Tag: زوہیب حسن

  • رتن ٹاٹا نے نازیہ حسن سے فون پر کیا کہا تھا؟ زوہیب حسن نے بتادیا

    رتن ٹاٹا نے نازیہ حسن سے فون پر کیا کہا تھا؟ زوہیب حسن نے بتادیا

    بھارت کے معروف صنعت کار آنجہانی رتن ٹاٹا سے متعلق ایک یادداشت پاکستان کے نامور گلوکار زوہیب حسن نے سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔

    بھارت کے معروف صنعتکار رتن ٹاٹا 86 برس کی عمر میں گزشتہ روز ممبئی کے ایک اسپتال میں انتقال کرگئے، جہاں وہ کچھ عرصے سے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں داخل تھے۔

    پاکستان کی شہرت یافتہ بہن بھائیوں پر مبنی پاپ سنگر جوڑی نازیہ حسن اور زوہیب حسن کی عشروں قبل ہونے والی ایک ملاقات کا زوہیب حسن نے سوشل میڈیا پر تذکرہ کیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Zoheb Hassan Official (@zohebhassan)

    زوہیب حسن جوکہ مرحومہ نازیہ حسن کے بھائی ہیں نے بتایا کہ کافی برس قبل ان کی والدہ نے نازیہ حسن کو فون دیتے ہوئے کہا کہ تم دونوں کے لیے ایک صاحب، جن کا نام رتن ہے، نے کال کی ہے۔

    جس پر پاکستانی گلوکارہ نازیہ حسن نے ان سے بات کی اور رتن صاحب نے نازیہ حسن سے اپنا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ وہ ایک میوزک کمپنی سی بی ایس انڈیا کے نام سے شروع کرنے جارہے ہیں۔

    اُنہوں نے کہا کہ وہ نازیہ اور میرا ایک البم ریکارڈ کرنا چاہتے ہیں، جس کے بعد ہم نے ان سے ملاقات کا وقت طے کرلیا، چند روز بعد وہ ہمارے گھر آئے، ہمیں اُس وقت تک اس بات کا اندازہ بھی نہیں تھا کہ وہ کون شخصیت ہیں۔

    رتن صاحب نے کہا کہ وہ اس حوالے سے معاہدے کیلیے کسی کو ہمارے پاس بھیجیں گے، جس کے بعد ہم نے ینگ ترنگ البم پروڈیوس کیا جو کہ غالباً بھارت اور جنوبی ایشیا میں پہلا میوزک ویڈیو تھا۔

    رتن ٹاٹا کس بھارتی اداکارہ سے محبت کرتے تھے؟

    زوہیب حسن نے بتایا کہ ہم ممبئی کے تاج ہوٹل میں ان سے ملے تو ہمیں سی بی ایس کے ایم ڈی نے بتایا کہ کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ کون صاحب ہیں؟ تب تک ہمیں ان کے بارے میں کچھ علم نہیں تھا۔

  • نازیہ حسن کا اکلوتا بیٹا آج کل کہاں ہے؟

    نازیہ حسن کا اکلوتا بیٹا آج کل کہاں ہے؟

    ماضی کی معروف پاپ سنگر بھائی بہن کی جوڑی نازیہ حسن اور زوہیب حسن صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں مشہور تھی، کروڑوں دلوں کی ملکہ نازیہ حسن انتہائی کم عمری میں ہی کینسر کا شکار ہو کر دنیا سے چلی گئیں۔

    نازیہ کی موت کے بعد زوہیب حسن سے نہ صرف ان کی پیار کرنے والی بہن چھن گئی بلکہ ان کی بچپن کی دوست اور ساتھی گلوکارہ بھی ہمیشہ کے لیے جدا ہوگئی۔

    زوہیب اپنی بہن سے آج بھی اتنی محبت کرتے ہیں کہ اکثر ٹی وی شوز میں انہیں یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہوجاتے ہیں۔ زوہیب حسن اور ان کے اہل خانہ کے پاس نازیہ کی سب سے بہترین نشانی ان کا بیٹا موجود ہے جسے زوہیب اپنے بیٹوں کی طرح چاہتے ہیں۔

    حال ہی میں زوہیب حسن نے اپنی مرحومہ بہن اور بھانجے کی ایک ایسی تصویر اپنے انسٹاگرام پر شئیر کی ہے جسے نازیہ کے مداحوں نے شاید ہی کبھی دیکھا ہو۔

    زوہیب حسن نے اس تصویر کے ساتھ لکھا کہ یہ نازیہ حسن اور ان کے نومولود بیٹے آریز کی ایک بہت نایاب تصویر ہے۔ جب نازیہ کو اپنے اندر کینسر کی بیماری کا علم ہوا تو انہوں نے ڈاکٹر سے کہا کہ پلیز میری جان بچانے کی اور کوشش کریں تاکہ میں اپنے بیٹے کو بڑا ہوتا ہوا دیکھ سکوں۔

    زوہیب حسن نے اپنے بھانجے کے حوالے سے اپنے مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے مزید لکھاکہ بدقسمتی سے نازیہ کو لمبی عمر تو نہ مل سکی مگر ان کے بیٹے کی پرورش میری اور نازیہ کی والدہ، ہماری بہن زہرہ اور میں نے مل کر کی ہے۔

    نازیہ کا خواب تھا کہ ان کا اکلوتا بیٹا آریز ایک کامیاب وکیل بنے تو اب ان کا خواب پورا ہوگیا ہے اور آریز اب دنیا کی ایک بڑی لا فرم کے لیے کام کررہا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Zoheb Hassan Official (@zohebhassan_)

    سوشل میڈیا صارفین نازیہ حسن کے بیٹے کی کامیابی پر بہت خوش ہیں اور نازیہ کی مغفرت کے ساتھ ساتھ ان کے بیٹے کی مزید کامیابی لیے بھی دعاگو ہیں۔

  • مرزا اشتیاق بیگ کا ہرجانے کا دعویٰ ، معروف گلوکارہ نازیہ حسن کے بھائی کو  نوٹس جاری، تفصیلی جواب طلب

    مرزا اشتیاق بیگ کا ہرجانے کا دعویٰ ، معروف گلوکارہ نازیہ حسن کے بھائی کو نوٹس جاری، تفصیلی جواب طلب

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے معروف گلو کارہ نازیہ حسن کے بھائی گلوکار زوہیب حسن کو اشتیاق بیگ کی جانب سے ہر جانہ کیس میں نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی جواب دینے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کور ٹ میں معروف گلوکارہ نازیہ حسن سابق شوہر اشتیاق بیگ کی زوہیب حسن کیخلاف 1ارب روپے کے ہرجانے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

    عدالت نے نازیہ حسن کے بھائی گلوکار زوہیب حسن کونوٹس جاری کرتے ہوئے7 اکتوبرکوتفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی اور زوہیب حسن کو آئندہ سماعت تک معاملے پر بات کرنے سے روک دیا۔

    عدالت نے زوہیب حسن کو ہدایت کی کہ اشتیاق بیگ کے خلاف کسی قسم کا بیان نہ دیں۔

    یاد رہے پاکستانی گلوکارہ کے شوہر اشتیاق بیگ نے نازیہ حسن کی موت سے متعلق زوہیب حسن کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا زوہیب حسن کے خلاف ایک ارب کے ہرجانے کا دعوی دائر کیا تھا۔

    اشتیاق بیگ نے نازیہ حسن کی موت سے متعلق زوہیب حسن کے الزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے مسترد کرتے ہوئے کہا نازیہ حسن کی موت کی تحقیقات اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بھی کی تھی، اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بھی قرار دیا تھا کہ موت کی وجہ کینسر تھی۔

    اشتیاق بیگ کا کہنا تھا کہ زوہیب حسن نے جو الزامات عائد کیے وہ بہت سنگین ہیں، الزامات کا مقصد میری شہرت کو نقصان پہنچانا تھا ، وکیل کے ذریعے ایک ارب ہرجانے کا نوٹس جاری کیا تھا لیکن زوہیب حسن نےایک ماہ بعدبھی جواب دینے میں ناکام رہے اور الزامات واپس نہ لیے۔

  • پاپ موسیقی کی ملکہ نازیہ حسن کو ڈسکو دیوانے یاد کررہے ہیں

    پاپ موسیقی کی ملکہ نازیہ حسن کو ڈسکو دیوانے یاد کررہے ہیں

    برصغیر میں پاپ میوزک انڈسٹری کو نئی جہت فراہم کرنے والی پاکستان کی مایہ ناز گلوکارہ نازیہ حسن کو اپنے مداحوں سے بچھڑے 19 برس بیت گئے لیکن اپنے مداحوں کے دلوں میں وہ آج بھی زندہ ہیں۔

    معروف گلوکارہ نازیہ حسن 3 اپریل1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، انہوں نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز پاکستان ٹیلی وژن سے کیا، تعلیم لندن میں مکمل کی، نازیہ حسن کا شمار برصغیر میں پاپ موسیقی کے بانیوں میں کیا جاتا ہے۔

    نازیہ حسن نے جو گایا خوب گایا، ان کے بہترین گانوں میں دوستی، ڈسکو دیوانے، آنکھیں ملانے والے، بوم بوم اور دل کی لگی شامل ہیں۔

    انہوں نے کم سنی میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا اظہار کرنا شروع کر دیا، عالمی سطح پر نازیہ حسن کو اس وقت شہرت ملی، جب انہوں نے بھارتی موسیقار بدو کی موسیقی میں فلم قربانی کا مشہور نغمہ آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے ریکارڈ کروایا، جس پرانہیں بھارت کے مشہور فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

    گیت آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے نے نازیہ کو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے وسطی ایشیا میں پاپ موسیقی کی ملکہ بنا دیا، نازیہ کی زندگی کے سب سے اہم جزو ان کے بھائی زوہیب حسن تھے، جنھوں نے نازیہ کی پوری زندگی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور یوں نازیہ کے کئی البم اپنے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ جاری ہوئے۔

    نازیہ حسن کی یاد تازہ کرتے مشہور اور خوبصورت گانے

    نازیہ کا پہلا البم ’’ڈسکو دیوانے‘‘ 1982ء میں ریلیز ہوا۔ جس نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے، اس البم میں ان کے بھائی زوہیب حسن نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا تھا، نازیہ حسن کو ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

    نازیہ صرف گلوکارہ ہی نہیں سیاسی تجزیہ نگار کے طور پر اقوام متحدہ سے وابستہ رہیں،1991 میں انہیں پاکستان کا ثقافتی سفیر مقرر کیا گیا۔

    نازیہ حسن پہلی پاکستانی ہیں، جنہوں نے فلم فیئر ایوارڈ حاصل کیا اور بیسٹ فی میل پلے بیک سنگر کی کیٹیگری میں ایوارڈ جیتنے والی سب سے کم عمر گلوکارہ قرار پائیں۔

    نازیہ حسن کی وفات کے بعد 2002 میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے ملک کا سب سے بڑا اعزاز پرائڈ آف پرفارمنس دیا گیا جبکہ 2003 میں ان کی یاد میں نازیہ حسن فاوٴنڈیشن قائم کی گئی۔

    سرطان کے موذی مرض میں مبتلا نازیہ حسن 13 اگست 2000 کو لندن کے اسپتال میں انتقال کر گئیں تھیں، مگر ان کی سریلی آواز میں گائے گیت آج بھی دل دماغ کو ترو تازہ کر دیتے ہیں۔