Tag: سائٹ ایریا

  • فیکٹری ملازمین کو یرغمال بنا کر کروڑوں کا مال لوٹنے والے 5 ڈاکو گرفتار

    فیکٹری ملازمین کو یرغمال بنا کر کروڑوں کا مال لوٹنے والے 5 ڈاکو گرفتار

    کراچی (27 اگست 2025): شہر قائد کے علاقے سائٹ میں فیکٹری ملازمین کو یرغمال بنا کر کروڑوں کا مال لوٹنے والے 5 ڈاکو گرفتار کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سائٹ بی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فیکٹریوں میں ڈکیتی کرنے والے 5 ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا، ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی کا کہنا ہے کہ یہ گروہ فیکٹری ملازمین کو یرغمال بنا کر کروڑوں کا مال لوٹتا تھا۔

    ملزمان فیکٹریوں سے کیبل، تانبہ لے کر فرار ہوتے تھے، یہ گروہ 11 ڈاکوؤں پر مشتمل ہے، جن میں سے پانچ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جب کہ 6 فرار ہیں، ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق اس حوالے سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔

    کراچی : ناگن چورنگی سے چھینی گئی فارچیونر کار ڈرامائی انداز میں برآمد

    گرفتار ملزمان میں اختر، صداقت، محمود، سلمان اور وسیع الرحمان شامل ہیں، جب کہ ان کے ساتھی راشد، رحمان، انعام اور حنیف کراچی چھوڑ چکے ہیں، یہ ملزمان اسلحہ محسود سے کرائے پر لے کر واردات کر کے 10 سے 15 ہزار روپے دیتے ہیں۔

    ایس ایس پی فیضان علی کے مطابق ملزمان نے 2 مزید فیکٹریوں میں واردات کرنے کا انکشاف کیا ہے، اور کریمنل ریکارڈ کے مطابق یہ ملزمان اس سے قبل بھی متعدد بار گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔

  • سائٹ ایریا میں پولیس اہلکار وسیم اختر کے قتل کا مقدمہ درج ہو گیا

    سائٹ ایریا میں پولیس اہلکار وسیم اختر کے قتل کا مقدمہ درج ہو گیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا میں پولیس اہلکار وسیم اختر کے قتل کا مقدمہ درج ہو گیا، مقدمہ مقتول اہلکار کے والد نذیر حسین کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول اہلکار وسیم اختر کے قتل کی ایف آئی آر ان کے والد کی مدعیت میں درج کر لی گئی ہے، اہلکار وسیم کا والد پولیس میں ایس آئی اور لانڈھی تھانے میں تعینات ہے۔

    مدعی نذیر حسین کی درج ایف آئی آر کے مطابق مقتول بیٹا گلشن معمار تھانے میں تعینات تھا اور صبح ڈیوٹی پر جانے کے لیے نکلا تھا، لیکن دوپہر کو اطلاع ملنے پر وہ عباسی شہید اسپتال پہنچا تو بیٹے کی لاش دیکھی۔


    کراچی: والد کے جنازے پر سعودیہ سے آنے والے نوجوان کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار


    مدعی مقدمہ نے بتایا کہ ان کے بیٹے وسیم کو ہاتھ اور سینے پر گولیاں لگی ہوئی تھیں، بیٹے کو سائٹ ایریا حبیب بینک چورنگی کے قریب موٹر سائیکل سوار نے روکا تھا، اور اس پر فائرنگ کی تھی، جس پر بیٹے نے بھی جوابی فائرنگ کی، بعد میں معلوم ہوا فائرنگ کرنے والا رینجرز اہلکار ہے۔

  • کراچی : تیز رفتار بس نے  موٹر سائیکل سواروں اور راہگیروں کو کچل ڈالا

    کراچی : تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سواروں اور راہگیروں کو کچل ڈالا

    کراچی : سائٹ ایریا باوانی چالی کے قریب تیز رفتار بس نے تین موٹرسائیکلوں کوکچل ڈالا، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک اور خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ، جہاں سائٹ ایریا باوانی چالی کے قریب تیز رفتار بس شہریوں پر چڑھ دوڑی۔

    ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ افسوسناک حادثے میں دو افراد جاں بحق جبکہ پانچ خواتین سمیت نو افراد زخمی ہوئے۔

    بس نے موٹر سائیکل سواروں اور راہگیروں کو کچلا تاہم بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

    حادثے میں زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے، ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے

    یاد رہے گذشتہ ماہ کراچی میں کینٹ اسٹیشن کے قریب تیز رفتار بس کی ٹکر سے وکیل جاں بحق ہوگیا جبکہ ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہوگیا۔

    ٹریفک حادثےکی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آئی تھی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تیزرفتاربس نے عرض محمد ایڈووکیٹ کی موٹرسائیکل کو پیچھے سے ٹکرماری۔

    حادثے کے بعد وکلا نے تین تلوار کے قریب احتجاج کرتے ہوئے دونوں ٹریک بند کردیئے، جس سے اطراف کی سڑکو پر شدید ٹریفک جام ہوگیا۔

    پولیس نے بتایا کہ وکلا کے احتجاج کے بعد بس ڈرائیور سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرکے ان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ بس ڈرائیور کو موقع سے فرار کروانے کے الزام میں ایس ایچ او فرئیر کو معطل کر دیا گیا تھا۔

  • ’سائٹ ایریا شادی کی تقریب میں گولی لگنے سے جاں بحق لڑکی کے ورثا حقائق چھپا رہے ہیں‘

    ’سائٹ ایریا شادی کی تقریب میں گولی لگنے سے جاں بحق لڑکی کے ورثا حقائق چھپا رہے ہیں‘

    کراچی: پولیس نے سائٹ ایریا میں شادی کے موقع پر چلتی بس میں لڑکی کو گولی لگنے کا واقعہ مشکوک قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں ایک شادی کی تقریب میں فائرنگ سے لڑکی کے جاں بحق ہونے کے واقعے میں مقتولہ کی شناخت 17 سالہ خدیجہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔

    لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی، ورثا کے بیان کے مطابق خدیجہ کو چلتی بس میں گولی لگی تھی۔ اسپتال رپورٹ کے مطابق خدیجہ کو سر پر لگنے والی گولی وجہ موت بنی۔

    پولیس تاحال جائے وقوعہ کا تعین نہیں کر سکی ہے کہ لڑکی کو گولی کہاں لگی، جب کہ مقتولہ کے ورثا کی جانب سے متضاد بیانات دیے جا رہے ہیں، پولیس حکام نے کہا ہے کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ ورثا حقائق کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    پولیس حراست میں ملزم کی موت کی تحقیقات میں ایس پی نیئر سے متعلق سنسنی خیز انکشاف

    واضح رہے کہ اندھی گولیوں سے شہریوں کے جاں بحق اور زخمی ہونے کے واقعات میں ایک بار پھر بے حد اضافہ ہو گیا ہے، لانڈھی قذافی ٹاؤن میں ایک گھر کی چھت پر نامعلوم سمت سے گولی لگنےسے 6 سالہ بچہ ابوبکر زخمی ہو گیا ہے۔

    ماڑی پور مچھر کالونی میں بھی نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے کائنات نامی ایک خاتون زخمی ہو گئی ہے، عوامی کالونی میں اندھی گولی لگنے سے ایک خاتون زخمی، جب کہ تین ہٹی کے قریب اندھی گولی لگنے سے 11 سالہ لڑکا بشیر زخمی ہو گیا ہے۔

  • کراچی میں زکوۃ تقسیم کے دوران بھگدڑ کیس، ملزمان کی درخواست ضمانت خارج

    کراچی میں زکوۃ تقسیم کے دوران بھگدڑ کیس، ملزمان کی درخواست ضمانت خارج

    کراچی: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت غربی نے سائٹ ایریا میں نجی فیکٹری میں زکوۃ کی تقسیم کے دوران بھگدڑ سے ہلاکتوں کے کیس میں فیکٹری مالک  سمیت  تمام  ملزمان کی درخواست  ضمانت  خارج کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سائٹ ایریا کی فیکٹری میں زکوٰۃ کی تقسیم کے دوران بھگڈر سے ہلاکتوں کےکیس میں فیکٹری مالک عبد الخالق سمیت دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔

    عدالت نے کہا کہ مقدمے کے ابتدائی مرحلے پر ضمانت نہیں دی جاسکتی، چالان کے بعد ملزمان کےکردار  کے پیش نظر ضمانت کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔

    وکیل ملزم کا کہنا تھا کہ ہرسال کی طرح فیکٹری مالک فوت ہو جانے والے ملازمین کے اہل خانہ کو رقم دے رہے تھے معاملہ ہر سال اسی طرح ہی ہوتا لیکن اس بار لوگوں کی جانب سے دھاوا بول دیا گیا۔

    کراچی میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 11 افراد جاں بحق

    ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ واقعہ حادثاتی طور پر رونما ہوا میرے موکل کا اس میں کوئی قصور نہیں، جس وقت بھگدڑ ہوئی فیکٹری مالک عبدالخالق موقع  پر موجود ہی نہیں تھے۔

    جبکہ سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ ملزمان کیخلاف غفلت، لاپرواہی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیاگیا، ملزمان نے پولیس اور انتظامیہ کو اس حوالے سے آگاہ نہیں کیا تھا، ملزمان کی لاپرواہی کی وجہ سے واقعہ رونما ہوا۔

    عدالت نے تمام ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کردی۔

     واضح رہے کہ کراچی کے علاقے سائٹ ایریا نورس چورنگی پر نجی فیکٹری کی جانب سے زکوۃ کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچے  اور 8 خواتین شامل تھے۔  عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ زکوٰۃ کی رقم کی تقسیم کیلئے لوگوں کو  فیکٹری میں بلایا گیا تھا۔

  • شیرشاہ دھماکا: نالے میں گرنے والا کیمیکل کہاں سے آتا ہے؟

    شیرشاہ دھماکا: نالے میں گرنے والا کیمیکل کہاں سے آتا ہے؟

    کراچی: شہر قائد کے علاقے شیرشاہ میں پراچہ چوک پر نالے پر واقع ایک عمارت دھماکے سے منہدم ہونے سے اب تک 11 افراد جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں، بی ڈی ایس حکام کا دھماکے کے بارے میں کہنا تھا کہ یہ نالے میں گیس بھر جانے کی وجہ سے ہوا، کے ایم سی کیماڑی حکام نے بتایا ہے کہ شیرشاہ نالے میں سائٹ ایریا کی فیکٹریوں کا کیمیکل آ کر گرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شیرشاہ دھماکے کے واقعے کے حوالے سے کے ایم سی کیماڑی کے حکام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نالے میں دھماکا کیمیکل پانی کی گیس بھرنے سے ہوا ہے، اور اس نالے میں سائٹ ایریا کی فیکٹریوں سے کیمیکل والا پانی گرتا ہے۔

    حکام کے مطابق 14 فٹ کا یہ نالہ سائٹ ایسوسی ایشن کی حدود میں آتا ہے، شیرشاہ نالے کی گزشتہ کئی سال سے صفائی نہیں ہوئی، جب کہ نالے کی صفائی سائٹ ایسوسی ایشن ہی کی ذمے داری ہے۔

    کے ایم سی حکام نے بتایا کہ 20 کلو میٹر طویل اور چودہ فٹ چوڑا یہ نالہ لیاری ندی تک جاتا ہے، شیرشاہ نالے پر مکانات اور دیگر تجاوزات بھی قائم ہیں۔

    پراچہ چوک شیرشاہ میں دھماکے کی وجہ سامنے آ گئی

    واضح رہے کہ آج کراچی میں شیرشاہ پراچہ چوک کے قریب دھماکا ہوا، جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا، پولیس کے مطابق دھماکے میں 11 افراد جاں بحق، 12 زخمی ہوئے، متاثرہ عمارت دو منزلہ تھی اور نالے پر تعمیر کی گئی تھی، جس میں بینک اور دیگر دفاتر بھی موجود تھے۔

    ملبے کے نیچے لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جائے وقوعہ پر بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

  • جے یو آئی عہدے دار پر فائرنگ کی ویڈیو سامنے آ گئی

    جے یو آئی عہدے دار پر فائرنگ کی ویڈیو سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا میں جمیعت علمائے اسلام کے عہدے دار پر فائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 14 مئی کو کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں نا معلوم ملزمان نے جے یو آئی کے مقامی رہنما مولانا گل رفیق حسن زئی کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا تھا، اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، فوٹیج کے مطابق 2 ملزمان موٹر سائیکل پر سوار ہو کر آئے، ایک ملزم نے ہیلمٹ پہنا ہوا تھا جب کہ دوسرے نے منہ پر رومال لپیٹا ہوا تھا۔

    کراچی میں جے یو آئی کے رہنما فائرنگ سے شدید زخمی

    منہ پر رومال باندھنے والے ملزم نے 30 بور پستول سے مولانا گل حسن زئی پر فائرنگ کی اور فرار ہو گئے، پولیس تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ جس اسلحے سے فائرنگ کی گئی وہ پہلے کسی واردات میں استعمال نہیں ہوا، اس قاتلانہ حملے میں جے یو آئی رہنما پر 2 گولیاں چلائی گئی تھیں، ایک دیوار جب کہ دوسری ان کے جبڑے پر لگی تھی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ مولانا رفیق حسن زئی پر حملے کی کئی زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، کچھ عرصے قبل مسجد اور مدرسے کے پیش امام کو شکایت پر نکالا گیا تھا، مولانا رفیق آج کل اس مدرسے کی نظامت کر رہے تھے، تحقیقاتی ذرایع کا کہنا تھا کہ حتمی تحقیقات کے بعد حملے کے چونکا دینے والے انکشافات متوقع ہیں۔

  • معصوم فاطمہ نور کی لاش 2 روز بعد مل گئی، والدین غم سے نڈھال

    معصوم فاطمہ نور کی لاش 2 روز بعد مل گئی، والدین غم سے نڈھال

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سائٹ ولیکا چورنگی کے قریب نالے میں ڈوبنے والی بچی کی لاش مل گئی، 4 سالہ فاطمہ نور 2 روز قبل نالے میں گر کر ڈوب گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق 2 روز قبل چار سالہ معصوم بچی فاطمہ نور سائٹ ایریا میں ایک نالے میں کھیل کے دوران گر کر ڈوب گئی تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی لاش اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت تلاش کر کے نکال لی ہے۔

    پولیس کے مطابق لاش ڈوبنے والے مقام سے کچھ فاصلے سے ملی ہے، پانی میں رہنے کے باعث لاش خراب ہو گئی ہے، گزشتہ روز ریسکیو آپریشن کی ناکامی پر بچی کے والد کے کہنے پر آپریشن روک دیا گیا تھا تاہم علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت تلاش کر رہے تھے۔

    چار سالہ بچی فاطمہ نور کے والد گفتگو کرتے ہوئے

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ولیکا چورنگی کے قریب گندے نالے کے اوپر بنے ہوئے پرانے اور ٹوٹے ہوئے خراب پل سے پہلے بھی کئی بچے کھیلتے ہوئے گر کر جاں بحق ہو چکے ہیں، تاہم انتظامیہ نے آج تک اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا۔

    متوفی فاطمہ نور کے والد کا بچی کی لاش ملنے کے بعد کہنا تھا کہ ہفتے کے روز تین سے چار بچے کے درمیان ان کی بیٹی نالے میں گری تھی، آج صبح تقریباً 7 بجے کے قریب ایک جاننے والے کو لاش ملی، لاش کی حالت بہت خراب ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 5 بچوں میں سے فاطمہ نور چوتھے نمبر پر تھی اور ابھی اسکول میں بھی داخل نہیں ہوئی تھی۔

    خیال رہے کہ پہلے بھی کراچی میں مختلف علاقوں میں غیر محفوظ گندے نالے والدین سے ان کے لخت جگر چھین چکے ہیں، لیکن مقامی انتظامیہ کو تاحال انسانی جانوں کے انمول ہونے کا احساس نہیں ہو سکا ہے۔

  • کراچی: رینجرز نے سائٹ ایریا میں ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی، پولیس مقابلے میں ایک ملزم گرفتار

    کراچی: رینجرز نے سائٹ ایریا میں ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی، پولیس مقابلے میں ایک ملزم گرفتار

    کراچی: سندھ رینجرز نے شہرِ قائد کے علاقے سائٹ ایریا میں ڈکیتی کی کوشش نا کام بنا دی، ملزم محمد ارشد رقم لوٹ کر فرار ہو رہا تھا رینجرز اہل کاروں نے پکڑ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز نے سائٹ ایریا میں ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی، شہری بینک سے 65 ہزار روپے کی رقم نکلوا کر جا رہا تھا، کہ ملزم محمد ارشد نے اس سے رقم لوٹی اور فرار ہو گیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق شہری کی اطلاع پر رینجرز نے بر وقت کارروائی کی، ملزم کو روکنے کا اشارہ کیا لیکن وہ نہ رکا جس پر رینجرز نے فائرنگ کر کے اسے زخمی کر دیا۔

    رینجرز ترجمان نے بتایا کہ ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کے بعد رقم برآمد کر لی گئی، گرفتار زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کر کے طبی امداد بھی دی گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں تین ماہ کے دوران 9 ہزار 664 شہری موبائل فون سے محروم

    دریں اثنا، راشد منہاس روڈ پر مبینہ پولیس مقابلہ میں ایک ملزم ناصر شاہ کو گرفتار کر لیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم آن لائن ٹیکسی کے ڈرائیور سے لوٹ مار کے بعد فرار ہو رہا تھا۔

    ملزم سے اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان بھی برآمد ہوا ہے، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم پہلے ہی جیل سے ضمانت پر رہا ہوا ہے، ملزم گلشن معمار، رضویہ و دیگر علاقوں میں وارداتوں میں ملوث ہے۔

  • کراچی : سائٹ ایریا میں جوتوں کی فیکٹری میں آتشزدگی

    کراچی : سائٹ ایریا میں جوتوں کی فیکٹری میں آتشزدگی

    کراچی : شہر قائد کےعلاقے سائٹ ایریا میں جوتوں کی فیکٹری میں لگی آگ پر 11 گھنٹے گزرنے کے باوجود قابو نہ پایا جاسکا۔ آگ بجھانے کے دوران فائربریگیڈ کے 3 اہلکاروں سمیت پانچ افراد بھی زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں جوتوں فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔

    آگ سے فیکٹری کی پوری عمارت زمین بوس ہو گئی جبکہ فائربریگیڈ حکام نےفیکٹری میں لگی آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا۔ آگ پرقابو پانے کے دوران فائربریگیڈ کے 3 اہلکاروبں سمیت 5 زخمی بھی ہوئے۔

    فیکٹری میں لگی آگ کی شدت کے باعث قریبی عمارتوں کو بھی خالی کرا لیا گیا تھا جبکہ فیکٹری مالک کا الزام ہے کہ ملازمین نے تنخواہوں کے معاملے پر فیکٹری میں آگ لگائی ہے۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

    چیف فائر آفیسر تحسین احمد نے فیکٹری میں لگی آگ تیسرے درجے کی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیکٹری میں کیمیکل کی موجودگی کے باعث آگ پرقابو نہیں پایا جاسکا جس کے بعد شہر بھر سے فائربریگیڈ کی گاڑیاں طلب کرلی گئی ہیں۔

    دوسری جانب ترجمان پاک بحریہ کے مطابق فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے پاک بحریہ کے 2 فائر ٹینڈر بھی آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔


    نیوکراچی: فیکٹری میں لگنے والی آگ پر12گھنٹے بعد قابو پالیا گیا


    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے نیوکراچی میں پلاسٹک کا سامان بنانے والی فیکٹری میں لگنے والی آگ پر بارہ گھنٹے بعد قابو پالیا گیا تھا۔ آگ کی شدت سے فیکٹری کی عمارت منہدم ہوگئی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔