Tag: زیر آب

  • شدید بارشوں کا انتباہ جاری

    شدید بارشوں کا انتباہ جاری

    اسلام آباد( 24 جولائی 2025): ملک کے بلائی علاقوں میں شدید بارشوں کے پیش نظر عوام کے لئے انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

    ملک کے بالائی علاقوں میں آج بھی شدید بارش کا انتباہ جاری کیا گیا ہے جس کے پیش نظر عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، بونیر، چارسدہ، صوابی اور مردان میں شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

    موسم سے متعلق خبریں

    لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور نوشہرہ میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

    مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ ہے، بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے باعث این ڈی ایم اے نے بھی ایڈوائزری جاری کر دی۔

    این ڈی ایم اے کےمطابق حساس مقامات پر ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو نائٹ شفٹ میں ہائی الرٹ رہے گی، دریائے سوات کے کنارے ریسکیو اہلکاروں اور مقامی غوطہ خوروں کی پیٹرولنگ جاری رہے گی، ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ادارے رابطے میں رہیں گے۔

  • بارش میں سرجانی ٹاؤن یوسف گوٹھ مکمل طور پر زیر آب آگیا، سینکڑوں خاندان پھنس گئے

    بارش میں سرجانی ٹاؤن یوسف گوٹھ مکمل طور پر زیر آب آگیا، سینکڑوں خاندان پھنس گئے

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں طوفانی بارشوں کے بعد شہر کا بڑا حصہ زیر آب آچکا ہے، یوسف گوٹھ کا علاقہ مکمل طور پر زیر آب آگیا جس کے بعد وہاں موجود 300 کے قریب خاندان پھنس گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کا علاقہ سرجانی ٹاؤن یوسف گوٹھ بارش کے پانی میں ڈوب گیا جس کے بعد ایدھی کی خصوصی ٹیمیں شہریوں کی مدد کے لیے پہنچ گئیں۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 250 سے 300 خاندان پانی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ علاقے میں 4 سے 5 فٹ پانی جمع ہے، سینکڑوں گھروں میں بارش کا پانی داخل ہوچکا ہے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق مسلسل بارشوں کی وجہ سے علاقہ مکمل طور پر زیر آب آچکا ہے۔

    خیال رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز سے اب تک 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث پورے شہر میں اربن فلڈنگ کی صورتحال ہے۔

    متعدد سڑکوں پر کئی فٹ پانی کھڑا ہے جبکہ کئی علاقوں میں گھروں میں بھی پانی داخل ہوچکا ہے۔

  • امریکی ایٹمی آبدوز حادثے کا شکار

    امریکی ایٹمی آبدوز حادثے کا شکار

    واشنگٹن: بحیرہ جنوبی چین میں امریکی ایٹمی آبدوز زیر آب حادثے کا شکار ہوگئی، حادثے میں متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔

    امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بحیرہ جنوبی چین میں امریکی ایٹمی آبدوز زیر آب حادثے کا شکار ہوگئی، ترجمان امریکی بحریہ کا کہنا ہے کہ حادثے میں متعدد اہلکار زخمی ہوئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ آبدوز یو ایس ایس کنیکٹی کٹ کسی نامعلوم چیز سے ٹکرا گئی۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ایٹمی آبدوز محفوظ اور مستحکم حالت میں ہے۔ حادثے کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ زخمی اہلکاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

  • غوطہ خور کے کیمرے نے اسے شارک کے حملے سے بچا لیا

    غوطہ خور کے کیمرے نے اسے شارک کے حملے سے بچا لیا

    ایک آسٹریلوی ڈائیور شارک کا نشانہ بننے سے بال بال بچا جب اپنے کیمرے سے اس نے شارک کو خود سے دور رکھا اور اپنی جان بچائی۔

    آسٹریلیا کے شہر کوئنز لینڈ کے سمندر میں ڈیون کریک نامی یہ غوطہ خور اکیلا زیر آب اترا تھا۔

    ایک ٹی وی انٹرویو میں اس نے بتایا کہ جب وہ اپنا کیمرہ ایڈجسٹ کر رہا تھا تو اچانک ہیمر ہیڈ شارک اس پر حملہ آور ہوئی۔

    غوطہ خور کا کہنا تھا کہ اس نے اپنے کیمرے کی اسٹک سے اسے کئی بار پیچھے دھکیلا۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ اس وقت زیر آب واحد انسان تھے جبکہ سطح آب پر ان کے 2 ساتھی کشتی میں ان کا انتظار کر رہے تھے۔

    غوطہ خور کا کہنا تھا کہ وہ اپنے زندہ بچ جانے پر خود کو خوش قسمت محسوس کر رہے ہیں، اگلی بار وہ مزید حفاظتی اقدامات کے ساتھ زیر آب جائیں گے۔

  • بڑی بے حسی، کشمیری محلہ پھر زیر آب آ گیا

    بڑی بے حسی، کشمیری محلہ پھر زیر آب آ گیا

    کراچی: شہر قائد میں مون سون کے چوتھے اسپیل کے دوران تیسرے روز بھی بارش جاری ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں ناقص نکاسی آب کے باعث شہری شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلبہار میں کشمیری محلہ بھی ان علاقوں میں سے ایک ہے جہاں بارش انتظامیہ کی غفلت اور بے حسی کے باعث سخت اذیت کا سبب بن جاتی ہے۔

    حالیہ بارش میں بھی کشمیری محلہ پھر زیر آب آ گیا ہے لیکن انتظامیہ نہیں جاگ سکی ہے، بارش کے بعد گلبہار کے کشمیری محلے کی صورت حال نہایت ابتر ہے، لیاری ندی اوور فلو ہونے کے باعث ندی کا کچرا علاقے میں پھیل گیا ہے۔

    علاقے میں جگہ جگہ کیچڑ اور گندگی کے ڈھیر بن گئے ہیں، بدبو اور تعفن سے علاقہ مکین شدید پریشانی میں مبتلا ہیں، بارش اور سیوریج کے پانی کے باعث علاقہ زیر آب ہے اور نکاسی کا کام شروع نہیں ہو سکا ہے، کیچڑ کے باعث لوگ اپنے گھروں سے نکل نہیں پا رہے ہیں۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارشوں میں ہمیشہ اس محلے میں یہی مسئلہ ہوتا ہے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوتی، تاحال یہاں کوئی مشینری، عملہ یا کوئی وزیر نہیں آیا۔

    ادھر کراچی کے علاقے عزیز آباد بلاک ٹو میں بھی سیوریج کا گندا پانی گھروں سے نکالا نہیں جا سکا ہے، سیوریج لائنز خراب ہو چکی ہیں، گٹر چوک ہونے کے باعث بارش کے بعد پانی گھروں میں داخل ہو چکا ہے، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کئی بار واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو شکایت کر چکے ہیں لیکن واٹر بورڈ نے نہ بوسیدہ لائنیں تبدیل کی نہ چوک مین ہولز کی صفائی کی، عوام اپنی مدد آپ کے تحت صفائی کرنے اور پانی نکالنے پر مجبور ہیں۔

    خیال رہے کہ کراچی میں تیسرے روز صبح 8 بجے سے اب تک کہاں کتنی بارش ریکارڈ کی گئی، محکمہ موسمیات نے اس کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔

    موسمیات کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ بارش سرجانی میں 23 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے، فیصل بیس میں 19، مسرور بیس میں 12.5 ملی میٹر، لانڈھی میں 8.5، سعدی ٹاؤن میں 8.4، نارتھ کراچی میں 5.6 ملی میٹر، جناح ٹرمینل میں 4.4، اولڈ ایئرپورٹ پر 4، ناظم آباد میں 3.2، جوہر اور یونی ورسٹی روڈ پر 1.8، کیماڑی میں 1.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

  • ترک خاتون غوطہ خور نے عالمی ریکارڈ بنا کر سب کو حیران کر دیا

    ترک خاتون غوطہ خور نے عالمی ریکارڈ بنا کر سب کو حیران کر دیا

    انقرہ: ترکی کی 34 سالہ قومی ایتھلیٹ ساہیکا ارکیومین نے زیرآب غار میں ایک سانس میں 100 میٹر کا فاصلہ طے کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق نہ آکسیجن سلینڈر نہ پیروں میں تیراکی کے مخصوص جوتے، ترکی کی خاتون غوطہ خور ساہیکا ارکیومن نے زیر آب غار میں ایک ہی سانس میں سو میٹر کا فاصلہ طے کر کے نیا عالمی ریکارڈ بنا لیا۔

    ترکی کی 34 سالہ قومی ایتھلیٹ ساہیکا ارکیومین نے زیر آب غار میں جہاں پانی کا درجہ حرارت 1 ڈگری سینٹی گریڈ تھا اپنی سانس روک کر 1 منٹ میں 100 میٹر تیر کر سب کو حیران کردیا۔

    خیال رہے کہ یہ غار 1999 میں ایک چرواہے نے دریافت کی تھی اور یہ برفانی دور کی ہے۔

    عالمی ریکارڈ بنانے کے بعد ساہیکا ارکیومین کا کہنا تھا کہ زیر آب غار میں تیرنے سے پہلے وہ بہت پرجوش تھیں اور ان کا دل تیزی سے دھڑک رہا تھا کیونکہ وہ ایک خاص مقصد کے لیے تیر رہی تھیں اور اس میں انہیں کامیابی ملی۔

    فری اسٹائل غوطہ خور ساہیکا ارکیومین اس سے قبل بھی کئی ریکارڈ اپنے نام کرچکی ہیں۔

  • غوطہ خور جوڑا سمندر کے بیچوں بیچ شادی کے بندھن میں بندھ گیا

    غوطہ خور جوڑا سمندر کے بیچوں بیچ شادی کے بندھن میں بندھ گیا

    ہر انسان اپنی شادی کے موقع کو یادگار بنانا چاہتا ہے، لوگ اس کے لیے طرح طرح کے جتن کرتے ہیں اور کچھ سرپھرے اسے منفرد بنانے کے لیے انوکھے طریقے اپناتے ہیں۔

    ایسے ہی ایک آسٹریلوی جوڑے نے بھی سمندر کے بیچوں بیچ ایجاب و قبول کر کے اپنی شادی کو دنیا کی یادگار شادیوں میں سے ایک بنا دیا۔

    غوطہ خوری کے شوقین جوڑے نے عروسی لباس میں سینکڑوں فٹ سمندر کی گہرائی میں چھلانگ لگائی اور پادری کی موجودگی میں ایک دوسرے کو انگوٹھی پہنا کر زندگی بھر ساتھ نبھانے کا وعدہ کیا۔

    اس موقع پر ان کے ساتھ غوطہ خوری کے ٹرینرز بھی موجود تھے تاکہ کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جاسکے۔

  • دنیا کا سب سے بڑا زیر آب واقع ریستوران

    دنیا کا سب سے بڑا زیر آب واقع ریستوران

    ناروے میں دنیا کے سب سے بڑے زیر سمندر واقع ریستوران کا افتتاح کردیا گیا، یہ اپنی نوعیت کا یورپ کا پہلا ریستوران ہے۔

    100 مہمانوں کی بیک وقت میزبانی کرنے والا یہ ریستوران ایک طرف تو سیاحوں کے لیے پسندیدہ مقام کی حیثیت اختیار کر رہا ہے جبکہ دوسری جانب اسے تحقیقی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیے جانے کا ارادہ ہے۔

    111 فٹ طویل ہوٹل کی عمارت نصف سے زائد سمندر میں واقع ہے۔ ہوٹل میں داخل ہوتے ہی شیشے کی دیواروں کے پار آبی حیات تیرتی نظر آتی ہیں جبکہ چاروں طرف مونگے کی چٹانیں اور سمندر کی لہریں دکھائی دیتی ہیں۔

    اس ریستوران میں کھانے کے لیے سی فوڈ پیش کیا جاتا ہے، ایک وقت کے کھانے کی قیمت 4 سو 30 امریکی ڈالر ہے۔

    کھانے کے ہال کا فرش یوں لگتا ہے جیسے سمندر کی تہہ ہے کیونکہ فرش اور سمندر کی تہہ کے درمیان صرف ایک موٹے شیشے کا فاصلہ ہے۔

    ناروے کے جنوب میں بحر شمال کا یہ حصہ اپنی تلاطم خیزی کے لیے مشہور ہے جو ایک لمحے کے لیے پرسکون اور اگلے ہی لمحے ہنگامہ خیز ہوجاتا ہے، اس کے پیش نظر ریستوران کے در و دیوار اس طرح بنائے گئے ہیں کہ یہ سمندر کی تند و تیز موجوں کو برداشت کرسکیں۔

    ریستوران انتظامیہ کو یقین ہے کہ یہ انوکھا ہوٹل ناروے کی سیاحت میں اضافے کا سبب بنے گا۔

  • زیر آب سیر کرنے کے لیے آپ کی ذاتی اسکوٹر

    زیر آب سیر کرنے کے لیے آپ کی ذاتی اسکوٹر

    کیا آپ مہم جوئی کا شوق رکھتے ہیں اور دنیا کے مختلف مقامات کو دیکھنا چاہتے ہیں؟ تو پھر یہ انوکھی اسکوٹر آپ کے لیے ہی ہے جو آپ کو سمندر کی سیر کروا سکتی ہے۔

    جزیرہ بہاماز میں ایک کمپنی آپ کو کرایے پر آبدوز نما ذاتی اسکوٹر فراہم کرسکتی ہے جس کے ذریعے آپ سمندر میں جا کر وہاں کے ماحول اور آبی حیات کا مشاہدہ کرسکتے ہیں۔

    یہ اسکوٹر آپ کو سمندر میں 15 فٹ گہرائی تک لے جاسکتی ہے۔

    اسکوٹر میں لگے ایئر ببل کے باعث آپ کو کسی آکسیجن ماسک کی ضرورت نہیں ہوگی اور آپ خشک رہ کر آبی زندگی کا لطف اٹھا سکیں گے۔

    اس کے لیے آپ کو کسی قسم کی تیراکی کا تجربہ ہونا بھی ضرور نہیں، تاہم پانی میں جانے سے قبل آپ کو ایک مختصر سی ٹریننگ کروائی جائے گی کہ کس طرح آپ نے اس اسکوٹر کا استعمال کرنا ہے۔

  • سفید شارک کے حملے کی خوفناک ویڈیو

    سفید شارک کے حملے کی خوفناک ویڈیو

    گہرے سمندروں میں غوطہ خوری کرنے والے افراد تحقیقی مقاصد کے لیے ایک پنجرے میں بند ہو کر زیر آب جاتے ہیں تاکہ شارک اور دیگر خطرناک آبی جانوروں کے حملے سے محفوظ رہ سکیں۔

    تاہم ایک غوطہ خور اس وقت مشکل میں پھنس گیا جب ایک شارک ایک مچھلی کا پیچھا کرتے ہوئے پنجرے میں گھس آئی اور کشتی پر کھڑے افراد میں ہلچل مچ گئی۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی یہ ویڈیو میکسیکو کے سمندر کی ہے جہاں پنجرے میں بند ایک غوطہ خور زیر آب جارہا ہے۔

    یکایک ایک قوی الجثہ سفید شارک ایک مچھلی کا پیچھا کرتی ہوئی پنجرے کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوگئی اور غوطہ خور کی مدد کے لیے کشتی پر کھڑے افراد خوف کے مارے اچھل پڑے۔

    کشتی پر کھڑے افراد نے پنجرے کا اوپر کا دروازہ کھول دیا تاکہ شارک یا غوطہ خور میں کوئی ایک باہر نکل جائے۔ تھوڑی دیر کے جان لیوا انتظار کے بعد شارک اچھلتی ہوئی پنجرے کے دروازے سے باہر نکلی اور بالآخر واپس سمندر میں چلی گئی۔

    اس دوران وہ پنجرے کی ٹوٹی سلاخیں لگنے سے زخمی اور خونم خون ہوچکی تھی۔

    شارک کے باہر نکلنے کے بعد غوطہ خور کو بھی فوراً اوپر کی طرف کھینچا گیا جو خوش قسمتی سے شارک کے حملے سے محفوظ رہا تھا۔

    دل دہلا دینے والی ویڈیو میں شارک کا مقصد پنجرے میں بند انسان پر حملہ کرنا نہیں تھا بلکہ وہ حادثاتی طور پر ایک مچھلی کا پیچھا کرتے ہوئے پنجرے میں گھس آئی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔