کراچی: شہر قائد سے دبئی جانے والی خاتون لاکھوں مالیت کے زیورات کراچی ایئرپورٹ ہی پر بھول کر دبئی پہنچ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق عائشہ اعجاز نامی خاتون مسافر اپنے شوہر کے ہم راہ پرواز EK 609 سے آسٹریلیا براستہ دبئی جا رہی تھیں، تاہم جہاز پر سوار ہونے سے قبل کراچی ایئرپورٹ کے کاؤنٹر پر بیش قیمت زیورات سے بھرا بیگ بھول گئیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے بھی فرض شناسی اور ایمان داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذکورہ بیگ اس کی مالک خاتون تک پہنچایا۔
خاتون کے رشتے دار زیورات لینے کے لیے رابطہ کر رہے ہیں
ایئرپورٹ ذرایع کے مطابق خاتون عائشہ اعجاز لاکھوں مالیت کا سونا جہاز میں بیھٹنے سے پہلے ائیر لائن کے کاؤنٹر پر بھول گئی تھی، سی اے اے کے DFO راؤنڈ پر تھے، انھوں نے کاؤنٹر کے قریب بیگ پڑا ہوا دیکھا، بیگ کی تلاشی لی گئی تو اس میں لاکھو ں روپے کے طلائی زیورات موجود تھے۔
ایئرپورٹ پر زیورات کے سلسلے میں تصدیق کی جا رہی ہے
سی اے اے نے مسافر کا رابطہ نمبر حاصل کیا اور خاتون مسافر سے رابطہ کیا، خاتون نے بتایا کہ وہ دبئی پہنچنے کے بعد دستی سامان گم ہونے پر پریشان تھی۔ خاتون کی جانب سے زیورات کی وصولی کے لیے رشتے دار ایئرپورٹ بھیجے گئے۔ ائیر پورٹ مینجر عمران خان نے مسافر کے بھائی اور رشتے دار سے ضروری تصدیق کے بعد زیورات ان کے حوالے کر دیے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق زیورات کی ما لیت 20 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات پیش آتے رہے ہیں، جب مسافر زیورات سے بھرے دستی بیگ بھول گئے، تاہم سی اے اے عملے نے ایمان داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مال ان کے مالکان تک پہنچایا۔
کراچی : باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن عملے نے فرض شناسی اور دیانتداری کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے زیورات سے بھرا ہوا بیگ ہنگو کے رہائشی کے حوالے کر دیا۔
پشاور ایئرپورٹ پرشارجہ سے غیر ملکی پرواز سے پہنچنے والامسافر اپنا بیگ لاونج میں بھول گیا تھا، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے پورٹر قیصر خان کو لاؤنج میں بیگ پڑا ہوا ملا جو مسافر بھول گیا تھا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے پورٹر نے بیگ ایئرپورٹ انتظامیہ شفٹ انچارج حمید کے حوالے کیا بیگ کی تلاشی لی گئی تو اس میں قیمتی سامان سمیت زیورات بھی موجود تھے۔
سی اے اے کے شفٹ انچارج حمید نے مسافر کے بیگ میں لگے ہوئے ٹیگ کی مدد سے مسافر کا پتہ چلایا کہ مسافر ہنگو کا رہائشی ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے شفٹ انچارج حمیت نے مسافر کے گھر کا جا کر اس کا قیمتی سامان اس کے حوالے کیا۔
مسافر نے اپنا قیمتی سامان ملنے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے کا شکریہ بھی ادا کیا، اس موقع پر مسافر کا کہنا تھا کہ بیگ گم ہونے پر بہت پریشان تھا، بچی کی شادی کیلئے زیوارات خریدے تھے جو بیگ میں موجود تھے، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پورٹر کی فرض شناسی اور ایمانداری پر تعریفی اسناد اوراعزازیہ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کی خاتون ملازم نے ایمانداری کی مثال قائم کرکے لاکھوں روپے مالیت کا زیورات سے بھرا ملنے والا بیگ مسافر کو واپس کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی خاتون ملازم نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کردی، سی اے اے کے ایئرپورٹ منیجر طاہر سکندر نے لاکھوں روپے مالیت کا زیورات سے بھرا بیگ مسافر کو واپس کردیا۔
پی آئی اے کی پرواز پی کے757کے ذریعے لندن جانے والا مسافر انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنج میں اپنا سفری بیگ بھول گیا تھا، مشتاق نامی مسافر کے بیگ میں40لاکھ روپے مالیت کے قیمتی زیورات تھے، مذکورہ بیگ کو شمع ریاض نامی خاتون ملازم نے فوری طور پر اپنے قبضے میں لے کر لاہور ایئرپورٹ مینیجر کو صورتحال سے آگاہ کیا۔
ائیر پورٹ منیجر نے لندن جانے والے مسافر مشتاق کی فیملی سے رابطہ کیا اور تفصیلات بیان کیں، بعد ازاں مذکورہ مسافر کے بھائی محمد اکرم کے آنے پر ایئرپورٹ منیجر نے چالیس لاکھ روپے مالیت سے بھرا زیورات کا بیک ان کے حوالے کردیا۔
علاوہ ازیں ایئر پورٹ انتظامیہ کی جانب سے خاتون ملازمہ شمع ریاض کو فرض شناسی اور ایمانداری کا مظاہرہ کرنے پر تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا گیا ہے