Tag: زمونگ کور

  • بھکاریوں کو کہاں منتقل کیا جائے گا؟ کے پی حکومت نے منصوبہ بنا لیا

    بھکاریوں کو کہاں منتقل کیا جائے گا؟ کے پی حکومت نے منصوبہ بنا لیا

    پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور سے گداگری کے خاتمے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔

    سرکار کی طرف سے جاری سوشل ویلفیئر دستاویز میں کہا گیا ہے کہ پشاور شہر کو 1 ہزار 256 پیشہ ور بھکاریوں سے پاک کیا جا رہا ہے، اور گداگر بچوں کو ’زمونگ کور‘ منتقل کیا جائے گا۔

    سوشل ویلفیئر دستاویز کے مطابق بھکاریوں کے خلاف مختلف صوبائی محکمے مشترکہ طور پر آپریشن کریں گے، اور شہر کو بھکاریوں سے پاک کرنے کے منصوبے کے لیے فنڈز بھی خرچ کیے جائیں گے، جو کہ گداگروں کے لیے عمارتوں کے کرائے، خوراک اور دیگر امور کی مد میں خرچ ہوں گے۔

    دو ہزار اکیس کی انٹیلیجنس بیورو کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ پشاور میں بھیک مانگنے والے پیشہ ور گداگر گریڈ 20 اور 21 کے آفیسر کی تنخواہ سے زیادہ کماتے ہیں۔ یہ رپورٹ ضلعی انتظامیہ کو جمع کرائی گئی تھی، جس میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی ٹاؤن اور حیات آباد جیسے پوش علاقوں میں ہر بھکاری کی یومیہ کمائی 10 ہزار جب کہ ماہانہ 3 لاکھ سے اوپر ہے، اسی طرح تجارتی مرکز صدر میں ان کی یومیہ اوسط کمائی 6 ہزار روپے تک ہے۔

    بھکاریوں کے خلاف نہ صرف پشاور بلکہ ملک کے دیر بڑے شہروں میں بھی خصوصی مہمات چلائی جاتی رہی ہیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر بار ایسی مہمات کے چند ہی دنوں بعد راستوں، بازاروں، مارکیٹس، بس اڈوں سمیت ہر جگہ بھکاری دوبارہ نظر آنا شروع ہو جاتے ہیں۔

    یہ انکشاف بھی ہوا تھا کہ بھکاریوں کو جگہیں دینے والے ٹھیکیداروں میں ملک کے دیگر صوبوں کے ساتھ ساتھ کچھ کا تعلق افغانستان سے بھی ہے۔

  • پشاور: اسٹریٹ گرلز کے لیے علیحدہ فلاحی ادارہ، 200 لڑکیاں مستفید ہوں گی

    پشاور: اسٹریٹ گرلز کے لیے علیحدہ فلاحی ادارہ، 200 لڑکیاں مستفید ہوں گی

    پشاور: خیبر پختون خوا حکومت نے اسٹریٹ گرلز کے لیے علیحدہ فلاحی ادارہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس ادارے سے 200 لڑکیاں مستفید ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی حکومت نے محنت مزدوری کرنے والی بچیوں کے لیے علیحدہ فلاحی ادارہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، سیکریٹری سوشل ویلفیئر محمد ادریس کا کہنا ہے کہ مجوزہ ادارے کے لیے پی سی ون کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ یتیم اور محنت مزدوری کرنے والی بچیوں کی کفالت، اور ان کی تعلیم و تربیت کے لیے یہ ادارہ قائم کیا جا رہا ہے، بچیوں کی بہترین کفالت کی جائے گی اور انھیں تعلیم و تربیت دی جائے گی تاکہ وہ معاشرے میں اپنے بل پر کوئی قابل عزت مقام حاصل کر سکیں۔

    سیکریٹری سوشل ویلفیئر کا کہنا تھا اس ادارے سے 200 اسٹریٹ گرلز مستفید ہوں گی، بچیوں کے والدین کو بھی الگ وظیفہ دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ خیبر پختون خوا حکومت نے زمونگ کور (اپنا گھر) کے نام سے فلاحی ادارہ قائم کیا تھا جس میں اسٹریٹ چلڈرنز کو پناہ دی گئی ہے، جہاں ان کی کفالت کی جاتی ہے اور انھیں تعلیم و تربیت دی جاتی ہے۔