Tag: سائبر حملہ

  • مائیکرو سافٹ نے سائبر حملہ ناکام بنا دیا

    مائیکرو سافٹ نے سائبر حملہ ناکام بنا دیا

    لاس ویگاس : امریکہ میں مائیکرو سافٹ سائبر سیکورٹی اہلکاروں نے سائبر حملے کا سراغ لگا کر اسے ناکام بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مائیکرو سافٹ سیکورٹی ریسپانس سینٹر نے گزشتہ روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ مبینہ طور پر ایک گروپ نے رواں ماہ 12 جنوری کو کارپوریٹ سسٹم کو ہیک کیا اور اکاؤنٹس سے کچھ ای میلز اور دستاویزات چُرا لیں۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سائبر حملے کے ملزم کی شناخت مڈ نائٹ بلیزارڈ کے نام سے ہوئی ہے جسے نوبیلیم کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور مبینہ طور پر یہ روسی حمایت یافتہ شخص ہے۔

    ہیکنگ گروپ نے مائیکرو سافٹ پلیٹ فارم کی خلاف ورزی کرنے کے لیے نومبر 2023 میں شروع ہونے والے "پاس ورڈ اسپرے اٹیک” کا استعمال کیا۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مائیکرو سافٹ اس واقعے کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے اور حتمی کے نتائج کی بنیاد پر اضافی کارروائی کا فیصلہ کرے گا۔

    کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ حملہ اس کی مصنوعات یا خدمات میں کسی خاص خطرے کا نتیجہ نہیں تھا۔

    خیال رہے کہ مائیکرو سافٹ کی مصنوعات امریکی حکومت میں بھی بڑے پیمانے پر استعمال ہوتی ہیں اور کمپنی کو ماضی میں اپنے حفاظتی طریقوں پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

     

  • ٹویوٹا پلانٹس میں پیداوار کے حوالے سے بڑی خبر

    ٹویوٹا پلانٹس میں پیداوار کے حوالے سے بڑی خبر

    ناگویا: جاپان میں ٹویوٹا کے 14 میں سے 12 پلانٹس میں پیداوار بحال ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹویوٹا موٹرز نے بدھ کی صبح اعلان کیا ہے کہ اس نے جاپان میں اپنے 14 میں سے 12 پلانٹس پر ٹویوٹا اور لیگزس گاڑیوں کی پیداوار دوبارہ شروع کر دی ہے۔

    سسٹم میں اچانک آنے والی خرابی کے باعث پیر کو جاپان میں ٹویوٹا کے تمام 14 پلانٹس بند کر دیے گئے تھے، کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ باقی دو پلانٹس بھی آج بدھ کے اختتام تک کھول دیے جائیں گے۔

    اے ایف پی کے مطابق گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹویوٹا کے سسٹم میں خرابی کی وجہ سے جاپان میں تمام 14 فیکٹریوں میں کام روک دیا گیا تھا تاہم کمپنی کے ترجمان نے کہا تھا کہ یہ سائبر حملہ نہیں ہے۔

    ٹویوٹا کے سسٹم میں مسئلہ پیر کو شروع ہوا، کمپنی کی جانب سے اس سلسلے میں مزید تفصیل دینے سے گریز کیا گیا، ترجمان کا کہنا تھا کہ فیکٹریاں پرزوں کے آرڈرز پر کام نہیں کر پا رہیں، مسئلے کی تحقیقات کی جا رہی ہے اور جلد از جلد سسٹم بحال کر دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال ایک پلانٹ پر سائبر حملے کے بعد ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے والی کمپنی ٹویوٹا نے تمام مقامی فیکٹریوں کو بند کر دیا تھا۔

  • اسرائیل میں اب تک کا سب سے بڑا سائبر حملہ

    اسرائیل میں اب تک کا سب سے بڑا سائبر حملہ

    اسرائیل میں اب تک کا سب سے بڑا سائبر حملہ کیا گیا ہے جس میں وزیر اعظم آفس سمیت متعدد سرکاری ویب سائٹس ڈاؤن ہوگئی ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق اسرائیلی وزارت دفاع کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک کے سب سے بڑے سائبر حملے میں وزیر اعظم آفس سمیت متعدد سرکاری ویب سائٹس ڈاؤن ہوگئی ہیں۔

    ان سائبر حملوں کے نتیجے میں وزیر اعظم ہاؤس، وزارت داخلہ، وزارت صحت، انصاف اور بہبود کی وزارتوں سمیت متعدد ویب سائٹس ڈاؤن ہوگئی ہیں جنہیں بحال کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔

    اخبار نے وزارت دفاع کے حوالےسے دعویٰ کیا ہے کہ یہ اسرائیل کے خلاف ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا سائبر حملہ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سائبر حملے کے پیچھے ریاستی عناصر یا کسی بڑی آرگنائزیشن کا ہاتھ ہے تاہم ابھی تک ان حملوں کے محرکات کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ حملے پیر کی شام کیے گئے، جس کے بعد نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے نیشنل سائبر ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

    ان حملوں میں ایسے ڈومینز (ویب سائٹ کے ایڈریسز) کو نشانہ بنایا گیا جن کا ایکسٹینشن Gov.IL تھا اور یہ ایکسٹینشن سرکاری ویب سائٹ استعمال کرتی ہیں۔

  • کیا ایف بی آر کی ویب سائٹ پر واقعی سائبر حملہ ہوا؟

    کیا ایف بی آر کی ویب سائٹ پر واقعی سائبر حملہ ہوا؟

    کراچی: ایف بی آر نے ویب سائٹ پر سائبر حملے کی تردید کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان ایف بی آر نے کہا ہے کہ سائبر حملے سے متعلق خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں، ایف بی آر کے آئی ٹی نظام میں کسی قسم کا خلل نہیں پڑا ہے۔

    ترجمان اسد طاہر جپہ نے بتایا کہ معمول کی مرمت کے باعث ملک کے کچھ حصوں میں ویب پورٹل کی رسائی میں دشواری پیش آئی، ایف بی آر کا ویب پورٹل روانی سے چل رہا ہے۔

    واضح رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے آئی ٹی نظام میں ایک بار پھر خلل آیا تھا، جس کے باعث ادارے کا سرور بیٹھ گیا تھا، اور آفیشل ویب سائٹ کا ایڈریس ڈالنے پر تکنیکی خرابی پر مشتمل ”ایرر”کا پیغام آ رہا تھا۔

    آئی ٹی نظام خلل ، ایف بی آر کا سرور بیٹھ گیا

    بتایا گیا تھا کہ سائبر حملے کے بعد سے ایف بی آر کی ویب سائٹ اور مین سرور میں تاحال خرابی دور نہیں ہو سکی ہے، جس کے باعث آن لائن ٹیکس جمع کرانے والے شہریوں اور کمپنیز کو شدید دشواری کا سامنا تھا۔

    یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ایف بی آر کی ویب سائٹ کریش ہوئی ہو، اس سے قبل 30 ستمبر کو ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے رش کے باعث ادارے کا ٹیکس جمع کرنے والا سافٹ ویئر بیٹھ گیا تھا۔

  • ایران کے ریلوے سسٹم پر سائبر حملہ

    ایران کے ریلوے سسٹم پر سائبر حملہ

    تہران: ایران کے ریلوے نظام پر سائبر حملے سے پورے ملک کے ریلوے اسٹیشنز پر مسافروں میں افراتفری مچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے ریلوے سسٹم پر جمعے کو سائبر حملے کیے گئے، ہیکرز نے پورے ملک کے ریلوے اسٹیشنز کے ڈسپلے بورڈز پر ٹرینوں کی آمد میں مبینہ تاخیر اور منسوخی کے حوالے سے جعلی پیغامات پوسٹ کیے۔

    ایران کی نیم سرکاری خبر ایجنسی کے حوالے سے امریکی خبر رساں ادارے نے بتایا کہ ہیکرز نے مضحکہ خیز طور سے ٹرینوں کی آمد میں تاخیر یا منسوخی کے پیغامات کے ساتھ ملک کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے دفتر کا فون نمبر بھی درج کیا، اور اس نمبر پر مسافروں سے معلومات طلب کرنے کا کہا گیا۔

    اس ہیکر حملے سے ریلوے اسٹیشنز پر زبردست انتشار پیدا ہو گیا، تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، دوسری طرف حکام نے یہ بھی کہا تھا کہ ملک بھر میں ٹرینوں کا الیکٹرانک ٹریکنگ سسٹم ختم ہو گیا ہے، تاہم یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا تھا کہ کیا یہ بھی سائبر حملے کا حصہ ہے۔

    بعد ازاں مقامی نیم سرکاری میڈیا نے یہ نیوز رپورٹ ہٹا دی، اور سرکاری ریلوے کمپنی کے ترجمان صادق سكری کے حوالے سے کہا گیا کہ جو خلل آیا تھا، وہ ٹرین سروس کے لیے کسی قسم کی پریشانی کا باعث نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ 2019 میں بھی ریلوے کمپنی کے کمپیوٹر سرورز میں خرابی کے سبب ٹرین سروسز میں تاخیر کے متعدد واقعات سامنے آئے تھے، جب کہ اسی سال دسمبر میں ایران کی وزارت مواصلات نے کہا تھا کہ ملک نے ’الیکٹرانک انفراسٹرکچر‘ پر ایک بڑے پیمانے پر سائبر حملے کو ناکام بنا دیا ہے، تاہم اس حملے کے بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی تھی۔

  • روسی صدر ولاد میر پیوٹن کے موبائل فون پر سائبر حملہ

    روسی صدر ولاد میر پیوٹن کے موبائل فون پر سائبر حملہ

    ماسکو : روسی صدر ولاد میر پیوٹن کے موبائل فون پر سائبر حملے میں ہیکرز نے پیوٹن کی شہریوں کے ساتھ براہ راست ٹیلی فون پر گفتگو کو نشانہ بنایا، روس کی مواصلاتی کمپنی نے سائبر حملے کی تصدیق کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی صدر ولادمیر پیوٹن کے موبائل فون پر سائبر حملہ کیا گیا ، جس میں ہیکرز نے پیوٹن کی شہریوں کے ساتھ براہراست ٹیلی فون پر گفتگو کو نشانہ بنایا۔

    صدر پیوٹن کے ساتھ سالانہ مکالمہ کو روسی چینلز کے ذریعہ نشر کیا جاتا ہے، جس میں عام طور پر روسی صدر پورے ملک سے روسی شہریوں کے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیتے ہیں۔

    اس سال چار گھنٹے تک جاری رہنے والے مکالمے میں مواصلاتی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا اور زیادہ پریشانی اُس وقت دیکھی گئی جب دور دراز کے علاقوں سے کالز موصول ہوئیں۔

    روس کی مواصلاتی کمپنی نے سائبر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    یاد رہے جون کے اوائل میں امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ پوتین کے سربراہی اجلاس کے ایجنڈے میں سائبر سیکیورٹی ایک اہم موضوع تھا، بعد ازاں ا مریکہ کے صدر جو بائیڈن اور روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان جنیوا میں ملاقات ہوئی تھی ، جس کے بعد دونوں صدور نے اپنی پریس بریفنگ میں متعدد موضوعات پر گفتگو کی جس میں انسانی حقوق، جوہری ہتھیار اور سائبر سکیورٹی وغیرہ بھی شامل تھے۔

    صدر پوتن نے کہا تھا کہ روس نے امریکہ کو مبینہ سائبر حملوں کے متعلق ’تفصیلی معلومات فراہم‘ کی ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ امریکہ نے اب تک اس پر جواب نہیں دیا ہے۔

    روسی صدر کا کہنا تھا کہ سائبر سکیورٹی دونوں ممالک کے لیے اہم ہے اور اُنھوں نے حال ہی میں امریکہ میں ایک تیل کی پائپ لائن سسٹم اور روس میں ایک طبی نظام پر سائبر حملے کی جانب اشارہ کیا۔

  • دنیا کی سب سے بڑی گوشت کمپنی نے ہیکرز کو بٹ کوائن میں بڑا تاوان ادا کر دیا

    دنیا کی سب سے بڑی گوشت کمپنی نے ہیکرز کو بٹ کوائن میں بڑا تاوان ادا کر دیا

    واشنگٹن: دنیا کی سب سے بڑی گوشت کمپنی کو سائبر حملے کے نتیجے میں ایک کروڑ ڈالر سے زیادہ کا تاوان بٹ کوائن میں ادا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی گوشت فراہم کرنے والی برازیلی جے بی ایس کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ کمپنی پر سائبر حملے کے بعد انھوں نے ہیکرز کو بٹ کوائن میں 11 ملین ڈالر کا تاوان ادا کیا ہے۔

    جے بی ایس امریکا نے بدھ کو کہا کہ کریمینل ہیکرز کو تاوان کی ادائیگی اس وقت کی گئی جب کمپنی کی اکثر فیکٹریوں نے آن لائن کام شروع کر دیا تھا۔

    جے بی ایس امریکا ڈویژن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آندرے نوگویرا کا کہنا تھا کہ کمپنی نے حملے سے متعلق کسی غیر متوقع مسائل کو روکنے اور ڈیٹا باہر نہیں جانے کو یقینی بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا۔

    گوشت کمپنی پر سائبر حملہ، گوشت کی فراہمی بند

    آندرے نوگویرا نے وال اسٹریٹ جرنل کو انٹرویو میں کہا کہ مجرموں کو رقم کی ادائیگی بہت تکلیف دہ تھی، لیکن ہم نے اپنے صارفین کے حق میں یہ قدم اٹھایا، رقم تب ادا کی گئی جب کمپنی کے اکثر پلانٹس نے دوبارہ کام شروع کر دیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ تاوان اس لیے ادا کیا گیا تاکہ جے بی ایس کے گوشت پلانٹس کو مزید خلل سے بچایا جا سکے، اور ریسٹورنٹس، گروسری اسٹورز اور کسانوں پر مرتب ہونے والے اثرات کو محدود کیا جا سکے۔

    واضح رہے کہ JBS فروخت کے لحاظ سے گوشت فراہم کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ہے، اور یہ آسٹریلیا سے لے کر جنوبی امریکا اور یورپ تک گوشت سپلائی کرتی ہے، امریکا میں یہ سب سے بڑا بیف پروسیسر، اور چکن اور پورک میں سرفہرست سپلائر ہے۔

    سائبر اٹیک سے شمالی امریکا اور آسٹریلیا میں کمپنی کے آئی ٹی سپورٹنگ سسٹمز متاثر ہوئے تھے، امریکی حکومت نے اس ransomware (نقصان دہ سافٹ ویئر کے ذریعے تاوان کی وصولی) کے لیے مجرموں کے ایک گروہ REvil کو ذمہ دار قرار دیا ہے، جس کے بارے میں یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اس کا تعلق روس یا مشرقی یورپ سے ہے۔

    ہیکرز ناکام، کروڑوں روپے کے بٹ کوائنز کی تاوان کی رقم ضبط کر لی گئی

    خیال رہے کہ جے بی ایس پر یہ حملہ تاوانی سافٹ ویئر کے ذریعے ہونے والے حملوں کا حصہ تھا، جن میں کمپنیوں کو ان کے آپریٹنگ سسٹم پر دوبارہ کنٹرول دینے کے لیے لاکھوں ڈالرز کی ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا۔ گزشتہ ماہ مئی میں ہیکرز نے امریکا میں ایسٹ کوسٹ میں ایک گیس کمپنی کی پائپ لائن بند کر دی تھی، جسے اپنے آپریشنز اور سروس پر کنٹرول واپس حاصل کرنے کے لیے ہیکرز کو بٹ کوائن میں 44 لاکھ ڈالرز ادا کرنے پڑے تھے، جن میں سے 23 لاکھ ڈالرز مالیت کی کرپٹو کرنسی کی تاوانی رقم ایف بی آئی نے ایک ورچوئل کرنسی ویلٹ سے واپس ضبط کر لی تھی۔

    یہ حملے بتاتے ہیں کہ سائبر مجرموں نے اپنے اہداف بدل دیے ہیں، پہلے وہ ڈیٹا سے مالا مال کمپنیوں جیسا کہ ری ٹیلرز، بینکس اور انشوررز کو نشانہ بناتے تھے، لیکن اب ان کا ہدف اہم سروس فراہم کرنے والے ادارے بن گئے جیسا کہ اسپتال، ٹرانسپورٹ آپریٹرز اور فوڈ کمپنیاں۔

  • گوشت کمپنی پر سائبر حملہ، گوشت کی فراہمی بند

    گوشت کمپنی پر سائبر حملہ، گوشت کی فراہمی بند

    دنیا کی سب سے بڑی گوشت فراہم کرنے والی کمپنی کے انفارمیشن سسٹم پر سائبر حملہ ہوگیا جس کی وجہ سے گوشت کی فراہمی بند ہوگئی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق گوشت فراہم کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی پر سائبر حملہ کر دیا گیا۔ سائبر حملہ گوشت فراہم کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی جے بی ایس کے انفارمیشن سسٹم پر ہوا جس کی وجہ سے گوشت کی فراہمی بند ہوگئی۔

    جے بی ایس کے جاری کردہ بیان کے مطابق سائبر حملہ کمپنی کے آسٹریلیا اور شمالی امریکا میں موجود یونٹس پر ہوا جس سے کمپنی کا آسٹریلیا میں موجود یونٹ بند ہوگیا۔

    کمپنی کا کہنا تھا کہ مسئلہ حل کرنے کے لیے کچھ وقت درکار ہوگا تاہم اس دوران کسٹمرز اور سپلائرز کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ سائبر حملے کی وجہ سے ہزاروں ملازمین کو کام سے روک دیا گیا ہے۔

    گوشت پروسیسنگ کی صنعت ریگولیٹری معیارات کی تعمیل کرنے کے لیے ریکارڈ کو برقرار رکھنے کے علاوہ جانوروں سے باخبر رہنے اور درجہ بندی کے لیے کمپیوٹر اور سافٹ ویئر سسٹم پر انحصار کرتی ہے۔

  • سائبر حملے کے خطرے کے پیش نظر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہم ہدایت

    سائبر حملے کے خطرے کے پیش نظر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہم ہدایت

    اسلام آباد: سائبر حملے کے باعث قیمتی معلومات لیک ہونے کے خطرے کے پیش نظر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اہم اقدام اٹھا لیا، اس سلسلے میں تمام وفاقی سیکریٹریز کو مراسلہ لکھ دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی شعیب احمد صدیقی نے تمام وفاقی سیکریٹریز کو مراسلہ لکھا ہے اور ہدایت کی ہے کہ وزارتوں اور ذیلی اداروں کی ویب سائٹس این ٹی سی کے ڈیٹا سینٹر پر منتقل کی جائیں۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ سائبر سیکیورٹی کے پیش نظر وزارتوں اور ذیلی اداروں کی ویب سائٹس جو پرائیوٹ ڈومین پر ہیں ان کو نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) کے ڈیٹا سینٹر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    مراسلے کے مطابق سائبر حملے کی صورت میں پرائیوٹ ڈومین پر موجود ویب سائٹس حملے کا آسان شکار ہوسکتی ہیں، ویب سائٹ ہیک ہونے سے قیمتی اور حساس معلومات لیک ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔

    مراسلے میں تمام سرکاری ای میلز کو gov.pk پر لانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

    اس سلسلے میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے بھی ہدایت کی ہے کہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) جلد سے جلد ای آفس پر کام مکمل کرے۔

    انہوں نے کہا کہ اس عمل سے کام میں آسانی، شفافیت اور پبلک سروس ڈیلیوری میں بہتری آئے گی۔

  • ہیکرز نے کے الیکٹرک کو ڈارک ویب سائٹ کے ذریعے رابطے کرنے کا کہہ دیا

    ہیکرز نے کے الیکٹرک کو ڈارک ویب سائٹ کے ذریعے رابطے کرنے کا کہہ دیا

    کراچی: بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک کے سسٹم کو ہیک ہوئے آج دوسرا دن ہے، ہیکرز نے انتظامیہ کو ڈارک ویب سائٹ کے ذریعے رابطے کرنے کا کہہ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سسٹم کی ہیکنگ کے سلسلے میں کے الیکٹرک نے ایف آئی اے سائبر کرائم سے رابطہ کر لیا ہے، ایف آئی اے کو دی گئی درخواست میں کے الیکٹرک نے کہا کہ ادارے کا سسٹم گزشتہ روز سے تاحال ہیک ہے، کے الیکٹرک کا آئی ٹی سسٹم 2 سال پہلے بھی اگست میں ہیک ہو چکا ہے۔

    کے الیکٹرک کے مطابق ہیکرز نے انتظامیہ سے رابطہ کیا ہے، ہیکرز نے کے الیکٹرک کے سسٹم میں ایکسل شیٹ کے ذریعے پیغام دیا، ہیکرز نے انتظامیہ کو ڈارک ویب سائٹ کے ذریعے رابطے کرنے کا کہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ہیک ہونے کے بعد کے الیکٹرک کا بلنگ کا نظام مکمل بند ہو چکا ہے، مختلف ریجن کے بل جاری نہیں ہو سکے ہیں۔

    کے الیکٹرک کی بلنگ سمیت کئی ویب سائٹ ہیک

    ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک ہیکنگ کے کیس پر کام کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز دوپہر کے وقت کے الیکٹرک کے آئی ٹی سسٹم پر سائبر حملہ ہوا تھا، جس کے باعث کے الیکٹرک کا نظام مفلوج ہو گیا تھا اور بینکوں سے رابطے سمیت انٹرنل کمیونیکیشن رک گئی تھی۔

    آج معلوم ہوا کہ کے الیکٹرک کی بلنگ سمیت کئی ویب سائٹس ہیک کر لی گئی ہیں، جس کے باعث کے الیکٹرک کا شہر بھر میں بلنگ سمیت دیگر نیٹ ورکس منقطع ہو گئے ہیں۔