Tag: سائیکل

  • اسرائیلی بمباری کے دوران سائیکل پر بھاگتے فلسطینی نوجوان کی ویڈیو وائرل

    اسرائیلی بمباری کے دوران سائیکل پر بھاگتے فلسطینی نوجوان کی ویڈیو وائرل

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے بربریت کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں ایک فلسطینی نوجوان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جو اسرائیلی بمباری سے بچنے کے لئے سائیکل پر بھاگ کر اپنی جان بچانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

    الجزیرہ کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ اسرائیلی بمباری کے بعد ایک عمارت زمیں بوس ہو جاتی ہے۔ اس دوران ایک ایک فلسطینی نوجوان اپنی سائیکل پر اس جگہ سے گزر رہا ہوتا ہے اور ملبے سے بچنے کی کوشش کرتا ہے، مگر شدید بمباری کے نتیجے میں وہ سائیکل سے نیچے گر جاتا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ویڈیو کے اگلے حصے میں ہر طرف دھواں چھا جاتا ہے اور نوجوان کی حالت واضح نہیں ہو پاتی۔

    رپورٹس کے مطابق یہ حملہ شمالی غزہ کے علاقے ابو اسکندر میں کیا گیا تھا، تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ متاثرہ نوجوان محفوظ رہا یا زخمی ہو گیا۔

    رپورٹس کے مطابق یہ ویڈیو فلسطینی عوام کی مشکلات اور اسرائیلی جارحیت کی شدت کو دنیا کے سامنے لانے کا ذریعہ بن گئی اور سوشل میڈیا پر شدید ردِ عمل کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

    واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے، تازہ حملوں میں مزید 72 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔

    عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ روز اسرائیل کی جانب سے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں ایک پناہ گزین اسکول پر وحشیانہ بمباری کی گئی، جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید ہوگئے۔

    نیدرلینڈز میں غزہ کے شہید بچوں کے حق میں منفرد احتجاج

    رپورٹس کے مطابق غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر بھی حملہ ہوا۔ اتوار کو اسرائیلی حملوں میں مجموعی طور پر 72 فلسطینی شہید ہوئے۔

  • جرمنی سے حج کے لیے سائیکل پر 6 ہزار کلو میٹر کے سفر کا آغاز

    جرمنی سے حج کے لیے سائیکل پر 6 ہزار کلو میٹر کے سفر کا آغاز

    ترک شہری نے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جرمنی سے سائیکل کا سفر شروع کر دیا وہ 6 ہزار کلومیٹر طویل سفر کریں گے۔

    حج اسلام کا پانچواں رکن اور ہر صاحب استطاعت پر فرض ہے۔ مواصلاتی ترقی نے ماضی کی نسبت حج کے سفر کو آرام دہ اور مختصر بنا دیا ہے تاہم آج بھی ایسے مہم جو ہیں جو اس فریضہ کی ادائیگی کے لیے سخت مشقت والا سفر کرتے ہیں۔

    ایسے ہی ایک مہم جو ترک شہری 26 سالہ باراک اوزترک ہیں جنہوں نے 2025 میں فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جرمنی سے سائیکل پر سفر کا آغاز کر دیا ہے۔ وہ 6 ہزار کلومیٹر طویل سفر طے کر کے وقت حج سعودی عرب پہنچیں گے۔

    سبق نیوز کے مطابق بوراک اوزترک جو اس وقت جرمنی میں مقیم ہیں، اپنے سفر کے پہلے مرحلے میں آسٹریا پہنچیں گے، جہاں سے سلووینیا، کروشیا، سربیا، کوسوو، شمالی مقدونیہ، یونان، ترکیہ، شام اور اردن سے ہوتے ہوئے سعودی عرب میں میں داخل ہوں گے۔

    اپنے سفر کے حوالے سے ترک نوجوان نے تمام قانونی امور بھی مکمل کر لیے ہیں تاکہ سفر کے دوران آنے والے ممالک سے گزرنے کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    مذکورہ نوجوان نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر مکہ مکرمہ پہنچنے کی حتمی تاریخ کا تو نہیں بتایا تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ وہ فریضہ حج ادا کرنے کے لیے حج ایام سے قبل مکہ مکرمہ پہنچ جائیں گے۔

    ان کا کہنا ہے کہ وہ اس روحانی اور بابرکت سفر کا ارادہ وہ پچھلے دو برس سے کر رہے تھے تاہم خانگی حالات کی وجہ سے اس پر عمل درآمد میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔

    واضح رہے کہ دو سال قبل پاکستانی شہری اوکاڑہ سے 5400 کلومیٹر پیدل سفر کر کے حج کے لیے مکہ مکرمہ پہنچا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistani-youth-reached-makkah-for-hajj-on-foot/

  • لندن میں موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے شہری کو لوٹ لیا، ویڈیو

    لندن میں موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے شہری کو لوٹ لیا، ویڈیو

    لندن: برطانوی دارالحکومت لندن کی ایک سڑک پر کراچی جیسا واقعہ دیکھنے کو مل گیا، جس میں دو موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے ایک شہری کو دن دہاڑے لوٹ لیا۔

    لندن کے شمال مشرقی پارک میں لاقانونیت کا راج دیکھنے کو مل رہا ہے، دو بائیک سوار چوروں نے دن دہاڑے پارک میں سائیکل سوار کو لوٹ لیا، معروف برطانوی روزنامہ ڈیلی میل نے اس واقعے کی ویڈیو شیئر کر دی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لٹیرے کس طرح پہلے سائیکل سوار کو آوازیں دیتے اور اس کی سائیکل مانگتے رہے، جب سائیکل سوار نے انکار کیا تو ایک لٹیرے نے ہتھوڑا نکال کر لہرایا۔

    لندن ٹریک ڈومین بائیک
    ٹریک ڈومین بائیک

    اس واقعے میں لٹیروں نے مشرقی لندن کے رہائشی 33 سالہ پیٹرک کونیلی سے 4 ہزار 200 پاؤنڈز کی سائیکل چھینی اور فرار ہو گئے، واقعے کے بعد سائیکل کلبوں نے پولیس سے صبح کے اوقات میں گشت بڑھانے کی درخواست کی ہے۔

    میئر لندن صادق خان نے رمضان لائٹس کا افتتاح کردیا

    ڈیلی میل کے مطابق سائیکل کلب کے ممبران شمال مغربی لندن کے مشہور پارک میں ہر روز سویرے جمع ہوتے ہیں، یہاں انھیں متعدد بار مسلح ’بائیک جیکرز‘ کے ہاتھوں پُر تشدد ڈکیتیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

    ماہرین کا خیال ہے کہ لٹیروں نے جس طرح سائیکل سوار کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کرنے سے پہلے اس کی ’’ٹریک ڈومین بائیک‘‘ کے برانڈ کا معائنہ کیا تھا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ جانتے ہیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔

  • جاپان : سائیکل چلاتے ہوئے موبائل استعمال کرنے والوں کیلیے سخت قانون نافذ

    جاپان : سائیکل چلاتے ہوئے موبائل استعمال کرنے والوں کیلیے سخت قانون نافذ

    ٹوکیو : جاپانی حکومت نے ان سائیکل چلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے جو اس دوران موبائل فون کا استعمال کرتے ہیں۔

    جاپانی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق جاپان میں کیے گئے ترمیم شدہ نئے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے سائیکلسٹ اگر موبائل فون استعمال کرتے ہوئے پائے گئے تو ان کو ایک ہزار ین جرمانے کے ساتھ ساتھ کم از کم 6 ماہ کے لیے جیل بھی جانا پڑے گا۔

    Japan cyclists

    مذکورہ قوانین کا اطلاق آج سے ہوگیا ہے، نیشنل پولیس ایجنسی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سائیکل چلاتے ہوئے ہاتھ میں اسمارٹ فون رکھ کر کال کرنا یا اسکرین دیکھنا اب ممنوع قرار دیا گیا ہے اور اس پر قرار واقعی سزا بھی دی جاسکتی ہے۔

    ٹریفک حکام کے مطابق سائیکل سواروں کے موبائل اسکرین دیکھنے کی وجہ سے کچھ حادثات پیش آئے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد افراد کی ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں۔

    phones face jail

    اگرچہ جاپان میں مجموعی طور پر ٹریفک حادثات کی تعداد میں کمی واقع ہو رہی ہے، لیکن ان حادثات میں سائیکلوں کا تناسب بڑھ رہا ہے۔ جاپان میں دیگر کئی ممالک کے برعکس، فٹ پاتھ پر سائیکل چلانا نہ صرف قانونی ہے بلکہ ایک عام سی بات ہے۔

    اس کے علاوہ نئے قوانین کے تحت نشے کی حالت میں سائیکل چلانے پر تین سال تک قید یا 5 لاکھ ین تک بھی جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ جاپان میں سائیکل کا استعمال بہت عام ہے تاہم 2021 میں کورونا پابندیوں کے بعد سے اس کے استعمال میں کافی اضافہ ہوا اور اب شہریوں کی اکثریت پبلک ٹرانسپورٹ کے بجائے سائیکل استعمال کرتی ہے۔

  • جرمن سیاح سائیکل پر دبئی پہنچ گیا

    جرمن سیاح سائیکل پر دبئی پہنچ گیا

    جرمن سیاح مائیکل ایورٹس سائیکل پر سات ماہ کے طویل سفر طے کرکے برلن سے دبئی پہنچ  گئے۔

    الامارات الیوم کے مطابق جرمن سیاح نے کوپ 28 کانفرنس میں شرکت کےلیے دبئی تک کا طویل سفرکیا، سیاح نے یہ سفر 7 ماہ میں طے کیا۔

    جرمن سیاح مائیکل ایورٹس نے کہا کہ کوپ 28 جس کی میزبانی امارات کررہا ہے انتہائی اہم اہداف کے حصول کے لیے ہورہی ہے، متحدہ عرب امارات اور خصوصا دبئی کا دورہ کرکے خوشی ہورہی ہے۔

    سیاح نے اپنے سفر سے متعلق بتایا کہ ’ میں نے اپنا یہ سفر 22 اپریل 2023 میں شروع کیا، 30 ملکوں کا سفر کرتے ہوئے دبئی پہنچا ہوں، میں جس ملک سے بھی گزرا وہاں جھے پذیرائی ملی ہے‘۔

    مستقبل میں سائیکل پر سفر کرنے کے حوالے سے سیاح نے کہا کہ راس الرجا الصالح جانے کا پروگرام ہے، سفر طویل اور مشکل بھی ہے لیکن میں جانتا ہوں کہ یہ سفر کیسے طے کرنا ہے۔

    جرمن سیاح مائیکل ایورٹس کا کا کہنا تھا میرا اصل مشن کرہ ارض پر زیادہ بہتر دنیا کے مستقبل کے حوالے سے آگہی پیدا کرنا ہے، دبئی کے بعد ان کی اگلی منزل مصری دارالحکومت قاہرہ ہوگی۔

    انہوں نے مزید کہا میری خواہش ہے کہ لوگ زمین  پر رہنے کے لیے  مشترکہ مستقبل کی خاطر ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں، میں  چاہتا ہوں کہ تمام لوگ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے حوالے کےلیے اپنا کردار ادا کریں۔

  • کیا آپ سائیکل چلانے کے یہ انمول فوائد جانتے ہیں؟

    کیا آپ سائیکل چلانے کے یہ انمول فوائد جانتے ہیں؟

    سائیکل چلانا ایک ایسی صحت مند سرگرمی ہے جو بچوں اور بڑوں کے لیے یکساں مفید ہے، اس سے جسمانی تندرستی اور چستی حاصل ہوتی ہے جبکہ بچوں کو مستعد رہنے اور توجہ مرکوز کرنے میں مدد دیتی ہے۔

    سائیکل ایک سادہ، سستی، قابل اعتماد، صاف ستھری اور ماحولیاتی لحاظ سے پائیدار ذرائع آمدورفت ہے، جو ماحولیاتی انتظام اور صحت کو فروغ دیتی ہے۔

    سائیکل چلانا ایک بہترین ورزش ہے جس سے ہم اپنا وزن کم کر سکتے ہیں، دل کی بیماریوں سے نجات حاصل کر سکتے ہیں اور اپنے مسلز کو مضبوط اور لچک دار بنا سکتے ہیں۔

    ایک رپورٹ کے مطابق سائیکل چلانے کے 7 اہم فوائد یہ ہیں۔

    دل صحت مند رہتا ہے

    سائیکل چلانے سے دل مضبوط ہوتا ہے، یہ پھیپھڑوں کو صحت مند رکھنے کے ساتھ ساتھ دل کی ہر قسم کی صحت کو برقرار رکھ سکتے ہیں، اس سے بلڈ پریشر کم ہوتا ہے، دل کی بیماریوں اور اسٹروک سے نجات ملتی ہے۔

    وزن کو قابو میں رکھنے کا آسان طریقہ

    سائیکلنگ کیلوریز جلانے کا ایک موثر طریقہ ہے جس سے آپ اپنے جسم کے وزن کو قابو میں رکھ سکتے ہیں، یہ ہلکی پھلکی ورزش ہے جو کہ ہر عمر کے افراد کے لیے موثر ہے۔

    مسلز مضبوط اور لچک دار بنتے ہیں

    سائیکلنگ زیادہ تر جسم کے نچلے حصے کے مسلز پر اثرانداز ہوتی ہے، اس سے مجمموعی طور پر مسلز مضبوط ہوتے ہیں اور اُن کی بناوٹ اچھی بنتی ہے،  اس کے علاوہ سائیکلنگ سے گھٹنے لچک دار بنتے ہیں۔

    ذہنی صحت پر مثبت اثرات

    باقاعدگی سے سائیکل چلانے سے اینڈورفنز نامی ہارمُون ریلیز ہوتا ہے جس سے ہمارا مُوڈ قدرتی طریقے سے اچھا ہو جاتا ہے، اس سے ڈپریشن، بے چینی، ذہنی دباؤ کم ہوتا ہے اور انسان میں بھلائی اور خوشی کی لہر دوڑتی ہے۔

    پیچیدہ بیماریوں کو خطرہ کم ہوتا ہے

    سائیکلنگ سے دل کی بیماریوں کے علاوہ دوسری پیچیدہ بیماریاں جیسے ٹائپ 2 ذیابیطس، کینسر اور موٹاپا ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

    ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں

    سائیکلنگ ایک وزن برداشت کرنے والی ورزش ہے جس سے ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں جبکہ فریکچر اور اوسٹیوپروسس کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔

    جوڑوں کے کام کرنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے

    سائیکلنگ کم اثرانداز ہونے والی ورزش ہے جس سے جوڑوں پر ہلکا دباؤ پڑتا ہے، اس سے جوڑوں خاص طور پر گھٹنوں، کو لہوں اور ٹخنوں کے کام کرنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے۔

  • دبئی: سائیکل کی سواری مفت ملے گی

    دبئی: سائیکل کی سواری مفت ملے گی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ہفتہ 10 جون کو مفت سائیکل فراہم کی جائے گی، دبئی کے ہر علاقے میں 45 منٹ کے لیے کریم بائیک کے تمام اسٹیشنوں پر مفت سائیکلیں دستیاب رہیں گی۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات دبئی میں ہفتہ 10 جون 2023 کو 45 منٹ تک مفت سائیکل فراہم کی جائے گی۔

    دبئی میں روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی ماحول دوست وسائل کے استعمال کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، اس کے تحت دبئی کے ہر علاقے میں 45 منٹ کے لیے کریم بائیک کے تمام اسٹیشنوں پر مفت سائیکلیں دستیاب رہیں گی۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جو لوگ 45 منٹ سے زیادہ وقت کے لیے سائیکل استعمال کرنا چاہتے ہوں وہ سائیکلیں کرائے پر حاصل کر سکیں گے۔

    دبئی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ماحولیات کے عالمی دن کے حوالے سے یہ اقدام کیا ہے جو ہر سال 5 جون کو منایا جاتا ہے۔

    دبئی اتھارٹی نے سائیکل پروگرام چھٹی کے دن رکھا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس میں شریک ہو سکیں، ہفتے کو سرکاری ملازم چھٹی پر ہوں گے اسی طرح پرائیوٹ سیکٹر کے بیشتر ملازمین کی بھی تعطیل ہوگی۔

  • چوکور پہیوں پر چلنے والی سائیکل نے لوگوں کے دماغ چکرا دیے

    چوکور پہیوں پر چلنے والی سائیکل نے لوگوں کے دماغ چکرا دیے

    دنیا بھر میں تخلیقی صلاحیت رکھنے والے افراد نت نئی چیزیں ایجاد کرتے رہتے ہیں اور ایسی ہی ایک ایجاد نے لوگوں کو حیران کردیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک سائیکل چوکور پہیوں پر چلتی دکھائی دے رہی ہے۔

    ایک روسی انجینیئر نے چوکور پہیوں سے چلنے والی سائیکل بنا لی ہے۔

    یہ انجینیئر اس سے قبل بھی مختلف انوکھی اشیا ایجاد کرچکا ہے تاہم اب ان کی اس حالیہ ایجاد نے لوگوں کے دماغوں کو چکرا دیا ہے۔

    لوگوں نے فزکس کے اصولوں کو نظر انداز کرتی اس شے کو سچ ماننے سے انکار کردیا ہے اور اس حوالے سے مختلف آرا دے رہے ہیں۔

    ایک ٹویٹر صارف نے لکھا کہ دراصل چوکور فریم کے اندر کا ڈھانچہ گولائی میں حرکت کر رہا ہے سو تکنیکی طور پر یہ چوکور پہیے نہیں ہیں۔

    ایک اور صارف نے کہا کہ اگر یہ پہیے کارآمد بھی ہیں تو یہ رگڑ کے لیے زیادہ توانائی استعمال کریں گے۔

    متعدد صارفین نے اس پر مزاحیہ اور طنزیہ تبصرے بھی کیے۔

  • پارکنگ میں ننھی سائیکل کھڑی کرنے والے بچے کا اطمینان، گاڑی کا ڈرائیور پریشان

    پارکنگ میں ننھی سائیکل کھڑی کرنے والے بچے کا اطمینان، گاڑی کا ڈرائیور پریشان

    سوشل میڈیا پر حال ہی میں وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ایک بچے کی کار پارکنگ میں اپنی سائیکل پارک کرنے کی معصومانہ حرکت نے صارفین کا دل موہ لیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پارکنگ میں گاڑیوں کے درمیان ایک بچہ اپنی ننھی سی سائیکل پارک کر رہا ہے، بچے کی عمر 5 سے 6 سال ہے۔

    مزے کی بات یہ ہے کہ اس وقت سامنے ہی ایک گاڑی کا ڈرائیور اپنی گاڑی کو وہاں پارک کرنے کے لیے موجود ہے لیکن بچہ مکمل طور پر اسے نظر انداز کر کے اپنی سائیکل وہاں کھڑی کردیتا ہے۔

    اس کے بعد بچہ نہایت اطمینان سے اتر کر وہاں سے چلا جاتا ہے۔

    ٹویٹر صارفین اس بچے کی معصومیت اور اعتماد سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ جس طرح وہ بچہ اعتماد سے وہاں سے گیا ہے وہ دیکھنے کے قابل ہے۔

  • اسموگ میں کمی کے لیے سرکاری افسران سائیکل پر دفتر آنے لگے

    اسموگ میں کمی کے لیے سرکاری افسران سائیکل پر دفتر آنے لگے

    لاہور: صوبہ پنجاب کی واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) کے افسران سائیکل پر سوار ہو کر دفتر پہنچنے لگے، مینیجنگ ڈائریکٹر زاہد عزیز کا کہنا ہے کہ لاہور میں اسموگ کے پیش نظر واسا نے یہ اقدام کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسموگ میں کمی کے اقدامات کے تحت واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) کا عملہ سائیکلوں پر دفتر پہنچنے لگا، واسا کے مینیجنگ ڈائریکٹر زاہد عزیز کی قیادت میں افسران نے سائیکلوں پر سفر کیا۔

    زاہد عزیز کا کہنا ہے کہ لاہور میں اسموگ کے پیش نظر واسا نے یہ اقدام کیا ہے۔

    ایم ڈی واسا نے چند دن قبل اسموگ میں کمی کے لیے ہدایت نامہ جاری کیا تھا جس کے تحت 31 اکتوبر کے بعد سے ہر ہفتے کے روز افسران سائیکل پر دفتر آئیں گے۔

    علاوہ ازیں 31 اکتوبر سے رواں سال کے آخر تک افسران دفاتر تک اکیلے گاڑی چلا کر نہیں آسکیں گے، ایک گاڑی کم از کم 2 افسران استعمال کریں گے، صرف خواتین افسران کو اس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

    واسا نے اعلان کیا تھا کہ 16 اکتوبر کے بعد سے تمام ہیوی مشنری 2 ماہ کے لیے بند رکھی جائے گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دو برسوں سے زہریلی دھند یعنی اسموگ کا مسئلہ نہایت شدت اختیار کرگیا ہے، اسموگ موسم سرما میں صوبہ پنجاب کو خاص طور پر متاثر کر رہی ہے۔

    اسموگ کی وجہ سے سانس لینا دو بھر ہوجاتا ہے جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد سانس کی بیماری سمیت مختلف طبی امراض میں مبتلا ہوجاتی ہے۔

    اسموگ کی بڑی وجہ پنجاب میں اینٹوں کے بھٹے اور فصلوں کی باقیات کو جلانا قرار دیا گیا تھا جس کے باعث گزشتہ برس صوبے بھر میں قائم اینٹوں کے بھٹوں کو عارضی طور پر بند کردیا گیا تھا۔

    رواں برس بھی پنجاب میں اکتوبر سے دسمبر تک اینٹوں کے بھٹے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہر میں اسموگ کی آمد سے قبل اداروں کی مشترکہ ٹیمیں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    چیئرمین جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمینٹل کمیشن جسٹس (ر) علی اکبر قریشی کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی میں اضافہ کرنے والی گاڑیوں کے چالان یقینی بنائے جائیں اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے اجرا تک انہیں بند رکھا جائے۔