Tag: زیارت

  • حج و عمرہ یا کربلا زیارت کرنے جاؤ تو طعنے ملتے ہیں، صنم ماروی

    حج و عمرہ یا کربلا زیارت کرنے جاؤ تو طعنے ملتے ہیں، صنم ماروی

    (13 اگست 2025): پاکستان کی صوفی گلوکارہ صنم ماروی نے انکشاف کیا ہے حج و عمرہ یا کربلا زیارت کرنے جاؤ تو لوگوں کی جانب سے طعنے ملتے ہیں۔

    پاکستان کی معروف لوک اور صوفی گلوکارہ صنم ماروی نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے بطور گلوگارہ اسلامی سفر کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا کا انکشاف کیا۔

    مذہبی عبادات پر ٹرولنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صنم ماروی نے کہا کہ ہاں یہ ایک شوبز شخصیت ہونے کا منفی پہلو ہے، ہر کوئی آپ پر تبصرے کرتا ہے، چاہے آپ کی اپنی زندگی کتنی ہی پرائیوٹ کیوں نہ ہو اور آپ کتنی ہی مشکلات سے کیوں نہ گزر رہے ہوں۔

    صنم ماروی نے تیسری شادی کی تصدیق کر دی

    انہوں نے کہا کہ سب سے تکلیف دہ بات یہ ہے کہ جب میں عمرہ کرنے یا زیارات پر جاؤں تو لوگ تبصرے کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اچھا اب آپ بھی عمرہ کریں گی اور پھر جب واپس آ کر اپنا گلوکاری کا کام کرو تو کہتے ہیں آپ تو ابھی زیارات یا عمرہ کر کے آئی ہیں تو یہ کام ہیں کر رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ لوگ یہ نہیں سمجھتے کہ ہمارا دل بھی کرتا ہے کہ ہم عام لوگوں کہ طرح عبادت کریں۔ گانا گانا میرا پروفیشن ہے اس سے میرا گھر چلتا ہے، نہ میں وہ چھوڑ سکتی ہوں نہ میں یہ چھوڑ سکتی ہوں۔

    صنم ماروی کا مزید کہنا تھا کہ لوگ ٹرول کرتے ہیں کہ سارا سال گانے گاتی ہیں اور اب یہ حاجن بننے کے لیے چلی گئی ہے یا زیارات کے لیے چلی گئی ہے۔

  • بلوچستان کے ضلع زیارت  سے 7  افراد کی لاشیں  برآمد

    بلوچستان کے ضلع زیارت سے 7 افراد کی لاشیں برآمد

    زیارت : بلوچستان کے ضلع زیارت سے 7 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی، ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے تحقیقات کےبعد حقائق معلوم ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع زیارت کے علاقے کوانچی ڈیم چوتیر سے سات افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے ریسکیو ٹیموں نے لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے ، جہاں ان کی شناخت کی جائے گی۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ واقعے کی تحقیقات کےبعد حقائق معلوم ہوں گے۔

    یادرہے گذشتہ سال بولان کے قریب پہاڑ سے 6 لاشیں برآمد ہوئی تھیں، جس میں چار افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔

    ایس ایس پی کچھی دوست محمد بگٹی نے بتایا ھا کہ کچھی کے علاقے کولپور میں رات کو جو ریلوے پل دھماکے سے اڑایا گیا تھا، اس کے ملبے تلے 2 افراد کی لاشیں ملیں۔

    دوست محمد بگٹی کا کہنا تھا کہ پل سے چند گز کے فاصلے پر قومی شاہراہ کے قریب ہی چار مزید لاشیں بھی برآمد ہوئیں جنہیں گولیاں مارکر قتل کیا گیا ہے۔

  • زیارت کو پاکستان کا ماحول دوست سیاحتی مقام بنانے کا فیصلہ

    زیارت کو پاکستان کا ماحول دوست سیاحتی مقام بنانے کا فیصلہ

    بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی زندگی کے آخری ایام کی رہائش گاہ زیارت کو ماحول دوست سیاحتی مقام بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت زیارت ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا اجلاس ہوا جس میں زیارت کو پاکستان کا ماحول دوست سیاحتی مقام بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اجلاس میں طے کیا گیا کہ منصوبے پر عملدرآمد کے لیے عالمی اور قومی سطح پر پیشکشیں طلب کی جائیں گی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ زیارت میں واقع وزیر اعلیٰ انیکس، چیف سیکریٹری، آئی جی ہاؤسز، اعلیٰ شخصیات کے لیے مختص عمارات اور ریسٹ ہاؤسز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سیاحتی مقاصد کے لیے استعمال میں لایا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زیارت ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو سیاسی اثر ورسوخ سے آزاد فعال ایسا ادارہ بنائیں گے، جس میں کوئی سیاسی شخصیت مداخلت کرے گی اور نہ ہی کسی سرکاری بابو کو کمیشن لینے دیں گے۔

    وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرٹ سے ہٹ کر کسی کام میں مداخلت نہیں کی جائے گی اور کوئٹہ، زیارت ڈیولپمنٹ اتھارٹی ایک خود مختار ادارے کے طور پر کام کرے گی اور اس میں ہر سطح پر شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگلے 2 سال میں زیارت کو ملک کے منفرد سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کرا دیں گے۔

  • زیارت میں سیاحوں کی گاڑی کو حادثہ، 5 افراد جاں بحق

    زیارت میں سیاحوں کی گاڑی کو حادثہ، 5 افراد جاں بحق

    زیارت: ڈومیارہ زیارت روڈ پر سیاحوں کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے باعث 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ڈومیارہ زیارت روڈ پر سیاحوں کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے جس میں 5 سیاحوں کی جان چلی گئی جب کہ دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    ریسکیو ورکرز کی جانب سے جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ زیارت میں سیاحت کی غرض سے آنے والے جاں بحق و زخمی افراد کا تعلق بلوچستان کے شہر کوئٹہ سے ہے۔

    اس ماہ کے شروع میں بھی چترال میں کار کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں دو سیاح جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ تین افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

    سیاحوں کی کار کو حادثہ خراب سڑک کی وجہ سے پیش آیا تھا، مقامی لوگوں کے مطابق لوائری ٹنل کی 18 کلو میٹر کی سڑک نامکمل ہے جس کی وجہ سے اکثر حادثات پیش آتے ہیں۔

  • سال 2023: کتنے کروڑ مسلمانوں نے مسجد نبویﷺ کی زیارت کی؟ اعداد و شمار جاری

    سال 2023: کتنے کروڑ مسلمانوں نے مسجد نبویﷺ کی زیارت کی؟ اعداد و شمار جاری

    سال 2023 میں دنیا بھر سے آنے والے 28 کروڑ سے زیادہ مسلمانوں نے مسجد نبویﷺ میں حاضر ہونے کا شرف حاصل کیا۔

    مسجد نبوی کی انتظامیہ نے زائرین کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ سال 2023 کے دوران 280 ملین سے زیادہ زائرین نے مختلف سہولتوں سے فائدہ اٹھایا اور روحانی ماحول میں مسجد نبویﷺ میں حاضری دی۔

    سعودی حکام کی جانب سے حرمین شریفین میں زائرین کے لیے سہولتوں میں اضافے اور گنجائش بڑھانے کا عمل ہمیشہ جاری رہتا ہے۔

    دنیا کے مختلف ملکوں سے مکہ اور مدینہ آنے والے زائرین کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ حکام انھیں ہرممکن سہولیات مہیا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

    سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مسجد نبوی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نمازیوں کی آسانی کے لیے معیاری خدمات کی فراہمی جاری ہے۔

    حکام کی جانب سے زائرین کی آسانی اور انھیں جملہ وسائل مہیا کرنے کی کوشش متواتر ہوتی ہے تاکہ زائرین اطمینان و سکون کے ساتھ عبادت کریں۔

  • بلوچستان میں موسم سرد، زیارت میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ

    بلوچستان میں موسم سرد، زیارت میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ

    صوبہ بلوچستان میں موسم سرد ہوگیا، زیارت میں درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بالائی علاقوں میں موسم سرد ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زیارت میں درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، قلات میں 2 اور کوئٹہ میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور بالائی علاقوں میں سرد رہے گا۔

  • اگلے برس زیارت میں ایل پی جی پلانٹ لگانے کی کوشش کریں گے، بادشاہ نہیں ہوں، وزیر خزانہ سے بات کرنی پڑتی ہے

    اگلے برس زیارت میں ایل پی جی پلانٹ لگانے کی کوشش کریں گے، بادشاہ نہیں ہوں، وزیر خزانہ سے بات کرنی پڑتی ہے

    زیارت: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اتنی ٹھنڈ دنیا کے کم علاقوں میں دیکھی جتنی بلوچستان میں دیکھی ہے، زیارت میں ایل پی جی کا پلانٹ لگانا زیادہ بہتر ہوگا، پوری کوشش کریں گے کہ اگلے سال زیارت میں ایل پی جی کا پلانٹ لگائیں۔

    ان خیالات کا اظہار وہ بلوچستان کے شہر زیارت میں قائد اعظم ریزیڈنسی میں تقریب سے خطاب کے دوران کر رہے تھے، انھوں نے کہا میں بادشاہ نہیں وزیر اعظم ہوں، مجھے وزیر خزانہ سے بات کرنا پڑتی ہے، دیکھنا پڑتا ہے کہ کتنا پیسہ ہے، پہلے ہی کے پی اور پنجاب شور مچا رہے ہیں کہ بلوچستان کو بہت پیسہ دے دیا۔

    وزیر اعظم نے کہا بلوچستان کو 700 ارب روپے کا سب سے بڑا پیکج دیا ہے، اب سڑکوں کا بھی پیکج دے رہے ہیں، جتنی بھی گنجائش ہوگی ہم بلوچستان کے لیے خرچ کریں گے، بلوچستان کے جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں ان پر توجہ دے رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا زیارت سیاحت کا حب بن سکتا ہے، جس سے مقامی لوگوں کو فائدہ ہوگا اور غربت کم ہوگی، ہم نے بھرپور کوشش کر کے کے پی میں بھی سیاحت کو فروغ دیا، پہلے لوگ پشاور چھوڑ کر اسلام آباد میں گھر لے رہے تھے، اب یواین ڈی پی رپورٹ ہے کہ سب سے زیادہ غربت میں کمی کے پی میں ہوئی۔

    عمران خان نے کہا ہم نے کے پی کی آدھی آبادی کو ہیلتھ کارڈ فراہم کیا، جس سے غریب خاندان 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کرا سکتا ہے، اس سال کے آخر تک پنجاب کے تمام خاندانوں کے پاس بھی ہیلتھ کارڈ ہوگا، یہ صرف ہیلتھ کارڈ نہیں بلکہ پورا ہیلتھ سسٹم ہے، جام کمال صاحب سے کہتا ہوں لوگوں کی خدمت کرنی ہے تو ہر خاندان کو ہیلتھ کارڈ دیں، کیوں کہ غریب گھرانے میں بیماری آ جائے تو ان کا پورا بجٹ خراب ہو جاتا ہے۔

    انھوں نے کہا بلوچستان کے ایم پی ایز اور وزیروں کو ایک چیز سمجھاناچاہتا ہوں، میں اگر اقتدار میں ہوں تو یا اپنے لیے یا قوم کے لیے پیسہ بنا سکتا ہوں، مہاتیر محمد کا کوئی لندن میں فلیٹ نہیں، سنگاپور کے وزیر اعظم کی بھی مئے فیئر لندن میں جائیدادیں نہیں، یہ ہوتا ہی نہیں ایک آدمی پیسہ چوری کر کے باہر لے جائے اور سمجھے کہ ملک ترقی کرے گا، ہماری اگلی حکومت میں بلوچستان مزید ترقی کرے گا۔

  • بڑی کامیابی، دریافت شدہ ذخائر سے تیل کی پیداوار شروع

    بڑی کامیابی، دریافت شدہ ذخائر سے تیل کی پیداوار شروع

    کوئٹہ: پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے خوش خبری دی ہے کہ بلوچستان کے شہر زیارت میں دریافت شدہ تیل کے ذخائر سے خام تیل کی پیداوار شروع ہو گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کوئٹہ کے قریب واقع شہر زیارت میں 2018 میں تیل کے ذخائر دریافت ہوئے تھے، یہ پاکستان میں تیل کی ایک اور دریافت تھی، جس سے اب خام تیل کی پیداوار کا آغاز ہو گیا ہے۔

    اس سلسلے میں پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی نے زیارت میں خام تیل کی پیداوار کا آغاز کر دیا ہے، یہاں تیل کا کنواں 2018 میں دریافت ہوا تھا، جس سے خام تیل کی پیداوار کا تخمینہ 800 بیرل یومیہ ہے۔

    پی پی ایل اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اٹک ریفائنری اس دریافت ہونے والے کنویں سے خام تیل خریدے گی، کنویں سے روزانہ آٹھ سو بیرل تیل نکلنے کی توقع ہے، کمپنی کا اس سلسلے میں اٹک ریفائنری سے معاہدہ بھی طے پاگیا ہے۔

    پاکستان میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت

    یاد رہے کہ رواں برس اگست میں بھی او جی ڈی سی ایل نے ضلع کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کیے تھے، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی کا کہنا تھا کہ توغ بالا کنواں نمبر 1 سے یومیہ 9 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس مل سکے گی، جب کہ یومیہ 125 بیرل تیل بھی اس کنویں سے حاصل کیا جا سکے گا۔

    یہ کوہاٹ بلاک میں تیل و گیس دریافت کرنے کے سلسلے کی مسلسل دوسری کامیابی تھی، حکام کا کہنا تھا کہ توغ بالا کنواں نمبر 1 کی کامیابی ایکسپلوریشن کی شان دار حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔

  • سعودی حکومت کا عمرہ اور زیارت معطل رکھنے کا فیصلہ

    سعودی حکومت کا عمرہ اور زیارت معطل رکھنے کا فیصلہ

    ریاض: سعودی حکومت نے عمرہ اور زیارت معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کا کہنا ہے کہ ماہرین عالمی وبا سے پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، ان کی رائے ملنے پر ہی دونوں مذہبی فریضوں کے متعلق کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

    سعودی وزارت مذہبی امور نے کہا کہ کرونا وائرس کی وبا کے بعد موجودہ حالات کے پیش نظر عمرہ اور زیارت ابھی معطل رہیں گے تاہم اس پر نظر ثانی ہوتی رہے گی۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ وبا کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے ماہرین غور کر رہے ہیں، صورت حال میں بہتری ہونے پر مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔

    سعودی عرب؛ پروازوں سے متعلق بڑا اعلان

    وزارت حج و عمرہ کے اعلامیے کے مطابق ملک میں معطل ہونے والی معمولات زندگی بحال کیے جا رہے ہیں، تاہم عمرہ و زیارت سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں ہوا، سعودی وزارت داخلہ کے مطابق 21 جون کو مکہ مکرمہ کی مساجد نمازیوں کے لیے کھول دی جائیں گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں ڈومیسٹک پروازیں بھی بحال کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، سعودی ایوی ایشن گاکا نے پروازوں کے لیے ایس او پیز بھی جاری کر دیے ہیں، نوٹیفکیشن کے مطابق اتوار31 مئی سے ڈومیسٹک پروازیں بحال کر دی جائیں گی، بحالی سے قبل ملکی ایئر پورٹس پر تمام حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    سعودی ایئر پورٹس پر فضائی آپریشن 2 مراحل میں بحال کیا جائے گا، 2 ہفتے کے دورانیے کے پہلے مرحلے میں آدھے ایئر پورٹس کھولے جائیں گے جب کہ دیگر ایئر پورٹس پر ڈومیسٹک پروازیں دوسرے مرحلے میں کھولی جائیں گی۔

  • چمن: زیتون کے جنگلات میں 3 روز سے لگی خوف ناک آگ بجھائی نہ جا سکی

    چمن: زیتون کے جنگلات میں 3 روز سے لگی خوف ناک آگ بجھائی نہ جا سکی

    چمن: شاہرگ میں کوہ خلیفت کے زیتون کے جنگلات میں 3 روز سے لگی خوف ناک آگ بجھائی نہ جا سکی۔

    تفصیلات کے مطابق تحصیل شاہرگ میں کوہ خلیفت میں زیتون کے جنگلات میں تین دن سے لگی آگ بجھانے کے لیے لیویز کے جوان اور محکمہ جنگلات کے ملازمین مصروف عمل ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق جنگلات میں لگی آگ پر اب تک 60 فی صد ہی قابو پایا جا سکا ہے، پی ڈی ایم اے اور ایف سی کے جوان بھی امدادی کاروائیوں کے لیے پہنچ گئے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق ضلع ہرنائی میں شاہرگ، کوہ خلیفت کے زیتون کے جنگلات ہزاروں ایکڑ پر مشتمل ہیں، جو اس وقت آگ کی لپیٹ میں ہیں، آگ کے شعلے آسمان کو چھو رہے ہیں، معلوم ہوا ہے کہ صوبائی انتظامیہ نے آگ کو قابو کرنے کے لیے بروقت اقدامات نہیں کیے جس کے باعث آگ پھیلتی چلی گئی۔

    بتایا جا رہا ہے کہ آگ تین مختلف مقامات پر لگی ہے، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چرواہوں کی جانب سے آگ جلائی گئی ہوگی جو تیز ہواﺅں کی وجہ سے پھیل گئی، افسوس ناک امر یہ سامنے آیا ہے کہ آگ بجھانے کے سلسلے میں ضلع ہرنائی اور ضلع زیارت کے مابین رابطوں کا شدید فقدان ہے، اور حدود کا مسئلہ آگ پر جلد قابو پانے میں رکاوٹ بنا۔

    مقامی انتظامیہ کے پاس آگ بجھانے کے انتظامات نہ ہونے کے سبب بھی آگ پر بروقت قابو نہ پایا جا سکا، بتایا گیا کہ پہاڑی علاقے میں آگ بجھانے کے لیے خصوصی آلات درکار ہیں جو میسر نہیں ہیں۔