Tag: زیر تعمیر گھر

  • کراچی: زیر تعمیر گھر کی دیوار گرنے سے بچوں سمیت 7 افراد زخمی

    کراچی: زیر تعمیر گھر کی دیوار گرنے سے بچوں سمیت 7 افراد زخمی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے پی آئی بی کالونی میں زیر تعمیر گھر کی دیوار گر گئی، جس کی زد میں آ کر 4 بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں پریس کوارٹر کے قریب سندھی پاڑا میں ایک زیر تعمیر گھر کی دیوار گرنے سے 7 افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں 4 بچے بھی شامل ہیں۔

    ریسکیو ذرایع نے بتایا کہ زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، حادثے میں ایک 7 سالہ بچی علوینہ شدید زخمی ہو گئی ہے جسے اسٹیڈیم روڈ پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق سندھی پاڑا میں ایک گھر کی دوسری منزل پر تعمیرات جاری تھیں، زیر تعمیر دیوار پڑوس کے گھر پر جا گری۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ عمارت کی غیر قانونی تعمیر کی وجہ سے پیش آیا ہے، دوسری منزل پر بنائی جانے والی دیوار برابر کے گھر پر آ گری تھی، حادثے کے بعد ٹھیکے دار اور مزدور فرار ہو گئے ہیں۔

    پولیس نے بتایا کہ واقعے میں ملوث بلڈر اور ٹھیکے دار کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    ادھر ایس بی سی اے کی ٹیم جائے وقوع کا معائنہ کرنے پہنچ گئی، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے حادثے سے متعلق مؤقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی بی میں عمارت نہیں بلکہ دوسری منزل کی دیوار گری ہے، 40 گز کے پرانے مکان میں دوسری منزل پر دیوار یں اٹھائی جا رہی تھیں، متاثرہ مکان نالے پر بنایا گیا ہے۔

  • فیصل آباد :زیر تعمیر گھر کی چھت گرنے سے 7افراد جاں بحق

    فیصل آباد :زیر تعمیر گھر کی چھت گرنے سے 7افراد جاں بحق

    فیصل آباد: زیر تعمیر گھر کی چھت گرنے سے ماں اور چار بیٹیوں سمیت سات افراد جاں بحق ہوگئے۔

    فیصل آباد کے علاقے ٹھیکری والا میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، ناقص میٹریل کئی قیمتی جانیں لے گیا، ٹھیکری والا کی رہائشی بیوہ خاتون حمیدہ اپنی چار بیٹیوں کے ساتھ مکان میں رہتی تھی اور بچوں کو ٹیوشن پڑھا کر اپنے کنبے کی کفالت کرتی تھیں۔

    پیر کی شام مزدور مکان کی تعمیر میں مصروف تھے کہ اچانک چھت زور دار دھماکے سے گرگئی، ملبے تلے دب کر حمیدہ اور اسکی تین بیٹیاں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی ایک بیٹی اور ٹیوشن پڑھنے آئے، سات سالہ جڑواں بھائی حماد اور بلال دوران علاج دم توڑ گئے۔

    ڈی سی او نورالامین مینگل نے کہا کہ ناقص میٹریل کے استعمال کے باعث حادثہ رونما ہوا۔ افسوس ناک حادثے میں حمیدہ کا داماد عمران ، مستری اور دو مزدور زخمی بھی ہوئے۔