Tag: زکوٰۃ

  • ظالموں نے زکوٰۃ کے نام پر غریب کو لوٹ لیا

    ظالموں نے زکوٰۃ کے نام پر غریب کو لوٹ لیا

    پشاور: ظالموں نے ایک غریب شخص پر بھی رحم نہ کھایا، اور زکوٰۃ کے نام پر اسے لوٹ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں سر پر تھال رکھ کر دس روپے والا ڈونٹ بیچنے والے ایک غریب محنت کش کو بھی بے حس نوسربازوں نے نہ چھوڑا۔

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جو پشاور کے ایک غریب شخص کی ہے، نوسربازوں نے انھیں زکوٰۃ کے نام پر 5 ہزار کا جعلی نوٹ تھمایا اور 4 ہزار روپے واپس لے کر چلے گئے۔

    نوسربازوں کے نئے لیکن نہایت بے حسی پر مبنی طریقہ واردات نے لوگوں کے دل دکھا دیے، معلوم ہوا کہ پشاور کے سول کوارٹر میں ڈونٹ بیچنے کے لیے جانے والے ایک شہری کو سڑک پر ایک چمچماتی گاڑی میں بیٹھے نوسربازوں نے زکوٰۃ کے نام پر ٹھگ لیا۔

    گاڑی میں سوار شخص نے غریب محنت کش سے سوال کیا تھا کہ کیا وہ زکوٰۃ لینے کا اہل ہے، جواب میں ہاں میں پا کر اس نے پانچ ہزار کا نوٹ نکال کر کہا کہ اس نے ایک ہزار روپے زکوٰۃ دینی ہے، اگر چار ہزار آپ کے پاس ہیں تو یہ نوٹ لے کر مجھے باقی واپس کردو۔

    سادہ لوح محنت کش نے نوٹ رکھ کر چار ہزار واپس کر دیے، بعد ازاں ایک دکان دار کو نوٹ دکھایا تو جعلی نکلا۔

    سامنے آنے والی ویڈیو میں غریب محنت کش نے جعلی نوٹ دکھاتے ہوئے فریاد کی کہ میں دن میں بہ مشکل تین سے چار سو روپے کماتا ہوں، چار ہزار کا نقصان مہینے میں بھی پورا نہیں کر سکتا۔

    بے بس سادہ لوح شہری کو ویڈیو میں نوسربازوں کو بد دعائیں دیتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

  • ضلع ملیر کراچی، زکوٰۃ کے حوالے سے اہم انکشاف

    ضلع ملیر کراچی، زکوٰۃ کے حوالے سے اہم انکشاف

    کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ شہر قائد میں سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ سے صرف ضلع ملیر کے رہائشیوں کو ہی زکوٰۃ اور دیگر امداد دی جاتی رہی۔

    زکوٰۃ اور امداد لینے والے ضلع ملیر کے 10 ہزار سے زائد افراد کی فہرست مرتب کر لی گئی ہے، اس فہرست میں شامل 100 افراد کو پہلے مرحلے میں بیان کے لیے طلب کر لیا گیا، جب کہ 17 افراد کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے، اور بیان ریکارڈ کرانے والوں نے زکوٰۃ اور فنڈز نہ لینے کا انکشاف کیا۔

    نیب کے مطابق سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ میں 2017 اور 18 کے درمیان 50 کروڑ سے زائد کی رقم ضلع ملیر کے رہائشی افراد کو دی گئی۔

    بیان ریکارڈ کرانے والے شہریوں نے انکشاف کیا کہ پیپلز پارٹی کے علاقائی رہنماؤں نے امداد کے لیے ان کا ڈیٹا مانگا تھا مگر انھیں امداد نہیں دی گئی۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ فہرست میں شامل ضلع ملیر کے تمام شہریوں کو نوٹس جاری کیا جائے گا، نوٹس جاری ہونے اور بیان ریکارڈ ہونے کے بعد تحقیقات کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق ملیر کے علاوہ دیگر اضلاع کے بھی افراد کا سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ سے ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔

  • دین اسلام کا وہ رکن جو ہمارے لیے بے شمار فوائد کا سبب بنتا ہے

    دین اسلام کا وہ رکن جو ہمارے لیے بے شمار فوائد کا سبب بنتا ہے

    دنیا بھر میں آج اقوام متحدہ کے زیر اہتمام چیریٹی کا عالمی دن منایا جارہا ہے، صدقہ و خیرات اور سخاوت یا انسانی ہمدردی کے تحت مالی طور پر کی جانے والی امداد چیریٹی کہلاتی ہے جو ہر شخص کو کرنی چاہیئے۔

    اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے سنہ 2012 میں مدر ٹریسا کے یوم وفات 5 ستمبر کو ورلڈ چیریٹی ڈے کے طور پر منانے کی منظوری دی تھی۔ اس کا مقصد دنیا بھر کے بے سہارا اور ضرورت مند افراد کی مدد کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

    دین اسلام میں چیریٹی کو ایک اہم حیثیت حاصل ہے اور زکوٰۃ ارکان اسلام میں سے ایک ہے، ارکان اسلام دراصل فرائض کی حیثیت رکھتے ہیں گویا اپنے آس پاس موجود ضرورت مندوں کی مدد کرنا دین اسلام نے فرض قرار دیا ہے۔

    اسلام نے معاشی پریشانی کا شکار، مصیبت زدہ افراد، بے گھروں، دربدر یا پناہ گزین اور بے سہارا افراد کی خبر گیری کرتے رہنے اور ان کی مدد کرنے کی خاص تاکید کی ہے۔

    علاوہ ازیں کسی کار خیر کے لیے کوئی فرد یا گروہ کوئی عمل سر انجام دے رہا ہو تو انہیں عطیات دینا بھی احسن عمل ہے۔

    اسلامی عقائد کے مطابق صدقہ و خیرات اور عطیات یوں تو بلاؤں کو ٹالتا ہے اور کسی شخص کی خیر و عافیت اور سلامتی کی ضمانت ہے، لیکن مالی طور پر کسی کی مدد کرنے کے بے شمار معاشرتی، نفسیاتی اور طبی فوائد بھی ہیں جن کی سائنس نے بھی تصدیق کی ہے۔

    آئیں دیکھتے ہیں وہ کیا فوائد ہیں۔

    کسی مستحق کی مالی مدد کرنا دلی سکون اور خوشی کا باعث بنتا ہے۔

    اپنے سے کمتر اور غریب لوگوں کو دیکھنا اور ان کے مسائل سننا، شکر گزاری اور خود کو حاصل نعمتوں کی قدر کرنے کا سبب بنتا ہے۔

    صدقہ خیرات کرتے رہنے کی عادت سے گھر کے بچوں کو بھی اس کی ترغیب ہوتی ہے جس سے ایک نیک کام کا پھیلاؤ ہوتا ہے۔

    آپ کو کسی کی مالی مدد کرتا ہوا دیکھ کر آپ کے آس پاس موجود افراد کو بھی اس کی ترغیب ہوگی، اور یوں آپ ایک کار خیر کے پھیلاؤ کا سبب بنیں گے۔

    صدقہ خیرات کرنے سے آپ بہتر طور پر معاشی منصوبہ بندی کرنے کے عادی بنتے ہیں۔ آپ کی فضول خرچی کی عادت کم ہوتی جاتی ہے اور آپ با مقصد اشیا پر پیسہ خرچ کرتے ہیں۔

    صدقہ خیرات کو خدا کے ساتھ سرمایہ کاری کا نام دیا جاتا ہے جس کا منافع دونوں دنیاؤں میں حاصل ہوتا ہے، دوسروں کی مدد کرنے کے عادی افراد اپنی ضرورت کے وقت کبھی بھی خود کو اکیلا نہیں پاتے اور خدا ان کے لیے کوئی نہ کوئی وسیلہ بھیج دیتا ہے۔

    اس سرمایہ کاری سے نہ صرف آپ خود بلکہ آپ کی آنے والی نسلیں بھی مستفید ہوتی ہیں۔

  • زکوٰۃ کی کٹوتی کے لیے تمام بینک آج عوام کے لیے بند رہیں گے

    زکوٰۃ کی کٹوتی کے لیے تمام بینک آج عوام کے لیے بند رہیں گے

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعلامیے کے مطابق زکوٰۃ کی کٹوتی کے سلسلے میں ملک بھر کے بینک آج بند ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق زکوٰۃ کی کٹوتی کے سلسلے میں ملک بھر کے بینک آج بند رہیں گے۔ تمام بینک اور مالیاتی ادارے عوام سے لین دین کے لیے بند رہیں گے۔

    اسٹیٹ آف پاکستان نے وزارت مذہبی امور کے ساتھ مشاورت سے ساڑھے 52 تولے چاندی کی قیمت کے تناسب سے زکوٰۃ کا نصاب 44 ہزار 415 روپے مقرر کیا ہے جبکہ گزشتہ برس نصاب 35 ہزار 5 سو 57 روپے مقرر کیا گیا تھا۔

    وزارت مذہبی امور کی جانب سے زکوۃ کا نصاب مقرر کرنے کے بعد اسٹیٹ بینک نے اعلان کیا ہے کہ سیونگ اکاؤنٹس رکھنے والے صارفین کے کھاتوں سے ڈھائی فیصد رقم زکوۃ کی مد میں کٹوتی کی جائے گی۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ماہِ رمضان میں تمام بینکوں کے اوقات کارتبدیل کردیے، ماہ رمضان میں بینک پیرتا جمعرات صبح 10 بجے سے لے کر دوپہر 2 بجے تک ہوں گے جس میں دورانِ نماز وقفہ دیا جائے گا اسی طرح جمعےکے روز بینک صبح 9 بجے سے دوپہر 1 بجے تک بغیر کسی وقفے کے تمام بینکس کھلے رہیں گے۔

  • زکوٰۃ کا نصاب 39 ہزار 198 روپے مقرر

    زکوٰۃ کا نصاب 39 ہزار 198 روپے مقرر

    اسلام آباد: وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے رواں سال کے لیے زکوٰۃ کا نصاب 39 ہزار 198 روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔

    وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اگر کسی کے بینک اکاؤنٹ میں زکوٰۃ اور عشر کے قانون کے رو سے یکم رمضان المبارک تک 39 ہزار 198 روپے سے کم رقم موجود ہوگی تو اس پر زکوٰۃ کی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔

    سرکاری نوٹیفیکیشن کے مطابق رمضان المبارک کے پہلے دن کو ’کٹوتی کا دن‘ قرار دیا گیا ہے جو کہ 17 یا 18 مئی (چاند نظر آنے سے مشروط) کو پڑ سکتا ہے۔

    یکم رمضان کو سیونگ بینک اکاؤنٹس، پرافٹ اور لاس شیئرنگ اکاؤنٹس اور اسی طرح کے دیگر اکاؤنٹس جو کریڈٹ بیلنس پر مشتمل ہیں، سے زکوٰۃ کی کٹوتی عمل میں لائی جائے گی۔

    وزارت مذہبی امور نے زکوٰۃ جمع کرنے والی کنٹرولنگ ایجنسیز سے کہا ہے کہ نوٹیفکیشن کے مطابق زکوٰۃ کی کٹوتی کی جائے۔

    مئی کا پہلا عشرہ ، ماہ رمضان سے قبل مہنگائی کی شرح میں اضافہ


    اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام بینکوں اور مالیاتی اداروں کے صدور اور چیف ایگزیکٹوز کو سرکلر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت مذہبی امور سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے عین مطابق زکوٰۃ کی کٹوتی کی جائے۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق پچھلے سال کے مقابلے میں اس سال زکوٰۃ کے نصاب میں 793 روپے اضافہ کیا گیا ہے، پچھلے سال زکٰوۃ کا نصاب 38 ہزار 405 روپے تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایم کیوایم کی چندہ اور فطرہ مہم منتخب نمائندے دیکھیں گے، فاروق ستار

    ایم کیوایم کی چندہ اور فطرہ مہم منتخب نمائندے دیکھیں گے، فاروق ستار

    کراچی: ایم کیوایم رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی میں امن کےلیے ہم بھی شراکت دارہیں، ایم کیوایم ہمیشہ جبری چندے کے خلاف رہی ہے ۔

    لال قلعہ گراؤنڈ میں منعقدہ سانحہ پکا قلعہ کی 26ویں برسی کے موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں زکوٰۃ ، فطرہ منتخب نمائندے ، بلدیاتی چیئرمین ، وائس چیئرمین جمع کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھی ایم کیو ایم کو فلاحی کاموں سے روکا گیا، ایم کیو ایم کا فلاحی ادارہ وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق ضرور فطرہ، زکوٰۃ جمع کرے گا اور ایم کیو ایم کے منتخب نمائندوں کے پاس اتھارٹی لیٹر ہو گا۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکنان کی گرفتاری کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے اور یہ گرفتاریاں انہیں فطرہ جمع کرنے سے روکنے کی سازش ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہے اور صرف رضاکارانہ طور پرچندہ، زکوٰۃ، فطرہ وصول کرتی ہے۔