Tag: سابق صدر مشرف
-
ججز نظر بندی کیس:سابق صدر مشرف کو 27جنوری کو پیش ہونے کا حکم
انسداد دہشت گردی عدالت نے ججز نظر بندی کیس میں سابق صدر مشرف کو ستائیس جنوری کو پیش ہونے کا حکم دے دیا،عدالت نے سابق صدر کے ضامنوں کو بھی نوٹسز جاری کردیئے۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ججز نظر بندی کیس کی سماعت کا آغاز ہوا تو یہاں بھی معاملہ پرویز مشرف کی حاضری کا تھا، عدالت نے یہ کہتے ہوئے سماعت کچھ دیر کے لئے ملتوی کردی کہ پرویز مشرف کو ایمبولینس میں ڈال کرلانا پڑے تو لائیں، عمر کے اس حصے میں چھوٹی موٹی بیماریاں ہوجاتی ہیں، آج کوئی عذر نہیں سنا جائے گا۔
تاہم مقررہ وقت گزر گیا، نہ ایمبولینس آئی نہ مشرف، سماعت دوبارہ شروع ہونے پرعدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور ڈائریکٹر وزارت داخلہ کو وضاحت کے لئے طلب کرلیا، پراسیکیوٹر عامر ندیم کا بیان میں کہنا تھا کہ ملزم ضمانت پر ہے، عدالت میں پیش ہونا یا نہ ہونا اس کا ذاتی فعل ہے، حکومت کا کام سیکیورٹی فراہم کرنا ہے جو کردی گئی۔
عدالت نے پرویز مشرف کو اگلی پیشی پر حاضر ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ستائیس جنوری تک ملتوی کردی۔
-
مغربی میڈیا میں مشرف کے ملک چھوڑنے پر نئی بحث چھڑگئی
خصوصی عدالت کی جانب سے سابق صدر مشرف کیخلاف غداری مقدمے میں ضابطہ فوجداری کے اطلاق کا عندیہ دئیے جانے کے بعد مغربی میڈیا میں مشرف کے ملک چھوڑنے پرنئی بحث چھڑگئی۔
اسلام آباد کی خصوصی عدالت میں جاری مشرف غداری کیس کی سماعت پر مغربی میڈیا خاصی دلچسپی لیتی دکھائی دے رہی ہے، مغربی میڈیا کے مطابق غداری کیس سے سابق صدر کی آزادی کے تمام راستے بند ہوتے دکھائی دے رہے ہیں اور عدالت سے باہر بھی تصفیہ نظر نہیں آتا۔
لاس انجلس ٹائمز اپنی رپورٹ میں لکھتا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے کہ پاکستان میں جنرل مشرف کے دن پورے ہونے والے ہیں، جرمن میڈیا کی ویب سائٹ پر جاری رپورٹ کے مطابق مشرف کے علاج پر نواز حکومت اور سابق جنرل میں ڈیل کی قیاس آرائیاں بھی کی جارہی ہیں۔
مشرف کی سولہ جنوری کو عدالت میں عدم پیشی ان کیلئے مشکلات میں اضافہ کرسکتی ہے اور اس پر ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوسکتے ہیں، رپورٹ کے مطابق مشرف کے معاملے پر فوج کی ناراضگی سے بچنے کیلئے نواز حکومت محتاط انداز اپنائے ہوئے ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں ماضی کی جمہوری اتحادی جماعتوں نے حکومت کی مشکلات کے ساتھ سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کی کوشش کی، جس میں تاحال وہ کامیاب ہوتے دکھائی نہیں دے رہے۔
-
سابق صدر مشرف کی میڈیکل رپورٹ برطانیہ بھجوادی گئی
سابق صدر مشرف کی میڈیکل رپورٹ برطانیہ میں پاکستانی ڈاکٹرز کو بھجوا دی، سابق صدر پرویز مشرف کے آج صبح پھر خون کے نئے نمونے معائنے کیلئے لیب بھجوا دیئے گئے۔
سابق صدر پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ برطانیہ میں پاکستانی ڈاکٹرز کو بھجوا دی گئی، میڈیکل رپورٹ پرویز مشرف کے اہلخانہ نے برطانیہ بھجوائی، مشرف کی صحت کے حوالے سے سات رکنی میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
گزشتہ روز میڈیکل بورڈ کے اجلاس میں سابق صدر پرویز مشرف کو اسٹنٹ ڈالنے یا بائی پاس کرنےاور علاج کیلئے دبئی یا برطانیہ بھیجنے پر بھی غور کیا گیا، میڈیکل بورڈ کی ٹیم نے بیرون ملک ڈاکٹروں سے بھی رابطے کیئے۔۔۔ سابق صدر کے پہلے دن لے جانے والے خون کے نمونوں کی رپورٹ بھی آگئی ہے۔
-
سابق صدر مشرف کے فارم ہاؤس کے قریب بم برآمد
سابق صدر مشرف کے فارم ہاؤس کے قریب سے آج پھر بارودی مواد برآمد کیا گیا، غداری کیس کے دوران بارودی مواد برآمد ہونے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔
سابق صدر پرویزمشرف کیخلاف غداری کیس کی آج دوسری پیشی ہے جبکہ سابق صدر کے فارم ہاؤس کے قریب ایک کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا، پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے لیے حتمی پلان بھی تشکیل دیا گیا تھا۔
اس سے قبل چوبیس دسمبر کو سابق صدر کی عدالت میں پہلی پیشی کے موقع پر فارم ہاؤس کے قریب سے پانچ کلو گرام وزنی بم برآمد ہوا تھا، سابق صدر کو اسی راستے سے گزر کر عدالت جانا تھا، بم کے ساتھ دو پستول بھی بیگ میں موجود تھے، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر بم کو ناکارہ بنایا۔
پہلی پیشی پر سیکیورٹی خدشات کے باعث پرویز مشرف عدالت میں پیش نہ ہوئے، اسی طرح کا ایک اور واقعہ تیس دسمبر کو پیش آیا، جب سابق صدر فارم ہاؤس کے قریب پارک روڈ کے گرین بیلٹ سے بارودی مواد کے پانچ پیکٹ برآمد ہوئے تھے۔
غداری کے اہم ترین کیس کی سماعت میں سابق صدر کی پیشی اور اس موقع پر بارودی مواد کی برآمدگی سوالیہ نشان بھی ہے اور حیرت کی بات بھی ہے۔