہ نےانہیں وزیراعظم بنایا۔

    یاد رہے زلفی بخاری نے کہا تھا کہ میں نے پاکستان میں کوئی کاروبار نہیں کیا، وزیراعظم عمران خان کو کہا جب تک عہدے پر ہوں کاروبار نہیں کروں گا، میرے خلاف انکوائری اس دور کی نہیں تھی، انکوائری کرپشن پر نہیں آف شور کمپنی پر تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اتحادیوں میں چھوٹے مسائل جلد حل ہوجائیں گے، جب آپ حکومت میں ہوں تو افواہیں ہوتی رہتی ہیں، میرے بارے میں جعلی خبر آئی کہ کمپنی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

  • چین میں پھنسے طلبہ کے والدین کو ہر 10 دن بعد بریفنگ دینے کا فیصلہ

    چین میں پھنسے طلبہ کے والدین کو ہر 10 دن بعد بریفنگ دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے چین میں پھنسے طلبہ کے والدین کو ہر 10 دن بعد بریفنگ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا وائرس کے باعث چین میں پھنسے پاکستانی طلبہ کی دیکھ بھال کے سلسلے میں آج معاون خصوصی زلفی بخاری نے طلبہ کے والدین سے ملاقات کی، مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

    طلبہ کے والدین کو طلبہ کی صحت و سلامتی کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، ملاقات میں طلبہ کو خوراک اور رقم سمیت فراہم کی جانے والی دیگر سہولیات کا جائزہ بھی لیا گیا۔

    زلفی بخاری نے اس موقع پر کہا کہ ہم والدین کے جذبات اور احساسات کو اچھی طرح سمجھ سکتے ہیں، والدین کو یقین دلاتا ہوں کہ تمام طلبہ محفوظ ہاتھوں میں ہیں، پاکستانی سفارت خانے کا عملہ ان سے مسلسل رابطے میں ہے، یہ ضروری ہے کہ والدین کے ہر سوال کا جواب دے کر انھیں مطمئن کیا جائے۔

    انھوں نے کہا کہ حکومت چین میں پھنسے پاکستانی طلبہ کی مشکلات حل کرنا چاہتی ہے، اب والدین سے ہر 10 دن بعد جامع نشست کا اہتمام کیا جائے گا، انھیں بچوں کی صحت، خوراک، رقم اور دی جانے والی ہر سہولت سے با خبر رکھیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چین میں کرونا وائرس کی صورت حال پر تیزی سے قابو پایا جا رہا ہے، ووہان میں کیسز میں بتدریج کمی رپورٹ ہوئی ہے۔

    زلفی بخاری نے نجی ٹی وی چینل پر چلنے والی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے چین سے پاکستانی طلبہ کے انخلا کی بات نہیں کی۔

  • زلفی بخاری کی چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کے والدین سے ملاقات

    زلفی بخاری کی چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کے والدین سے ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاونین خصوصی زلفی بخاری اور ڈاکٹر ظفر مرزا نے چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کے والدین سے ملاقات کی اور بتایا کہ حکومت چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کی مشکلات حل کرنا چاہتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاونین خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری اور برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کے والدین سے ملاقات کی اور انہیں بریفنگ دی۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ چین میں کرونا وائرس کی صورتحال بہت گھمبیر ہو چکی ہے، کرونا وائرس کی ساخت سے متعلق تاحال کچھ پتہ نہیں چل رہا۔ حکومت چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کی مشکلات حل کرنا چاہتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وائرس کا کوئی حل نہیں ہے نہ ہی اس کا کوئی ماہر موجود ہے، بہت سے ممالک مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن کسی کو اندازہ نہیں کہ جو وہ کر رہے ہیں وہ ٹھیک ہے یا نہیں۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ وہاں رہنے والے پاکستانی طلبا محفوظ ہاتھوں میں ہیں، سفارت خانے سے 2 افراد کو ووہان جانے کی اجازت ہے۔ کئی ممالک کو اس حوالے سے کیے گئے اقدامات پر یقین نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اقدامات کے نتائج کے حوالے سے ابھی تک کسی کو نہیں پتہ، 2 افراد کو اس شرط پر جانے کی اجازت دی گئی کہ وہ بغیر چیک نہیں آسکیں گے۔ ہم نے اپنے لوگ اس لیے بھیجے تاکہ وہاں وہ بچوں کا درد دیکھ سکیں، وہ وہاں ہی رہیں گے۔

    معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ حکومت اور کابینہ کو احساس ہے کہ ہم کوئی حکمت عملی آپ سے شیئر کریں، معاملہ اپنی اولاد کا ہو تو خواہش ہوگی کل کے بجائے آج ہی بچے واپس آجائیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سب کو بھرپور اندازہ ہے کہ بچوں کے والدین بہت پریشان ہیں، والدین کے تحفظات اپنی جگہ لیکن حالات بھی دیکھیں۔

    اس سے قبل کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ایمرجنسی کور گروپ کے اجلاس کے دوران ظفر مرزا نے بتایا تھا کہ اب تک قومی ادارہ صحت کو کرونا وائرس کے مشتبہ 89 نمونے موصول ہوئے ہیں، موصول ہونے والے تمام نمونے منفی ہیں، پاکستان میں اس وقت کرونا وائرس کا کوئی کیس نہیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹس پر مسافروں کی اسکریننگ کو مربوط بنایا گیا ہے اور 4 لاکھ سے زائد باہر سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ ہوچکی ہے۔

  • پاکستان کا فی الحال چین سے طلبا کے انخلا کا کوئی منصوبہ نہیں، زلفی بخاری

    پاکستان کا فی الحال چین سے طلبا کے انخلا کا کوئی منصوبہ نہیں، زلفی بخاری

    اسلام آباد : معاون خصوصی زلفی بخاری نے فرانسیسی سفیرمارک بریٹی سے ملاقات میں کہا پاکستان کا فی الحال چین سے طلبا کے انخلا کا کوئی منصوبہ نہیں ہے،  پاکستان میں کوئی بھی وبا تباہ کن ہوسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی زلفی بخاری سے فرانسیسی سفیرمارک بریٹی کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں خطے کے سیاسی اور اقتصادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے حکومتوں کی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

    فرانسیسی سفیر نے کہا فرانس احتیاط کیساتھ ووہان سے شہریوں کے انخلا پر کام کررہاہے، فرانس میں موسم سرما کے فلوکی وجہ سے 15 ہزار افراد ہلاک ہوتے ہیں۔

    اس موقع پر زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان کا فی الحال طلبا کے انخلا کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، حکومت اپنے 220 ملین لوگوں کے تحفظ کی ذمہ دار ہے، پاکستان میں کوئی بھی وبا تباہ کن ہوسکتی ہے، کرونا وائرس کے خطرے سے نمٹنے کے لئے مالی اعانت منظور کرلی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبا کے حوالے سے زلفی بخاری کی چینی سفیر سے اہم ملاقات

    گذشتہ روز معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری کی چین کے سفیر یاؤ ژنگ سے ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں کرونا وائرس سے متاثرہ چینی شہر ووہان میں پاکستانی طلبا کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا تھا۔

    زلفی بخاری نے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ چین میں موجود پاکستانیوں کی واپسی تک تمام ہم وطنوں کا خصوصی خیال رکھا جائے، اسپیشل کیسز کی صورت میں چینی حکومت خصوصی تعاون کرے، سفارتخانے کے اہلکاروں اور پاکستانی شہریوں میں رابطے آسان بنائے جائیں۔

    زلفی بخاری نے صورتحال کی خود نگرانی کے لیے چین جانے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا خواہش ہے مشکل وقت میں ہم وطنوں کے پاس جاؤں۔

    چینی سفیر یاؤ ژنگ کاکہنا تھا کہ آپ کی سوچ قابل تعریف ہے مگر ابھی وہاں جانا مناسب نہیں، ہم وطنوں کے لیے آپ کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

  • ووہان میں پھنسے ہر پاکستانی کا خصوصی خیال رکھا جائے: وزیر اعظم کی ہدایت

    ووہان میں پھنسے ہر پاکستانی کا خصوصی خیال رکھا جائے: وزیر اعظم کی ہدایت

    اسلام آباد: چینی شہر ووہان میں پھنسے پاکستانیوں کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری کی اہم ملاقات ہوئی، وزیر اعظم نے کہا کہ طلبا سمیت ہر پاکستانی شہری کا خصوصی خیال رکھا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے بعد چین میں پھنسے پاکستانیوں کی دیکھ بھال کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری کی اہم ملاقات ہوئی۔ مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور سیکریٹری خارجہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔

    ملاقات میں چین میں موجود پاکستانیوں کی صحت کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور چینی جامعات میں پاکستانی طلبا کے تحفظ کے حوالے سے خصوصی بات چیت کی گئی۔

    چینی شہر ووہان میں موجود پاکستانیوں کو خوراک اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ معاون خصوصی زلفی بخاری نے وزیر اعظم کو مکمل صورتحال سے آگاہ کر دیا۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ شہریوں کی حفاظت کے لیے چینی حکومت سے مل کر کام کر رہے ہیں، یقین ہے چین کرونا وائرس کے چیلنج سے کامیابی سے نمٹ لے گا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ چین میں موجود ہم وطنوں کی سلامتی و تحفظ کے لیے فکر مند ہیں، طلبا سمیت ہر پاکستانی شہری کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دفتر خارجہ اور فارن مشن ہم وطنوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔

    وزیر اعظم نے وزارت اوور سیز کی جانب سے اقدامات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ ملاقات میں وزیر اعظم کو چینی سفیر کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز اسی معاملے پر زلفی بخاری نے چینی سفیر سے بھی ملاقات کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ چین میں موجود پاکستانیوں کی واپسی تک تمام ہم وطنوں کا خصوصی خیال رکھا جائے اور اسپیشل کیسز کی صورت میں چینی حکومت خصوصی تعاون کرے۔

    چینی سفیر یاؤ ژنگ کا کہنا تھا کہ چین میں موجود پاکستانیوں کی دیکھ بھال مزید بہتر کر رہے ہیں، ہر قسم کی پیش رفت سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھیں گے۔

  • ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبا کے حوالے سے زلفی بخاری کی چینی سفیر سے اہم ملاقات

    ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبا کے حوالے سے زلفی بخاری کی چینی سفیر سے اہم ملاقات

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور پاکستان میں چین کے سفیر کی ملاقات ہوئی جس میں ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبا کے حوالے سے اہم مشاورت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری کی چین کے سفیر یاؤ ژنگ سے ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں کرونا وائرس سے متاثرہ چینی شہر ووہان میں پاکستانی طلبا کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور ہوا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مشاورت جاری ہے، موجود صورتحال پر گہری نظر ہے۔ وہ ہمارے بچے ہیں ہم ہر طرح سے ان کا خیال رکھیں گے۔

    انہوں نے پاکستان میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت تک کرونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

    زلفی بخاری نے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ چین میں موجود پاکستانیوں کی واپسی تک تمام ہم وطنوں کا خصوصی خیال رکھا جائے، اسپیشل کیسز کی صورت میں چینی حکومت خصوصی تعاون کرے، سفارتخانے کے اہلکاروں اور پاکستانی شہریوں میں رابطے آسان بنائے جائیں۔

    ملاقات میں صورتحال میں بہتری پر پاکستانیوں کے انخلا کے آپشن پر بھی غور کیا گیا۔ زلفی بخاری نے صورتحال کی خود نگرانی کے لیے چین جانے کی پیشکش کی، انہوں نے کہا کہ خواہش ہے مشکل وقت میں ہم وطنوں کے پاس جاؤں۔

    چینی سفیر یاؤ ژنگ نے کہا کہ آپ کی سوچ قابل تعریف ہے مگر ابھی وہاں جانا مناسب نہیں، ہم وطنوں کے لیے آپ کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

    زلفی بخاری نے کہا کہ پاکستانیوں کو بہتر رہائش اور خوراک کا انتظام یقینی بنایا جائے، چین میں موجود طالب علموں سے رابطے میں ہوں۔ کوشش جاری ہیں حالات کی جلد بہتری کے لیے پر امید ہیں۔

    چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چین میں موجود پاکستانیوں کی دیکھ بھال مزید بہتر کر رہے ہیں، ہر قسم کی پیش رفت سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھیں گے۔