Tag: سائبر کرائم ایکٹ

  • فیک نیوز: سائبر کرائم کرنے والوں کے لیے کتنے سال کی سزا تجویز کی گئی؟

    فیک نیوز: سائبر کرائم کرنے والوں کے لیے کتنے سال کی سزا تجویز کی گئی؟

    اسلام آباد: سائبر کرائمز ایکٹ کا مجوزہ مسودہ متعلقہ وزارتوں کو بھجوا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیک نیوز کے خلاف قانون سازی سے متعلق وفاقی حکومت نے سائبر کرائمز ایکٹ کا مجوزہ مسودہ متعلقہ وزارتوں کو بھجوا دیا، تمام اسٹیک ہولڈرز سے بھی مشاورت کی جائے گی۔

    حکومتی ذرائع کے مطابق مشاورت کے بعد قانونی مسودہ وفاقی کابینہ میں منظوری کے لیے پیش ہوگا، کابینہ سے منظوری کے بعد حکومت ترمیمی بل پارلیمنٹ میں پیش کرے گی۔

    ابتدائی مسودہ وزارت داخلہ اور وزارت قانون نے مل کر تیار کیا ہے، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزارت اطلاعات و نشریات سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

    حکومت نے فیک نیوز دینے والوں کو 5 سال قید اور 10 لاکھ جرمانے کی سزا تجویز کی ہے، ابھی ابتدائی مسودہ ہے شراکت داروں سے مشاورت مکمل ہونے کے بعد اسے حتمی شکل دی جائے گی، اور مشاورتی عمل کے بعد مجوزہ مسودے میں ترامیم کی جا سکتی ہیں۔

    واضح رہے کہ آج جمعرات کو سینٹر پلوشہ خان کی زیر صدارت سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین پی ٹی اے پاشا سجاد سید نے بتایا کہ انٹرنیٹ سلو ہونے اور حکومتی اقدامات کی وجہ سے پاکستان کو روزانہ کی بنیاد پر ایک ارب 30 کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

  • سائبر کرائم ، واٹس ایپ پر لڑکی کو بلیک میل کرنے والا گرفتار

    سائبر کرائم ، واٹس ایپ پر لڑکی کو بلیک میل کرنے والا گرفتار

    لاہور:سائبر کرائم ایکٹ کے تحت لڑکی کو بلیک میل کرنے والے شخص کو ایف آئی اے کے سائبر کرائم سیل نے گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے سامان بھی برآمد کرلیا گیا۔

    تفصیلات کےمطابق خالد خان نامی ملزم لڑکی کو وٹس ایپ کے ذریعے بلیک میل اور دھمکیاں د ے رہا تھا ، لڑکی کے بھائی کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم خالد خان کے خلاف لڑکی کے بھائی نے سائبر کرائم سیل کو درخواست دی تھی ۔سائبر کرائم سیل اس درخواست پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے کراس سے موبائل فون سمیت دیگر تمام مواد برآمد کرلیا۔

    ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے ملزم کو شکرگڑھ سے گرفتار کیا۔

    ٰیاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل کراچی کے علاقے عزیز آباد میں ایف آئی اے سائبرکرائم سیل نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی پیر کو گرفتار کیا تھا، ملزم سے تین ہزار سے زائد خواتین کی غیراخلاقی تصاویر اور ویڈیوز برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سرکل فیض اللہ کوریجو کے مطابق گرفتار ملزم شاہ نواز آستانے پر نہ آنے والی خواتین کو ویڈیو کالنگ کے ذریعے دم کرنے کا فریب دیتا تھا اور خواتین کی غیراخلاقی ویڈیوز بنا کر بلیک میل کرتا تھا۔

    فیض اللہ کوریجو نے کہا کہ ملزم کئی خواتین سے پیسے بھی بٹور چکا ہے، گرفتار ملزم شاہ نواز آستانے کا گدی نشین ہے، ملزم نے والٹ پاس ورڈ بنا رکھا تھا جسے ایف آئی اے نے توڑا ہے۔

  • موبائل کمپنی کی انعامی رقم کا جھانسہ دینے والا ملزم گرفتار

    موبائل کمپنی کی انعامی رقم کا جھانسہ دینے والا ملزم گرفتار

    اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے موبائل کمپنی کا جعلی نمائندہ بن کرعوام کو لوٹنے والے ملزم کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے یہ کارروائی اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں کی ہے، حراست میں لیے گئے ملزم کا گروہ پورے پنجاب میں آپریشنل ہے جس کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس گروہ کے ارکان عوام کو موبائل فون کمپنی کا جعلی نمائندہ بن کر لوٹتے ہیں۔الیکٹرانک کرائم ایکٹ کے تحت انکوائری مکمل کرنے کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان سادہ لوح عوام کو موبائل کالز کرتے تھے اور موبائل کمپنی کا نمائندہ بن کر انعامی سکیم کا جھانسہ دے کر لوٹتے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے حاصل شدہ فون سے جعلی انعامی اسکیموں کے اشتہار حاصل کر لیے گئے ہیں۔

    سوشل میڈیا پرشدت پسندی‘ سائبرکرائم ایکٹ کے اہم نکات

    تحقیقاتی ادارے کا کہنا ہے کہ اس گروہ کے دیگر ارکان پورے پنجاب میں سرگرم ہیں۔حراست میں لیے گئے ملزم سے تحقیقات کی بنیاد پرملزمان کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ، گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے پنجاب کے مختلف اضلاع میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ سوشل میڈیا کی مانیٹرنگ کے لیے طریقہ کار تشکیل دیا جاچکا ہے اور جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے نفرت پھیلانے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔

    یاد رہے کہ الیکٹرانک ایکٹ 2016 کے تحت کسی بھی قسم کے الیکٹرانک فراڈ پر 2سال قید یا 1کروڑ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ایک ساتھ ہوسکتی ہیں۔ اگر موبائل کمپنیاں اس کیس میں فریق بنتی ہیں اور ملزمان پر اپنی شہرت کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج کراتی ہیں تو ملزمان کو مزید 3 سال قید یا 10 لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں۔