Tag: ساؤتھمپٹن

  • پاکستان جا کر کھیلنا پسند کروں گا، جو روٹ

    پاکستان جا کر کھیلنا پسند کروں گا، جو روٹ

    ساؤتھمپٹن: انگلش ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان جا کر کھیلنا پسند کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلش ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان کا دورہ کرنا پسند کروں گا۔

    جو روٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بہترین ملک ہے وہاں کرکٹ کا بہت جنون ہے، پاکستان جا کر کھیلنا پسند کروں گا۔

    انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پاکستان میں پچ، گراؤنڈز اور موسم کرکٹ کے لیے بہترین ہے، پاکستان جا کر کھیلنا یہاں کھیلنے سے بہت بہتر ہو گا۔

    صحافیوں سے گفتگو کے دوران جو روٹ کا کہنا تھا کہ ساتھی کرکٹرز سے پاکستان کے بارے میں بہت سنا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ بارش سے متاثر ہونے کے بعد ڈرا ہوگیا تھا جبکہ انگلینڈ نے آخری روز 4 وکٹوں پر 110 رنز بنائے تھے۔

    ساؤتھمپٹن میں کھلیا گیا دوسرا ٹیسٹ میچ بارش سے متاثر رہا اور 5 دن میں دونوں ٹیموں کی پہلی اننگز ہی مکمل نہیں ہو سکی تھی۔

  • 3 ماہ بعد آج سے شروع ہونے والی بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں ایک اور رکاوٹ آ گئی

    3 ماہ بعد آج سے شروع ہونے والی بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں ایک اور رکاوٹ آ گئی

    ساؤتھمپٹن: 3 ماہ بعد آج سے شروع ہونے والی بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ایک بار پھر کھٹائی میں پڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق تین ماہ بعد آج سے شروع ہونے والی بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی دوبارہ مشکل میں پڑ گئی، ساؤتھمپٹن میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی روز (آج) محکمہ موسمیات نے بارش ہونے کی پیش گوئی کر دی ہے۔

    انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج سے دی روز باؤل، ساؤتھمپٹن میں شروع ہوگا، تاہم بارش کے امکان کے باعث میچ کا آغاز کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے برطانوی وقت کے مطابق صبح 7 بجے سے لے کر شام 4 بجے تک بارش کی پیش گوئی کی ہے جب کہ میچ برطانوی وقت کے مطابق صبح 11 بجے شیڈول ہے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے باعث یہ میچز بند دروازوں کے پیچھے بغیر شائقین کے کھیلے جائیں گے تاہم کھلاڑیوں کو شائقین والا ماحول دینے کے لیے شائقین کے مصنوعی شور کی آڈیو اور میوزک چلایا جائے گا تاکہ کھلاڑیوں کا مورال بلند رہے۔

    یاد رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے بین الاقوامی کرکٹ 117 دنوں سے معطل ہے۔ تاریخ میں پہلی بار میچ بند اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے، گیند کو تھوک لگانے پر پابندی ہوگی، ایمپائر کو کیپ یا سوئٹر سنبھالنے کو نہیں دیا جائے گا اور کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے لاؤڈ اسپیکر سے کراؤڈ کا شور پلے کیا جائے گا۔

  • پہلا ون ڈے: انگلینڈ کی پاکستان کو 44 رنز سے شکست

    پہلا ون ڈے: انگلینڈ کی پاکستان کو 44 رنز سے شکست

    ساؤتھمپٹن: ساؤتھمپٹن میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلا ون ڈے 44 رنز سے جیت لیا۔ انگلینڈ کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت فاتح قرار دیا گیا۔

    ساؤتھمپٹن میں ہونے والے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے کپتان اظہر علی نے 82 رنز کی شاندار اننگرز کھیلی جبکہ سرفراز احمد 55 اور بابر اعظم 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے 2 جبکہ جو روٹ، لیام پلنکنٹ، مارک ووڈ اور کرس ووکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    انگلینڈ کی اننگز کے دوران بارش نے متعدد بار میچ کو متاثر کیا تاہم انگلینڈ کے بلے بازوں نے متاثر کن بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 34.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنا لیے تھے جس کی وجہ سے ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت انگلینڈ کو 44 رنز سے فاتح قرار دیا گیا۔

    انگلینڈ کی جانب سے جیسن روئے 65، جو روٹ 61 اور کپتان آئن مورگن 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

    پاکستان کی جانب سے عمر گل اور محمد نواز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ کپتان اظہر علی نے ایک کھلاڑی کو رن آؤٹ بھی کیا۔ 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر جیسن روئے کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

    واضح رہے پاکستان 2005 کے بعد سے انگلینڈ کے خلاف ایک بھی ون ڈے سیریز نہیں جیت سکا ہے۔ 2006 کے بعد سے باہمی مقابلوں میں انگلش ٹیم 18 میں سے 12 ون ڈے جیت چکی ہے جب کہ آخری 9 میچوں میں سے انگلینڈ کو 8 میچوں میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔