Tag: زہر خورانی

  • بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق رپورٹ منظر عام پر آگئی

    بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق رپورٹ منظر عام پر آگئی

    اسلام آباد: عدالتی احکامات کے بعد نجی اسپتال میں کیے گئے طبی معائنے کے بعد سامنے آنے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی خوراک کی نالی اور معدے میں سوجن رپورٹ ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بشریٰ بی بی کے طبی معائنے میں زہر خورانی کا ثبوت نہیں ملا ہے، تاہم معمولی نوعیت کے گیسٹرو کی تشخیص ہوئی ہے، سابق خاتون اوّل کی ای سی جی، انڈواسکوپی، ایکو سمیت تمام رپورٹس کلیئر قرار دی گئیں۔

    رپورٹ کے مطابق خوراک کی نالی اور معدے میں سوجن جب کہ بلڈ پریشر معمول سے زائد رپورٹ ہوا، تاہم معدے میں السر کی تصدیق نہیں ہوئی، اور بائیوپسی کے لیے سیمپل بھی لے لیا گیا ہے۔ بشریٰ بی بی کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف اس چیک اپ کے سپروائزر تھے، بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ نے بلڈ ٹیسٹ کے لیے سیمپل دینے سے انکار کر دیا تھا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل 5 اپریل کو پمز اسپتال کے 4 سینئر ڈاکٹرز نے بشریٰ بی بی کا میڈیکل چیک اپ کیا تھا، جن میں ڈاکٹر عائشہ جاوید، ڈاکٹرعمارہ اسلم، ڈاکٹر عائشہ افضل اور ڈاکٹر ماریہ بلوچ شامل تھیں۔ میڈیکل رپورٹ میں انھیں کھانے میں زہر یا ٹوائلٹ کلینر دینے کے شواہد نہیں ملے تھے۔ تاہم پی ٹی آئی نے اس رپورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ شوکت خانم سے کرانے کا مطالبہ کر دیا تھا۔

    راولپنڈی کی احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف ان کی اہلیہ کے طبی معائنے کی درخواستیں منظور کر لی تھیں، اور 2 روز میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کا نجی اسپتال سے طبی معائنہ کروانے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اینڈواسکوپی ٹیسٹ ڈاکٹر عاصم یونس اور سرکاری ڈاکٹر کی زیر نگرانی کروایا جائے۔ جس پر گزشتہ روز بشریٰ بی بی کو اسلام آباد کے نجی اسپتال شفا منتقل کر دیا گیا تھا۔

    وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے رپورٹ سامنے آنے پر رد عمل میں کہا کہ تین ہفتوں سے زہر دینے کا واویلا مچایا گیا تھا، لیکن بشریٰ بی بی کی تمام میڈیکل رپورٹس کلیئر ہیں۔ لیگی رہنما طلال چوہدری نے کہا طبی معائنے کی رپورٹ نے ’ہارپک کہانی‘ کو جھوٹ ثابت کر دیا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے رپورٹ پر رد عمل میں کہا کہ طبی معائنے میں ابتدائی طور پر سامنے آنے والے حقائق تشویش ناک ہیں، خوراک کی نالی اور معدے میں تیزاب کی زائد مقدار سے پیدا زخم واضح ہیں، ترجمان نے کہا بشریٰ بی بی کو تیزاب یا زہریلا مواد ملا کھانا دیے جانے سے زخم ہوئے ہیں، زہریلا مواد ملا کھانا کھانے سے بشریٰ بی بی کے منہ پر اثرات تاحال باقی ہیں۔

  • شوارمہ کھانے سے 262 افراد اسپتال پہنچ گئے

    شوارمہ کھانے سے 262 افراد اسپتال پہنچ گئے

    ریاض: سعودی عرب کے علاقے عسیر میں ایک ریستوران کا شوارمہ کھانے سے 262 افراد کی حالت غیر ہوگئی، متاثرین مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق واقعہ عسیر ریجن کی تحصیل بحر ابو سکینہ میں پیش آیا جہاں ایک مشہور ریستوران میں شوارمے سے لوگوں کی بڑی تعداد زہر خوارنی کا شکار ہوگئی۔

    واقعہ دو روز قبل پیش آیا تھا، ابتدائی طور پر 40 افراد متاثر ہوئے تاہم 2 روز میں زہر خورانی سے متاثرہ افراد کی تعداد 262 ہوگئی۔ عسیر ریجن کے محکمہ صحت نے متاثرین کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق اسپتالوں میں 65 متاثرین اب بھی زیر علاج ہیں جبکہ مریضوں کے مختلف ٹیسٹ لیے جارہے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات میں 40 افراد کے متاثر ہونے کی اطلاع تھی، متعدد لوگ زہر خورانی کا شکار ہونے کے باوجود اسپتالوں سے رجوع نہیں کر رہے تھے۔

    محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ متاثرین میں سے کسی کی موت واقع نہیں ہوئی۔ پولیس نے ریستوران میں کام کرنے والے تمام افراد کو تحویل میں لے لیا ہے۔

    دوسری جانب میونسپلٹی کے افسران نے ریستوران پہنچ کر 41 سے زیادہ نمونے جمع کر کے لیبارٹری بھیج دیے ہیں جن کی رپورٹ آئندہ 72 گھنٹوں کے اندر مل جائے گی۔

    گورنر عسیر شہزادہ ترکی بن طلال نے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ متاثرین کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فرہم کریں۔

    عسیر کے میئر ڈاکٹر ولید الحمیدی نے بھی ہنگامی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی ہے، کمیٹی کو صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔