Tag: سائرہ بانو

  • الیکشن کرانے کی ضرورت ہی نہیں، قرعہ اندازی کرلیں، سائرہ بانو

    الیکشن کرانے کی ضرورت ہی نہیں، قرعہ اندازی کرلیں، سائرہ بانو

    اسلام آباد : گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو کا کہنا ہے کہ الیکشن کرانےکی ضرورت ہی نہیں، قرعہ اندازی کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگل کا بھی قانون ہے شیر کا پیٹ بھرجاتا ہے تو شکار نہیں کرتا لیکن یہاں نہیں، کس کونہیں پتہ کہ ہم کس طرف جارہے ہیں۔

    سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ الیکشن کاانحصارموجودہ حکومت پرہی ہے،یہ کرائیں گے تو ہو جائیں گے، الیکشن ہوبھی جائیں توکون مانے گا،یہ توآپس میں دست وگریباں ہوں گے۔

    رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے لاہورمیں جھنڈے لگانے پر ن لیگ پراعتراض تھا، الیکشن کرانےکی ضرورت ہی نہیں،قرعہ اندازی کرلیں۔

    نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف پاکستان واپس آتے ہوئے نظرنہیں آرہے، ان کے لیے ترازو کے پلڑےبرابر تو کردیئے گئے ہیں، نوازشریف کیلئے اور کیا کریں کہ وہ وطن واپس آجائیں۔

  • سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافہ: سائرہ بانو نے بڑا مطالبہ کردیا

    سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافہ: سائرہ بانو نے بڑا مطالبہ کردیا

    اسلام آباد : جی ڈی اے رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے مالیاتی ترمیمی بل کی مخالفت کا فیصلہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سیلز ٹیکس کی شرح 18 فیصد کرنے کافیصلہ واپس لیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق جی ڈی اے رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے مالیاتی ترمیمی بل کی مخالفت کا فیصلہ کرتے ہوئے ترامیم قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادیں۔

    ترمیم میں کہا ہے کہ سیلز ٹیکس کی شرح 16 سے 18 فیصد کرنے کافیصلہ واپس لیا جائے اور مشروبات اور سیمنٹ پر ڈیوٹی بڑھانے کا فیصلہ بھی واپس لیا جائے۔

    سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ جی ایس ٹی بڑھانے سے مہنگائی بڑھے گی کوئلے ، موبائل فونز اور شادی بیاہ کی تقریبات پر بھی ٹیکس بڑھا دیا گیا ، ٹیکس لگانے کی بجائے ایس آر اوز کے ذریعے ٹیکس لگانا غیر قانونی ہے۔

    ترمیم میں مزید کہا کہ بعض اشیاء پر جی ایس ٹی کی شرح 15 فیصد برقرار رکھی جائے ، اسٹاک ایکسچینج پر ٹیکس لگانے سے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

  • خاتون رکن قومی اسمبلی کا اسحاق ڈار کو چیلنج

    خاتون رکن قومی اسمبلی کا اسحاق ڈار کو چیلنج

    اسلام آباد : جی ڈی اے کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو چیلنج کیا ہے کہ 50ہزار روپے کمانے والے طبقے کا بجٹ بنا کر دکھا دیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں جی ڈی اے رہنما سائرہ بانو نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر تنقید کرتے ہوئے کہا وزیرخزانہ50ہزار والے طبقے کا بجٹ بنا کر دکھا دیں۔

    سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ عوام کوسادگی اپنانے کا کہہ رہے ہیں، ھاشن دے رہے ہیں کہ مشکل فیصلے کئے ، اپنے لیے مشکل فیصلے کریں، عوام کو امتحان میں کیوں ڈالا جارہا ہے۔

    جی ڈی اے رہنما نے کہا کہ کہہ رہے ہیں تنخواہ نہیں لیں گے،ایک لاکھ اسی ہزار میں کیا ہوتا ہے، اپنےاخراجات کم کریں ،۔ عام آدمی سے جینے کا حق چھینا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکمران اپنے اخراجات کم کریں، عام آدمی سے جینے کا حق چھینا جا رہا ہے، بلاول مہنگا ئی مارچ شروع کریں فنگشنل لیگ ساتھ دے گی۔

    انھوں نے سوال کیا کہ ایم کیو ایم مہنگائی کے خلاف آج کس مصلحت کا شکار ہے۔

    اس سے قبل جی ڈی اے کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے قومی اسمبلی میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی تقریر کو مضحکہ خیز قرار دیا تھا۔

  • جب ‘فلپ کمار’ کی دیوانی اینا ممبئی پہنچی!

    جب ‘فلپ کمار’ کی دیوانی اینا ممبئی پہنچی!

    مجھے یاد ہے کہ ایک دن آسٹریلیا سے نریش نام کے ایک آدمی کا میرے پاس فون آیا۔ وہ مجھ سے ملنا چاہتا تھا۔ میرے من میں لڈو پھوٹنے لگے۔

    میں نے سوچا کہ کوئی NRI ہے جو مجھ سے فلم بنوانا چاہتا ہے۔ وہ کم بخت جب تک نہیں ملا میں نئے نئے خواب بُنتا رہا۔ آخر خدا خدا کر کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں اور وہ ایک دن ایک دو تحفے لے کر میرے دفتر میں حاضر ہوا۔ اسے دیکھ کر میرا دل بہت دیر تک دھڑکتا رہا۔ سوچا پتا نہیں کہ کیا مژدہ سنانے والا ہے۔ جب کفر ٹوٹا تو میں ٹھس سے نیچے بیٹھ گیا۔ پتا چلا کہ آسٹریلیا کی ایک خاتون ہے جو دلیپ صاحب کی زبردست فین ہے اور ایک بار دلیپ صاحب کا دیدار کرنا چاہتی ہے۔

    کچھ دیر تک میں آنا کانی کرتا رہا۔ جب اس نے میرا پیچھا نہ چھوڑا تو مرتا کیا نہ کرتا کے مصداق مجھے ہامی بھرنی پڑی۔ وہ اگلے دن اس خاتون کے ہمراہ آنے کا وعدہ کر کے چلا گیا۔ میں شش و پنج میں پڑ گیا۔ سوچا یہ خاتون کون ہے۔ کیا سائرہ جی کے ہوتے ہوئے اس کی ملاقات دلیپ صاحب سے ممکن ہے۔ میں رات بھر اسی ادھیڑ بن میں پڑا کروٹیں بدلتا رہا۔

    اگلے روز جب میں آفس میں پہنچا تو ایک عمر رسیدہ، پر بے حد خوب صورت خاتون کو دیکھ کر میرا ماتھا ٹھنکا۔ مجھے لگا کہ میں نے اپنی رسوائی کا سامان خود ہی کر لیا ہے۔ میں بڑا حساس اور جذباتی آدمی ہوں۔ چہرے سے آدمی کے دل کی بات پڑھ سکتا ہوں۔ ایک عورت اتنی دور سے چل کر آئی تھی۔ انسانیت کے ناتے میرا یہ فرض بنتا تھا کہ میں اس کے ساتھ پیار سے پیش آؤں۔

    نریش نے جب اس خاتون سے میرا تعارف کرایا تو میں اسے ازراہِ مروّت آفس میں لے آیا۔ چائے، شربت سے اس کی خاطر تواضع کی۔ بہت جلد وہ مجھ سے گھل مل گئی۔ پتا چلا کہ وہ ایک آرمینین خاتون ہے۔ ایک بار اس نے محبوب خان کی فلم "آن” دیکھی۔ یہ فلم آرمینی زبان میں ڈب ہوئی تھی۔ اس زبان میں اس کا ٹائٹل "منگلا” رکھا گیا تھا۔ (فلم میں نمی کا نام منگلا تھا) کاسٹنگ میں دلیپ کمار کا نام فلپ کمار لکھا گیا تھا۔ اینا (یہ اس خاتون کا نام تھا) نے جب یہ فلم دیکھی تو دلیپ کمار پر فدا ہو گئی۔

    ان دنوں وہ ایک دم جوان تھی، خوب صورت تھی۔ وہ اپنے خوابوں کے شہزادے فلپ کمار کی تلاش میں بمبئی چلی آئی۔ لوگوں سے پوچھا۔ اسٹوڈیو کے چکر لگائے مگر اسے اپنے خوابوں کا شہزادہ فلپ کمار کہیں نہیں ملا۔ وہ اگر فلم کا اصلی نام بھی جانتی تو اس کی مشکل آسان ہو سکتی تھی مگر نام میں بھی لوچا تھا۔ یہاں نہ کوئی فلپ کمار کو جانتا تھا اور نہ ہی کسی نے "منگلا” فلم کے بارے میں سنا تھا۔ (وہ منگلا بھی صحیح ڈھنگ سے بول نہیں پا رہی تھی منگلا کو منگالا کہتی تھی) آخر ایک مہینے تک ممبئی کی خاک چھاننے کے بعد جب کچھ بھی اس کے ہاتھ نہ آیا تو وہ مایوس و نامراد اپنے وطن واپس لوٹ گئی۔

    اس بیچ اس کی شادی ہوئی۔ اس نے پہلی ہی رات کو اپنے شوہر کو صاف لفظوں میں بتا دیا کہ وہ فلپ کمار سے جنون کی حد تک پیار کرتی ہے۔ وہ بھلے ہی اس کی بیوی بن چکی ہے پر وہ یہی تصور کرے گی کہ وہ جسمانی اور روحانی طور پر اسی کے ساتھ ہے جسے وہ دیوانگی کی حد تک چاہتی ہے۔ اس کا شوہر بھی بڑا دل دار اور وسیع القلب تھا۔ اس نے اس کے جذبات کو سراہا اور کوئی ایسی بات نہ کی جس سے اس کے دل کو ٹھیس پہنچے۔

    اسی بیچ اینا آسٹریلیا آگئی۔ ایک دن وہ ایسے ہی گھومتے گھماتے نریش کی دکان کے پاس آ کے رک گئی جہاں ہندی فلموں کے کیسٹ ملتے تھے۔ اینا نے اس سے فلم "منگالا” کا کیسٹ مانگا۔ نریش نے اپنے رجسٹر کو خوب کھنگالا مگر "منگلا” نام کی کوئی فلم اس پورے رجسٹر میں کہیں دکھائی نہ دی۔ دل برداشتہ ہو کر وہ ایک ایک کیسٹ بیٹھ کر دیکھنے لگی۔ اچانک اس کی خوشی اور حیرت کا کوئی ٹھکانا نہ رہا جب اس کے ہاتھ "آن” کا کیسٹ لگا۔ وہ دیوانہ وار اس کیسٹ کو چومنے لگی۔ خوشی کے مارے اس کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔ اس فلم کے پیچھے اس نے کس قدر خاک چھانی تھی اس نے نریش کو اپنے دل کی کیفیت سے آشنا کر دیا اور اس نے یہ وعدہ لیا کہ وہ اسے انڈیا لے جا کر دلیپ کمار سے ایک بار ملا دے گا۔

    نریش نے فلم ڈائریکٹری سے میرے آفس کا نمبر ڈھونڈ نکالا تھا، اس طرح نریش نے مجھ سے رابطہ قائم کیا تھا اور مجھ سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

    یہ اپنی نوعیت کی ایک انوکھی لو اسٹوری تھی اور اس لو اسٹوری کے ٹوٹے تار کو جوڑنے کا ذمہ مجھے سونپا جارہا تھا۔ میں محبت کرنے والوں کا امین ہوں، پر یہ جو عشقیہ داستان تھی اس میں ملن کم اور جوکھم زیادہ نظر آرہا تھا۔ میں کیا کروں مجھے کچھ سجھائی نہیں دے رہا تھا۔ ایک طرف اینا کی تڑپ اور دوسری طرف میری مجبوریاں۔ یہ تو ایک آگ کا دریا تھا جسے پار کرنا اتنا آسان نہ تھا۔

    اینا بھی اب کے طے کرکے آئی تھی کہ وہ دلیپ کمار سے مل کے ہی جائے گی چاہے دنیا اِدھر ادھر ہو جائے۔ میں نے اینا سے دو دن کی مہلت مانگی۔ وہ خوشی خوشی نریش کے ساتھ چلی گئی مگر میں اضطراب اور تذبذب کے بھنور میں ہچکولے کھانے لگا۔

    میں اسی دن شام کے وقت صاحب سے ملنے سائرہ جی کے بنگلے پر چلا گیا۔ ادھر ادھر کی باتوں کے بعد میں اصلی مدعے پر آگیا۔ میں نے دلیپ کمار صاحب سے کہا کہ ایک خاتون آسٹریلیا سے خاص طور پر ان سے ملنے چلی آئی ہے۔ اسے صرف پانچ منٹ چاہییں۔ وہ بس ان سے مل کر چلی جائے گی۔ دلیپ صاحب سوچ میں پڑ گئے۔ ان کی یہ پراسرار خاموشی میرے لیے سوہان روح بنتی جا رہی تھی۔ وہ بہت دیر تک خاموش رہے۔ میں نے ایک بار پھر اپنی بات دہرائی۔ وہ میری طرف مشکوک نظروں سے دیکھ کر بولے: "کیوں مجھے آپ مشکل میں ڈالنا چاہتے ہو؟”

    میں نے انہیں یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہوگا۔ وہ خاتون پانچ منٹ مل کر چلی جائے گی۔ کافی سوچ بچار کے بعد آخر کار انہوں نے ملنے کے لیے ہامی بھرلی۔ میں نے اسی وقت نریش کو فون کرکے اطلاع دی۔

    اگلے دن ہم بغل کی بلڈنگ میں شوٹنگ کر رہے تھے کہ ایک نوکر میرے پاس یہ خبر لے آیا کہ اینا، نریش کے ساتھ نیچے کھڑی ہے۔ پتا نہیں اینا کے نام سے مجھ پر لرزہ کیوں طاری ہوگیا۔ میں سوچنے لگا کہ اینا پاگل پن کی حد تک دلیپ صاحب کو چاہتی ہے۔ اگر اس نے کوئی ایسی ویسی حرکت کی تو میں کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہوں گا۔

    میں کیا کروں مجھے کچھ سجھائی نہیں دے رہا تھا۔ میری حالت تو اس سانپ سے بدتر تھی جس کے منہ میں چھچھوندر ہو۔ جسے وہ نگلے تو اندھا، اگلے تو کوڑھی۔ میں عجیب مشکل سے دوچار تھا۔ نہ ہی میں سامنے آنے کی حالت میں تھا اور نہ ہی پیچھے ہٹنے کی پوزیشن میں۔ آگے پیچھے کے راستے مجھے مسدود نظر آرہے تھے۔ میں نے کافی سوچ بچار کے بعد ان کے گھر کے ہی ایک آدمی کو اعتماد میں لیا اور اس کے ساتھ نریش اور اینا کو روانہ کر دیا۔

    جونہی دلیپ صاحب اینا سے ملنے نیچے اتر آئے تو میں اپنے دل کو تھام کر ایک کونے میں چھپ کر کھڑا رہا۔ وہ آدھے گھنٹے تک بیٹھے باتیں کرتے رہے۔ اینا نے اپنے محبوب کے سامنے اپنا دل کھول کر رکھ دیا۔ خدا کا شکر ہے کہ وہ جب تک دلیپ صاحب کے پاس بیٹھی رہی بہت ہی ڈھنگ اور قاعدے سے بیٹھی رہی۔ اس میٹنگ کے دوران سائرہ جی برابر موجود رہیں، مگر اینا نے کوئی غیر اخلاقی حرکت نہیں کی، جس کا مجھے اندیشہ تھا۔

    خدا خدا کر کے یہ میٹنگ آدھے پونے گھنٹے کے بعد اختتام پذیر ہوئی۔ اینا کی دیرینہ خواہش پوری ہوئی اور میری بات بھی رہ گئی۔ سب سے خوش کن بات یہ تھی کہ ہم سب کی عزّت سلامت رہی۔

    (ہندوستانی ہدایت کار اور ادیب دیپک کنول کی کتاب ‘دلیپ صاحب’ سے)

  • بھارتی طیارہ پاکستان کیوں آیا ؟ طیارے میں جانے والے 12 افراد کون تھے؟

    بھارتی طیارہ پاکستان کیوں آیا ؟ طیارے میں جانے والے 12 افراد کون تھے؟

    اسلام آباد : جی ڈی اے کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے نیا پنڈورہ باکس کھول دیا اور سوال اٹھایا کہ پاکستان آئے بھارتی طیارے میں جانے والے 12 افراد کون تھے؟۔

    تفصیلات کے مطابق جی ڈی اے کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا، قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سائرہ بانو نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی حکومت کیا کررہی ہے۔

    سائرہ بانو نے کہا پاکستان میں بھارتی طیارے پانچ مرتبہ لینڈ کرچکے ہیں، ایک کے بعد دیگرے 4 طیارے کیوں لینڈ کئے اور آج بھی ایک طیارہ آیا اور بارہ مسافر گئے۔

    رکن قومی اسمبلی نے سوال کیا کہ بھارتی طیارے میں جانے والے 12 مسافر کون تھے اور وہ کہاں گئے؟ ہمیں الجھا کر کیا کررہے ہیں۔

    سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ ہم قومی اسمبلی اراکین کو نہیں پتہ کہ جہاز کیوں آرہے اور ان جہازوں میں کیا بھیجا جارہا ہے، موجود حکومت قوم کو اس کا جواب دے۔

    گذشتہ روز بھارت سےآنے والاچارٹرطیارہ کراچی ائیرپورٹ سے بارہ مسافروں کو لے کر دبئی روانہ ہوا تھا، 12 مسافروں میں 2غیر ملکی مسافر بھی سوار ہوئے۔

    ائیرپورٹ ذرائع نے بتایا تھا کہ چارٹر طیارہ بھارت کے راجیوگاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ حیدرآباد دکن سے کراچی آیا، چارٹر طیارہ گلوبل بمبار ڈیئر جی فائیو ہے۔

    دوسری جانب ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا تھا کراچی آنے والا طیارہ بھارت کا نہیں ہے، یہ طیارہ برطانیہ کےجزائرمارشل میں رجسٹرڈ ہے۔

  • سائرہ بانو میں کورونری سنڈروم کی تشخیص

    سائرہ بانو میں کورونری سنڈروم کی تشخیص

    ممبئی: ماضی کی بالی ووڈ اداکارہ سائرہ بانو میں اکیوٹ کورونری سنڈروم کی تشخیص ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کے مرحوم لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو گزشتہ دنوں دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال منتقل کی گئی تھیں، وہ اس وقت ممبئی کے ہندوجا اسپتال کے آئی سی یو میں داخل ہیں، جہاں ڈاکٹرز کی زیرِ نگرانی اُن کا علاج جاری ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سائرہ بانو کو سانس لینے میں دشواری، ہائی بلڈ پریشر اور ہائی شوگر کی شکایات لاحق ہیں، 28 اگست کو انھیں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جس کے بعد اُن کے کچھ ٹیسٹ کیے گئے جن کی رپورٹس آگئی ہیں۔

    ہندوجا اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سائرہ بانو کے ٹیسٹ کی رپورٹس کے مطابق اُنھیں اکیوٹ کورونری سنڈروم (Acute coronary syndrome) کی تشخیص ہوئی ہے۔

    دلیپ کمار کی موت کا صدمہ، سائرہ بانو کو دل کا دورہ

    جب اچانک دل کی طرف جانے والے خون کے بہاؤ میں کمی آ جاتی ہے، تو اس سے وابستہ حالتوں کو بیان کرنے کے لیے یہ اصطلاح (اکیوٹ کورونری سنڈروم) استعمال کی جاتی ہے، ان حالتوں میں ایک دل کا دورہ (مایو کارڈیل انفارکشن) بھی ہے، یعنی جب خلیات مرنے کی وجہ سے دل کے ٹشوز تباہ یا ختم ہو جاتے ہیں۔

    ڈاکٹر نے بتایا کہ سائرہ بانو اپنے شوہر دلیپ کمار کی موت کے بعد سے ڈپریشن سے بھی لڑ رہی ہیں، اُنھیں زیادہ نیند نہیں آتی، ار وہ گھر جانا چاہتی ہیں۔

    یاد رہے کہ 7 جولائی 2021 کو بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے تھے۔

  • دلیپ کمار کی طبیعت کیسی ہے؟ اہلیہ کا بیان سامنے آگیا

    دلیپ کمار کی طبیعت کیسی ہے؟ اہلیہ کا بیان سامنے آگیا

    نئی دہلی: بالی ووڈ کے معروف اداکار دلیپ کمار کی طبیعت کے حوالے سے ان کی اہلیہ سائرہ بانو کا بیان سامنے آگیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق 98 سالہ دلیپ کمار کی طبیعت ناسازی سے متعلق مختلف افواہیں گردش کر رہی تھیں تاہم اب ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے ان افواہوں کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے شوہر خیریت سے ہیں۔

    سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ لیجنڈری اداکار کو عمر کی مناسب سے کمزوری محسوس ہورہی ہے، باقی وہ بالکل ٹھیک ہیں۔ ایسی کوئی بات نہیں کہ ان کی قوت مدافعت ختم ہو رہی ہے۔

    خیال رہے کہ رواں برس دلیپ کمار کے 2 بھائی اسلم خان اور احسان خان کرونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔

    دلیپ کمار کے دونوں بھائیوں میں 16 اگست کو کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد نہیں لیلاوتی اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔

    اسپتال میں دوران علاج دونوں بھائیوں کی حالت بگڑنے لگی اور پہلے اسلم خان کرونا کے باعث دم توڑ گئے بعد ازاں احسان خان بھی انتقال کر گئے تھے۔

  • لینڈ مافیا کی دھمکیاں، دلیپ کمار کی اہلیہ نے مودی سے مدد مانگ لی

    لینڈ مافیا کی دھمکیاں، دلیپ کمار کی اہلیہ نے مودی سے مدد مانگ لی

    ممبئی: بالی ووڈ لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے لینڈ مافیا کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد بھارتی وزیراعظم سے مدد مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق سائرہ بانو کے دو پلاٹوں پر لینڈ مافیا نے قبضہ کر کے بنگلے تعمیر کردیے اور وہ کسی صورت زمین چھوڑنے کے لیے بھی تیار نہیں ہیں۔

    دلیپ کمار کے اہل خانہ نے لینڈ مافیا کے کارندوں سے جگہ خالی کرنے کی استدعا کی تو انہوں نے سائرہ بانو کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور زمین چھوڑنے سے صاف انکار کردیا۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 96 سالہ لیجنڈری اداکار کے بنگلے باندرا کے پوش علاقے پالی ہلز میں ہیں۔

    مزید پڑھیں: کنگ خان کی لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کے گھر آمد

    اتوار کے روز سائرہ بانو نے دلیپ کمار کے اکاؤنٹ سے ٹویٹر پر بھارتی وزیراعظم کے نام ایک پیغام شیئر کیا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ’میں سائرہ بانو خان التماس کرتی ہوں کہ نریندر مودی میری درخواست سنیں اور لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی کریں‘۔

    انہوں نے قبضہ مافیا کے کارندوں کے نام بتاتے ہوئے کہا کہ ’سمیر بھوجوانی نامی شخص حال ہی میں جیل سے رہا ہوا جس نے میرے پلاٹ پر قبضہ کر کے بنگلے تعمیر کیے‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ قبضے کے بعد وزیراعلیٰ کو بھی شکایت کی مگر لینڈ مافیا نے پیسوں کا استعمال کر کے سرکار کو بھی اپنی طرف کھینچ لیا اور ہمیں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں‘۔

    یہ بھی پڑھیں: امیتابھ بچن کا سائرہ بانو سے رابطہ

    قبل ازیں رواں برس سائرہ بانو نے سمیر بھوجوانی کے خلاف ممبئی کے تھانے میں مقدمہ درج کروایا تھا، پولیس نے بلڈر کے خلاف قبضے اور جعلی کاغذات بنانے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی تھی۔

    پولیس کی تحقیقات میں بھی یہ بات سامنے آئی کہ بھوجوانی نے سائرہ بانو کے پلاٹ پر قبضہ کررکھا ہے مگر اُس کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی اور نہ ہی تاحال پلاٹ اصل حقداروں کے حوالے نہیں کیا گیا۔

  • اداکارہ سائرہ بانو کی سالگرہ پرامیتابھ بچن کی جانب سے مبارکباد

    اداکارہ سائرہ بانو کی سالگرہ پرامیتابھ بچن کی جانب سے مبارکباد

    ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے اداکارہ سائرہ بانو کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن نے اپنے ٹوئٹ میں اداکارہ سائرہ بانو کو ان کے جنم دن کے موقع پر مبارکباد دی۔

    امیتابھ بچن نے ٹوئٹ میں کہا کہ ’’سائرہ جی آج کا دن بہت مبارک ہو، ہمیشہ خوش رہیں، انہوں نے کہا کہ سائرہ کئی فلموں میں میری ساتھی اداکارہ رہیں۔

    مبارکباد کے ساتھ ساتھ اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے تصوروں کا ایک کولاز بھی پوسٹ کیا۔