Tag: سائبر کرائم

  • سعودی عرب: خاتون کو بلیک میل اور ان کا اکاؤنٹ ہیک کرنے والے کو سزا

    سعودی عرب: خاتون کو بلیک میل اور ان کا اکاؤنٹ ہیک کرنے والے کو سزا

    ریاض: سعودی عرب میں ایک خاتون کو بلیک میل کرنے اور اس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ہیک کرنے پر ایک غیر ملکی کو قید کی سزا سنا دی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں فوجداری عدالت نے عرب ملک سے تعلق رکھنے والے ایک غیر ملکی کو بلیک میلنگ پر ڈیرھ برس قید کی سزا کا حکم سنا دیا۔

    مقامی روزنامے کی رپورٹ کے مطابق ایک خاتون نے عدالت میں نامعلوم شخص کے خلاف شکایت دائر کی جس میں کہا گیا تھا کہ ایک نامعلوم شخص نے سوشل میڈیا پراس کا اکاؤنٹ ہیک کیا اور میری شہرت کو نقصان پہنچایا۔

    عدالت نے فوری طور پر سائبر کرائم کے ادارے کو تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کو تلاش کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔ سائبر کرائم کے ادارے نے انتہائی مختصر وقت میں ملزم کی شناخت معلوم کر کے اسے حراست میں لے لیا۔

    ملزم کے قبضے سے متعدد اسمارٹ فونز بھی برآمد ہوئے جس میں مدعیہ کا ہیک کیے گئے اکاؤنٹ کا ڈیٹا بھی موجود تھا جس میں ہیک کرنے کے بعد اکاؤنٹ کو استعمال کرنے کی تمام تفصیلات بھی موجود تھیں۔

    تحقیقاتی ادارے کی جانب سے تیار کی جانے والی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسمارٹ فونز میں مختلف ناموں سے سوشل میڈیا کے دیگر اکاؤنٹس بھی موجود تھے جن کے ذریعے یومیہ بنیاد پر چیٹنگ اور تصاویر کا تبادلہ کیا جاتا تھا۔

    عدالت میں سماعت کے دوران ملزم نے بتایا کہ اس نے مدعیہ سے سوشل میڈیا پر دوستی کی جو ایک ماہ تک جاری رہی، اس دوران تصاویر کا بھی تبادلہ ہوا تاہم ملزم نے عدالت میں اس بات سے انکار کیا کہ اس نے خاتون کے اکاؤنٹ کو ہیک کیا اور نہ ہی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کیں۔

    عدالت نے دیگر ثبوتوں اور شواہد کی روشنی میں فیصلہ سناتے ہوئے مدعیہ کے دعوے کو درست قرار دے کر مجرم کو ڈیڑھ برس قید کی سزا کا حکم سنا دیا۔

  • ہیکرز نے کے الیکٹرک کو ڈارک ویب سائٹ کے ذریعے رابطے کرنے کا کہہ دیا

    ہیکرز نے کے الیکٹرک کو ڈارک ویب سائٹ کے ذریعے رابطے کرنے کا کہہ دیا

    کراچی: بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک کے سسٹم کو ہیک ہوئے آج دوسرا دن ہے، ہیکرز نے انتظامیہ کو ڈارک ویب سائٹ کے ذریعے رابطے کرنے کا کہہ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سسٹم کی ہیکنگ کے سلسلے میں کے الیکٹرک نے ایف آئی اے سائبر کرائم سے رابطہ کر لیا ہے، ایف آئی اے کو دی گئی درخواست میں کے الیکٹرک نے کہا کہ ادارے کا سسٹم گزشتہ روز سے تاحال ہیک ہے، کے الیکٹرک کا آئی ٹی سسٹم 2 سال پہلے بھی اگست میں ہیک ہو چکا ہے۔

    کے الیکٹرک کے مطابق ہیکرز نے انتظامیہ سے رابطہ کیا ہے، ہیکرز نے کے الیکٹرک کے سسٹم میں ایکسل شیٹ کے ذریعے پیغام دیا، ہیکرز نے انتظامیہ کو ڈارک ویب سائٹ کے ذریعے رابطے کرنے کا کہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ہیک ہونے کے بعد کے الیکٹرک کا بلنگ کا نظام مکمل بند ہو چکا ہے، مختلف ریجن کے بل جاری نہیں ہو سکے ہیں۔

    کے الیکٹرک کی بلنگ سمیت کئی ویب سائٹ ہیک

    ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک ہیکنگ کے کیس پر کام کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز دوپہر کے وقت کے الیکٹرک کے آئی ٹی سسٹم پر سائبر حملہ ہوا تھا، جس کے باعث کے الیکٹرک کا نظام مفلوج ہو گیا تھا اور بینکوں سے رابطے سمیت انٹرنل کمیونیکیشن رک گئی تھی۔

    آج معلوم ہوا کہ کے الیکٹرک کی بلنگ سمیت کئی ویب سائٹس ہیک کر لی گئی ہیں، جس کے باعث کے الیکٹرک کا شہر بھر میں بلنگ سمیت دیگر نیٹ ورکس منقطع ہو گئے ہیں۔

  • سائبر کرائم کے 56 ہزار کیسز، سزا صرف 23 کیسز کے ملزمان کو مل سکی

    سائبر کرائم کے 56 ہزار کیسز، سزا صرف 23 کیسز کے ملزمان کو مل سکی

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے اجلاس میں ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے بتایا کہ گزشتہ سال سائبر کرائم کے 56 ہزار میں سے 27 ہزار کیسز ڈیل کیے، عدالتوں سے 32 کیسز میں ملزمان کو سزائیں ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کا اجلاس سینیٹر روبینہ خالد کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں الیکٹرانک جرائم سے متعلق پیکا ایکٹ 2016 کے رولز کے تاحال لاگو نہ ہونے پر کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔

    سیکریٹری آئی ٹی شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ سائبر کرائم ونگ کے پیکا ایکٹ کے رولز بن چکے ہیں۔ ایف آئی اے سائبر کرائم کے ڈائریکٹر وقار چوہان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے پیکا ایکٹ کے تحت کام کرتا ہے۔

    ایک رکن کمیٹی نے کہا کہ پاکستان پینل کوڈ کے تحت کسی کی ہتک عزت کی اجازت نہیں۔

    پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے نمائندے نے سینیٹر تاج کے سوشل میڈیا کے جعلی اکاؤنٹس کا معاملے پر بریفنگ دی۔ نمائندے کا کہنا تھا کہ سینیٹر تاج کے 7 جعلی اکاؤنٹس تھے جو بلاک کر دیے گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ 18.5 ملین ڈالر کا سسٹم پی ٹی اے میں پرائیویٹ کمپنیز نے لگایا تھا، جعلی اکاؤنٹس کے پیچھے عناصر کو پکڑنا ایف آئی اے کا کام ہے جس پر شعیب صدیقی نے کہا کہ ایف آئی اے سائبر ونگ کو افرادی قوت نہیں ملی جو ملنی چاہیئے۔ آئندہ بجٹ میں سائبر ونگ کے لیے بجٹ منظور کیا جائے۔

    ڈائریکٹر سائبر کرائم نے بتایا کہ گزشتہ سال سائبر کرائم کے 56 ہزار میں سے 27 ہزار کیسز ڈیل کیے، عدالتوں سے 32 کیسز میں ملزمان کو سزائیں ہوئیں۔

  • حکومت کا سائبر کرائم قانون میں ترمیم لانے کا فیصلہ، ڈرافٹ تیار

    حکومت کا سائبر کرائم قانون میں ترمیم لانے کا فیصلہ، ڈرافٹ تیار

    اسلام آباد: حکومت نے سائبر کرائم قانون میں ترمیم لانے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس سلسلے میں وزارتِ قانون نے ترامیم پر مبنی ڈرافٹ بھی تیار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ کچھ دن قبل سائبر کرائم کے حوالے سے نئے رولز بنائے گئے ہیں، سائبر کرائم قانون میں ترمیم لائی جا رہی ہے۔

    فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے بھی اس سلسلے میں کام کرنے کی ہدایت ہے، رولز کو حتمی شکل دیتے ہی ترمیمی مسودہ کابینہ میں پیش کر دیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ نئے رولز سے قانون میں موجود بہت سی خامیاں دور اور چیزیں بہتر ہو جائیں گی، سائبر کرائم قانون کو بیلنس کرنے کی ضرورت تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی، ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کی کارروائی، خاتون کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

    وزیر قانون کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں اظہار رائے کی آزادی اور بنیادی و انسانی حقوق کو بھی دیکھنا ہے، آزادیٔ اظہارِ رائے پر قدغن نہیں ہونی چاہیے، تاہم ریاست مخالف اور غلط خبروں کی حوصلہ شکنی بھی ضروری ہے۔

    فروغ نسیم نے کہا کہ 70 سالہ تاریخ ہے، قوانین ارتقائی عمل سے گزرتے رہتے ہیں، قوانین میں موجود سقم کو دور کیا جاتا ہے، اس وقت نئے رولز پر کھل کر بات نہیں کر سکتا جب تک منظوری نہ ہو جائے۔

  • جرمنی: سائبر کرائم کی ماہر تفتیش کار نے ملکہ حسن کا ٹائٹل جیت لیا

    جرمنی: سائبر کرائم کی ماہر تفتیش کار نے ملکہ حسن کا ٹائٹل جیت لیا

    برلن : جرمنی کے شہر رسٹ میں منعقدہ مقابلہ حسن میں سائنر کرائم کی ماہر پولیس افسر نے ملکہ حسن کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق طویل مدت سے جرمنی میں منعقد ہونے والے مقابلہ حسن کے فائنل میں انتظامیہ نے جس 28 سالہ خاتون کو ملکہ حسن کے ٹائٹل سے نوازا ہے وہ جرمنی کی ایک قابل پولیس افسر ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ جرمن شہر رسٹ کے یوروپارک میں منعقدہ مقابلہ حسن کے فائنل میں 15 خواتین پہنچی تھیں جن میں نادین بیئرنیز نے کامیابی حاصل کی۔

    جرمنی کی ملکہ حسن کا خطاب اپنے نام کرنے کے بعد نادین بیئریر کا کہنا تھا کہ ’آج میرا خواب حقیقت میں تبدیل ہوا ہے‘ اب میں ادارے سے ایک برس چھٹی کی درخواست دوں گی تاکہ اس دوران بحیثیت مسز جرمنی خدمات سر انجام دے سکوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’میں گزشتہ دس برس سے پولیس میں خدمات انجام دے رہی ہوں، لیکن مسز جرمنی منتخب ہونے والے صورتحال مختلف ہوگی کیوں فیشن کی دنیا میں معروف شخصیت بننے کےبعد کئیں بھی ذمہ داری انجام دینا آسان نہیں ہوگا‘۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ نادین بیئریر کا انتخاب ججز کی چار رکنی ٹیم نے کیا جس میں معروف برطانوی ڈانسر نیکیٹا تھومسن بھی شامل تھیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ملکہ حسن منتخب ہونے والی بیئریر کو ایک برس کےلیے انتظامیہ کی جانب سے ایک گاڑی، بلامعاوضہ سفر کی سہولت اور ملبوسات بھی فراہم کیے جائیں گے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مقابلہ حسن میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی 23 سالہ طالبہ پریسیلا کلائن کا تعلق ہیمبرگ سے ہے۔

  • کراچی: آن لائن فراڈ میں ملوث 10 ملزمان گرفتار، مقدمہ درج

    کراچی: آن لائن فراڈ میں ملوث 10 ملزمان گرفتار، مقدمہ درج

    کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے آن لائن فراڈ میں ملوث 10 ملزم گرفتار کر لیے، ملزمان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آن لائن فراڈ کرنے والے دس ملزمان ایف آئی اے کے شکنجے میں آ گئے، گرفتار 3 ملزمان 2016 میں بھی جعل سازی میں ملوث تھے۔

    [bs-quote quote=”گروہ اب تک ڈیڑھ کروڑ سے زائد کا فراڈ کر چکا ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”ایف آئی اے”][/bs-quote]

    ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان کے خلاف فراڈ کا مقدمہ درج کر دیا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر کرائم کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والا گروہ اب تک ڈیڑھ کروڑ سے زائد کا فراڈ کر چکا ہے، ملزمان کو اوکاڑہ، کراچی اور پشاور سے گرفتار کیا گیا۔

    ایف آئی اے کے مطابق فراڈ میں ملوث گروہ غیر قانونی سم ایکٹیویٹ کرا کر جعلی آئی ڈی سے دھوکا دہی کرتا تھا۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ دھوکا دہی میں ملوث تمام افراد کے اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے نے سپریم کورٹ سے اصغر خان کیس بند کرنے کی سفارش کردی


    خیال رہے کہ کراچی میں ایک ایپ کے بارے میں انکشاف ہوا تھا کہ اس کے ذریعے موبائل صارف کے کوائف تک آسانی سے رسائی ممکن ہو گئی ہے، جس سے کروڑوں موبائل صارفین کی ذاتی معلومات خطرے میں پڑ گئی تھی۔

    اس ایپ پر موبائل نمبر ڈالتے ہی شہری کے نام، شناختی کارڈ نمبر اور گھر کے پتے تک رسائی مل جاتی ہے، ایف آئی اے حکام نے اسے ایک بہت بڑا سیکورٹی لیپس قرار دیا۔

  • فیس بک پر لڑکیوں کو بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار

    فیس بک پر لڑکیوں کو بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی: فیس بک پر خوبرو لڑکوں کی تصویریں لگا کر لڑکیوں کو اپنی طرف مائل کرنے اور بلیک میل کرنے والا ملزم سائبر کرائم سیل کی گرفت میں آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملزم شاہد محمود سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر جعلی آئی ڈیز کے ذریعے لڑکیوں کو دوست بنا کر بلیک میل کرتا تھا، شکایت پر ایف آئی اے نے گرفتار کر لیا۔

    [bs-quote quote=”ملزم شاہد لڑکیوں کو شادی کا جھانسا دے کر تصاویر حاصل کرتا تھا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    معلوم ہوا ہے کہ ملزم شاہد محمود کراچی کا ایک جنریٹر آپریٹر ہے، فیس بک پر لڑکیوں کو دوست بنانے کے بعد ان سے تصاویر مانگتا اور پھر لڑکیوں کو ملاقات کے لیے بلاتا۔

    تاہم لڑکیوں کی جانب سے ملاقات سے انکار پر ان کی تصاویر وائرل کرنے کی دھمکیاں دیتا، ملزم شاہد دوست بننے والی لڑکیوں کو شادی کا جھانسا بھی دیتا۔

    کہا گیا کہ فیس بک پر لڑکیاں ملزم کی لگائی گئی خوبرو نوجوانوں کی تصاویر دیکھ کر متاثر ہو جاتیں اور پھر اس کے ساتھ دوستی کر لیتیں۔

    ملزم شاہد محمود نے اپنے بیان میں کہا کہ اس نے عمر علی خان کے نام سے کئی فیک آئی ڈیز بنائی تھیں اور فیس بک پر ایک پیج بھی بنا رکھا تھا، جہاں اس نے بہ یک وقت کئی لڑکیوں کو اپنے جال میں پھانس رکھا تھا۔


    یہ بھی پڑھیں:  فیس بک پر جعلی آئی ڈی بنا کر شہری کو بلیک میل کرنے کا الزام میں پشتو گلوکارہ گرفتار


    ملزم شاہد نے مزید بتایا کہ لڑکیاں ملنے سے انکار کر دیتیں تو پھر ماں کی بیماری کا ڈھونگ رچا کر ان سے پیسے مانگتا، نہ دینے پر تصاویر وائرل کرنے کی دھمکی دیتا۔

    ملزم نے اپنی فیس بک آئی ڈی پر سرکاری ادارے کی وردی میں تصویریں بھی لگا رکھی تھیں۔

  • ڈی آئی خان میں سائبرکرائم کا پہلا مقدمہ پولیس اہلکارکے خلاف درج

    ڈی آئی خان میں سائبرکرائم کا پہلا مقدمہ پولیس اہلکارکے خلاف درج

    ڈی آئی خان: ڈیرہ اسمعیل خان میں وفاقی تحقیقاتی ادارے نے سائبر کرائم ایکٹ کے تحت شہر کا پہلا مقدمہ درج کرلیا، مقدمہ بیوی کی درخواست پر شوہر کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے خاتون کی شکایت پر اس کے شوہر کو حراست میں لیا ، ڈیرہ اسماعیل خان سائبر سرکل نے الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے لئے بنائے گئے پی آئی سی اے ایکٹ 2016 کے تحت سوشل میڈیا پر ہراسانی اور بے جا تنگ کرنے کے خلاف پہلی ایف آئی آر درج کر کے ملزم کو گرفتار کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق امتیاز الحسن نامی شہری کے خلاف اس کی بیوی نے فیس بک پر ہراسانی اور دھمکیوں کی شکایت درج کرائی تھی ،جس پر سائبر ونگ نے پی پی سی کی دفعات 506 اور 509 کے تحت ایف آئی آر نمبر 1/2018 درج کر کے پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا ۔

    ملزم سبط الحسن ہیڈ کانسٹیبل ہے اور بطور نیب کورٹ ایڈیشنل سیشن جج 1 ڈیرہ کی عدالت میں تعینات ہے، انچارج سائبر کرائم تھانہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ شہریوں کی کرائم کے حوالے سے درخواستوں کی تعداد جتنی مرضی ہو ،ان کا ازالہ کرنا ہمارے فرائض میں شامل ہے ۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کا قلع قمع کرنا ہمارے فرائض منصبی میں شامل ہے اور یہ کہ والدین اپنے بچوں خصوصا نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال بارے آگاہ کریں تاکہ مستقبل میں کسی بھی پریشانی سے بچاؤ ممکن ہو۔

  • کراچی،جعلی اے ٹی ایم کارڈز بنانے والے 4 ملزمان گرفتار

    کراچی،جعلی اے ٹی ایم کارڈز بنانے والے 4 ملزمان گرفتار

    کراچی : رینجرز نے گلشن اقبال میں چھاپہ مار کر سائبر کرائم میں ملوث گروہ کے 4 ارکان کو گرفتار کرلیا، گروہ کے ارکان ہیکرز کی مدد سے اے ٹی ایم اور ڈیبٹ کارڈز سے خریداری کرتے تھے۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق بڑے پیمانے پر اے ٹی ایم فراڈ،مختلف بینک اکاؤنٹس،جعلی کریڈٹ کارڈ بنا کر خریداری کرنے اور کیش نکلوانے والے گروہ کو گلشن اقبال سے گرفتار کر لیا گیا ہے،ملزمان سے ایک 9 ایم ایم پستول،1 میگنیٹک اسٹرپ مشین ، 120 میگنیٹک اسٹرپس برآمد ہوئی ہیں۔

    rangers

    گروہ کے 4 ارکان ایک نیٹ ورک سے ہیکرزکی مدد سے چوری کی وارداتیں کرتے تھے جو لوگوں کے جعلی اے ٹی ایم کارڈز، ڈیبٹ کارڈز اور اکاؤنٹس بنا کر اُن کے اکاؤنٹس سے رقم نکلواکر اور بھاری خریداری کر کے اصل صارف کو رقم سے محروم کردیتے تھے۔

    رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ گروہ دنیا بھر کے بینکوں سے غیر قانونی رقم کی ترسیل میں بھی ملوث ہے جس کے لیے ملزمان کو کمیشن کی مد میں بھاری رقم ملتی تھی۔

    اعلامیہ کے مطابق اپنے مقصد کے لیے ملزمان میگنیٹک اسٹرپ کا استعمال کرتے تھے،جعلی اسٹرپ کارڈزکی مددسے رقم کی خوردبرد کا کام کیا جاتا تھا،ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

  • ملک میں خصوصی سائبر کرائم الرٹ ایس ایم ایس سروس شروع

    ملک میں خصوصی سائبر کرائم الرٹ ایس ایم ایس سروس شروع

    اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارےایف آئی اے نے ملکی تاریخ میں پہلی بار سائبر کرائمز کے حوالے سے خصوصی سائبر کرائم الرٹ ایس ایم ایس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے ملکی تاریخ میں پہلی بار سائبر کرائمز کے حوالے سے خصوصی سائبر کرائم الرٹ ایس ایم ایس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا ملک بھر میں باقاعدہ آغاز کل سے ہو گا۔

    سائبر کرائم ایس ایم ایس الرٹ سروس کا افتتاح کل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اکبر خان ہوتی کریں گے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق سائبر کرائم کے ذریعے متاثرہ شخص ویب سائٹ یا متعلقہ ادارے کی مکمل معلومات ایک ایس ایم ایس کے ذریعے سائبر کرائم الرٹ سروس کے نمبر پرکرے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سروس سے سوشل میڈیا پر بلیک میلنگ اور دیگر جرائم کا جہاں خاتمہ ہوگا وہیں سائبر کرائم کے بڑے گروہ قانون کے شکنجے میں آئیں گے۔