Tag: زندہ بچ جانے والے پاکستانیوں

  • یونان کشتی حادثہ : زندہ بچ جانے والے پاکستانیوں کا دل دہلا دینے والا انکشاف

    یونان کشتی حادثہ : زندہ بچ جانے والے پاکستانیوں کا دل دہلا دینے والا انکشاف

    بی بی سی کی تہلکہ خیز رپورٹ میں زندہ بچ جانے والے پاکستانیوں نے انکشاف کیا ہے کہ یونان میں مسافروں سے بھری کشتی ڈوبی نہیں ڈبوئی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق یونان میں کشتی حادثے کے بعد دل دہلا دینے والی معلومات سامنےآرہی ہیں، زندہ بچ جانے والے پاکستانی مسافروں کے انکشاف نے نئے سوال اٹھادیے ہیں۔

    بی بی سی کی تہلکہ خیز رپورٹ نے یونانی حکام کی بے حسی،سفاکیت اور سنگین نااہلی کا بھانڈا پھوڑ دیا، زندہ بچ جانے والے پاکستانیوں نے بتایا کشتی خراب ہوگئی تھی، یونانی کوسٹ گارڈ نے مدد نہ کی۔

    ایک نوجوان نے الزام لگایا کشتی کوسٹ گارڈ والوں نے خود ڈبوئی، کشتی کا انجن ناکارہ تھا، کشتی گھنٹوں پانی میں کھڑی رہی، کوسٹ گارڈز نے رسہ پھینک کر کشتی ڈبو دی۔

    پاکستانیوں نے بتایا کہ کشتی کے حادثےمیں یونانی حکام نےکس سنگ دلی اورلاپرواہی کامظاہرہ کیا، ساڑھے سات سو مسافر مدد کا انتظار کرتے رہے، یونانی حکام کو رحم نہ آیا، تماشہ دیکھتے رہے بچانے کو کوئی نہ آیا، صرف آس پاس سے گزرنے والے جہاز پانی بسکٹ دیتے رہے جان بچانے کی کوشش نہیں کی۔

    لواحقین نے انکشاف کیا کہ یونان میں ساڑھے سات سو مسافروں سے بھری کشتی حادثے کاشکار نہیں ہوئی اسے ڈبویا گیا ہے، پاکستانیوں کوزبردستی کشتی کے نچلے حصےمیں بٹھایا گیا، پینےکا پانی ختم ہو چکا تھا جبکہ ڈوبنے سے پہلےہی چھ افراد ہلاک ہو چکے تھے۔

    دوسری جانب یونانی حکومت نے وضاحت میں دعویٰ کیا کہ ان کی کوسٹ گارڈ نے کشتی کو رسی سے باندھنے کی کوشش تاکہ مذاکرات کیے جاسکیں۔

    اس سے قبل بی بی سی نےاپنی رپورٹ میں دعوی کیا تھا کہ مسافروں سے بھری کشتی پورے 7 گھنٹے کھلےسمندرمیں ایک ہی جگہ کھڑی رہی ، ساڑھے سات سو مسافر لہروں کے رحم و کرم پر تھے مگر یونانی کوسٹ گارڈ کو رحم نہ آیا۔

    اقوام متحدہ نے بھی کہا تھا کہ تحقیقات کی جائیں گی کہ بروقت بچاؤ کی کوششیں اورضروری اقدامات کیوں نہیں کیے گئے۔

    خیال رہے یونان میں کشتی ڈوبنے کا دل دہلا دینے والا سانحہ پاکستان ہی نہیں دنیا بھر میں کئی آنکھیں اشکبار ہیں ، کسی کی آنکھیں اپنے پیارے کے زندہ بچ جانے پر نم ہیں تو کوئی اپنے پیارے کی موت پر شدت غم سے نڈھال ہے۔