Tag: زہر

  • شوہر اور سسرالیوں نے گھریلوجھگڑے پر خاتون کو زہر پلا کر قتل کردیا

    شوہر اور سسرالیوں نے گھریلوجھگڑے پر خاتون کو زہر پلا کر قتل کردیا

    فیصل آباد: شوہر اور سسرالیوں نے گھریلوجھگڑے پر خاتون کو زہر پلا کر قتل کردیا، پولیس نے مقتولہ کے شوہر کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس نے بتایا کہ ڈی ٹائپ کالونی میں بیوی کو زہر دیکر قتل کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم کی شناخت فہیم کے نام سے ہوئی ہے، فہیم اور اس کے گھر والوں نے گھریلو جھگڑے پر خاتون کو زہر دیا۔

    متاثرہ خاتون 22 جولائی کو اسپتال میں دوران علاج دم توڑگئی تھی، مقدمے میں مقتولہ کا شوہر فہیم، دیور نعیم، نند رخسانہ بطور ملزمان نامزد ہیں۔

    پولیس نے کیس کے حوالے سے مزید بتایا کہ قتل ہونے والی خاتون نے شوہر کو نند رخسانہ کی غیراخلاقی حرکات سے آگاہ کیا تھا۔

    کچھ مہینوں قبل پنجاب کے شہر دنیاپور میں زہریلا اسپرے پینے سے خاتون جاں بحق ہوگئی تھی، دنیاپور چک 291 ڈبلیو بی میں خاتون کے والد نے بیٹی کی موت کا الزام شوہر اور سسر پر لگایا تھا۔

    والد کا کہنا تھا کہ میری بیٹی کو اس کے شوہر اور سسر نے زبردستی زہریلا اسپرے پلایا ہے، تاہم خاتون کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالےکردی جائے گئی، تھانہ صدر پولیس نے ورثا کی درخواست پر تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/death-by-drinking-poisoned-tea-post-mortem-report-of-woman-nazia-bibi/

  • ناراض بیوی نے شوہر کو چائے میں زہر دیکر قتل کردیا

    ناراض بیوی نے شوہر کو چائے میں زہر دیکر قتل کردیا

    ڈسکہ: ایک انسانیت سوز واقعے میں ناراض بیوی نے شوہر کو چائے میں زہر دیکر قتل کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مزمل اپنی ناراض بیوی کو منانے کے لئے آیا تھا، بیوی نے چائے پیش کی، جس میں زہر موجود تھا، چائے پینے پر مزمل کی حالت بگڑ گئی۔

    پولیس کے مطابق مقتول کوحالت بگڑنے پر گوجرانوالہ ریفر کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکا، مقتول کی بہن کی مدعیت میں بیوی اور سالی کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    دوسری جانب مردان میں دیور نے بھابھی کی جان لینے کے لیے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک ماہ کا بھتیجا جاں بحق ہوگیا۔

    صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مردان کے میاں گلزارہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دیور کی فائرنگ سے ایک ماہ کا بھتیجا جاں بحق اور بھابھی زخمی ہوگئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچہ ماں کی گود میں تھا دیور نے گھر میں بھابھی پر فائرنگ کی، گولی ماں کے بجائے بیٹے کو لگ گئی، فائرنگ کرنے کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے۔

    سپر ہائی وے پر گاڑی کی ٹکر سے سیکیورٹی گارڈ جاں بحق

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا، تحقیقات کی جارہی ہے، جلد ملزم کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

  • یوکرین کے انٹیلی جنس چیف کی اہلیہ کو زہر دے دیا گیا

    یوکرین کے انٹیلی جنس چیف کی اہلیہ کو زہر دے دیا گیا

    یوکرینی فوج کا کہنا ہے کہ ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ کی اہلیہ کو زہر دے دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یوکرین ملٹری انٹیلی جنس کے ترجمان نے کہا کہ ان کے انٹیلی جنس چیف کی اہلیہ ماریانا بڈانووا کو دھاتوں کے ذریعے زہر دیا گیا، جہیں فوری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    ترجمان کے مطابق انٹیلی جنس چیف کی اہلیہ کو زہر دیے جانے کی تصدیق کرتے ہیں تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی اطلاع نہیں دیا کہ انہیں کب اور کس نے زہر دیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس میں انکشاف ہوا ہے کہ یوکرین کے ملٹری انٹیلی جنس چیف روس کے خلاف خفیہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں اپنے کردار کی وجہ سے کافی شہرت رکھتے ہیں، رواں سال روسی سکیورٹی اداروں کی جانب سے ان پر 10 بار قاتلانہ حملے کئے جاچکے ہیں۔

    امریکی فوج کا جنگی طیارہ سمندر میں گر کرتباہ

    روسی میڈیا کے مطابق ملٹری انٹیلی جنسی چیف کی اہلیہ کو زہر دیا جانا ان کی اندرونی لڑائی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔

  • دنیا بھر میں سانپ کے زہر کی فروخت کیوں بڑھ گئی؟

    دنیا بھر میں سانپ کے زہر کی فروخت کیوں بڑھ گئی؟

    دنیا بھر میں سانپ کے زہر کی طلب اور فروخت میں اضافہ ہورہا ہے، اس زہر کو انسانی جان بچانے والی دواؤں میں استعمال کیا جاتا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سانپ کے زہر کی مانگ میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، زہریلے ناگ سانپ کے علاوہ دیگر 10 سانپوں کا زہر عالمی مارکیٹ میں اچھے داموں میں فروخت ہو رہا ہے۔ زہریلے سانپوں کے نکالے گئے زہر کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں فی لیٹر 40 لاکھ روپے ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے جنگلات میں سانپوں کو پکڑ کر ان سے زہر نکالا جارہا ہے، زہر نکالنے والوں کا تعلق قبائلی غریب گھرانوں سے ہے جو زندگی گزارنے کے لیے قیمتی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہوئے سانپوں کا زہر نکالنے پر مجبور ہیں۔

    زہر نکال کر فروخت کرنے والے غریب لوگوں کو معلوم ہی نہیں کہ زہر کتنے میں فروخت ہورہا ہے، اس سلسلے میں کچھ قبائلیوں سے بات کی گئی جنہوں نے بتایا کہ وہ لوگ زہریلے سانپوں کا پیچھا کرتے ہوئے ان کو پکڑ کر ان سے زہرنکالتے ہیں اور اس زہر کو جمع کرتے ہیں۔

    زیادہ مقدار میں زہر جمع ہونے پر ان سے رابطہ کرنے والے ایجنٹوں کو یہ زہر گھر کے لیے استعمال میں آنے والے سامان کے بدلے فروخت کرتے ہیں۔

    مقامی مارکیٹ میں سانپ کے زہر کی قیمت 40 لاکھ روپے فی لیٹر ہے جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت اس سے کہیں زیادہ ہے، سانپ کا زہر نکالنے والے قبائلیوں نے بتایا کہ وہ اس کام کے لیے زہریلے رینگنے والے سانپوں کو پال رہے ہیں۔ یہ رینگنے والے جانور 12 سے 30 انڈے دیتے ہیں اور تقریباً 2 ماہ میں ان انڈوں سے بچے نکلتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ دوسرے سانپوں کے مقابلے ان کو ناگ سانپ سے زیادہ چوکس رہنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ سانپ سے نکالے گئے زہر کو شیشے کی ایک چھوٹی سی بوتل میں ربر کے ڈھکن کے ساتھ محفوظ کیا جاتا ہے۔ بروکر زہر خریدتے وقت اس کے معیار کو جانچتے ہوئے زیادہ مقدار میں اس کو خریدتے ہیں۔ اس زہر کی خریداری کے وقت ایجنٹ ایک بڑا مرغ ساتھ لاتے ہیں اور اس پر ایک چھوٹا سا زخم لگاتے ہیں۔ سانپ کے زہر کو چاقو کی نوک کے زریعہ اس مرغ کے زخم پر لگایا جاتا ہے۔ اگر یہ مرغ آدھے گھنٹے کے اندر مر جائے تو اسے معیاری سمجھا جاتا ہے ورنہ نہیں۔

    بین الاقوامی طلب

    سانپ کا زہر انسانی جان بچانے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے، خاص طور پر بیرون ملک سانپ کے زہر کی مانگ زیادہ ہے۔ سانپ کا زہر امراض قلب اور ہائی بلڈ پریشر کے لیے دی جانے والے دوا میں بھی استعمال ہوتا ہے۔

    ادویات تیار کرنے والی کمپنیاں اس زہر کو انتہائی کم مقدار میں دوا کی تیاری اور انجکشن میں استعمال کرتے ہیں۔

  • سانپ کے زہر سے نئی دوا تیار

    سانپ کے زہر سے نئی دوا تیار

    دنیا بھر میں ہمیشہ سے سانپ کے زہر سے اس کا تریاق تیار کیا جاتا رہا ہے تاہم اب اس زہر سے ایک اور نئی دوا تیار کرلی گئی۔

    حال ہی میں امریکا میں سانپ کے زہر سے ایک سپر گلو تیار کی گئی ہے، ماہرین کے مطابق یہ سپر گلو تیزی سے بہتے خون کو روکنے میں معاون ثابت ہوگی۔

    ماہرین کے مطابق اس وقت خون کو روکنے کے لیے جلد پر لگائی جانے والی گلو کے مضر اثرات بھی ہیں تاہم سانپ کے زہر سے تیار کردہ گلو نقصان دہ ہونے کے بجائے فائدہ مند ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دوا ایک خاص قسم کے سانپ کے زہر سے تیار ہوسکے گی۔

  • ’مجھے پیوٹن نے زہر دیا‘

    ’مجھے پیوٹن نے زہر دیا‘

    ماسکو: روسی اپوزیشن لیڈر الیکسی نوالنی نے زہر کے حملے کا شکار ہونے کے بعد الزام لگایا ہے کہ صدر ولادی میر پیوٹن کے کہنے پر انہیں زہر دیا گیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق روسی اپوزیشن لیڈر الیکسی نوالنی کا کہنا ہے کہ انہیں زہر سے مارنے کی کوشش صدر ولادی میر پیوٹن کے کہنے پر کی گئی۔

    انہوں نے یہ الزام ایک جرمن جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے لگایا۔

    اپوزیشن لیڈر الیکسی نوالنی کو مبینہ طور پر اعصاب کو متاثر کرنے والا ایک مہلک زہر دیا گیا تھا جس سے وہ کوما میں چلے گئے تھے تاہم اب ان کی حالت خاصی بہتر ہے۔

    نوالنی 20 اگست کو سائبیریا سے ماسکو واپس جارہے تھے کہ راستے میں اچانک ان کی طبیعت خراب ہوگئی، انہیں علاج کے لیے جرمنی لایا گیا اور برلن کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا، جہاں وہ کوما میں چلے گئے تھے۔

    ڈاکٹرز کے مطابق فی الحال ان کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم زہر ان پر کیا اثرات مرتب کرے گا، یہ کہنا قبل از وقت ہے۔

    اب نوالنی نے روسی صدر پر اس کا الزام لگایا ہے، دوسری جانب روسی حکام کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے سمیت دیگر مغربی خفیہ ایجنسیوں کے لیے کام کرتے ہیں۔

    روسی حکام نے اپوزیشن لیڈر کے اس الزام کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

  • سرخ پشت والا حیوان آسٹریلیا میں‌ دہشت کی علامت بن گیا

    سرخ پشت والا حیوان آسٹریلیا میں‌ دہشت کی علامت بن گیا

    مکڑی بظاہر ایک چھوٹا اور حقیر سا حیوان ہے جس سے شاید ہم میں سے اکثر لوگ خوف زدہ بھی نہیں ہوتے، مگر اس کی بعض اقسام نہایت زہریلی اور خطرناک ہیں۔

    بغیر جبڑے والی یہ مخلوق اپنی آٹھ ٹانگوں اور دو قطعات میں بٹے ہوئے جسم کے ساتھ حرکت کرتے ہوئے چیونٹیاں اور اسی قسم کے دیگر حشرات کا شکار کرکے اپنا پیٹ بھرتی ہے۔ دنیا بھر میں اس کی بے شمار قسمیں پائی جاتی ہیں جو رنگ، وزن، جسامت کے لحاظ سے مختلف ہیں۔ یہ آبی مقامات کے علاوہ صحراؤں میں بھی پائی جاتی ہے اور ان کی غذائی عادات موسم اور جگہ کے اعتبار سے بھی مختلف ہوسکتی ہیں۔

    مکڑیوں کا گھر ان کے لعابِ دہن سے تیار ہوتا ہے۔ اسے ہم جالا کہتے ہیں جسے بننے کی صلاحیت قدرتی طور پر ان مکڑیوں میں موجود ہوتی ہے۔ یہی جالا انھیں شکار بھی پھنسا کر دیتا ہے جیسے چیوٹنیاں، مکھی وغیرہ۔ اس جالے میں آجانے والے چھوٹے کیڑے مکوڑے آسانی سے مکڑی کی خوراک بن جاتے ہیں۔

    ریڈ بیک اسپائڈر یا سرخ پشت والی مکڑی کو آسٹریلیا کی زہریلی ترین مکڑی کہا جاتا ہے جو کسی بھی دوسرے کیڑے سے زیادہ خطرناک مانی جاتی ہے۔ اگر یہ مکڑی کسی انسان کو کاٹ لے اور اس کے جسم میں زہر پھیل جائے تو شدید درد محسوس ہونے کے ساتھ متاثرہ فرد کے پٹھے اکڑنا شروع ہو جاتے ہیں۔

    طبی ماہرین کے مطابق اس مکڑی کا زہر اگر نظامِ تنفس کو نقصان پہنچانا شروع کر دے تو انسان تیزی سے موت کی طرف بڑھنے لگتا ہے۔ طبی ماہرین کے ریکارڈ کے مطابق یہ مکڑی گزشتہ برسوں کے دوران کئی اموات کا سبب بن چکی ہے۔ دنیا کے دیگر خطوں میں پائی جانے والی مکڑیوں کے مقابلے میں انسانی زندگی کو اس مکڑی کے کاٹنے سے زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔ اسے جوکی اسپائڈر اور چند دوسرے ناموں سے بھی پکارا جاتا ہے۔

  • روسی اپوزیشن لیڈر کو دورانَِ حراست زہر دئیے جانے کا انکشاف

    روسی اپوزیشن لیڈر کو دورانَِ حراست زہر دئیے جانے کا انکشاف

    ماسکو : حکومتی ترجمان نے جاری بیان میں کہا کہ پولیس کی موجودگی میں الیگزے نیولنے کا علاج جاری ہے تاہم ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کو مبینہ طور زہر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روس کے زیر حراست اپوزیشن لیڈر الیگزے نیولنے کوالرجی ری ایکشن کے باعث چہرے پر ورم اور جسم کے دیگر مقامات پر جِلد پر سرخ داغ سامنے آنے کے بعد جیل سے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کا طبی معائنہ کرنے کے بعد انہیں زہر دئیے جانے کا انکشاف کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز روس کی انتظامیہ کی جانب سے ملک کے معروف اپوزیشن رہنما کو ماسکو کے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہ دیئے جانے پر بھرپور احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد مظاہرین کو گرفتار کرکے انہیں 30 روز جیل کی سزا سنائی گئی تھی۔

    حکومت کی خاتون ترجمان کرایارمیش نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری بیان میں کہا کہ فلا لحال الرجک ری ایکشن کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، اس سے قبل انہیں کبھی بھی اس قسم کی الرجی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں ان کا وارڈ میں علاج جاری ہے اور انہیں تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

    یاد رہے کہ الیگزے نیولنے کو گذشتہ سال انتخابات سے قبل ایک کیس میں گرفتار کرلیا گیا تھا، جن کے بارے میں ان کا اور کے حامیوں کا کہنا تھا کہ اس گرفتاری کے پیچھے سیاسی مقاصد تھے، وہ صدر ویلادمیر پیوٹن کے مقابلے میں انتخابات لڑنے والے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 43 سالہ اپوزیشن رہنما کو احتجاج پر مختصر عرصے کے لیے جیل بھیج دیا گیا تھا۔

    یہ بھی یاد رہے کہ الیگزے نیولنے کو سڑک پر ہونے والے ایک حملے میں ایک آنکھ میں زخم آئے تھے جس کے علاج کے لیے انہیں 2 سال قبل سرجری کے لیے اسپین جانا تھا۔

    الیگزے نیولنے کو ہسپتال منتقل کیے جانے سے ایک روز قبل اپوزیشن رہنما کی جانب سے احتجاج کے اعلان کے بعد ہونے والے مظاہروں کے دوران 1400 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    الیگزے نیولنے کی مہم کے سابق منیجر لیونائیڈ وولکوف کا کہنا تھا کہ انہیں بھی گذشتہ ماہ مظاہروں کے قانون کی خلاف ورزی پر گرفتار کیے جانے کے بعد مذکورہ جیل میں ہی قید کیا گیا تھا اور ان کی جلد پر بھی ایسے ہی الرجی ری ایکشن سامنے آئے تھے جن کا سامنا الیگزے نیولنے کررہے ہیں۔

    انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کسی بھی قسم کی سازش کی تردید کی اور جیل کے مذکورہ سیل کے سنجیدہ جانچ پڑتال کرنے کا مطالبہ کیا۔

  • دماغ کو دھوکہ دے کر شفایاب کرنے والا خطرناک زہر

    دماغ کو دھوکہ دے کر شفایاب کرنے والا خطرناک زہر

    کہتے ہیں کہ دنیا میں کوئی شے بیکار نہیں ہوتی، ویسے تو خدا نے جانوروں کو خطرناک زہر اس لیے دیا ہے کہ وہ اس سے اپنا دفاع کرسکیں اور دشمن کو مار گرائیں، لیکن خدا نے اپنی اشرف المخلوقات یعنی انسان کے لیے اس میں بھی فائدے رکھے ہیں۔

    آپ کو معلوم ہوگا کہ ہمیں دی جانے والی بہت سی دوائیں کسی نہ کسی جانور کے زہر سے تیار شدہ ہوتی ہیں۔ آج ہم آپ کو ایسی ہی ایک اور دوا سے متعارف کروانے جارہے ہیں۔

    اپنی سستی کے لیے مشہور جانور گھونگھے کا زہر دنیا کے خطناک ترین زہروں میں سے ایک ہے، تاہم اس سے ان مریضوں کے لیے ایسی درد کش دوا پرایالٹ بنائی جاتی ہے جو اپنے مرض کے آگے بالکل بے بس ہوچکے ہوں اور کوئی دوا ان پر اثر نہ کرے۔

    کسی بھی درد کو ختم کرنے کے لیے مورفین ایک عام درد کش دوا ہے تاہم اس کے سائیڈ افیکٹس بھی بہت زیادہ ہیں جبکہ یہ انسانی جسم کو اپنا عادی بنا لیتا ہے۔

    اس کے برعکس گھونگھے کے زہر سے تیار کی جانے والی دوا، مورفین سے 100 گنا زیادہ طاقتور اور نہایت کم خوارکوں میں اپنا اثر دکھانے والی ہے جبکہ جسم کو کسی قسم کا نقصان بھی نہیں پہنچاتی۔

    یہ زہر آبی گھونگھے کی ایک نسل کے زہر میں موجود ایک جز سے تیار کی جاتی ہے۔ اس زہر کے اندر موجود زیادہ تر اجزا انسانی جسم کے لیے نہایت خطرناک ہیں۔ صرف یہی ایک جز ایسا ہے جو فائدہ مند ہے۔

    اس کی خطرناکی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ جب گھونگھا مچھلیوں کو اپنا شکار بناتا ہے تو پہلے وہ ان پر اپنا زہر پھینکتا ہے جس سے وہ مفلوج ہوجاتی ہیں۔ اس کے بعد گھونگھا باآسانی انہیں کھا لیتا ہے۔

    یہ دوا اس وقت دی جاتی ہے جب مورفین اپنا اثر کھو دیتی ہے۔ اس دوا کو بہت شدید قسم کے درد کے موقع پر استعمال کیا جاتا ہے۔

    پرایالٹ نامی اس دوا میں صرف ایک خرابی یہ ہے کہ یہ اس جھلی کو پار نہیں کرسکتی جو خون میں موجود مضر اجزا کو دماغ میں جانے سے روکتی ہے۔ اس جھلی کو بلڈ برین ممبرین کہا جاتا ہے۔

    یہ جھلی خون میں موجود مضر اور زہریلے اجزا کو دماغ میں جانے سے روکتی ہے۔

    پرایالٹ جب تک دماغ میں نہیں جاتی اپنا اثر نہیں دکھاتی۔ چنانچہ اس دوا کو براہ راست ریڑھ کی ہڈی کے اس حصے میں لگایا جاتا ہے جہاں سے یہ دماغ تک باآسانی پہنچ سکے۔

    ماہرین نے اس طریقے کو آسان کرنے کے لیے ایک اور طریقہ ’ٹروجن ہارس کی حکمت عملی‘ کو بھی اپنایا ہے۔

    یہ حکمت عملی ایک تاریخی واقعے کی یاد دلاتی ہے۔ بارہویں صدی قبل مسیح میں جب ایک تاریخی شہر ٹرائے کی شہزادی ہیلن کو اغوا کرلیا گیا تھا تو اس کے لوگوں نے اسے بچانے کے لیے ایک بڑا سا لکڑی کا گھوڑا تیار کیا۔ اس گھوڑے کے اندر ہزاروں کی تعداد میں سپاہی موجود تھے۔

    یہ گھوڑا دشمن بادشاہ کے لیے ایک تحفے کی صورت بھیجا گیا جسے قبول کر کے قلعے کے اندر لے آیا گیا۔ رات کی تاریکی میں گھوڑے کے دروازے کھلے اور اندر سے لاتعداد جنگجو سپاہیوں نے برآمد ہو کر جنگ شروع کردی اور اپنی شہزادی کو واپس چھڑا لے آئے۔

    طب میں بھی یہ حکمت عملی استعمال کی جاتی ہے۔

    مزید پڑھیں: بچھو کا زہر حاصل کرنے کے لیے مشین تیار

    پرایالٹ کو دماغ تک پہنچانے کے لیے نینو کنٹینر نامی ننھے سے اجزا میں اس دوا کو ڈالا جاتا ہے۔ یہ ننھے اجزا ہر قسم کی جھلی کو پار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں چنانچہ یہ دماغ کی جھلی کے پار جا کر دوا کو دماغ کے اندر داخل کر دیتے ہیں۔

    ماہرین اب اس پر کام کر رہے ہیں کہ کسی طرح اس کو کیپسول کی شکل دی جائے تاکہ یہ عام دواؤں کی طرح کھایا جاسکے۔

  • بچھو کا زہر حاصل کرنے کے لیے مشین تیار

    بچھو کا زہر حاصل کرنے کے لیے مشین تیار

    بچھو کا زہر یوں تو انتہائی خطرناک ہوتا ہے اور یہ انسان کو لمحوں میں ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتا ہے، تاہم اگر اس زہر کے مالیکیولز کو توڑ دیا جائے تو یہ زہر کئی بیماریوں کی دوا بھی بن سکتا ہے۔

    بچھو کے زہر کی اسی خصوصیت کو مدنظر ہوئے مراکش میں سائنسدانوں نے ایسی مشین تیار کرلی ہے جو بچھو سے زہر حاصل کرنے میں مدد دے گی۔

    یہ مشین بچھو کے زہر پیدا کرنے والے غدود پر دباؤ ڈالے گی اور انہیں زہر خارج کرنے کی ترغیب دے گی۔

    تحقیقی عمل میں شامل کاسا بلانکا یونیورسٹی کے ایک محقق کا کہنا ہے کہ اس مشین کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ نہایت کم وقت میں بغیر کسی نقصان کے اس زہریلے تریاق کو حاصل کرنے میں مدد دے گی۔

    یاد رہے کہ بچھو کے کاٹنے کے باعث اگر اس کا زہر انسانی جسم میں منتقل ہوجائے تو یہ ناقابل برداشت تکلیف کا سبب بنتا ہے اور چند لمحوں بعد متاثرہ عضو کو ہمیشہ کے لیے مفلوج کر سکتا ہے۔

    تاہم تجربہ گاہ میں اس زہر کو کیمیائی عمل سے گزارنے کے بعد یہ دوا کی صورت اختیار کر جاتا ہے جو مختلف اقسام کے کینسر اور دل کی منتقلی کے مریضوں کی مسیحائی کر سکتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق اس زہر کے فوائد کے باعث شعبہ طب میں یہ نہایت بیش قیمت ہے اور بچھو کے زہر کا ایک گرام 8 ہزار ڈالر میں فروخت ہوتا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ فی الحال اس مشین کو محدود استعمال کے لیے بنایا گیا ہے تاہم حکومت کی جانب سے باقاعدہ طور پر اسے منظور کیے جانے کے بعد بڑے پیمانے پر اس کا استعمال شروع کردیا جائے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔