Tag: سابق صدر

  • کرونا ویکسین: یورپی ملک کے سابق صدر نے مغربی ممالک کو ناقابل بھروسہ قرار دے دیا

    کرونا ویکسین: یورپی ملک کے سابق صدر نے مغربی ممالک کو ناقابل بھروسہ قرار دے دیا

    ماسکو: یورپی ملک مالدووا کے سابق صدر نے مغربی ممالک کو ناقابل بھروسہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف روس کی تیار کردہ ویکسین لگوائیں گے۔

    یورپی ملک مالدووا کے سابق صدر ایگور ڈوڈن نے روسی میڈیا کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ صرف روس کی تیار کردہ ویکسین لگوانا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی مغربی ملک کی تیار کردہ ویکسین پر اعتبار نہیں کر سکتے۔

    سابق صدر کا کہنا تھا کہ ابھی تک مالدووا میں ہمارے پاس کوئی ویکسین نہیں لیکن جب بھی ہمارے ملک میں ویکسین دستیاب ہوگی تو یقیناً میں روسی ویکسین کا انتخاب کروں گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وہ مغربی ممالک پر بھروسہ نہیں کرسکتے۔

  • جمہوریت کی مضبوطی کے لیے سیاست دانوں کو قربانی دینی پڑتی ہے: آصف زرداری

    جمہوریت کی مضبوطی کے لیے سیاست دانوں کو قربانی دینی پڑتی ہے: آصف زرداری

    کراچی: ضیا الدین اسپتال جانے سے قبل بہن فریال تالپور کی رہایش گاہ پر سابق صدر آصف زرداری نے اہم میٹنگ کی۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اپنی بہن فریال تالپور کی رہایش گاہ گئے تھے، جہاں انھوں نے ایک اہم میٹنگ کی، جس میں بلاول بھٹو، بختاور، آصفہ اور اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔

    آصف زرداری نے ملاقات میں پارٹی امور پر بات چیت کی، انھوں نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے سیاست دانوں کو قربانی دینی پڑتی ہے، ملک میں جمہوریت کو نقصان پہنچانے نہیں دیں گے، 18 ویں ترمیم کی وجہ سے صوبوں کو حقو ق مل رہے ہیں۔

    آصف زرداری نے گزشتہ رات بلاول ہاؤس میں گزاری، آج علاج کی غرض سے کلفٹن میں واقع نجی اسپتال میں داخل کرایا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  آصف علی زرداری خصوصی طیارے سے کراچی پہنچ گئے

    خیال رہے کہ میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیس میں طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہا ہونے والے سابق صدر گزشتہ روز راولپنڈی سے ایک چارٹرڈ طیارے کے ذریعے کراچی پہنچے تھے، بلاول بھٹو، مراد علی شاہ، سعید غنی اور دیگر ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ان کا کراچی ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔

    آصف زرداری کو گھر پہنچانے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اپنی گاڑی لے کر گئے تھے، سابق صدر کو علاج کے لیے کراچی کے نجی اسپتال میں داخل کرایا جائے گا۔

  • اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق صدر آصف زرداری کی ضمانت منظور

    اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق صدر آصف زرداری کی ضمانت منظور

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ہائیکورٹ نے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ضمانت منظور کرلی، زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی جعلی اکاؤنٹس کیس میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل 2 رکنی اسپیشل بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔

    فاروق ایچ نائیک نے عدالت میں کہا کہ آصف علی زرداری مختلف قسم کی بیماریوں کا شکار ہیں، انہیں 24 گھنٹے طبی امداد کی ضرورت ہوتی ہے۔ عدالت طبی حالات کی سنگینی کے پیش نظر درخواست ضمانت منظور کرے۔

    عدالت نے پمز کے میڈیکل بورڈ سے سابق صدر کی نئی طبی رپورٹ طلب کی تھی۔ رپورٹس کے مطابق آصف زرداری کو مختلف بیماریاں لاحق ہیں، رپورٹ میں بورڈ میں شامل 5 ڈاکٹرز کے نام بھی بتائے گئے۔

    میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزم طویل عرصہ سے شوگر کا مریض ہے، 3 سٹنٹ بھی ڈلے ہوئے ہیں۔

    رپورٹ دیکھنے کے بعد چیف جسٹس نے نیب پراسیکیوٹر سے دریافت کیا کہ آپ نے آصف زرداری کی میڈیکل رپورٹ دیکھی؟ چیف جسٹس نے انہیں ہدایت دی کہ آپ میڈیکل رپورٹ زور سے پڑھیں جس کے بعد نیب پراسیکیوٹر جنرل جہانزیب بھروانہ نے میڈیکل رپورٹ پڑھ کر سنائی۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ اس رپورٹ کے بعد آپ کیا کہیں گے، کیا آپ اب بھی ان سے تفتیش کر رہے ہیں؟ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ان کے خلاف ریفرنس دائر ہو چکا ہے۔

    بعد ازاں عدالت نے طبی بنیادوں پر آصف زرداری کی درخواست ضمانت منظور کرلی اور 1، 1 کروڑ روپے کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔ عدالت نے فریال تالپور کی درخواست ضمانت پر سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کردی۔

    خیال رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف زرداری نے طبی بنیادوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت دائر کر رکھی تھی، درخواست میں وفاق اور چیئرمین نیب کو فریق بنایا گیا تھا۔

    آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو 10 جون کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار کیا تھا۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں کے خلاف عبوری ریفرنس دائرکیا تھا۔

    آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور 17 دسمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر تھے۔

  • آصف زرداری کو مزید 2 روز تک زیر علاج رکھنے کا فیصلہ

    آصف زرداری کو مزید 2 روز تک زیر علاج رکھنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری کو مزید 2 روز تک زیر علاج رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈ نے پمز اسپتال میں آصف زرداری کا طبی معائنہ کیا اور دو روز تک مزید رکھنے کا فیصلہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آصف زرداری کی طبیعت کی خرابی کے پیش نظر پروفیسر شجیع، ڈاکٹر نعیم ملک اور ڈاکٹر عامر پر مشتمل طبی بورڈ نے آصف زرداری کا معائنہ کرنے کے بعد انھیں مزید دو دن زیر علاج رکھنے کا فیصلہ کیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ شعبہ نیورالوجی کے ڈاکٹر نے سابق صدر کا خصوصی معائنہ کیا، آصف زرداری کو ڈپریشن اور شدید جسمانی کم زوری کی شکایت ہے۔

    اسپتال ذرایع نے بتایا کہ سابق صدر کا شوگر لیول معمول پر نہیں آ سکا ہے، گردن اور مہروں میں بھی درد کی شکایت برقرار ہے، جس کی وجہ سے ڈاکٹرز نے آصف زرداری کی فزیوتھراپی دوبارہ شروع کرنے پر غور کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کو گھر سے کھانا لانے کی اجازت دے دی

    یاد رہے کہ دو دن قبل میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کو گھر سے کھانا لانے کی بھی اجازت دی تھی، انھیں کھانے پینے میں پرہیز سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ڈاکٹرز نے سابق صدر کو تا دیر کھڑے ہونے سے گریز کی ہدایت کے ساتھ گردن میں تکلیف پر نرم سرہانہ استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی، اور کھانے میں خصوصی احتیاط کی تجویز دی۔

    ڈاکٹرز نے کہا تھا کہ چکنائی اور نمک کا کم استعمال کیا جائے، مچھلی اور تھوڑی مقدار میں چکن بھی کھا سکتے ہیں۔

  • جب میدان میں آئیں گے بھارت کو سبق سکھادیں گے، پرویز مشرف

    جب میدان میں آئیں گے بھارت کو سبق سکھادیں گے، پرویز مشرف

    اسلام آباد: سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ جب میدان میں آئیں گے تو بھارت کو سبق سکھادیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آل پاکستان مسلم لیگ کے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف نے کہا کہ بھارت پاکستان کو بار بار جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے، بھارت یاد رکھے پاکستانی قوم، فوج نے چوڑیاں نہیں پہنی ہیں۔

    پرویز مشرف نے کہا کہ بھارتی فوج شاید کارگل کی جنگ بھول گئی ہے، بھارت نے کارگل جنگ میں امریکی صدر سے مدد مانگی تھی، بھارت نے کلنٹن سے پاک فوج واپس کرنے کی درخواست کی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور فوج خون کے آخری قطرے تک لڑے گی، جب میدان میں آئیں گے تو بھارت کو سبق سکھادیں گے۔

    سابق صدر نے کہا کہ پاکستان بار بار بھارت کو امن کا پیغام دے رہا ہے، ہماری مدد کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہے۔

    مزید پڑھیں: بھارت سفارت کاری پر بھاشن اپنے پاس رکھے: ترجمان دفتر خارجہ

    پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو سمجھنا ہوگا کہ مسائل کے حل کے لیے دنیا کے ساتھ چلنا پڑتا ہے۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 63ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

  • سابق صدر دنیا سے رخصت ہوگئے

    سابق صدر دنیا سے رخصت ہوگئے

    پیرس: فرانس کے سابق صدر جیک شیراک طویل علالت کے بعد جہان فانی سے کوچ کرگئے۔

    فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جیک پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا تھے، گزشتہ دنوں انہیں طبیعت ناسازی کے بعد اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

    ڈاکٹرز کے مطابق جیک کے دل کی دھڑکن جمعرات کی صبح بند ہوئیں جس کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا، البتہ وہ جانبر نہ ہوسکے، اہل خانہ نے بھی اُن کے انتقال کی تصدیق کردی۔

    رپورٹ کے مطابق سابق فرانسیسی صدر جیک فرانکوئس متراں کے بعد وہ طویل ترین مدت تک صدر کے عہدے پر فائز رہنے والی دوسری شخصیت تھے۔

    قبل ازیں انہیں دو بار وزیراعظم بننے کا بھی اعزاز حاصل رہا، انہیں  1974 سے 76 اور 1986 سے 1988 تک چارسال کا وقت ملا جبکہ 1997 اور 1995 میں وہ پیرس کے میئر بھی منتخب ہوئے۔

    جیک شیراک کو فرانسیسی عدالت نے عوامی فنڈ کے غلط استعمال اور غبن کے الزامات میں سزا بھی سنائی تھی۔

    سابق صدر کے دنیا سے رخصت ہونے کی خبر کے بعد اُن کے گھر کے باہر عوام کی بڑی تعداد نے گلدستے رکھے۔ اہل خانہ کی جانب سے ابھی آخری رسومات کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

  • پیپلز پارٹی کا آصف زرداری کو اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ

    پیپلز پارٹی کا آصف زرداری کو اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق صدر آصف زرداری کو اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے، شیری رحمان نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز نے آصف زرداری کو اسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں نے تجویز دی کہ آصف زرداری کو اسپتال منتقل کیا جائے، لیکن انھیں تجویز کے بعد بھی جیل میں رکھا جا رہا ہے۔

    شیری رحمان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی صحت کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے، حکومت انتقام کی ضد پر اڑی ہے، حکومت پی پی کو جھکا نہیں سکتی۔

    پی پی رہنما نے مزید کہا کہ آصف زرداری کو جیل میں علاج کی کوئی سہولت میسر نہیں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بلاول بھٹو نے آصف زرداری کی صحت پر تشویش کا اظہار کر دیا

    دوسری طرف بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر کسی جرم میں قید جیل میں والد سے ملاقات کی، ڈاکٹرز نے ان کو اسپتال منتقل کرنے کی ایڈوائس دی، لیکن حکومت ڈاکٹرز کی اسپتال منتقل کرنے کی ہدایات کو نہیں مان رہی۔

    پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ سرکاری ڈاکٹرز کی ہدایات نہ ماننے پر عدالت جا رہے ہیں، آصف زرداری کو کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔

    واضح رہے کہ آصف زرداری جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جیل بھیجا گیا ہے، دس دن قبل احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 ستمبر تک توسیع کی تھی۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ غیر آئینی صدر ہیں، سابق صدر جمی کارٹر

    ڈونلڈ ٹرمپ غیر آئینی صدر ہیں، سابق صدر جمی کارٹر

    واشنگٹن : سابق امریکی صدر جمی کارٹر نے موجودہ صدرڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کوغیرآئینی قرار دیا ہے جس پر صدر ٹرمپ نے سخت رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے جمی کارٹر کو ردی کی ٹوکری میں پھینکا ہوا صدر قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا ان کودیکھو وہ (جمی کارٹر) ایک خوش گوار انسان تھے مگران کی صدارت ایک مصیبت تھی، جمی کارٹر ڈیموکریٹس ہیں اور ڈیموکریٹس ہی کے وفادار ہیں اوریہ ان کے لیے بحث کا مثالی پوائنٹ ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘مجھے یقین ہے کہ جس حقیقت کو سب مانتے ہیں آپ بھی اس کا ادراک رکھتے ہیں، میں روس کی وجہ سے صدر نہیں بنا اورنہ ہی میری کامیابی میں کسی اور شخص کا ہاتھ ہے۔

    صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں نے 2016ءکے انتخابات میں اس لیے کامیابی حاصل کی کیونکہ میں نے اپنی حریف ہیلری کلنٹن سےزیادہ محنت کی تھی۔

    امریکی صدر ٹرمپ نےتنزیہ جملے ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’ میں جمی کارٹر کے حوالے سے بہت مایوس ہوا، ان کی جماعت نے انہیں ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا تھا‘۔

    صدر ٹرمپ نے کہا کہ جمی کارٹر کو اس کی اپنی جماعت نے ٹھکرا دیا، میں جانتا ہوں کے سب یہی کہتے تھے کہ جمی کارٹر اچھا صدر ثابت نہیں ہوا۔

  • سوڈان کے معزول صدر عمرالبشیر پر مالی بدعنوانی کا الزام عائد

    سوڈان کے معزول صدر عمرالبشیر پر مالی بدعنوانی کا الزام عائد

    خرطوم: سوڈان کے معزول صدر عمرالبشیر پر غیر ملکی کرنسی قبضے میں رکھنے اور مالی بدعنوانی کا الزام عائد کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان کے پبلک پراسیکیوٹر نے معزول صدر عمر البشیر پر مالی بدعنوانی کا الزام عائد کیا ہے، سوڈان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے تصدیق کردی۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق پراسیکیوٹر جنرل نے 11 اپریل کو فوج کے ہاتھوں معزول ہونے والے سابق صدرعمر البشیر پر مالی بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال جیسے الزامات عائد کیے ہیں۔

    معزول صدر پر غیر ملکی کرنسی قبضے میں رکھنے، حرام کی دولت جمع کرنے اور مشکوک جائیدادیں بنانے کا الزام ہے۔ خیال رہے کہ سوڈان میں عوام کے طویل احتجاج کے بعد ملک کی مسلح افواج نے سابق صدر عمر البشیر کو ان کےعہدے سے ہٹا کر اقتدار اپنے ہاتھ میں لے لیا تھا۔

    عمر البشیر کی معزولی کے بعد قائم کی جانے والی عبوری عسکری کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرھان نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق صدر کی رہائش گاہ سے 10 کروڑ 13 لاکھ ڈالر کی نقد رقم برآمد ہوئی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملٹری انٹیلیجنس، پولیس اور دیگر سیکیورٹی تحقیقاتی اداروں نے عمر البشیر کے گھر کی تلاشی کے دوران 70 ملین یورو، تین لاکھ 50 ہزار ڈالر اور پانچ ارب سوڈانی پاﺅنڈ قبضے میں لیے۔

    سوڈان میں مظاہرے، فوج کا عوام پر تشدد، اقوامِ متحدہ نے تحقیقات کا مطالبہ کردیا

    پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا ہے کہ سابق صدر کے خلاف مالی بدعنوانی کے الزامات پر مقدمہ چلانے کے لیے تمام ثبوت اکھٹے کیے گئے ہیں۔ سوڈانی پراسیکیوٹر جنرل نے گذشتہ ماہ معزول صدر پر کالے دھن کو سفید کرنے اور دہشت گردی کے لیے فنڈنگ جاری کرنے کے الزامات کی تحقیقات کا بھی حکم دیا تھا۔

  • پیرو: کرپشن کا الزام، گرفتاری سے بچنے کے لیے خود کشی کی کوشش، سابق صدر نے خود کو گولی مار لی

    پیرو: کرپشن کا الزام، گرفتاری سے بچنے کے لیے خود کشی کی کوشش، سابق صدر نے خود کو گولی مار لی

    لیما: رشوت لینے اور کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے والے پیرو کے سابق صدر ایلن گیرشیا نے گرفتار ی سے بچنے کے لیے خود کو گولی مار لی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی امریکی ملک پیرو کے دو بار صدر رہنے والے سابق حکمران نے گرفتاری سے بچنے کےلئے خود کو گولی مار لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 69 سالہ سابق صدر ایلن گریشیا نے اپنی پستول ہی سے خود کشی کی کوشش کرتے ہوئے گردن پر گولی ماری۔ پولیس ٹیم سابق صدر کو کرپشن الزامات میں گرفتار کرنے کے لئے ان کی رہائش گاہ پہنچی تو وہ خون میں لت پت تھے۔

    پولیس ٹیم نے زخمی سابق صدر کو انتہائی تشویشناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا،جہاں ان کی سرجری کی گئی، ڈاکٹرز نے اُن کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی اور اگلے چوبیس گھنٹے اہم قرار دے دیے۔ جنوبی امریکی ملک پرو کے دو بار حکمران رہنے والے ایلن گریشیا پر رشوت ستانی کے الزامات ہیں۔

    مزید پڑھیں: کیوبا کے انقلابی لیڈر فیدل کاسترو کے بیٹے کی پراسرار خودکشی

    یاد رہے کہ گریشیا پہلی بار 1985 سے 1990 تک اور 2006 سے 2011 تک پیرو کے صدر رہے، اہل خانہ کے مطابق انہوں نے گرفتار ی کے خوف سے ہی خودکشی کی کوشش کی۔

    عدالتی حکم کے مطابق پولیس سابق صدر کی گرفتاری کے لیے پہنچی تھی، گریشیا پر الزام ہے کہ انہوں نے سرکاری خزانے سے اپنی اور اہل خانہ کی گاڑیوں کی مرمت کے پیسے ادا کیے۔