Tag: سائنس اینڈ ٹیکنالوجی

  • ہماری وزارت اطلاعات میں عالمی میڈیا کو جواب دینے کی صلاحیت کم ہے: فواد چوہدری

    ہماری وزارت اطلاعات میں عالمی میڈیا کو جواب دینے کی صلاحیت کم ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہماری وزارتِ اطلاعات میں عالمی میڈیا کو جواب دینے کی صلاحیت کم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے وزارت اطلاعات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی میڈیا کو جواب دینے کی صلاحیت ہماری وزارت اطلاعات میں کم ہے۔

    انھوں نے کہا کہ عالمی میڈیا کو سمجھانے کی صلاحیت پیدا کرنے کی کوششوں کا سنگین فقدان رہا، انھوں نے اس کی ذمہ داری ماضی کی حکومتوں پر ڈالتے ہوئے کہا کہ کئی سالوں کی بیڈ گورننس اب ہر ادارے میں نمایاں ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اہم معاملات پر پاکستان کے بیانیے کو نظر انداز کرنے پر ہم عالمی میڈیا کو الزام نہیں دے سکتے۔

    قبل ازیں خیبر پختون خوا میں آج عید پر فواد چوہدری نے اپنے شدید رد عمل میں کہا کہ مذہبی تہوار کی بنیاد بھی جھوٹ پر رکھ دی گئی ہے، جو جہاں چاہے عید کرے مگر جھوٹ کی بنیاد پر نہیں، حکومتیں مسلک اور مقامی لڑائیوں میں نہیں پڑتیں، تاہم کے پی حکومت کے عید منانے کے فیصلے سے جگ ہنسائی ہوئی۔

    وزیر سائنس کا کہنا تھا کہ دنیا میں ایسے تاثر گیا جیسے جھوٹ کو سرکاری سرپرستی حاصل ہے، پس ماندہ سوچ کو مستر د کرنا چاہیے، امید ہے قوم کا باشعور طبقہ اس معاملے پر خاموش نہیں رہے گا، معاشرے نئی سوچ کی قیادت میں آگے بڑھتے ہیں، پاکستان میں بھی آخری فتح علم اور عقل کی ہونی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ چاند کا مسئلہ بھی حل ہو ہی جائے گا، لاؤڈ اسپیکر کو حلال کرتے کرتے کئی سال لگ گئے، پرنٹنگ پریس، ریلوے کا سفر برسوں تک حرام قرار دیا گیا تھا، دراصل جہالت کا علاج حکیم لقمان کے پاس بھی نہیں تھا۔

  • چاند دیکھنے کے لیے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہیے، فوادچوہدری

    چاند دیکھنے کے لیے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہیے، فوادچوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کم ازکم چاند دیکھنے کا تو معاوضہ نہیں ہونا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ علما کا احترام ہے لیکن دینا میں ایسے معاملات رضا کارانہ بنیادوں پرہوتے ہیں، میں نے رائے دی ہے ہرکسی کا متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عید اور رمضان کے چاند پر36 سے 40 لاکھ خرچ کرنا کہاں کی عقل مندی ہے، چاند دیکھنے پر قومی خزانےسے رقم خرچ ہورہی ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ کم ازکم چاند دیکھنے کا تومعاوضہ نہیں ہونا چاہیے، رویت ہلال کمیٹی کے ممبران چاند تو رضاکارانہ دیکھ لیا کریں۔

    وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ پڑھے لکھےعلما کرام میری تجویزکی حمایت کررہے ہیں، چاند دیکھنے کے لیے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

    فواد چوہدری نے مزید کہا کہ 10سال کا کیلنڈربن جائے گا توغیرضروری اخراجات سے بچ جائیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز مفتی منیب الرحمان نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی تھی کہ دین کے معاملات پر جو متعلقہ وزیر ہیں، وہ بات کریں، ہروزیر دین کی حساسیت کو نہیں سجھتا لہذا انہیں دینی معاملات پر تبصرہ کرنے کا فری لائسنس نہیں ملنا چاہیے۔