Tag: سابق بھارتی جج

  • سابق بھارتی جج نے مودی کو جوکر قرار دے دیا

    سابق بھارتی جج نے مودی کو جوکر قرار دے دیا

    نئی دہلی: بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج مرکنڈے کاٹجو نے کہا کہ خالی دماغ کے جوکر مودی میں اقلیتوں سے نفرت بھری ہے، جوکر ملک کی قسمت کا مالک بن گیا ہے۔۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج مرکنڈے کاٹجو نے کہا کہ بھارت میں طوفان آ رہا ہے لیکن عوام کی آنکھیں،کان بند ہیں، طوفان میں لاکھوں افراد بہہ جائیں گے۔

    مرکنڈےکاٹجو نے کہا کہ بھارت میں ادارے کھوکھلے ہوچکے ہیں، معیشت ڈوب رہی ہے۔

    سابق بھارتی جج نے کہا کہ خالی دماغ کے جوکرمیں اقلیتوں سے نفرت بھری ہے، خالی دماغ کا جوکر مودی ملک کی قسمت کا مالک بن گیا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جوکر کی مہارت یوگا ڈے، گائے کے تحفظ، رام مندرکی تعمیر سے شعبدوں تک ہے۔

    سابق بھارتی چیف جسٹس نے بھارتی فوج کو جعلی قرار دے دیا

    یاد رہے کہ 9 اکتوبر کو بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج مرکنڈے کاٹجو نے بھارتی فوج کوجعلی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت اسلحہ سازی کی صلاحیت سےمحروم ہے، بھارتی فوج صرف چند ہفتوں تک جنگ کرسکتی ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مرکنڈے کاٹجو کا کہنا تھا کہ بھارتی معاشی بحران پر ہندوستانی مسلمانوں کو چن چن کر نشانہ بنایا جائے گا۔

  • بھارت نے کشمیر کی حیثیت ختم کرکے گوریلا جنگ کی بنیاد رکھ دی، سابق بھارتی جج

    بھارت نے کشمیر کی حیثیت ختم کرکے گوریلا جنگ کی بنیاد رکھ دی، سابق بھارتی جج

    نئی دہلی : بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج مرکنڈے کیٹجو نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بڑی گوریلا جنگ کی بنیاد رکھ دی ہے، کشمیر انڈیا کیلئے ویتنام بن جائے گا۔

    یہ بات انہوں نے ایک عالمی میگزین میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں لکھی۔ سابق بھارتی جج کا کہنا تھا کہ کشمیر بھارت کیلئے ویتنام بننے جارہا ہے، جس طرح امریکیوں اور فرانسیسیوں کے ساتھ ویتنام میں ہوا تھا جو امریکیوں کے ساتھ افغانستان میں ہوا ہے یا نپولین کے ساتھ سپین میں ہوا تھا وہی انڈیا کے ساتھ کشمیر میں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد وادی میں بڑی گوریلا جنگ کی بنیاد رکھ دی ہے۔

    سچ بولنے کا ایک مقرر وقت ہوتا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ وہ وقت آگیا ہے کہ اب سچ بولا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج جو لوگ آرٹیکل370 کے خاتمے پر اپنی فتح کے شادیانے بجا رہے ہیں۔

    ان کیلئے بہت جلد یہ ایک بھیانک سپنا بننے جارہا ہے، یہ اس ڈراﺅنے سپنے کی وجہ سے تب جاگیں گے جب کشمیر سے لاشوں کے بیگ آنا شروع ہوں گے جس طرح ویتنام میں امریکیوں کے ساتھ ہوا تھا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کے دور میں موبائل اور انٹرنیٹ ضرورت ہیں عیاشی نہیں، کسی بھی آدمی کو اس سہولت سے ایک دن کیلئے محروم کرنا بھی تشویشناک ہوسکتا ہے۔

    اسی لیے ان لوگوں کے جذبات کو سمجھا جاسکتا ہے جن کے پاس گزشتہ دو مہینے سے یہ سہولت نہیں ہے، اس کے ساتھ کرفیو اور پابندیاں الگ ہیں۔پابندیاں اٹھائیں اور دیکھیں کہ پوری وادی میں کس قسم کا احتجاج ہوتا ہے۔

    ابھی ایک لاوا پک رہا ہے اور بہت جلد یہ پھٹنے والا ہے، اب صورتحال یہ ہوچکی ہے کہ نا نگلتے بنے ، نا اگلتے بنے۔

  • مجھے غدار کہنے والے عقل سے پیدل اور جنگی جنون میں‌ مبتلا ہیں، سابق بھارتی جج

    مجھے غدار کہنے والے عقل سے پیدل اور جنگی جنون میں‌ مبتلا ہیں، سابق بھارتی جج

    نئی دہلی: بھارت کی سپریم کورٹ کے سابق جج مرکنڈے کاٹجو نے کہا ہے کہ مجھے غدار قرار دینے والے بھارتی عوام عقل سے پیدل اور جنگی جنون میں مبتلا ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق سینئر جج نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی رہائی پر پاکستانیوں اور عمران خان کی تعریف کی تھی جس کے بعد اُن پر بھارتیوں نے سنگین الزامات عائد کرنا شروع کردیے۔

    بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرکنڈے کاٹجو نے ایک روز قبل کیے گئے ٹویٹ پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستانی وزیراعظم کی تعریف کرنے پر مجھے بھارتیوں نے غدار، پاگل اور نہ جانے کن کن القابات سے نوازا جبکہ میں نے پاکستان مخالف بیان دیا تو وہاں سے کوئی بھی  ردعمل سامنے نہیں آیا‘۔

    سابق چیف جسٹس نے بھارت کے شہریوں کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ مجھے برا اور غدار کہنے والے جنگی جنون میں متبلا ہیں جبکہ اپنی برائی سن کر بھی خاموش رہنے والے میری نظر میں معتبر ہیں اور میں اپنے بیان پر قائم ہوں۔

    مزید پڑھیں: سابق بھارتی چیف جسٹس کی پاکستانیوں کی کشادہ دلی کی ایک بار پھر تعریف

    مرکنڈے کاٹجو نے اپنے ملک کے عوام پر شدید تنقید بھی کی اور سوال کیا کہ ایسے لوگوں کو میں کس طرح معتبر مان لوں جو سچائی کا سامنا نہیں کرسکتے بلکہ حقیقت سُن کر الزامات عائد کرتے ہیں۔

    سابق جج نے ایک روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا تھا کہ ’جب میں نے پاکستان کو جعلی ملک قرار دیا تو کسی بھی پاکستانی نے مجھ سے بدزبانی نہیں کی جبکہ جب میں نے عمران خان کی تعریف کی تو بھارتیوں نے مجھے پاگل اور غدار قرار دیا‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ جب میں نے پاکستانیوں اور پاکستان کے خلاف ٹویٹ کیا تو وہاں سے کسی نے کچھ بھی نہیں بولا اور انہوں نے جو برائی تھی اُس کو اجاگر کرنے پر سراہا، میری نظر میں ایسے لوگ زیادہ معتبر اور سمجھدار ہیں۔ مرکنڈے کاٹجو نے بھارتیوں کو عقل سے پیدل قرار دیتے ہوئے پاکستانی عوام کو سمجھدار اور سلجھا ہوا قرار دیا۔