پاکستان کے وائٹ بال کپتان محمد رضوان نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کے فتح پر کہا ہے کہ پوری ٹیم کی پرفارمنس پر فخر ہے۔
غیرملکی سرزمین پر مسلسل دوسری ون ڈے سیریز جیتنے والے کپتان قومی کرکٹ ٹیم کا میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کو ہم سے بہت زیادہ امید تھی، آسٹریلیا میں جیتے تھے اس لیے اعتماد بھی تھا۔
محمدرضوان نے کہا کہ آسٹریلیا اور یہاں کی کنڈیشن میں کافی فرق تھا، جوکنڈیشن ہمارے لیے تھی وہی حریف ٹیم کیلئے بھی تھی، نوجوانوں کے پرفارم کرنے کی بہت خوشی ہے۔
خیال رہے کہ گرین شرٹس نے محمد رضوان کی کپتانی میں لگاتار دوسری ون ڈے سیریز اپنے نام کی ہے، اس سے قبل آسٹریلیا کو بھی اس کی سرزمین پر پاکستان نے 2-1 سے ہرایا تھا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے تیسرے ون ڈے میں زمبابوے کو 99 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی ہے۔
بلاوائیو میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں زمبابوے کی ٹیم پاکستان کی جانب سے دیے گئے 304 رنز کے تعاقب میں 40.1 اوورز میں 204 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اس سے قبل قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے ہیں اور زمبابوے کو جیت کے لیے 304 رنز کا ہدف دیا تھا، کامران غلام نے پاکستان کی جانب سے شاندار سنچری اسکور کی تھی۔