Tag: زندگی بچانے والی

  • سانحہ سوات کے بعد ریسکیو 1122 کو ’’زندگی بچانے والی‘‘ کتنی جیکٹس فراہم کی گئیں؟

    سانحہ سوات کے بعد ریسکیو 1122 کو ’’زندگی بچانے والی‘‘ کتنی جیکٹس فراہم کی گئیں؟

    دل خراش سانحہ سوات کے بعد متعلقہ ادارے ہوش میں آ گئے ہیں اور ریسکیو 1122 کو زندگی بچانے والی جیکٹس فراہم کر دی گئی ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سانحہ سوات کے بعد وزیراعلیٰ کی ہدایت پر تمام ادارے الرٹ ہیں اور ریسکیو 1122 کو دو ہزار لائف سیونگ جیکٹس فراہم کر دی گئی ہیں۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق حساس اضلاع کو پہلے ہی 1200 لائف جیکٹس فراہم کر دی گئی تھیں جب کہ مزید 10 ہزار لائف جیکٹس کے آرڈرز بھی جاری کیے گئے ہیں۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام الناس کو ہدایت کی ہے کہ وہ دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں دریائے سوات پر تفریح کے لیے گئے ایک ہی خاندان کے 18 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے تھے۔ ان میں سے 11 لاشیں نکال لی گئیں۔ چار کو زندہ بچا لیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ بھی دریائے سوات میں مختلف مقامات پر 75 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے تھے۔

    کے پی حکومت نے واقعہ کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی جب کہ دریائے سوات کے آس پاس کے تمام ہوٹلز اور ریسٹورنٹس بند کرا دیے گئے تھے۔

    واقعہ کے بعد کے پی حکومت کے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ حادثے کے فوری بعد ریسکیو سرگرمیاں شروع کر دی گئی تھیں۔ تاہم عینی شاہدین کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے دو گھنٹے تک وہاں کوئی نہیں پہنچا تھا

    دریائے سوات حادثہ، عینی شاہدین نے دل دہلا دینے والا آنکھوں دیکھا حال بتا دیا

     دریں اثنا آج سے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر دریائے سوات کے کنارے سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

    آج کی کارروائی میں ہوٹلز، فوڈ اسٹریٹ، ریسٹورنٹس سمیت 30 سے زائد تجاوزات مسمار کی گئیں۔ دوران آپریشن ہوٹل مالکان اور عملے کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا جس کی زد میں آکر تین اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس نے مزاحمت کرنے پر 8 افراد کو حراست میں بھی لیا۔

    ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق تجاوزات کے خلاف آپریشن میں ضلع انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ ادارے شامل ہیں۔ دریائے سوات کے کنارے غیر قانونی مائننگ مکمل طور پر بند کی جا رہی ہے، جس کے بعد دریائے سوات کے اطراف بیریئرز کی تعمیر کا بھی آغاز کیا جائے گا۔