Tag: سائبر سیکیورٹی

  • دفاتر اور رہائشی علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کا استعمال سائبر سیکیورٹی کے لیے رسک قرار

    دفاتر اور رہائشی علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کا استعمال سائبر سیکیورٹی کے لیے رسک قرار

    اسلام آباد : دفاتر اور رہائشی علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کا استعمال سائبر سیکیورٹی کے لیے رسک قرار دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی سی ٹی وی کیمرے سائبر سیکیورٹی کے لیے رسک قرار دے دیئے گئے، سی سی ٹی وی کیمروں کو سائبر حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے۔

    سائبر حملوں سے بچاؤ کے حوالے وفاقی حکومت نے گائیڈ لائنز بھی جاری کی ، جس میں کہا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمرے سے انٹرنیٹ کے ذریعے کہیں سے بھی مانیٹرنگ کی جاسکتی ہے۔

    ایڈوائزری میں کیمرے کو ریموٹ ایکسیس نہ دینے اور کیمروں کی رسائی کو چند افراد تک ہی محدود رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔

    ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ صارفین کیمروں کی وقتا فوقتا کنفگریشن اور سسٹم کا آڈٹ کریں اور کیمروں کا رسپانس پلان مرتب کرکے رکھیں۔

  • سوشل میڈیا پر ملازمت ڈھونڈنے والوں کیلئے اہم خبر

    سوشل میڈیا پر ملازمت ڈھونڈنے والوں کیلئے اہم خبر

    سائبر سیکیورٹی کے محققین نے بدنیتی پر مبنی ایک اور فیس بک اشتہاری مہم کو بے نقاب کیا ہے جو دھوکہ دہی کے ذریعے صارفین کی ونڈوز ڈیوائس میں میلویئر انسٹال کردیتی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹرسٹ ویوز اسپائیڈر لیبز کی ٹیم نے انکشاف کیا ہے کہ کس طرح ایک گمنام شخص نے ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ ملازمتوں کے لیے ایک فیس بک مہم کا آغاز کیا۔

    protection

    اس کے بنائے گئے مذکورہ اشتہار پر کلک کرنے والوں کو ایک ایمبیڈڈ "ایکسیس ڈاکومنٹ” کی پی ڈی ایف فائل کا بٹن دیا جاتا ہے جسے کلک کرنے سے ایک سلسلہ شروع ہوجاتا ہے جو صارف کی معلومات چرانے والا پروگرام فعال کردیتا ہے۔ جسے Ov3r_Stealer
    کہتے ہیں۔

    ٹرسٹ ویو اسپائڈر لیبز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ یہ میلویئر پاسورڈ اور کرپٹو والٹ کی معلومات کو چرانے کے لیے بنایا گیا ہے اور یہ معلومات اکٹھی کرکے ایک ٹیلی گرام چینل پر بھیجتا ہے جہاں یہ گمنام شخص اس معلومات کو دیکھتا ہے۔

    Fake Job

    پاسورڈ اور کرپٹو والٹ ڈیٹا کو چرانے کے علاوہ Ov3r_Stealer آئی پی ایڈریس پر مبنی مقام کی معلومات، ہارڈویئر کی معلومات، کوکیز، کریڈٹ کارڈ ڈیٹا، آٹو فلز، براؤزر ایکسٹینشن، مائیکرو سافٹ آفس ڈاکیومنٹ اور ونڈوز ڈیوائس میں انسٹال کی گئی اینٹی وائرس اشیاء کی فہرست بھی چرا سکتا ہے۔

  • گلابی رنگ کا واٹس ایپ، لیکن ہوشیار

    گلابی رنگ کا واٹس ایپ، لیکن ہوشیار

    سائبر ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ گلابی رنگ میں واٹس ایپ تبدیل کرنے کا دعویٰ کرنے والا لنک ایک وائرس ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک ایسا لنک گردش کر رہا ہے جس میں واٹس ایپ کا رنگ گلابی کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، سائبر ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے خبردار رہیں، یہ وائرس ہے اور یہ آپ کے موبائل فون کو ہیک کر سکتا ہے۔

    سائبر ماہرین نے واٹس ایپ صارفین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ وائرس لنک کے شکار نہ بنیں جو واٹس ایپ کو گلابی رنگ میں تبدیل کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں، واٹس ایپ سے آفیشل اپ ڈیٹ ہونے کا دعویٰ کرنے والے س لنک پر کلک کرنے سے صارفین کا فون ہیک ہو جائے گا، اور وہ اپنے واٹس ایپ تک رسائی سے محروم ہو جائیں گے۔

    یہ ڈاؤن لوڈ لنک واٹس ایپ گروپس میں گردش کر رہا ہے، سائبر سیکیورٹی کے ایک ماہر راج شیکھر راجہ ہریا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پوسٹ میں کہا کہ واٹس ایپپنک کے نام کے ساتھ کسی بھی لنک پر کلک نہ کریں، ورنہ آپ کے فون تک مکمل رسائی ختم ہو جائے گی۔

    واٹس ایپ کے صارفین بھی سادہ لوحی میں یہ نقصان دہ لنک شیئر کر رہے ہیں، اس لیے سائبر انٹیلی جنس فرم نے صارفین کو سختی سے مشورہ دیا ہے کہ وہ گوگل یا ایپل کے آفیشل ایپ اسٹور کے علاوہ کسی بھی ایپ کو انسٹال نہ کریں۔

    سائبر ماہرین کا کہنا ہے کہ غلط ایپ کا استعمال کر کے دراصل آپ اپنے فون پر سمجھوتا کرتے ہیں، اور آپ کے ذاتی ڈیٹا جیسے تصاویر، ایس ایم ایس، اور رابطوں وغیرہ کو چوری کیا جا سکتا ہے، جب کہ کی بورڈ پر مبنی میل ویئر آپ کی ٹائپنگ کی ہر چیز کو ٹریک کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    سائبر سیکیورٹی نے خبردار کیا ہے کہ ایسے لنک پر کلک کرنے سے آپ کے بینکنگ پاس ورڈ پر قبضہ اور پھر اکاؤنٹ سے چوری بھی ہو سکتی ہے۔

  • سائبر سیکیورٹی: گھر سے کام کرنے والے 50 فیصد افراد اپنی کمپنیوں کے لیے خطرہ

    سائبر سیکیورٹی: گھر سے کام کرنے والے 50 فیصد افراد اپنی کمپنیوں کے لیے خطرہ

    ریاض: سائبر سیکیورٹی فراہم کرنے والی ایک کمپنی کا کہنا ہے کہ گھر سے کام کرنے والے 50 فیصد عرب شہری ڈیجیٹل سیکیورٹی سسٹم کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں رکھتے، اس سے ان کی کمپنیوں کے ڈیٹا کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق عرب ممالک کے لیے سائبر سیکیورٹی فراہم کرنے والی کمپنی نے اپنی ایک سروے رپورٹ میں کہا ہے کہ گھروں سے کام کرنے والے 50 فیصد عرب ڈیجیٹل سیکیورٹی سسٹم سے واقف ہی نہیں۔

    سروے رپورٹ میں ماہرین نے توجہ دلائی کہ دنیا بھر میں گھروں سے کام کرنے والے 45 فیصد عرب ملازم ایسے ہیں جنہیں گھر سے کام کرنے کے زمانے میں ڈیجیٹل سیکیورٹی سے متعلق احتیاطی تدابیر کی بابت کمپنیوں نے کچھ نہیں بتایا۔

    سروے میں یہ جاننے کی کوشش کی گئی ہے کہ گھروں سے کام کرنے والے ملازم لیپ ٹاپ اور نیٹ ورک پر ڈیجیٹل ہیکنگ کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے خود کو کس طرح بچا رہے ہیں یا انہوں نے اس حوالے سے کیا تیاری کی ہے۔

    بیشتر ملازمین نے رائے عامہ کے جائزے میں اعتراف کیا کہ انہیں یہ بھی پتہ نہیں کہ ڈیجیٹل ہیکنگ سے اپنے لیپ ٹاپ اور کمپیوٹرز کو بچانے کے لیے کیا کچھ کیا جاسکتا ہے۔

    ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ورک فرام ہوم کے دوران ملازمین کے لیپ ٹاپ یا کمپیوٹرز پر ڈیجیٹل ہیکرز کوئی واردات کرتے ہیں تو ایسی صورت میں کاروباری عمل متاثر ہوگا اور اس سے کمپنی کا ڈیٹا تباہ اور بہت سے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

    ماہرین نے ایک اور تشویش ناک اطلاع یہ دی ہے کہ آن لائن کام کرنے والے 54 فیصد افراد نے بتایا کہ ان کے لیپ ٹاپ سیکیورٹی سسٹم سے آراستہ نہیں، حالانکہ کمپنیوں کے لیپ ٹاپز میں اس قسم کے انتظامات کیے جاتے ہیں۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ سروے کے نتائج سے صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ عرب ملازمین کے یہاں ڈیجیٹل سیکیورٹی سسٹم میں بڑی کمی ہے جس سے متعلقہ ملازمین کی کمپنیاں خطرات سے دو چار ہو سکتی ہیں۔

  • سعودی عرب سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے سرفہرست ملک بن گیا

    سعودی عرب سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے سرفہرست ملک بن گیا

    ریاض: سعودی عرب سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے عرب ممالک میں سرفہرست بن گیا، سائبر سیکیورٹی کی حساسیت پر تجارتی دنیا میں بھی سعودی عرب کا خوشگوار تاثر اجاگر ہوا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب سائبر سیکیورٹی کی پابندی کرنے والے عرب ممالک میں پہلے اور دنیا بھر میں تیرہویں نمبر پر آگیا ہے۔ اس کی بدولت صنعت کاروں اور تجارتی دنیا کی نظروں میں سعودی عرب کی پوزیشن مضبوط ہوگئی ہے۔

    سعودی کمپنی برائے کمپیوٹر ایس بی ایم کے ایگزیکٹو چیئرمین عصام الشیحہ کے مطابق سعودی عرب سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے درپیش خطرات سے اچھی طرح آگاہ ہے۔ سعودی عرب نے اسی احساس کے تحت 2017 میں سائبر سیکیورٹی نیشنل اتھارٹی قائم کی تھی۔

    الشیحہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے سرکاری ادارے اپنے گوشوارے، ڈیٹا، مختلف خدمات اور سرکاری آپریشنز کی حفاظت کے لیے سائبر سیکیورٹی سسٹم مضبوط بنانے پر بڑی توجہ دے رہے ہیں۔

    انہوں نے مستقبل میں نئی سعودی ڈیجیٹل اسکیموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب 5 جی نیٹ ورک کے فروغ میں مصروف ہے۔ اس کی بدولت جدید ٹیکنالوجی سے مثالی فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔

  • پاکستان کی پہلی خاتون سائبرسیکیورٹی پی ایچ ڈی ڈاکٹر

    پاکستان کی پہلی خاتون سائبرسیکیورٹی پی ایچ ڈی ڈاکٹر

    پاکستان کے بارے میں تصور کیا جاتا ہے کہ یہ ایک گھٹن زدہ معاشرہ ہے جہاں خواتین کو تعلیم حاصل کرنےا ور آگے بڑھنے کی آزادی میسر نہیں ہے لیکن ڈاکٹر فوزیہ ابڑو ایسے تمام تصورات کی نفی کرتی ہوئی نظرآتی ہیں۔

    ہمارا ملک ابھی آئی ٹی کے میدان میں ترقی پذیر ممالک میں شمار کیا جاتا ہے اور سمجھا جاتا ہے کہ اس میدان میں پاکستان اور پاکستانیوں کا کوئی کنٹری بیوشن نہیں ہے، حالانکہ یہ تصور انتہائی غلط ہے اور اس پر مہر تصدیق ثبت کرتی ہیں سندھ کے دیہی علاقے سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر فوزیہ ادریس ابڑو ، جو کہ پاکستان کی پہلی سائبر سیکیورٹی پی ایچ ڈی ڈاکٹر ہیں۔

    سندھ کے دیہی علاقے سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر فوزیہ نے گرایجویشن میں انجینئرنگ اینڈ الیکٹرانکس کے مضامین کا انتخاب کیا اور مہران یونی ورسٹی سے ڈگری حاصل کی، خواتین کی تعلیم کی راہ میں موجود تمام تر رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ نے نیشنل یونی ورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے کرپٹولوجی میں ماسٹرز کیا ، لیکن یہ تو ان کے سفر کا محض نقطہ آغاز تھا۔

    ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد آپ برطانیہ چلی گئیں جہاں سے آپ نے سٹی یونی ورسٹی آف لندن سے سائبر سیکیورٹی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ تحقیق کے دوران مالویئر کا تجزیہ کرنا م اس کی شناخت اور روک تھام کے اقدامات، موبائل سیکیورٹی، نیٹ ورک سیکیورٹی ، مشین لرننگ ، اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس ان کی دلچسپی کے موضوع رہے ہیں۔

    ڈاکٹر فوزیہ اس وقت پاکستان آرمڈ فورسز کے سائبر سیکیورٹی ونگ سے وابستہ ہیں اور اور افواجِ پاکستان سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون پی ایچ ڈی ڈاکٹر بھی ہیں۔ انہیں حال ہی میں چھٹا عالمی گلوبل سائبر جتسو ایوارڈ بھی دیا گیا ہے ، جو کہ پاکستان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔


    ڈاکٹر فوزیہ ادریس ابڑو کا انٹرویو سائنشیا نامی ویب سائٹ پرشائع ہوا تھا، مکمل انٹرویو پڑھنے کے لیے لنک پر کلک کریں۔

  • روس میں سائبر سیکیورٹی بل کے خلاف ہزاروں شہریوں کا احتجاج

    روس میں سائبر سیکیورٹی بل کے خلاف ہزاروں شہریوں کا احتجاج

    ماسکو : روس میں انٹرنیٹ پر بڑھتی ہوئی پابندیوں کے خلاف ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے حکومت کے غیر منصفانہ اقدامات کی مخالفت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق روسی پارلیمنٹ میں گزشتہ روز سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے ایک بل پیش ہوا جس میں روسی صارفی کو غیر ملکی سرورز تک موڑنے سے روکنا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بل کے خلاف روس کے دارالحکومت ماسکو میں تقریباً 15 ہزار سے زائد افراد نے مظاہرہ کیا جبکہ دیگر شہروں میں بھی ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا۔

    روسی صدر کے ناقدین کا کہنا ہے کہ ولادی میر پیوٹن نے انٹرنیٹ پر موجود مواد کو قابو کرنے کےلیے مذکورہ اقدام اٹھایا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ناقدین کا خیال ہے کہ روسی حکام انٹرنیٹ پکو مکمل سینسر شپ کے ذریعے دنیا سے کاٹنا چاہتے ہیں۔

    روسی پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے بل کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین ’کوئی تنہائی نہیں چاہیئے‘ اور انٹرنیٹ پر پابندی نامنظور‘ کے نعرے لگارہے تھے۔

    احتجاج میں شریک مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت شہریوں کی آزادی کو صلب کرنے یا محدود کرنے کی کوشش کررہی ہے اور آزادی میں انٹرنیٹ بھی شامل ہے۔

    ریلی میں موجود ایک شخص نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ’میں نے ایک ٹویٹ کیا تھا جس پر میں مجھے گرفتار کرکے ایک ماہ کےلیے جیل میں قید کردیا گیا تھا‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس روس میں ٹیلی گرام پر پابندی عائد کردی گئی تھی جسکے بعد شہریوں نے ٹیلی گرام کی مسیجنگ ایپ کی بحالی کےلیے بھی احتجاج کیا تھا۔

    خبر رساں ادارے کے مطابق کہ روسی خفیہ ایجنسی ایف ایس بی کا کہنا ہے کہ ’ٹیلی گرام روس میں عالمی دہشت گردوں کی پسندیدہ مسیجنگ سروس ہے‘۔