Tag: زمین دھنس گئی

  • سڑک کنارے کھڑے افراد کے ساتھ اچانک دل دہلا دینے والا واقعہ (کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں)

    سڑک کنارے کھڑے افراد کے ساتھ اچانک دل دہلا دینے والا واقعہ (کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں)

    جے پور: بھارتی ریاست راجستھان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جو ایک ہولناک منظر پر مبنی ہے۔

    راجستھان کی ایک غیر معمولی ویڈیو کو جب انٹرنیٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے دیکھا تو وہ خوف زدہ ہو گئے، 5 افراد ایک دکان کے باہر موجود تھے کہ اچانک وہ کچھ ہو گیا جس کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مکینک کی دکان کے باہر کچھ لوگ کھڑے ہیں اور آپس میں باتیں کر رہے ہیں، کہ اچانک ان کے پیروں تلے سے زمین سچ مچ میں کھسک گئی۔

    ویڈیو میں نظر آتا ہے کہ کھڑے افراد کے قدموں کے نیچے زمین اتنی اچانک دھنس گئی کہ دیکھنے والوں کو بھی جھٹکا لگ جاتا ہے۔

    جیسے ہی زمین دھنس گئی چاروں افراد نیچے گر کر غائب ہو گئے اور پاس کھڑی موٹر سائیکل بھی کھسک کر زمین میں بننے والے گڑھے میں گر گئی۔

    پاس ہی ایک اور بندہ زمین پر بیٹھے کام میں مگن ہے، وہ بھی زمین میں نمودار ہونے والے خلا میں پھسل کر غائب ہو جاتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ ایک نالا تھا جس پر بنی چھت اچانک ڈھ گئی تھی، تاہم خوش قسمتی سے گرنے والے افراد کو کوئی شدید چوٹ نہیں آئی۔

  • اسرائیل میں زمین اچانک کاریں نگل گئی (دل دہلا دینے والی ویڈیو)

    اسرائیل میں زمین اچانک کاریں نگل گئی (دل دہلا دینے والی ویڈیو)

    یروشلم: اسرائیل میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا ہے جس نے دیکھنے والوں کے دل دہلا دیے، پارکنگ میں اچانک زمین میں بڑا سوراخ بن گیا اور وہاں کھڑی کاریں اس میں گر کر غائب ہو گئیں۔

    اس سلسلے میں کئی ویڈیوز سامنے آئی ہیں، پارکنگ میں موجود سِنک ہول اچانک کھلنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں یہ ہول ناک منظر دیکھا جا سکتا ہے، اچانک زمین دھنستی دکھائی دیتی ہے اور کاریں یکے بعد دیگرے اس میں گر کر غائب ہوتی ہیں۔

    یہ واقعہ مغربی یروشلم میں واقع ایک صدی سے زائد پرانے اور بڑے اسپتال شارے زیڈک میڈیکل سینٹر کی پارکنگ میں پیر کی دوپہر کو پیش آیا، سطح کا پانی زیر زمین لے جانے والا ایک بہت بڑا سِنک ہول اچانک ہی کھل کر اندر دھنس گیا تھا۔

    واقعے میں پانی لے جانے والا سوراخ کھلنے سے پارکنگ لاٹ کا ایک بڑا حصہ دھنس گیا، سیکیورٹی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تین کاریں سوراخ کے اندر گر کر غائب ہو رہی ہیں، واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیم نے اچھی طرح سے جائزہ لے کر یقینی بنایا کہ واقعے میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ سِنک ہول وہاں بنایا گیا تھا جہاں قریب ہی ہائی وے سکسٹین پر سرنگیں کھودی گئی تھیں، اور ان دونوں کے درمیان کیا ربط ہے، اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    واقعے کے بعد جائے حادثہ کے آس پاس علاقے کو خطرناک قرار دے کر ناکہ بندی کی گئی، اس واقعے کی دوسری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسرائیلی پولیس بنے والے بہت بڑے گڑھے کا جائزہ لے رہی ہے۔

  • اسپتال کے باہر زمین دھنس گئی، کووڈ 19 کے مریضوں کا ہنگامی اخراج

    اسپتال کے باہر زمین دھنس گئی، کووڈ 19 کے مریضوں کا ہنگامی اخراج

    اٹلی میں ایک اسپتال کے باہر زمین اچانک دھنس گئی اور ایک گہرا گڑھا پڑ گیا، اسپتال میں موجود کووڈ مریضوں کو ہنگامی طور پر اسپتال سے باہر نکالا گیا۔

    یہ واقعہ اٹلی کے شہر نیپلز میں پیش آیا جہاں صبح 6 بجے کے قریب ایک اسپتال کے باہر پارکنگ ایریا کی زمین اچانک دھنس گئی اور ایک گہرا گڑھا پڑگیا۔

    22 ہزار اسکوائر فٹ پر محیط یہ گڑھا 66 فٹ گہرا تھا، زمین دھنسنے سے وہاں موجود سینکڑوں گاڑیاں گڑھے میں گر گئیں، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

    مذکورہ مقام کے قریب اسپتال کا کووڈ وارڈ تھا جہاں سے کرونا مریضوں کو فوری طور پر باہر نکالا گیا، زمین دھنسنے سے علاقے کی فراہمی آب اور بجلی بھی معطل ہوگئی۔

    مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ زمین کے نیچے کسی ارضیاتی گڑبڑ کی وجہ سے ہوسکتا ہے، مقامی مجسٹریٹ کی ہدایت پر یہاں تکنیکی ماہرین کو طلب کیا گیا ہے تاکہ اندازہ لگایا جاسکے حادثے کا سبب کیا تھا۔

    انتظامیہ کے مطابق شہر میں دو ہفتے قبل موسلا دھار بارشیں ہوئی تھیں اور اس کے باعث زمین کے نیچے پانی کی سطح میں اضافہ اس حادثے کا سبب ہوسکتا ہے۔

    پولیس کتوں کی مدد سے مذکورہ مقام کا جائزہ لے رہی کہ کہیں کوئی شخص اس جگہ پھنسا ہوا نہ ہو۔

    نیپلز کا مذکورہ اسپتال کرونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران کووڈ 19 کے مریضوں کے علاج کا اہم مرکز تھا تاہم اس وقت یہاں کووڈ کے صرف 6 مریض زیر علاج ہیں۔